Tag: talk to ARY

  • فائنل لاہور میں‌ ہونا پاکستان کی انا کا مسئلہ بن گیا ہے، نجم سیٹھی

    فائنل لاہور میں‌ ہونا پاکستان کی انا کا مسئلہ بن گیا ہے، نجم سیٹھی

    لاہور: پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل لاہور میں کرانا پاکستان کی انا کا مسئلہ بن گیا ہے، ہم فائنل لاہور میں کراکر ہی دم لیں گے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی بھی آئیں۔


    اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مجھے امید تھی کہ پاکستانی عوام پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے پرزور دیں گے، ہم زندہ دل لوگ ہیں جو ڈرنے والے نہیں،میری پہلی دن سے کوشش یہی تھی،اب تو یہ پاکستان کی انا کی بات بن گئی ہے، یہ پی ایس ایل نہیں یہ پاکستان کی بات ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پرامن پاکستان ایک حقیقت ہے،اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہم پاکستان کی حمایت کریں گے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور فائنل لاہور میں کرائیں، عنقریب لاہور کا اسٹیڈیم آباد ہوگا، 25 ہزار لوگ اندر ہوں گے اور دولاکھ لوگ اسٹیڈیم کے باہر بھی موجود ہوں گے۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے عوامی آرا پر مبنی سروے پر خوش ہوں جس میں لوگوں نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا کہ فائنل لاہور میں ہی ہونا چاہیے چاہے کچھ بھی ہو ہمیں ہار نہیں ماننا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہاب بھی چند لوگ ہیں جو پاکستان پر یقین نہیں رکھتے جو پاکستانی عوام کو نہیں پہچانتے اور ہماری نیت پر یقین نہیں رکھتے۔
    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہم اب بھی لاہو ر لے کر آئیں گے۔

  • عمران خان کے یوٹرن نے نواز شریف کومضبوط کردیا، اعتزاز احسن

    عمران خان کے یوٹرن نے نواز شریف کومضبوط کردیا، اعتزاز احسن

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عمران خان کے یوٹرن سے نواز شریف مضبوط ہوگئے، وقت بتائے گا کہ عمران خان نے نواز شریف کو مضبوط کیا کہ نہیں، پی ٹی آئی کا جلسہ مناسب ہے لیکن چھوٹا نہیں۔

    پروگرام آف دی ریکارڈ میں بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ مناسب ہے چھوٹا نہیں، حکومتی بریگیڈ پی ٹی آئی کے جلسے سے متعلق بات تو ضرور کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے بیان سے اتفاق کرتا ہوں اور اپنی رائے کا اظہار بھی کرتا ہوں،ہم ایک آواز ہیں ،میرا اور خورشید شاہ ہم سب کا مقصد ہے کہ نواز شریف کا احتساب ہو اس معاملے میں پی پی اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

    عمران خان کے دھرنا ملتوی کرنے کے متعلق انہوں نے کہاکہ ،عمران خان کے یوٹرن سے نواز شریف مضبوط ہوگئے، وقت بتائے گا کہ عمران خان نے نواز شریف کو مضبوط کیا کہ نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ثبوت یہاں سے نہیں باہر سے آئے، اپوزیشن جماعتوں میں اختلافات بڑھانا نہیں چاہتا،متحدہ اپوزیشن کے بل کے مطابق نواز شریف کا احتساب ہونا چاہیے۔

  • پی آئی اے کا 8 بوئنگ طیارے خریدنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا 8 بوئنگ طیارے خریدنے کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان کی فضائی کمپنی نے بوئنگ کمپنی سے 787-300 کے آٹھ جدید طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا ، طیارے 2017ء کے جون کے وسط میں پی آئی اے کے بیٹرے میں شامل ہونا شروع ہوجائیں گے ۔

    چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے محمد صلاح الدین سے گفتگو میں بتایا کہ بوئنگ کمپنی سے 787 طیارے آسان اقساط پر حاصل کریں گے جو کہ اسٹیٹ آف آرٹ طیارے ہیں یہ طیارے کم فیول استعمال کرتے ہیں اور چارسو مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

    ا عظم سہگل نے بتایا کہ طیارے 2017 کے جون کے وسط میں مرحلہ وار ملنا شروع ہوجائیں گے جس سے پی آئی اے کے بیڑے میں طیاروں کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا، پی آئی اے اکتوبر سے کراچی سے لندن کے لیے پریمیئر شروع کررہی ہے، اکتوبر اوردسمبر میں ایئربس 330 کے دو طیارے پی آئی اے کو مل جائیں گے جس کے بعد پی آئی اے اپنے مزید سیکٹروں میں اضافہ کرے گی جن میں بنکاک، جرمنی، اور بارسلونا شامل ہیں جبکہ دیگر سیکٹرز پر بھی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

    پی آئی اے کو مزید طیارے حاصل ہونے کے بعد مسافروں کو جدید سفری سہولت کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کے آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ جس سے پی آئی اے کے خسارے میں قابو پانے میں مدد ملے گی۔

    دوسری جانب ایئربس 310 کے پانچ طیارے حج آپریشن مکمل ہونے کے بعد ریٹائرڈ کردیے جائیں گے ۔ پی آئی اے اپنے پرانے طیاروں کو ریٹائرڈ کرکے مرحلہ وار جدید طیارے شامل کرے گی۔