Tag: Taj haider

  • پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے مسلم لیگ ن کو اشرافیہ کی جماعت قرار دے دیا

    پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے مسلم لیگ ن کو اشرافیہ کی جماعت قرار دے دیا

    اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر نے مسلم لیگ ن کو اشرافیہ کی جماعت قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ن لیگ اشرافیہ کی جماعت ہے، اشرافیہ کی سیاست کرنیوالی جماعت عوام کو طاقت کا سرچشمہ نہیں سمجھتی۔

    وفاقی کابینہ میں شمولیت کے سوال پر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سی ای سی اجلاس میں متفقہ فیصلہ تھا، وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے، بطورسیکرٹری جنرل اس کے منٹس لکھے کابینہ کاحصہ نہیں ہوں گے۔

    پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ جن وجوہات پرکابینہ میں شامل نہیں ہوئےوہ اب بھی موجودہیں، اب سی ای سی فیصلے کو وہی فورم تبدیل کرسکتا ہے، کابینہ میں جاکر ہمارے ہاتھ بندھ جاتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارٹی منشور کو چھوڑ دیں تواسکا مطلب ہوگا ہم نےعوام سے رشتہ توڑلیا، جب مخالفین بھی کہیں ہم جمہوریت کےلیےپرعزم ہیں توتقویت ملتی ہے۔

  • انتخابات میں ایک دن کی تاخیر بھی قبول نہیں، پیپلزپارٹی

    انتخابات میں ایک دن کی تاخیر بھی قبول نہیں، پیپلزپارٹی

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر تاج حیدر نے پنجاب اور کے پی ہونے والے انتخابات میں تاخیر کرنے کی سختی سے مخالفت کردی۔

    یہ بات انہوں نے نمائندہ اے آر وائی نیوز نعیم اشرف بٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت سے ایک دن بھی آگے نہیں ہونے چاہئیں۔

    پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ خراب حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

    انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اقدامات اٹھانے کے باوجود کچھ ہوگیا تو ووٹ ڈالنے وہی جائے گا جو زندہ بچے گا لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ الیکشن نہ کرائے جائیں۔

    جو زندہ بچ گیا ووٹ دینے پہنچ جائے گا لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ الیکشن نہ کرائے جائیں۔ پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے پنجاب اور کے پی انتخابات میں تاخیر کی مخالفت کردی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گردی کا خطرہ ہے تو پولنگ اسٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات کیے جائیں، انتخابات میں ایک دن کی تاخیر بھی قبول نہیں۔

  • سینیٹ کا اجلاس: حکومت نے اسلامی بینکنگ کے فروغ کی یقین دہانی کرادی

    سینیٹ کا اجلاس: حکومت نے اسلامی بینکنگ کے فروغ کی یقین دہانی کرادی

    اسلام آباد : حکومت نے سینیٹ میں یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلامی بینکنگ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کے لئے 3 سینٹر قائم کئے گئے ہیں جو اسلامی بینکنگ کے لئے افرادی قوت کو پورا کریں گے۔

    چئرمین میاں رضاربانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر کے نکتہ اعتراض پر وزیر قانون زاہد حامد نے بتایا کہ اس مقصد کے لۓ شریعہ فریم ورک تشکیل دیاگیا ہے اور 21 اسلامی بینکنگ کے ادارے اس وقت پاکستان میں کام کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2015 میں ایک کمیٹی نے اسلامی بینکنگ کےحوالے سے مؤثر سفارشات دیں۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان میں اس نظام کو رائج ہونا ضروری ہے جس کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا۔ ایمانی قوت اور مضبوطی سے کام کیا جائے تو یہ دنیا کی نجات کا سبب بن سکتا ہے۔

    سینیٹ میں حسین حقانی کے آرٹیکل پر بھی رد عمل دیکھنے میں آیا۔ حکومتی رکن نہال ہاشمی نے کہا کہ بہانہ بن گیا ہے کہ کسی نہ کسی طرح پاکستان پر تنقید کی جائے۔ ہم اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی واشنگٹن میں بیٹھ کر پاکستان کی سالمیت اور ہماری آئی ایس آئی پر تبصرہ کرے۔

    نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت پر سازش رچائی گئی ہے اور اب اہداف طے ہونے چاہئیں کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے۔ پی پی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ میں حسین حقانی کا ترجمان نہیں ہوں پی پی دور میں جتنے بھی ویزے امریکی شہریوں کو جاری ہوئے وہ تمام قواعد کے مطابق تھے، ان کا کہنا تھا کہ میں آصف زرداری کا بطور صدر ترجمان تھا تمام معاملات کا میں عینی شاہد بھی ہوں۔

    فرحت اللہ بابر کی جانب سے اسلام آباد اور ملک کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے بلاگرز کے معاملے کو زیر بحث لانے کی تحریک ایوان میں پیش کی گئی اور کہا گیا کہ پانچ بلاگرز لاپتہ ہوئے چار بازیاب ہوئے ایک تاحال لاپتہ ہے۔ حکومت نے یقین دہانی کروائی کہ بازیاب کروایا جائے گا مگر ایک تاحال لاپتہ ہے جن بلاگرز کی بازیابی ہوئی ان کو کس نے اور کیوں اغواء کیا کچھ معلوم نہیں۔ آج سب کی نظریں ایوان پر ہیں ایوان کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے تجویز دی کہ ایک سب کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان لوگوں کے گھروں کا دورہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایوان نے خاموشی اختیار کی تو پھر معمول بن جائے گا کہ جو بولے اسے غائب کرو، لاپتہ اور پھر اچانک نمودار ہونے والے افراد کی معلومات ایوان کو فراہم کی جائے۔

    عثمان کاکڑ نے بھی ملک میں آئین وقانون کی بالادستی پر زور دیا اور کہا کہ بدقسمتی سے آئین وقانون کی بالادستی نہیں، لوگوں کی پر اسرار گمشدگی اور پھر بازیابی ایک اہم مسئلہ ہے۔ نواز لیگ کے سینیٹرنہال ہاشمی نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کے حساس معاملات کو زیر بحث لائے۔

    وزیر مملکت داخلہ برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے بتایا کہ دو لوگ اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے وہ بازیاب ہو چکے ہیں۔ ان سے اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا انہوں نے کسی قسم کی معلومات دینے سے انکار کیا پولیس کو بھی ہدایت کی مگر انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا کیس ابھی قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ثمر عباس لاپتہ ہے اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔ بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس بدھ سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

  • پیپلزپارٹی عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے،ایم کیوایم

    پیپلزپارٹی عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے،ایم کیوایم

    کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ممبر غازی صلاح الدین کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی تیس سال سے صوبے میں حکومت کرنے کے باوجود عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔

    ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے رہائشی آج بھی قحط اور معاشی بدحالی جیسی مشکلات کا شکار ہیں جس کے سبب وہ اپنے بچے بیچنے پر مجبور ہیں۔

    انہوں پیپلزپارٹی پرایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’سندھ حکومت عوام کی زندگیوں کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے‘۔

    پی پی پی کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاج حیدر اپنی پارٹی کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے تاج حیدر کو مشورہ دیا کہ دوسروں کو الزام دینے کے بجائے گورننس کی بہتری پر توجہ دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کسی بھی صورت اپنے شہید پارٹی ورکروں کی اہانت برداشت نہیں کرے گی۔

    غازی صلاح الدین کا کہنا تھا کہ صوبے میں رائج وڈیرہ نظام کے خلاف جدوجہد کے باعث ایم کیو ایم کے ورکرز کو قتل کیا جارہا ہے۔