Tag: taasub

  • تعصب کی عینک اتار کرکراچی کے حالات کاجائزہ لیا جائے، الطاف حسین

    تعصب کی عینک اتار کرکراچی کے حالات کاجائزہ لیا جائے، الطاف حسین

    لند ن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ بتایا جا ئے کہ کراچی میں بے گناہ شہریوں کو کون قتل کررہاہے، کراچی کے شہریوں کو کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا ہے ۔ وقت کاتقاضہ ہے تعصب کی عینک اتار کرحالات کاجائزہ لیا جائے اور مائنڈ سیٹ کو تبدیل کیاجائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری بیان میں کیا، الطاف حسین نے کہا کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے ہاتھ پیر باندھ کرکراچی کو کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑ دیا گیا ہے، وقت کاتقاضہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ تعصب کی عینک اتارے اور اپنامائنڈسیٹ تبدیل کرے۔

    الطاف حسین نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پہلے انسانی حقوق کی کارکن سبین محمود کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا اور آج دستگیر میں جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحیدالرحمان کو گولیاں مارکرشہید کردیا گیا۔

    انہوں نے کہاکہ پہلے ایک سازش کے تحت کراچی میں ہرواقعہ کی ذمہ داری ایم کیوایم پرعائد کردی جاتی تھی حتیٰ کہ شہر میں اگر کوئی کتا یابلی بھی مرے تو اس کا الزام بھی ایم کیوایم پرڈال دیا جاتا ہے اور اسی بنیادپر ایم کیوایم کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اور ایم کیوایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتارکیا گیا ۔

    آج کراچی شہرکے چاروں طرف پیراملٹری رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں لہٰذا ہم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ اب کراچی میں بے گناہ شہریوں کو کون قتل کررہا ہے ؟

    الطاف حسین نے کہاکہ کراچی ، ایم کیوایم کے حامیوں کا شہر ہے لیکن آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے ہاتھ پیر باندھ کر شہر میں القاعدہ ، داعش اور طالبان دہشت گردوں کو ٹارگٹ کلنگ کی چھوٹ دیدی گئی اور شہرکے عوام کو کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا ہے ۔

    انہوں نے کہاکہ وقت کاتقاضہ ہے کہ حکمراں طبقہ اور اسٹیبلشمنٹ حقائق کو تسلیم کرے، تعصب کی عینک اتار کرحالات کاجائزہ لیا جائے اور مائنڈ سیٹ کو تبدیل کیاجائے ۔

    انہوں نے کہاکہ جب میں نے کہاتھا کہ سابق آرمی چیف جنرل کیانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخارمحمد چوہدری دونوں نے لانگ مارچ کے ذریعہ جنرل پرویز مشرف کو ہٹانے کی سازش کی ہے تو کسی نے میری بات نہیں مانی لیکن آج تمام ٹی وی چینلوں پریہی بات کہی جارہی ہے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ احتساب کیلئے ایماندار اورپاک صاف جرنیلوں کو سامنے آنا چاہیے ،کوئی میری اس بات پر یہ کہے کہ الطاف حسین مارشل لاء کودعوت دے رہے ہیں تو کہتا رہے لیکن میں ملک کی سلامتی وبقاء کی بات کرتا رہوں گا۔

  • مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل بند کرایاجائے،حق پرست اراکین

    مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل بند کرایاجائے،حق پرست اراکین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں بنیادی حق سے محروم رکھنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں سندھ میں محکمہ پولیس ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر محکمہ جات میں بڑی تعداد میں نوکریاں دی جارہی ہیں لیکن ان نوکریوں کے حصول میں مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل مسلسل بڑھتا جارہا ہے ۔

    جس کے باعث مہاجروں میں احساس محرومی کی شدت میں نہ صرف اضافہ ہورہا ہے بلکہ ان کے خاندان کے خاندان مالی مشکلات اور داشوریوں کا شکار ہوتے چلے جارہے ہیں ۔

    انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کو نظر انداز کرنا انہیں دیوار سے لگانے کا متعصبانہ عمل ہے اورمہاجروں کے کھلے معاشی قتل کے مترادف ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں نظر انداز کرنے کے عمل کے پیچھے کارفرما قوتیں سندھ کے مستقل باشندوں کے درمیان دوریاں پیدا کررہی ہیں اور تعصب اور عصبیت کے عمل کے نتائج کسی طرح بھی ملک و قوم کے مفاد میں ہرگز نہیں نکل سکتے ۔

    انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں انصاف اور میرٹ سے کام لینا حکومت سندھ کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن اس سلسلے میں حکومت سندھ کا رویہ اور عمل انتہائی مجرمانہ اور تعصب پر مبنی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    انہوں نے مزید کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھنے پر مہاجر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے اور وہ اپنے جائز اور بنیادی حق کیلئے ہر پرامن قانونی، آئینی ، عدالتی اورجمہوری راستہ اختیار کریں گے اورہر پلیٹ فارم پر اس ظلم و انصافی اور معاشی قتل عام کے خلاف بھر پورآواز بلند کرکے مہاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور تعصب کو اجاگر کریں گے۔

    حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں مہاجروں کے ساتھ سرکاری ملازمتوں میں تعصب اور عصبیت کا عمل فی الفور بند کرایاجائے اور میرٹ اور اہلیت کے مطابق مہاجروں کو سرکاری ملازمتیں فی الفور دی جائیں اور اس میں رکاوٹ بننے والی تعصب پسند قوتوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔