Tag: swimming pool

  • سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 2 نوجوان جاں بحق

    سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 2 نوجوان جاں بحق

    لاہور: سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ٹھیکے دار کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ گجر پورہ کی حدود میں ایک سوئمنگ پول میں اچانک کرنٹ آنے سے دو نوجوان جانوں سے محروم ہو گئے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوجوانوں کی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ نے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اور ایس ایس پی ڈسپلن نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا۔

    نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ سوئمنگ پول کے مالک اور ٹھیکے دار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    پولیس نے سوئمنگ پول کے ٹھیکے دار عامر کو حراست میں لے لیا، نگراں وزیر اعلیٰ نے تمام سوئمنگ پولز میں ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا ہے، انھوں نے کہا بغیر حفاظتی انتظامات سوئمنگ پولز کو فی الفور بند کیا جائے۔

  • سوئمنگ پول سے بچے کی لاش برآمد، مالکان گرفتار

    سوئمنگ پول سے بچے کی لاش برآمد، مالکان گرفتار

    لاہور : شفیق آباد کے علاقے میں سوئمنگ پول سے13سالہ بچے بلال کی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے پول مالکان کو حراست میں لے لیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فرانزک کی ٹیم نے موقع سے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردیں، شفیق آباد پولیس کی جانب سے سوئمنگ پول کے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقہ شفیق آباد میں سوئمنگ پول کو صاف کرنے کے لیے پانی نکالا گیا تو نیچے 13 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی، گرمی کے موسم میں پول کھولا گیا تھا، شفیق آباد پولیس نے چند روز قبل پول کو بند کرواتے ہوئے سوئمنگ پول انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔

    ہدایات کے بعد جب سوئمنگ پول کو صاف کرنے کے لیے اس کا پانی نکالا گیا تو نیچے سے ایک بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے پول کے مالکان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے13سالہ بچے بلاول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا، بچے کے بھائی نے تھانہ شفیق آباد میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی، پولیس کے مطابق حقائق سامنے آنے کے بعد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • سوئمنگ پول میں اچانک گڑھا پڑ گیا، نہانے والے پھسل کر نیچے گرنے لگے، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سوئمنگ پول میں اچانک گڑھا پڑ گیا، نہانے والے پھسل کر نیچے گرنے لگے، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    اسرائیل میں ایک حیرت انگیز اور غیر معمولی واقعے میں اس وقت ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب سوئمنگ پول کے بیچوں بیچ اچانک گڑھا نمودار ہوا اور وہ شخص اس کے اندر گر گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق واقعہ مرکزی اسرائیل کے علاقے میں ایک گھر میں پیش آیا جہاں پول پارٹی جاری تھی۔

    گھر میں ایک جوڑا رہائش پذیر تھا تاہم پارٹی میں متعدد مہمان مدعو تھے جو سوئمنگ اور مشروبات سے لطف اندوز ہورہے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق اچانک سوئمنگ پول کے درمیان زمین دھنس گئی اور گہرا گڑھا نمودار ہوا، وہاں موجود 30 سالہ شخص نیچے جا گرا جبکہ پول کا سارا پانی بھی نیچے چلا گیا۔

    موقع پر موجود افراد نے فوراً ریسکیو اداروں کو کال کی، ریسکیو اہلکاروں نے پول کے مزید گرنے کے خدشے کے تحت فوراً پول کے اندر جانے سے گریز کیا اور پہلے کیمرے کی مدد سے مذکورہ شخص کو تلاش کیا۔

    کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد مذکورہ شخص کو 15 میٹر نیچے ایک سرنگ سے نکالا گیا، تب تک اس شخص کی موت واقع ہوچکی تھی۔

    مقامی پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ آیا مذکورہ جوڑے نے اپنے گھر میں موجود تمام سہولیات کے لیے ضروری لائسنس حاصل کیا تھا یا نہیں۔

  • گھر کے سوئمنگ پول میں خوفناک مگرمچھ کیسے آگیا؟

    گھر کے سوئمنگ پول میں خوفناک مگرمچھ کیسے آگیا؟

    فلوریڈا : امریکی ریاست میں ایک گھر کے سوئمنگ پول میں مگرمچھ آگیا، گھر کے مکین اس خوفناک جانور کو پانی میں تیرتا دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے۔

    ہمیشہ یاد رکھیں کہ جب آپ اپنے سوئمنگ پول میں نہانے کیلئے اتریں تو اس بات کی تصدیق کرلیں کہ پول کے اندر کوئی خطرناک قسم کی چیز یا جانور موجود نہ ہو تاکہ کسی بھی مصیبت سے محفوظ رہ سکیں۔

    گولف کورس ہوں یا رہائشی گھر، سڑکیں ہوں یا پارکنگ ایریا، امریکا میں مگرمچھ کہیں بھی داخل ہونے سے نہیں گھبراتے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں گھر کے مکینوں نے صبح سویرے اپنے سوئمنگ پول میں ایک خوفناک مگر مچھ کو تیرتے ہوئے دیکھا۔

    سوئمنگ پول میں10فٹ لمبے 249 کلو وزنی دیوہیکل مگر مچھ کو ڈُبکیاں لگاتا دیکھ کر اہلخانہ کی چیخیں نکل گئیں، مکینوں نے فوری طور پولیس اور متعلقہ محکمے کو اطلاع دی۔

    Nearly 11-foot-long alligator takes a dip in a Florida familys swimming pool  Image courtesy Charlotte County Sheriffs Office

    امدادی ٹیم نے کافی دیر تگ و دو کے بعد مگر مچھ کو قابو کرکے باہر نکالا، شارلٹ کاؤنٹی شیرف آفس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر مگرمچھ کی تیراکی اور اس خطرناک جانور کو پکڑنے کی کوشش کرنے والے اہلکاروں کی تصاویر شیئر کیں۔

    یاد رہے کہ محکمہ پولیس کی جانب سے پکڑے جانے والے مگرمچھ کو کسی تالاب یا کسی بھی مقام پر چھوڑے جانے سے متعلق کوئی اور اپ ڈیٹ شیئر نہیں کی گئی ہے۔

    اس سے قبل بھی جنوبی کیرولائنا میں پولیس نے افسران کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جو ایک مگرمچھ کو پکڑنے کی کوشش رہے تھے جسے ایک اسکول کے باہر ٹہلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

  • شادی کے دوران عجیب واقعہ، دلہا دلہن حیران

    شادی کے دوران عجیب واقعہ، دلہا دلہن حیران

    بھارتی شادیاں نہایت بڑے پیمانے پر منعقد کی جاتی ہیں جن میں تمام انتظامات بہترین طریقے سے کیے جاتے ہیں، ایسی ہی ایک شادی میں نہایت دلچسپ واقعہ پیش آیا جس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران اور پھر ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کچھ ویڈیوز میں ایک شادی کا منظر ہے جہاں دلہا دلہن اور ان کے رشتے دار عمارت سے باہر آرہے ہیں۔ دلہا دلہن سے کچھ فاصلے پر فوٹوگرافر بھی موجود ہے جو تمام لمحات کو عکس بند کر رہا ہے۔

    اچانک فوٹو گرافر کا پاؤں پھسلتا ہے اور وہ پیچھے موجود سوئمنگ پول میں جا گرتا ہے جس کے ساتھ ہی دلہا دلہن سمیت وہاں موجود تمام افراد کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔

    تاہم فوٹوگرافر جلدی سے خود کو سنبھالتا ہے اور پانی سے باہر نکل آتا ہے۔

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی، کچھ صارفین نے فوٹوگرافر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا تو کچھ اس پر ہنسے بھی، دلہا دلہن کے تاثرات بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے۔

  • فلوریڈا : تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ، معذور شخص بال بال بچ گیا

    فلوریڈا : تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ، معذور شخص بال بال بچ گیا

    فلوریڈا : امریکہ میں ایک تیز رفتار پک اپ ٹرک دیوار سے ٹکرا کر سوئمنگ پول میں جا گرا، حادثہ معذور شخص کی گاڑی کو بچاتے ہوئے پیش آیا۔

    امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ہائی وے پیٹرول پمپ کے قریب ایک حادثہ پیش آیا جس میں تیز رفتاری کے باعث پک اپ ٹرک دیوار سے ٹکرا کر ایک گھر کے سوئمنگ پول میں جاگرا۔

    پولیس کے مطابق 49سالہ شخص ٹرک چلا رہا تھا تاہم خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، اس حوالے سے ٹرک ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس نے ایک معذور شخص کی گاڑی بچانے کی کوشش کی جس کے باعث ٹرک قابو سے باہر ہوگیا۔

  • سعودی خاتون اپنی پوتی کو بچاتے ہوئے جاں بحق، دیکھنے والوں کی آنکھیں نم

    سعودی خاتون اپنی پوتی کو بچاتے ہوئے جاں بحق، دیکھنے والوں کی آنکھیں نم

    ریاض : سعودی عرب میں دادی نے پوتی سے محبت کی مثال قائم کردی، اپنی جان دے کر پوتی کو مرنے سے بچا لیا، تفریح کیلئے آنے والے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سکاکا شہر کے گیسٹ ہاؤس کے سوئمنگ پول میں دادی اپنی پوتی کو بچاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوگئیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی خاتون سارہ العلیمی کی پوتی اپنی دوستوں کے ہمراہ سوئمنگ پول میں تیراکی میں مصروف تھی اور وہ بچی ایک اچھی تیراک نہیں تھی۔

    جب دادی نے اسے سوئمنگ پول کے گہرے حصے کی طرف اپنے ہوش و حواس کھوتے ہوئے دیکھا تو فوراً ہی وہ سوئمنگ پول میں چھلانگ لگادی۔

    انہوں نے اپنی پوتی کو ڈوبنے سے بچا تو لیا مگر وہ خود سوئمنگ پول کے گہرے حصے میں چلے جانے کے باعث ڈوب کرہلاک ہوگئیں، معمر ہونے کے علاوہ انہیں تیراکی کا کوئی تجربہ نہیں تھا، سوئمنگ پول میں محض پوتی کو بچانے کے لیے چھلانگ لگائی تھی۔

    سارہ العلیمی سکاکا میں تیس برس سے زیادہ عرصے تک تدریسی خدمات انجام دیتی رہیں، ان دنوں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزاررہی تھیں۔

  • چین : کورونا مریض سوئمنگ پول میں نہانے چلا گیا، 8 افراد متاثر

    چین : کورونا مریض سوئمنگ پول میں نہانے چلا گیا، 8 افراد متاثر

    بیجنگ : کورونا وائرس کے ایک مریض نے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے مزید آٹھ لوگوں کو وائرس میں مبتلا کردیا، پول میں درجہ حرارت زیادہ ہونے کے باوجود وائرس کا منتقل ہونا حیران کن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں ایک کرونا مریض نے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے 8لوگوں کو بھی وائرس کا شکار بنا دیا۔ نئی تحقیق میں اب تک کا سب سےتشویشناک انکشاف سامنے آ گیا ہے، جس سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅکے متعلق ماہرین کا ایک دعویٰ مشکوک قرار پایا گیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کورونا وائرس گرم مرطوب موسم میں بہت کم پھیلتا ہے لیکن اس تحقیق میں ایک ایسے آدمی کا پتا چلا ہے جس نے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے 8لوگوں کو وائرس منتقل کر دیا جبکہ اس پول میں پانی کا درجہ حرارت 41ڈگری سینٹی گریڈ تک تھا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پول میں درجہ حرارت بھی کافی زیادہ تھا اور اس پر مستزاد کہ پانی میں یہ وائرس ایک آدمی سے نکل کر 8 لوگوں تک پھیل گیا۔

    یہ تحقیق چینی کی نن جنگ میڈیکل یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کی ہے جن کا کہنا تھا کہ قبل ازیں جن تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ گرم مرطوب ماحول میں کورونا وائرس کی پھیلنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے، ممکنہ طور پر ان کے نتائج غلط ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اگر ایسا ہوتا تو 41ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے حامل پانی میں کورونا وائرس اتنے زیادہ لوگوں کو لاحق نہیں ہوسکتا تھا۔

  • لاہور: سوئمنگ پول سے گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد، دو ملزمان گرفتار

    لاہور: سوئمنگ پول سے گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد، دو ملزمان گرفتار

    لاہور : گھر کے سوئمنگ پول سے گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ نارووال میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ فیصل ٹاﺅن میں ایک گھر کے سوئمنگ پول سے گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد ہوئی ہے پولیس کے مطابق واقعہ کےبلاک میں واقع ایک گھر میں پیش آیا۔

    جہاں گھر میں بنائے گئے سوئمنگ پول سے گھریلو ملازمہ گیارہ سالہ حنا کی لاش برآمد ہونے کی اطلاع  پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

    پولیس نے فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    دوسری جانب نارووال میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے معاملے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نوازخان نے بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل سے متعلق ڈی پی او نارووال سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او نارووال کو واقعہ میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔

  • سینکڑوں فٹ اونچائی پر بنا دل دہلا دینے والا سوئمنگ پول

    سینکڑوں فٹ اونچائی پر بنا دل دہلا دینے والا سوئمنگ پول

    آپ نے بے شمار ایسے سوئمنگ پولز دیکھے ہوں گے جو اپنے محل وقوع یا طرز تعمیر کی وجہ سے نہایت خوبصورت معلوم ہوتے ہیں، ان میں سے کچھ نہایت خطرناک انداز میں بھی تعمیر کیے جاتے ہیں۔

    لیکن جس سوئمنگ پول کے بارے میں آج ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں اس میں تیراکی کے لیے نہایت حوصلے اور جرات کی ضرورت ہے۔

    امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ہیوسٹن میں واقع یہ سوئمنگ پول 500 فٹ کی بلندی پر بنایا گیا ہے۔

    عمارت کی 40 ویں منزل پر تعمیر کیا گیا یہ سوئمنگ پول شیشے کا ہے جس کا کچھ حصہ چھت سے باہر خلا میں معلق ہے اور اس حصے میں چہل قدمی یا تیراکی کرنا نہایت ہی دل گردے کا کام ہے۔

    اس سوئمنگ پول کو اسکائے پول کا نام دیا گیا ہے جہاں جا کر ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ آپ آسمان سے نیچے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    گو کہ اس سوئمنگ پول میں تیراکی کرنا معمولی بات نہیں تاہم پھر بھی ایسے مہم جو دیوانوں کی کمی نہیں جو اس میں تیراکی کرتے ہیں۔

    ایسے دل دہلا دینے والے سوئمنگ پول میں آپ تیراکی کرنا چاہیں گے؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔