Tag: takes-notice

  • غلط سرجری سے 16مریض بینائی سے محروم ، وزیراعلی پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

    غلط سرجری سے 16مریض بینائی سے محروم ، وزیراعلی پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

    ملتان:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں 16افراد کی آنکھوں کی غلط سرجری کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیقات اورذمہ داران کیخلاف کارروائی کاحکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان کے نجی اسپتال میں آنکھوں کی غلط سرجری کے باعث 16 افراد کی بینائی سے محروم ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    عثمان بزدار نےسیکرٹری صحت اور کمشنر ملتان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے محکمہ صحت کوواقعےکی تحقیقات اورذمہ داران کیخلاف کارروائی کاحکم دے دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ واقعےکی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور ذمےداروں کاتعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا حقائق منظرعام پرلائےجائیں اور بینائی سےمحروم افرادکی دادرسی کے ساتھ ساتھ ان کے علاج پرخصوصی توجہ دی جائے۔

    یاد رہے ملتان کے علاقے لاڑ میں واقع نجی شعبے کے اسپتال لئیق رفیق میں گزشتہ دنوں 20 افراد نے حکومت کیجانب سے فراہم کردہ صحت کارڈ کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے آنکھوں کی سرجری کروائی تاہم آپریشن کے اگلے ہی روز 20 میں 16 مریضوں کی آنکھوں شدید نوعیت کا انفیکشن ہوگیا اور یکے بعد دیگر متاثرہ مریضوں کی بینائی چلی گئی۔

  • وزیراعظم عمران خان کا کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردی کا نوٹس ،  رپورٹ طلب

    وزیراعظم عمران خان کا کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردی کا نوٹس ، رپورٹ طلب

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردی کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور کہا دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور ذمےداران کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا ہے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ سے 14 افراد قتل

    یاد رہے مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے چودہ افراد کو قتل کردیا ، لیویز ذرائع کا کہنا تھا تمام افرادکوبسوں سے اتار کرقتل کیاگیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ملک کوبدنام اور بلوچستان کی ترقی روکنے کی گھناؤنی سازش ہے، ترقی اور امن کا سفر ہر صورت جاری رہے گا۔

    وزیر داخلہ بلوچستان نے بھی کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ کےواقعےکی مذمت کرتے ہوئے کہا سیکیورٹی ادارے جلدملزمان تک پہنچ جائیں گے ، گرفتاری کےلیےٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

  • سپریم کورٹ کا پرویزمشرف کےخلاف آئین شکنی کیس میں تاخیر کا نوٹس ، رپورٹ 15 میں پیش کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا پرویزمشرف کےخلاف آئین شکنی کیس میں تاخیر کا نوٹس ، رپورٹ 15 میں پیش کرنے کا حکم

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نےسابق صدر پرویزمشرف کےخلاف آئین شکنی کیس میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے خصوصی عدالت سے  رپورٹ پندرہ دن میں  طلب کرلی، چیف جسٹس نے کہاملزم دانستہ طور پر پیش نہیں ہورہاتو کیا عدالت بے بس ہوجائے؟۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پرویزمشرف کےخلاف آرٹیکل چھ کیس کی سماعت میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سپریم کورٹ نے رجسٹرار خصوصی عدالت سے پندرہ روز میں رپورٹ طلب مانگ لی۔

    چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حکم دیا کہ بتایا جائے کیس میں تاخیرکی کیاوجہ ہے؟ ملزم دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہا تو کیا عدالت بے بس ہوجائے؟ ملزم کا عدالت میں بیان اس کو دی جانے والی رعایت ہے۔

    اعلی عدالت نے کہا تین سو بیالیس کے بیان میں ملزم سے پوچھا جاتاہے کیاشہادتوں سے متفق ہے یا انکاری؟ ملزم پیش نہیں ہورہا تو عدالت جواب میں انکار لکھے اور کارروائی آگے بڑھائے، کسی ملزم کی دانستہ غیرحاضری کی وجہ سے عدالت بے بس نہیں ہوسکتی۔

    دوران سماعت لاہور بار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل ملزم کے بیرون ملک جاکر بیٹھ جانے سے رکاہوا ہے، جس پر سپریم کورٹ نے وفاق، پرویزمشرف اور رجسٹرارخصوصی عدالت کونوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت پچیس مارچ تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے گذشتہ سال اکتوبر میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کیس کی سماعت میں عدالت نے سابق صدر کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے کمیشن بنانے کا حکم دیا تھا۔

    اس سے قبل مذکورہ کیس میں سیکریٹری داخلہ نے بتایا تھا کہ ہم نے مشرف کو لانے کے لیے انٹر پول کو خط لکھا تھا لیکن انٹر پول نے معذرت کرلی کہ سیاسی مقدمات ان کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

    مزید پڑھیں : سابق صدر پرویز مشرف جان لیوا مرض میں مبتلا ہو گئے، میڈیکل رپورٹ

    خیال رہے پرویز مشرف کی تازہ میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ پرویز مشرف کو ایک جان لیوا بیماری کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پرویز مشرف کو ’امیلوئی ڈوسس‘ نامی خطرناک بیماری لاحق ہے، ان کا علاج برطانیہ کے 2 معروف اسپتالوں کے ساتھ مل کر کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر علاج نہ ہونے سے مشرف کو جان کا خطرہ ہے، پرویز مشرف دل اور بلڈ پریشر کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں۔

  • چیف جسٹس کا آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کا ازخود نوٹس

    چیف جسٹس کا آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کا ازخود نوٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو عدالت طلب کرلیا گیا اور کہا بتایا جائے آئی جی کوکیوں تبدیل کیا گیا، ریاستی اداروں کواس طرح کمزورنہیں ہونےدیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا نوٹس اور سیکرٹری داخلہ کو عدالت طلب کرلیا گیا ہے اور کہا سیکریٹری داخلہ آکربتائیں کہ آئی جی کوکیوں تبدیل کیاگیا۔

    چیف جسٹس نے کہا حکومت وجوہات بتائے آئی جی کوکیوں تبدیل کیا گیا، سیاسی وجوہات پرآئی جی جیسے افسرکوعہدے سے ہٹایا گیا،  سنا ہے کسی وزیر یا سینیٹر کے بیٹے کا ایشوچل رہا تھا، کسی وزیر،سینیٹر یا بیٹے کی وجہ سے اداروں کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ سیکر یٹر ی داخلہ جب پہنچیں توچیمبرمیں اطلاع دی جائے، ہم اداروں کواعتماد دیناچاہتے ہیں، اےڈی خواجہ کیس میں بھی سپر یم کورٹ نےفیصلہ دیا، پنجاب کےآئی جی کے تبادلےسےمتعلق بھی ہمیں بتائیں۔

    چیف جسٹس نے کہا ہم ایگزیکٹو کو اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کرنے دیں گے، ڈپٹی اٹارنی جنرل بتائیں جان محمدکب آئی جی تعینات ہوئے، ہم کوئی غیرمعمولی بات نہیں کررہے۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ سیکریٹری داخلہ سےکھلی عدالت میں بازپرس کریں گے۔

    دوسری جانب آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے نوٹس پر سیکریٹری داخلہ سپریم کورٹ پہنچ گئے اور سیکریٹری داخلہ کی اٹارنی جنرل انورمنصورسے مشاورت جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد جان محمد کو اچانک عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

  • ٹریفک وارڈنز پر صحافیوں سمیت شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد

    ٹریفک وارڈنز پر صحافیوں سمیت شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ کا وارڈنز کی جانب سے صحافیوں سے بدتمیزی اور ان کی ویڈیوز بنانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صحافیوں سمیت دیگر شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے وارڈنز کی جانب سے صحافیوں سے بدتمیزی اور ان کی ویڈیوز بنانے کا سخت نوٹس لیا ہے اور وارڈنز کی جانب سے صحافیوں سمیت دیگر شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    جسٹس علی اکبر قریشی نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کیپٹن لیاقت کو کل طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وارڈنز کا کام صرف چالان کرنا ہے، بدتمیزی کرنا اور ویڈیو بنانا نہیں۔

    عدالت نے ٹریفک پولیس پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت وارڈن نے صحافیوں کی ویڈیوز بنائیں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ وارڈنز کی فوج ظفر موج سڑکوں پر کھڑی خوش گپیوں میں مصروف رہتی ہے، صحافی ہو یا کوئی شہری، کسی کی تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی۔ وارڈنز کا کام صرف چالان کرنا ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔

  • چیف جسٹس کا یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا سے ملحق کالج کے طلبہ کو ڈگری نہ ملنے پر ازخود نوٹس

    چیف جسٹس کا یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا سے ملحق کالج کے طلبہ کو ڈگری نہ ملنے پر ازخود نوٹس

    لاہور : چیف جسٹسں ثاقب نثار نے یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا سے ملحق کالج کے طلبہ کو ڈگری نہ ملنے پر ازخود نوٹس لے لیا۔ عدالت نے صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کی تعداد اور انکے ساتھ ملحقہ کالجز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹسں آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاہور رجسٹری میں یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا سے ملحق کالج کے طلبہ کو ڈگری نہ ملنے پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

    عدالت نے صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کی تعداد اور انکے ساتھ ملحقہ کالجز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

    عدالت نے مزید استفسار کیا ہے کہ یونیورسٹیاں کب سے کام کر رہی ہیں اور فیس کیا لیتی ہیں۔ جن یونیورسٹیوں نے خلاف قانون کیمپس کھولا یا الحاق کیا، ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    ہائر ایجوکیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا نے بغیر اجازت کالجز کے ساتھ الحاق کیا، صرف ڈگری کا نہیں، ادارے میں اساتذہ کا ہونا بھی ضروری ہے، ورنہ ڈگری کاغذ کا ایک ٹکڑا ہے۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ یہ لوگوں کے ساتھ فراڈ کر رہے ہیں، دیکھتا ہوں کہ کون انکی ضمانت لیتا ہے۔ تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔

    عدالت نے غیر معیاری نجی یونیورسٹیوں کے معاملے پر ظفر اقبال کلانوری اور عزیز بھنڈاری ایڈووکیِٹ کو عدالتی معاون مقرر کر دیا اور جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے نجی یونیورسٹیوں کو نوٹس دے کر آنکھیں بند کر لی ہیں، بچوں کے مستقبل کا عدالت جائزہ لے گی۔

    جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا ڈگریاں نہ ملنے پر طالبعلم سڑکوں پر خوار ہو رہے ہیں، نجی یونیورسٹیوں نے دکھاوے کے بورڈ لگائے ہوئے ہیں، جہاں غیر معیاری تعلیم دی جا رہی ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ شوگر ملوں کے پرمٹس کی طرح نجی یونیورسٹیاں کھولنے کی اجازت دی گئی، ایف آئی اے یونیورسٹی آف ساوتھ ایشیاء میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ دے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی کینسر میں مبتلا ٹیبل ٹینس اسٹار کے علاج کیلئے انتظامات کی ہدایت

    وزیراعظم عمران خان کی کینسر میں مبتلا ٹیبل ٹینس اسٹار کے علاج کیلئے انتظامات کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پہلا نوٹس لیتے ہوئے کینسر کے مرض میں مبتلا ٹیبل ٹینس اسٹار مہک انور کے علاج کیلئے انتظامات کی ہدایت جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بحثیت وزیر اعظم عمران خان نے پہلا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کے انتظامات کئے جائیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوٹس میڈیا پر چلنے والی خبروں پر لیا گیا، مہک انور کے والد نے وزیراعظم سے بچی کاعلاج کرانے کی اپیل کی تھی، مہک انور ٹیبل ٹینس کی قومی کھلاڑی ہیں اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔

  • چیف جسٹس کا قصور کی ننھی زینب کی زندگی پر بننے والی فلم سے متعلق نوٹس

    چیف جسٹس کا قصور کی ننھی زینب کی زندگی پر بننے والی فلم سے متعلق نوٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے قصور میں درندگی کا شکار ہونے والی کمسن زینب کی زندگی پر بننے والی فلم سے متعلق نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے زینب کے والد حاجی امین کی درخواست پر نوٹس لیا، زینب کے والد نے درخواست میں استدعا کی کہ میری بیٹی کی زندگی پر اجازت کے بغیر مقامی ٹی وی چینل کا مالک فلم بنا رہا ہے، اس کو روکیں اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    چیف جسٹس نے صوبائی اور وفاقی حکومت کے وکیل سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ پیمرا کا اس معاملے میں کیا کردار ہے، رپورٹ دی جائے۔

    چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل کو حکم دیا کہ ایسی فلمیں نہیں بننی چاہییں۔

    واضح رہے کہ قصور کی 7 سالہ ننھی زینب کے ساتھ درندگی کے واقعے کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا، کچھ عرصہ قبل  پنجاب کے شہرقصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ ننھی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا تھا، زینب کی لاش گزشتہ ماہ 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

    زینب کے قتل کے بعد ملک بھرمیں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی جبکہ تحقیقات کے بعد قتل کے مرکزی ملزم عمران کو عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف اور دیگر کیخلاف4.9بلین ڈالربھارت بھجوانے کی شکایت، چیئرمین نیب کا جانچ پڑتال کا حکم

    نوازشریف اور دیگر کیخلاف4.9بلین ڈالربھارت بھجوانے کی شکایت، چیئرمین نیب کا جانچ پڑتال کا حکم

    اسلام آباد : چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے سابق نواز شریف اور دیگر کے خلاف4.9بلین ڈالر بھارت بھجوانے کی شکایات پر جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کی مشکلات میں مزید اصافہ ہوگیا، سابق وزیراعظم نوازشریف اور دیگرکے خلاف4.9بلین ڈالربھارت بھجوانے کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔

    نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ نوازشریف پررقم منی لانڈرنگ کےذریعےبھارت بھجوانے کا الزام ہے، ورلڈ بینک مائیگریشن اینڈ رمیٹنس بک 2016 میں ذکرموجود ہے، رقم بھجوانےسے بھارت کے غیرملکی ذخائربڑھے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ سے رقم بھجوانے پر پاکستان کونقصان اٹھانا پڑا۔

    یاد رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز بھی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں، نواز شریف پر ایون فیلڈ ، العزیزیہ ملز اورفلیگ شپ ریفرنسز  میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 28 جولائی 2017 کو وزیراعظم کو نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے بعد نہ صرف یہ کہ نواز شریف وزیراعظم کے عہدے سے برطرف ہوگئے تھے بلکہ انتخابی اصلاحات کی شق نمبر کے تحت پارٹی کی صدارت کرنے کے بھی اہل نہیں رہے تھے۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ہونے والی نااہلی کی مدت کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔