Tag: Tando jam

  • حکومت کو مینڈیٹ ملا ہے کہ آخری دن تک کام کیا جائے: وزیر اعظم

    حکومت کو مینڈیٹ ملا ہے کہ آخری دن تک کام کیا جائے: وزیر اعظم

    حیدر آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ لوگ باتیں کرتے تھے ہم نےعوام دوست بجٹ میں کر دکھایا۔ تنقید ہوئی کہ حکومت کو یہ بجٹ پیش نہیں کرنا چاہیئے تھا۔ حکومت کو مینڈیٹ ملا ہے کہ آخری دن تک کام کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ کی فیسیلٹی کا افتتاح کیا۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اہم قومی منصوبوں کی تکمیل اور افتتاح کی خوشی ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے ثابت کیا کہ اپنا کام مقرررہ وقت پر کر سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نہ صرف پرانے منصوبے مکمل کیے بلکہ نئے منصوبے بھی شروع کیے۔ ’ساڑھے 300 ٹن ایل پی جی یہاں سے نکل رہی ہے۔ ملک میں گیس کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی گئی تھی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سے گیس، سڑکوں اور تعمیرات کے منصوبوں پر بحث کرلیں۔ 65 سال سے جو کام نہیں ہوئے وہ مسلم لیگ ن نے مکمل کیے۔ اداروں میں کام کرنے والے گواہ ہیں ہمیشہ کام کرنے کی بات کی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں لوگ گھروں سے نکلنے سے گھبراتے تھے۔ آج دیہی اور شہری سندھ کی صورتحال آپ دیکھ لیں۔ لوگوں نے پیش گوئیاں کیں یہ حکومت نہیں چلے گی۔ حکومت نے اپنی مدت پوری کی اور منصوبے بھی مکمل کیے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا۔ تنقید ہوئی کہ حکومت کو یہ بجٹ پیش نہیں کرنا چاہیئے تھا۔ حکومت کو مینڈیٹ ملا ہے کہ آخری دن تک کام کیا جائے۔ ’ بجٹ ہم نے پیش کیا، اگلی حکومت اس میں تبدیلی کر سکتی ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام پر جو ٹیکس 35 فیصد تک جاتا ہے وہ 15 فیصد پر ختم کردیا۔ ٹیکس ریفارمز پر تنقید کرنے والے پہلے اپنا ٹیکس ریکارڈ پیش کریں۔ ٹیکس ادا کرنا یا نہ کرنا آپ کی مرضی نہیں، ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

    شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ہمیشہ سنتے آئے تھے تھر میں بہت کوئلہ ہے۔ حکومت محنت نہ کرتی تو تھر کا کوئلہ زمین میں ہی رہتا۔ کوشش ہے کہ ریکوڈک کے وسائل بھی ملک کے کام آئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹنڈوجام : ٹریک پر بم دھماکہ، بارہ گھنٹے میں راستہ بحال نہ ہوسکا

    ٹنڈوجام : ٹریک پر بم دھماکہ، بارہ گھنٹے میں راستہ بحال نہ ہوسکا

    ٹنڈوجام : ریلوے ٹریک پر بم دھماکے سے مال گاڑی کی بوگیاں الٹ گئیں، ذکریا ایکسپریس بڑی تباہی سےبچ گئی۔ بارہ گھنٹے گزر نے کے باوجود اب تک ٹریک کو بحال نہیں کیا جاسکا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈوجام کے قریب دہشت گردی کی واردات میں بم دھماکے باعث مال گاڑی کی بوگیاں الٹ گئیں۔

    دوسری جانب سے آنے والی زکریا ایکسپریس کےڈرائیور کی حاضر دماغی نے ٹرین کو بڑی تباہی سےبچالیا، دھماکے کے باعث مال گاڑی کی تین بوگیاں اپ ٹریک پرالٹ گئی تھیں۔

    تیز رفتار زکریا ایکسپریس دوسرے ٹریک پرگری مال گاڑیوں کےقریب پہنچی توڈرائیور نےانتہائی کم وقت میں بریک لگاکرٹرین کوحادثے سےبچالیا۔

    ڈی آئی جی حیدر آباد کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثہ دہشت گردی ہے، دھماکہ ریلوے ٹریک پر نصب بم کےباعث ہوا، حادثے کے باعث ٹرین سروس معطل ہوگئی۔

    علاوہ ازیں واقعے کے بارہ گھنٹے گزرنے کے باوجود اب تک ٹریک کو بحال نہیں کیا جاسکا۔مسافروں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    حیدرآباد اور کوٹری اسٹیشن پر پانچ ٹرینیں کھڑی ہیں۔ حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشن پر پانچ ٹرینیں کئی گھٹنوں سے کھڑی ہیں۔

    پاکستان اور علامہ اقبال ایکسپریس شام چار بجے سے اسٹیشن پر کھڑی ہیں، بزنس ٹرین،قراقرم اور ملت ایکسپریس کوٹری اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    ٹنڈوجام کے ریلوے ٹریک پر دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب دھماکا ہوا تھا۔ حادثے سے ٹرین سروس معطل ہوگئی تھی، ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لئے تاحال کام جاری ہے۔