Tag: talks

  • سندھ طاس معاہدہ، بھارت مذاکرات کے لیے تیار

    سندھ طاس معاہدہ، بھارت مذاکرات کے لیے تیار

    نئی دہلی: ورلڈ بینک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر غیرجانبدار ماہرین کا تقرر روکنے کے لیے بھارت نے پاکستان سے دو طرفہ مذاکرات کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔

    بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے میڈیا بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ’’بھارت ہمیشہ سندھ طاس معاہدے پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے تاہم اس میں تکینکی سوالات اور اختلافات شامل ہیں جسے دور کرنے کے لیے پاکستان سے بات چیت کرنے اور تنازع کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں‘‘۔


    پڑھیں: ’’ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی: پاکستان نے معاملہ ورلڈ بینک میں اٹھا دیا ‘‘


    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی دیگر معاملات پر دونوں ممالک کی حکومتوں نے مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کو حل کیا، سندھ  طاس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات پر بات چیت کے لیے آج بھی تیار ہیں۔


    مزید پڑھیں: ’’ ورلڈ بینک کی سندھ طاس منصوبے پر ثالثی کی پیشکش ‘‘


    خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے متعدد بار آبی جارحیت کے حوالے سے دھمکیاں سامنے آنے کے بعد پاکستان نے ورلڈ بینک سے مطالبہ  کیا تھا کہ وہ آبی تنازع کو حل کروانے میں کردار ادا کرے۔

    جس کے جواب میں ورلڈ بینک نے سندھ طاس معاہدے پر غیر جانبدار ماہر کی تقرری روکتے ہوئے پاکستان اور ہندوستان کو آبی تنازع جنوری تک حل کرنے کی مہلت دی تھی۔

    ورلڈ بینک کی جانب سے بھارت کو دی جانے والی حتمی تاریخ قریب آنے پر مودی حکومت نے ایک بار پھر دنیا بھر میں اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرنے کے لیے پاکستان سے مذاکرات کرنے کی ہامی بھرتے ہوئے ورلڈ بینک کو تجویز دی ہے کہ اس معاملے میں جلد بازی سے کام نہ لیا جائے اور مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے۔

  • بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج پاکستان کا دورہ کریں گی: بھارتی میڈیا

    بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج پاکستان کا دورہ کریں گی: بھارتی میڈیا

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے وزیرِخارجہ سشما سوراج آئندہ ہفتے افغانستان کے حوالے سے اسلام آباد میں ہونے والےاجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کرسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے جس کے بعد سشما سوراج کی پاکستان کے دورے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    پیرس میں ہونے والی دونوں رہنماوٗں کی یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اوراہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دونوں رہنماوٗں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات منظرِعام پرنہیں آسکیں تاہم میاں نوازشریف نے بعد ممیں میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی، مذاکرات کا راستہ کھلنا چاہئے۔

  • آصف زرداری کی سراج الحق سےمنصورہ میں ملاقات

    آصف زرداری کی سراج الحق سےمنصورہ میں ملاقات

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکہاہےکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ذاتی سیاسی و جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر آئین و جمہوریت کے لیے ایک ہیں۔

    منصورہ میں سابق صدراورچیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ایک پرامن و باعزت طریقے سے قوم کو اس بحران سے نکالا جائے اور فریقین کو ایک عزت کا راستہ طے کرنے میں معاونت فراہم کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی موجودہ سیاسی بحران سے نمٹنے کے لیے چار رکنی کمیٹی بنائی ہے جو موجودہ سیاسی بحران کے حل میں ہم سے معاونت کریگی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سے اپیل کی کہ وہ تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے دیئے گئے استعفے کو منظور کرنے میں عجلت سے کام نہ لیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے فریقین کی جانب سے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے پر راضی ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا۔

  • اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ کا سیاسی بحران سے دور رہنا خوش آئند ہے، سراج الحق

    اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ کا سیاسی بحران سے دور رہنا خوش آئند ہے، سراج الحق

    لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ اطمینان بات یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور سپریم کورٹ نے خود کو موجودہ سیاسی بحران سے دور رکھا ہے۔

    جماعت اسلامی کے صدر دفتر المنصورہ میں ہونے والی ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں سابق صدر کے ساتھ سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک اور قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ بھی موجود تھے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے فرید پراچہ اور لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کا دارالخلافہ اسلام آباد اس وقت دھرنوں کی زد میں ہے اور ہر وقت وہاں نعرے بازی ہوتی ہے جس کے باعث دن میں ایوان کی کاروائی کرنا بھی مشکل ہے اور رات میں ارکانِ اسمبلی سو بھی نہیں پاتے۔ ملک کے اٹھارہ کروڑعوام بھی ملک کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فریقین کو اس انتہا پر کہ جہاں وہ آچکے ہیں وہاں سے واپسی کا باعزت راستہ دیا جائے، اس سلسلے میں سابق صدر نے چار رکنی وفد بھی تشکیل دیا ہے جو بحران کے خاتمے تک جماعت اسلامی سے رابطے میں رہے گا۔ وفد میں خورشید شاہ، رحمان ملک، رضا ربانی اور اعتزاز احسن شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ دونوں فریق مذاکرات کی میز پر آگئے ہیں اور دونوں ہی جانب سے تلخی میں کمی آرہی ہے۔
    انہوں نے کہا کہ تحریک ِ انصاف اپنے استعفے سیکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کراچکی ہے لیکن ہم نے اسپیکر سے اپیل کی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے ارکان ِ اسمبلی کے استعفے منظور نہ کرے اور ساتھ ہی ساتھ ہم نے عمران خان کوبھی مشورہ دیا ہے کہ فیصلے کرنے میں جلدی نہ کریں۔

    سراج الحق نے اس امر پر اطمینان کا اظہارکیا کہ اسٹیبلشمنٹ اور سپریم کورٹ نے اس بحران خود کو دور رکھا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتوں کے جتنے بھی خیرخواہ ہیں وہ سب ہی دونوں فریقین کو مذاکرات کے ذریعے معاملے کا پرامن حل نکالنا چاہئے ، اس وقت جو بھی قومی مفاد کے لئے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹے گا قوم اسے عزت کی نگاہ سے دیکھے گی۔