Tag: Tando Allahyar

  • گھر میں آٹا ختم، ماں باپ کی دو دن کے وقفے سے خود کشی

    ٹنڈوالہ یار: گھر میں آٹا ختم ہونے پر غربت کے شکار والدین نے دو دن کے وقفے سے خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں ایک گاؤں موریوساند میں نہایت افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ماں باپ سے بچوں کا بھوک سے رونا برداشت نہ ہوا تو خود کشی کر لی، جس سے ان کے 5 بچے یتیم ہو گئے۔

    اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ میں دو وقت کی روٹی زندگیاں نگلنے لگی ہے، ٹنڈوالہ یار کے گاؤں موریوساند میں دل دہلانے والا واقع پیش آیا ہے، بچوں نے ماں سے روٹی مانگی لیکن گھر میں خالی برتنوں کے سوا کچھ نہ تھا۔

    بچے روٹی کے لیے روتے رہے، ماں نے بچوں کی بھوک اور غربت کی ستم گری برداشت نہ کرتے ہوئے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔

    دو دن بعد بیوی کا غم اور بچوں کا رونا برداشت نہ ہوا تو، غربت کے ہاتھوں مجبور باپ نے بھی اسی طرح زندگی کا دیا بجھا دیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے 5 معصوم بچے یتیم ہو گئے۔

    یتیم بچوں کو ان کے ضعیف العمر دادا نے سرپرستی میں لے لیا، جو خود اپنے بیٹے کی موت اور غربت کے ہاتھوں بری حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔

    گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی غریبوں کی زندگیاں نگلنے لگی ہے، حکومت سندھ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ان معصوم یتیم بچوں کی پرورش اب کون کرے گا۔

  • پرندوں کی بولی بولنے والا نوجوان، پرندے جسے اپنا دوست سمجھتے ہیں

    پرندوں کی بولی بولنے والا نوجوان، پرندے جسے اپنا دوست سمجھتے ہیں

    پرندوں کا خیال رکھنا اور ان کے لیے دانے پانی کا انتظام کرنا تو ہر شخص کر سکتا ہے، لیکن ایک شخص ایسا بھی ہے جسے ہر قسم کے پرندے پہچانتے ہیں اور اسے اپنا دوست سمجھتے ہیں۔

    صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو الہیار کا رہائشی افضل منگریو پرندوں سے محبت کی زندہ مثال ہے۔

    افضل کو بچپن سے پرندے پالنے کا شوق تھا اور پھر یہ شوق اس کا عشق بن گیا، افضل تمام پرندوں کی آوازیں بخوبی نکال لیتا ہے جس کی وجہ سے پرندے بھی اس سے مانوس ہیں اور اسے اپنا دوست سمجھتے ہیں۔

    وہ ہر پرندے کو ان کی آواز میں اپنے پاس بلا سکتا ہے اور پرندے بھی بلا خوف و خطر اس کے پاس چلے آتے ہیں۔

    افضل کا کہنا ہے کہ پرندے مجھ سے اور میں پرندوں سے محبت کرتا ہوں، ہم دونوں ایک دوسرے کی زبان سمجھتے ہیں۔

    گاؤں میں موجود افضل کے چھوٹے سے گھر میں تمام اقسام کے پرندوں کا جھنڈ موجود رہتا ہے اور وہ ان کے دانے پانی کا خصوصی خیال رکھتا ہے۔

  • شوہر کو زبردستی راکھی بندھوا نے پر لڑکی نے اپنی جان لے لی

    شوہر کو زبردستی راکھی بندھوا نے پر لڑکی نے اپنی جان لے لی

    ٹنڈوالہ یار: صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں ایک اور لڑکی نے خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالہ یار کی رہائشی ایک خاتون نے پسند کی شادی کی، لیکن گھر والوں نے زبردستی شوہر کو راکھی بندھوائی، جس پر دل برداشتہ ہو کر لڑکی نے خود کشی کر لی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ٹنڈوالہ یار کے علاقے تھانہ سلطانہ آباد کی حدود خواجہ گھوٹ میں پیش آیا، 17 سالہ طالبہ نے 8 نومبر کو حیدرآباد میں پسند کی شادی کی تھی۔

    حیدر آباد میں شادی کے بعد یہ جوڑا کراچی آ کر رہنے لگا، تاہم اہل خانہ نے انھیں تلاش کر لیا اور انھیں کراچی سے ٹنڈوالہ یار واپس لے گئے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی نے مبینہ طور پر خود کشی کی ہے، اس کے ماں باپ، 2 چچا اور 2 علاقے کے دیگر افراد نے جوڑے کو زبردستی طلاق دلوائی، اور پھر شوہر کو راکھی بھی بندھوا لی، جس پر اس نے اپنی جان لے لی۔

    پولیس نے اس سلسلے میں انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے، عدالت نے والدین، سلطان آباد تھانے کے ایس ایچ او کو 2 دسمبر کو طلب کر لیا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق لڑکی نے پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد وہ کراچی میں رہنے لگے تھے، لڑکی اور لڑکا کزنز ہیں، لیکن خاندان سے ڈر کر کراچی گئے تھے، لڑکی کے والدین دونوں کو کراچی سے واپس لے کر آئے تھے، اس کے بعد ان کی زبردستی طلاق کرائی گئی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • "یہ عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے "

    "یہ عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے "

    ٹنڈوالہٰ یار: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے دعویٰ کردیا ہے کہ عمران خان کی یہ پہلی اور آخری حکومت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالہٰ یار کے بچانی ہاؤس میں پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تین سالہ دور کا جشن منایاتھا، حقیقت یہ ہے کہ ان تین سالوں میں خان صاحب نے کچھ نہیں دیا،وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو نقصان پہنچایا، ان تین سالوں میں ثابت ہوگیا کہ تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی اور غربت ہے۔

    بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ سندھ سے زیادتی کررہا ہے، تجاوزات کے نام پر غریبوں کے مکانات کرائے جارہے ہیں، عمران خان غریبوں کے سر سے چھت چھین رہے ہیں، اسٹیل ملز کو بند کرکے دس ہزار لوگوں کا چولہا ٹھنڈا کردیا گیا، یہ ظالم لوگ ہیں جو لوگوں سے روزگار چھین رہے ہیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپوزیشن میں بہت بڑے بڑے وعدے کیےتھے،ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، مگر جن لوگوں کا روزگار تھا ان سے بھی روزگار چھین لیاگیا، ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کسی سے روزگارچھینے۔

    بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 125فیصداضافہ کیاتھا، اس کے علاوہ سپاہیوں کی تنخواہ میں اضافہ پیپلزپارٹی کےدورمیں ہواتھا، پیپلز پارٹی کا خاصہ ہے کہ ہم نہ سپاہی نہ کسی غریب کولاوارث نہیں چھوڑتےہیں۔

    جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ٹنڈو الہٰیار کے عوام کو بہادر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بےنظیربھٹو تھی، شہید بےنظیر بھٹو نے ایک نہیں دو آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آپ نے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور تاریخ رقم کی، ایک بار پھر آپ لوگوں نےپیپلزپارٹی کومضبوط بناناہے۔