Tag: Tando muhammad Khan

  • باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا

    باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا

    سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں غربت سے مجبور ماں  باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا، والدہ نے کہا کہ نجی اسپتال انتظامیہ نے بل کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔

    متاثرہ والدہ نے کہا کہ میرے شوہر نے ادھار پیسے لیے اور اسپتال کا بل ادا کیا، شوہر نے جس سے ادھار رقم لی بچے کو اسکے حوالے کردیا۔

    نجی اسپتال کے ڈائریکٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رقم دے کر نومولود بچہ کو لینے والےکی تلاش جاری ہے اس واقعے کے بعداسپتال انتظامیہ نے خاتون کا علاج مفت کردیا ہے، اب تک جتنی بھی ادائیگی ہوئی وہ متاثرہ خاتون کو واپس کی جائیگی۔

  • سندھ: وڈیرے کے اشارے پر خواتین کا سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملہ

    سندھ: وڈیرے کے اشارے پر خواتین کا سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملہ

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان میں ایک وڈیرے کے اشارے پر خواتین نے سماجی ورکر رضیہ سہتو پر حملہ کر کے انھیں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان کے گاؤں ہاشم سہتو میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر رضیہ سہتو پر خواتین نے حملہ کر کے ان پر تشدد کیا۔

    وڈیرے کے اشارے پر مشتعل خواتین نے رضیہ سہتو کو یرغمال بنایا اور موبائل چھیننے کی کوشش کی، ان کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے۔

    رپورٹ کے مطابق رضیہ سہتو بیمار متاثرین میں دوائیں تقسیم کرنے گئی تھیں، وہ ڈیڑھ ماہ سے سیلاب متاثرین کو راشن اور خیمے فراہم کر رہی ہیں، تاہم گاؤں کا وڈیرہ ان کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے۔

    وڈیرے کی بدمعاشی بھی سامنے آ گئی ہے، رضیہ سہتو کے مطابق وڈیرے کا کہنا ہے کہ جو بھی امدادی کام کرنا ہے مجھ سے پوچھ کر کرو، وڈیرے ہی نے خواتین کو حکم دیا کہ انھیں گاؤں میں نہ آنے دیں، اے آر وائی نیوز کو موصول ویڈیو میں رضیہ کی گاڑی پر خواتین حملہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

    دوسری طرف اے آر وائی نیوز پر سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملے کی خبر نشر ہونے کے بعد شیخ بھرکیو پولیس بھی الجھن کا شکار ہو گئی۔ پولیس نے فریادی سماجی ورکر غیر شادی شدہ خاتون کو شادی شدہ لکھ ڈالا، پولیس نے جلد بازی کرتے ہوئے فریادی کے والد کے نام کی جگہ پر شوہر لکھ دیا۔

    متاثرہ سماجی کارکن رضیہ سہتو کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر وڈیرے کی خواہش کے مطابق درج کی گئی ہے، پولیس جان بوجھ کر اس کی گرفتاری میں تاخیر کر رہی ہے، اور ایف آئی آر میں سہولت کار وڈیرے کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

  • سلیکٹڈ وزیراعظم کو بھگانا اور پاکستان بچانا ہے، بلاول بھٹو

    سلیکٹڈ وزیراعظم کو بھگانا اور پاکستان بچانا ہے، بلاول بھٹو

    ٹنڈو محمد خان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ کو بھگانےاور پاکستان کو بچانےکا وقت آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی پی کا وفاقی حکومت کے خلاف ‘ عوامی مارچ’ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں، لانگ مارچ کے شرکا نے آج دوسرے روز ٹنڈو محمد خان سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جم غفیر شرکا سے جذباتی خطاب کیا ، بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کوحقوق دلانے کے مقصد اور جدوجہد کیلئے نکلے ہیں، انشاللہ یہ عوامی مارچ کامیاب رہے گا۔

    بلاول بھٹو نے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ٹنڈومحمد خان والو کیا آپ کو تبدیلی پسند آئی؟ اگر تبدیلی نہیں آئی تو وقت آگیا کہ ہم نے سلیکٹڈ کو بھگانا ہے، ہم نے سلیکٹڈ وزیراعظم کو بھگانا اور پاکستان بچاناہے۔

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عام آدمی مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہاہے، آج ایک بار پھر عوام مشکل میں،کسان اور مزدورپریشان ہیں، آپ نے پاکستان کے غریب عوام کو مشکل سے نکالنا ہے۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ مساوات ہماری معیشت اور طاقت کا سرچشمہ عوام ، شہادت ہماری منزل ہے، ہمارا منشور ، نظریہ وہی ہے جو قائد عوام اوربینظیر بھٹونےدیاتھا، پی پی کے جیالوں نے ہر دور کے آمر کا ڈٹ کا مقابلہ کیا اور اب سلیکٹڈ وزیراعظم کو بھی گھر بھیج کر دم لیں گے۔

  • ٹنڈو محمد خان : گھاس پھوس سے بنا اسکول اور طلباء طالبات کی حالت بھی خراب

    ٹنڈو محمد خان : گھاس پھوس سے بنا اسکول اور طلباء طالبات کی حالت بھی خراب

    کراچی : گزشتہ مالی سال میں صوبہ سندھ کا تعلیمی بجٹ اربوں  روپے رکھا گیا تھا اس کے باوجود صوبے میں تعلیم کی ابتر حالت میں کوئی بہتری نہیں آسکی ہے۔

    اندرون سندھ تعلیم تو دور کی بات وہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے ابھی تک محروم ہیں، اگر صرف تعلیمی اداروں کی حالت زار کا جائزہ لیا جائے تو صورتحال کسی بھی صورت تسلی بخش نہیں۔

    سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں تعلیمی نظام تباہ حالی کا شکار ہے، بنیادی سہولیات کے محروم پرائمری اسکول خیر محمد مگسی اس کی زندہ مثال ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شوکت سولنگی کی رپورٹ کے مطابق گھاس اور لکڑیوں سے بنایا گیا مذکورہ اسکول اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بنایا ہے۔ اسکول میں ایک سو طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

    اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہمیں حکومت سندھ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی سہولت میسر نہیں حتیٰ کہ یہ ٹوٹی ہوئی کرسیاں بھی اپنی جیب سے خرید کر لائے تھے۔

    سرد موسم میں بچوں کی حفاظت کیلئے چار دیواری تک نہیں ہے، اس کے علاوہ یہاں اکثر سانپ وغیرہ بھی نکل آتے ہیں جس کی وجہ سے کئی بار بچے خوف ہراس میں مبتلا ہوئے۔

  • پنجاب پولیس کے اے ایس آئی ٹنڈو محمد خان سے  اغوا

    پنجاب پولیس کے اے ایس آئی ٹنڈو محمد خان سے اغوا

    بہاولپور: عدالتی حکم پر 9 سالہ بچے کو بازیاب کروانے والے پنجاب پولیس کے اے ایس آئی کو ٹنڈو محمد خان سے اغوا کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے اےایس آئی کو ٹنڈو محمد خان میں اغوا کر لیا گیا ، پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی عدالتی حکم پر9سالہ عمرفاروق کو بازیاب کروانے گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے ہائی کورٹ میں اپنے بیٹے کی بازیابی کے لئے پٹیشن دائرکی تھی، جس میں خاتون نےالزام لگایا تھا کہ شوہر 9سالہ بیٹےکواغوا کر کے ٹنڈومحمدخان لےگیا ہے،پولیس

    ترجمان نے بتایا کہ مقامی سردار نے اےایس آئی کو تھانے سے بچے سمیت اغواکرلیا، ٹنڈومحمد خان پولیس بھی مقامی وڈیرے کو سپورٹ کررہی ہے۔

    اہلکارکی جان کوخطرے کےپیش نظرڈی پی او نے سندھ پولیس سے رابطہ کیا تاہم سندھ پولیس کئی گھنٹےگزرنے کے باوجود اہلکار کوبازیاب کروانے میں ناکام ہے۔

  • ارباب غلام رحیم کے قافلے پر مبینہ حملہ، گورنر سندھ کا نوٹس

    ارباب غلام رحیم کے قافلے پر مبینہ حملہ، گورنر سندھ کا نوٹس

    ٹنڈو محمد خان: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ افیئرز ارباب غلام رحیم کے قافلے کا گھیراؤ کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ناخوشگوار واقعہ صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں پیش آیا، جہاں پی پی کے مشتعل کارکنان نے ان کے قافلےکا گھیراؤ کیا اور انکے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    بعد ازاں واقعے کے حقائق میڈیا کو بتانے کے لئے ارباب غلام رحیم ٹنڈو محمد خان کے پریس کلب پہنچے واپسی پر پریس کلب کے باہر پی پی کارکنان نے انہیں جوتے دکھائے اور قاتل قاتل کے نعرے بھی لگائے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اسی دوران پی پی اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے دوران ہاتھاپائی وگالم گلوچ ہوئی، تصادم کے دوران  کئی پی ٹی آئی کارکن زخمی ہوئے، واقعے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان زخمیوں کولےکر تھانے پہنچے اور ملزمان کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست جمع کرائی۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ٹنڈومحمدخان میں ارباب رحیم پرجیالوں کےمبینہ حملےکا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔گورنر سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ حملے میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزادی جائے، تشدد پر مبنی سیاست جمہوری،معاشرتی اور اخلاقی تقاضوں کےمنافی ہے۔

    اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل نے بھی ارباب غلام رحیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں وزیراعظم کےمعاون خصوصی بھی جیالے غنڈوں سےمحفوظ نہیں، پی پی سندھ میں اپنی بساط لپٹی دیکھ کر دہشتگردی پراتر آئی ہے، پی پی کےغیر اخلاقی لیڈر اور کارکنان اپنی حد میں رہیں۔

     

  • ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین نے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کو اپنے درمیان دیکھا تو ان پر برس پڑے اور سخت باز پرس کی، متاثرین کا کہنا تھا کہ جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، انتظامیہ نے اب تک کیا کیا؟

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان پہنچے تو سیلاب متاثرین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، متاثرین نے نوید قمر سے سخت سوالات کیے اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ آپ ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، نکاسی آب کی مشینیں اپنے ساتھ لائے ہیں؟ متاثرین نے سخت غصے میں ان سے سوال کیا کہ مویا شہر زیر آب ہے، انتظامیہ نے کیا کیا؟

    نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان کے گاؤں بجر خان تالپور کا دورہ کیا جہاں بارش کا جمع شدہ پانی دریا بن گیا، گاؤں کے قبرستان زیر آب آچکے ہیں جس سے میتوں کی تدفین میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    نوید قمر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر اور ان کے بیٹے قاسم نوید بھی ان کے ساتھ تھے۔

    خیال رہے کہ حالیہ بارشوں نے صوبہ سندھ میں تباہی مچادی ہے اور متعدد شہر و دیہات زیر آب آچکے ہیں، بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

  • سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کا گودام مل گیا، چابیاں سیاسی کارکن کے پاس تھیں

    سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کا گودام مل گیا، چابیاں سیاسی کارکن کے پاس تھیں

    ٹنڈو محمد خان : سال دوہزار گیارہ کے سیلاب متاثرین کیلئے آنے والے امدادی سامان کا گودام اے آر وائی نیوز نے ڈھونڈ لیا، گودام کی چابیاں ایک سیاسی جماعت کے رکن کے پاس تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف ممالک اور سماجی تنظیموں کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سال 2011میں پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک اور دیگر سامان کی صورت میں امداد فراہم کی گئی تھی جسے متاثرین تک پہچانے کے بجائے گودام میں محفوظ کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز نے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجے گئے سامان کا گودام ڈھونڈ نکالا، ٹنڈو محمد خان کے علاقے میں قائم گودام میں رکھا گیا سامان2011کے سیلاب متاثرین کیلئے بھجوایا گیا تھا۔

    امدادی سامان میں ٹینٹ، پنکھے اور دیگر اشیاء شامل ہیں، مذکورہ امدادی سامان ٹنڈو غلام حیدر ٹاؤن کے قریب گودام میں رکھا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں بارش کے بعد ایم نائن موٹروے پرسیلاب، پولیس اور فوجی جوانوں کی امدادی کارروائیاں

    بعد ازاں انکشاف ہوا کہ اس گودام کی چابیاں ایک سیاسی جماعت کے کارکن کے پاس تھیں، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی کے احکامات کے بعد گودام کی چابیاں محکمہ ریونیو کےحوالے کردی گئی ہیں۔

     

  • جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

    جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

    ٹنڈو محمد خان : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، نیب کےسابق چیئرمین نے کمزورکیس بنا کرشہباز شریف کو بچالیا، اداروں کو تبا ہ کرنے والے کبھی ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ٹنڈٖو محمد خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے سابق نااہل وزیر اعظم کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔

    اچھا ہوا جو حدیبیہ پیپر کیس میں شہباز شریف نااہل نہیں ہوئے، کمزورٹیموں سے کھیلنےمیں مزہ نہیں آتا، نیب کےسابق چیئرمین نےکمزورکیس بنا کر شہبازشریف کو بچالیا،عوام کے ساتھ مل کران چورروں کامقابلہ کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ پولیس عوام کی حفاظت کے بجائے وزراء کی ایما پر سیاسی مخالفین کوتنگ کرتی ہے، آئی جی سندھ کی رپورٹ کےمطابق14ہزاراہلکاروں پرکرپشن کا کیس ہے، اس کے مقابلے میں کےپی کے پولیس عالمی معیار کی پولیس بن چکی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں جرائم کی شرح نیچے آگئی ہے، دہشت گردی بھی کم ہوئی، نواز لیگ اور پی پی نے6، چھ دفعہ باریاں لیں، پولیس کو کیوں نہیں ٹھیک کیا گیا؟ ادارے تباہ کرنے والےکبھی بھی اداروں کو ٹھیک نہیں کرسکتے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹنڈو محمدخان شوگر ملز اس لیے بند ہیں کہ یہاں جنگل کاقانون ہے، آصف زرداری ٹنڈو محمد خان میں ایک اورشوگرمل لیناچاہتاہے۔


    مزید پڑھیں: اللہ کاشکرگزارہوں، عدالتی فیصلہ تسلیم کرتےہیں،عمران خان


    انہوں نے کہا کہ جس طرح کی کرپشن سندھ میں ہے یہاں کسی نے سرمایہ کاری نہیں کرنی، یہاں مل لگانے والا سرمایہ کار دعا کرتا ہوگا کہ شوگر مل کے پی کے لےجاؤں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • پولیس نے دوغیررجسٹرڈ مدرسوں کو سربمہرکردیا

    پولیس نے دوغیررجسٹرڈ مدرسوں کو سربمہرکردیا

    ٹنڈومحمد خان :مختلف کارروائیوں میں ٹنڈومحمد خان میں قائم دو غیر رجسٹرڈ مدرسوں کو سیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈومحمد خان پولیس نے دو مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران دو دینی مدرسوں کو سیل کردیا۔

    ایک مدرسہ جامعہ علوم  میں خواتین کو دینی تعلیم دی جارہی تھی، اس مدرسے کا نگراں مولوی عبدالمجید معاویہ تھا، مدرسے میں زیر تعلیم خواتین کو باہر نکال کر مدرسے کو سیل کردیا گیا ۔

    دوسری کارروائی بلڑی شاہ کریم کے قریب ڈھنڈھی کے علاقے میں کی گئی جہاں پر ایک اورغیر رجسٹرڈ مدرسہ کو سیل کردیا گیا۔

    ایس ایس پی نسیم آراء کے مطابق آئی جی سندھ کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ دونوں مدرسے غیر قانونی طورپرطلباء کو تعلیم دے رہےتھے۔

    واضح رہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد قومی ایکشن پلان کے تحت غیررجسٹرڈ اورمشکوک سرگرمیوں میں ملوّث  مدارس کیخلاف ملک بھرمیں کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔