Tag: Syria earthquake

  • شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 20 رکنی میڈیکل، ریسکیو ٹیمیں روانہ

    شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 20 رکنی میڈیکل، ریسکیو ٹیمیں روانہ

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 20 رکنی میڈیکل اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ ملک شام کے لیے امداد اور ٹیمیں روانہ کر دی گئیں، شام کے لیے امدادی وفد پمز سے 10 ڈاکٹرز، سی ڈی اے کی 10 رکنی ریسکیو ٹیم پر مشتمل ہے۔

    ٹیموں کے ہمراہ ریلیف سامان بھی دمشق روانہ کیا گیا ہے، سامان میں 131 سردیوں کے خیمے اور 3 ہزار 966 کلو گرام ادویات شامل ہیں۔

    امدادی ٹیموں کو وفاقی وزیر سیفران طلحہ محمود اور معاون خصوصی حامد حمید نے رخصت کیا، ریسکیو ٹیم شام کے متاثرہ علاقوں میں اربن سرچ اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے گی۔

    ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں پی آئی اے چارٹرڈ طیارے بوئنگ 777 کے ذریعے دمشق پہنچیں گی۔

  • ہزاروں لوگوں نے ملبے میں پیدا ہونے والی شامی بچی آیت کو گود لینے کی پیشکش کر دی

    ہزاروں لوگوں نے ملبے میں پیدا ہونے والی شامی بچی آیت کو گود لینے کی پیشکش کر دی

    حلب: شام میں ملبے تلے پیدا ہونے والی یتیم و یسیر نوزائیدہ بچی آیت کو دنیا بھر سے ہزاروں لوگوں نے گود لینے کی پیشکش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمال مغربی شام کے ایک قصبے جندیرس کے ایک پانچ منزلہ اپارٹمنٹ کے ملبے تلے اپنی والدہ عفرا ابو ہادیہ کے ہاں پیدا ہونے والے بچی آیت کو ہزاروں افراد نے گود لینے کی پیش کش کی ہے۔

    جب آیت کو ملبے سے نکال کر بچایا گیا، تو اس وقت بھی وہ اپنی کی ماں کے ساتھ آنول نال سے جڑی ہوئی تھی۔ آیت نے اس زلزلے میں اپنے ماں، باپ کے علاوہ چاروں بہن بھائیوں کو بھی کھویا، بتایا جاتا ہے کہ آیت زلزلے کے بعد تقریباً 7 گھنٹے بعد پیدا ہوئی۔

    بی بی سی کے مطابق آیت ان دنوں اسپتال میں طبی نگہداشت میں رکھی گئی ہے، اس کی دیکھ بھال کرنے والی ماہر اطفال ہانی معروف نے میڈیا کو بتایا کہ آیت پیر کو بہت بری حالت میں لائی گئی تھی، اس کے گلے پر زخم تھے، وہ بالکل ٹھنڈی پڑ چکی تھی اور بمشکل سانس لے رہی تھی، تاہم اب اس کی حالت بہتر ہے۔

    آیت کے بچاؤ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں، فوٹیج میں ایک شخص کو عمارت کے منہدم ہونے والے ملبے سے دوڑتے ہوئے دکھایا گیا تھا، اور اس کی گود میں ایک نوزائیدہ بچہ تھا۔

    اس وقت وہاں بچی کا دور کا ایک رشتہ دار خلیل السوادی بھی موجود تھا، انھوں نے نوزائیدہ کو شام کے شہر عفرین میں ڈاکٹر معروف کے پہنچایا۔

    سوشل میڈیا پر اب ہزاروں لوگوں نے اس بچی کو گود لینے کی پیش کش کرتے ہوئے اس سلسلے میں تفصیلات طلب کی ہیں، تاہم ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے بڑے چچا صلاح البدران اسے گود لیں گے۔

    ایک شخص نے کہا ’’میں اسے اپنانا اور اسے ایک باوقار زندگی دینا چاہوں گا۔‘‘ ایک کویتی ٹی وی اینکر نے کہا ’’میں اس بچے کی دیکھ بھال اور گود لینے کے لیے تیار ہوں، اگر قانونی طریقہ کار مجھے اجازت دیتا ہے۔‘‘

    ملبے میں پیدا ہونے والی شامی بچی کا نام کیا رکھا گیا؟

    اسپتال کے منیجر خالد عطیہ کا کہنا ہے کہ انھیں دنیا بھر سے ایسے لوگوں کی درجنوں کالیں موصول ہوئی ہیں جو آیت کو گود لینا چاہتے ہیں۔

    بچی کو فی الوقت ڈاکٹر خالد کی بیوی دودھ پلا رہی ہیں، جن کی اپنی بچی آیت سے صرف 4 ماہ بڑی ہے۔

    افسوس ناک امر یہ ہے کہ آیت کے آبائی شہر جندیرس میں اب بھی لوگ منہدم عمارتوں میں اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں، وہاں موجود ایک صحافی محمد العدنان نے بی بی سی کو بتایا کہ صورت حال بتاہ کن ہے، ملبے کے نیچے بہت سے لوگ اب بھی دبے ہوئے ہیں، ابھی بھی ایسے لوگ ہیں جنھیں ہم نہیں نکال سکے ہیں۔

    انھوں نے اندازہ لگاتے ہوئے بتایا کہ قصبے کا 90 فی صد حصہ تباہ ہو چکا ہے اور اب تک کی زیادہ تر مدد مقامی لوگوں کی طرف سے آئی ہے۔

  • ملبے میں پیدا ہونے والی شامی بچی کا نام کیا رکھا گیا؟

    ملبے میں پیدا ہونے والی شامی بچی کا نام کیا رکھا گیا؟

    حلب: شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں جہاں دیگر ہزاروں لوگوں کی جانیں تلف ہوئی ہیں، وہاں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ بھی رونما ہوا۔

    شمال مغربی شام کے ایک قصبے جندیرس کا ایک اپارٹمنٹ جب زلزلے کے جھٹکے برداشت نہ کر سکا اور منہدم ہو گیا تو اس کے ملبے تلے دب کر ایک پورا خاندان مٹ گیا، تاہم اسی ملبے تلے حیرت انگیز طور پر ایک نئی زندگی روشنی کی طرح پھوٹی، اور مرنے سے قبل خاتون کے ہاں ایک بچی نے جنم لے لیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو کے ساتھ جب یہ خبر سامنے آئی تو دنیا بھر میں لوگ اس کی طرف متوجہ ہو گئے، اور بچی کے لیے افسوس کا اظہار کیا گیا، جو اس دنیا میں آتے ہی یتیم و یسیر ہو گئی تھی۔

    ترکیے کی طرح ہماری مدد کوئی نہیں کر رہا: شامی خاتون کی دُہائی

    اس بچی کا نام اب آیت رکھا گیا ہے یعنی اللہ کی نشانی، اور اس کی والدہ کا نام عفرا ابو ہادیہ تھا، بچی کو ایک اسپتال میں طبی نگہداشت کے لیے رکھا گیا ہے، اور صحت یاب ہونے پر اس کے بڑے چچا صلاح البدران اپنے ساتھ لے جائیں گے۔

    اس شامی بچی نے زلزلے میں اپنے ماں باپ کے علاوہ چار بہن بھائیوں کو کھویا ہے، جب اسے ملبے تلے نکالا گیا تو وہ اپنی مری ہوئی ماں کے ساتھ آنول نال سے جڑی ہوئی تھی۔