Tag: Tanushree Dutta

  • بھارتی اداکارہ کے بالی ووڈ مافیا پر سنگین الزامات

    بھارتی اداکارہ کے بالی ووڈ مافیا پر سنگین الزامات

    ماضی کی مقبول بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں جنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھائے جانے کے بعد نہ صرف بولی وڈ مافیا بلکہ مہاراشٹر کے سیاستدان بھی ہراساں کر رہے ہیں۔

    تنوشری دتہ نے رواں ماہ جولائی کے آغاز سے انسٹا گرام پر پوسٹس میں دعویٰ کیا کہ انہیں بالی وڈ مافیاز اور مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی پر راج کرنے والی سیاسی مافیا ہراساں کر رہی ہے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹس میں کسی بھی بالی وڈ شخصیت یا سیاستدان کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ انہیں 2018 میں بھارت میں می ٹو مہم شروع کرنے کے بعد ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیے جانے کے بعد ان کے پیچھے ایک ایسی نوکرانی لگائی گئی، جس نے انہیں پانی اور کھانے میں زہریلی دوا ملا کر دی اور وہ مرتے مرتے بچیں۔

    اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی گاڑی کے بریک بار بار خراب کروائے گئے اور وہ حادثات کا شکار ہوتے ہوتے بچیں۔

    ان کے مطابق اب وہ گزشتہ 40 دن سے بیرون ملک سے واپس اپنے شہر ممبئی آئی ہیں مگر اپنی رہائش گاہ کے باہر عجیب عجیب طرح کے واقعات ہوتے ہوئے دیکھتی ہیں، انہیں ڈرا کر خوف زدہ کیا جا رہا ہے، انہیں بری طرح ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان ہتھکنڈوں سے ڈر کر خودکشی نہیں کریں گی اور یہ سب لوگ یاد رکھیں کہ وہ خود اپنی زندگی کا خاتمہ نہیں کریں گی بلکہ انہیں قتل کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سال 2018 میں انہوں نے بالی وڈ اداکار نانا پاٹیکر سمیت دیگر شخصیات پر ہراسانی کے الزامات لگائے تھے اور ان کے الزامات کے بعد ہی بھارت میں می ٹو مہم کا آغاز ہوا تھا اور دیگر اداکارائیں بھی سامنے آئی تھیں۔

    اداکارہ کے الزامات کو نانا پاٹیکر نے جھوٹا قرار دیا تھا اور دونوں کے درمیان طویل عرصے تک قانونی جنگ بھی جاری رہی، پولیس نے ایک سال تک تحقیق کرنے کے بعد جون 2019 میں کیس کو بند کر کے نانا پاٹیکر کو بے قصور قرار دیا تھا۔

  • جنسی ہراسانی کا الزام، نانا پاٹیکر کا تنوشری دتہ کو قانونی نوٹس

    جنسی ہراسانی کا الزام، نانا پاٹیکر کا تنوشری دتہ کو قانونی نوٹس

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کرنے والی اداکارہ کو قانونی نوٹس ارسال کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کے وکیل رجنیدرا شروکر نے اداکارہ تنوشری دتہ کو جو قانونی نوٹس ارسال کیا اُس میں تمام الزامات کو مسترد  اور اداکارہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    اداکار نے تنوشری سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگیں۔ وکیل رجنیدرا شروکر کا کہنا ہے کہ اگر اداکارہ نے قانونی نوٹس کا جواب نہیں دیا تو اُن کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب تنوشری دتہ کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں نانا پاٹیکر کی جانب سے بھیجا جانے والا کوئی قانونی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

    اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ قانونی نوٹس کے نام پر مجھے دھمکی اس لیے دی جارہی ہے کہ آئندہ کوئی بھی خاتون خوف کی وجہ سے اداکاروں کا گھناؤنا چہرہ عوام کے سامنے نہ لائے۔

    مزید پڑھیں: بالی ووڈ اداکار پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

    تنوشر ی کا کہنا تھا کہ ’جس کو بھی جنسی ہراساں کیا گیا وہ اُس قسم کی بچکانہ چالوں سے خوفزدہ نہیں ہوگا کیونکہ اب سب کے سامنے بولنے کا وقت آگیا ہے، عوام بھی میرے ساتھ ہے‘۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تنوشری نے الزام عائد کیا تھا کہ 2008 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں ہراساں کیا اور سولو گانے پر زبردستی رقص میں اپنا نام بھی شامل کروایا۔

    لیجنڈری اداکار نے ہراساں کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ’تنوشری نے جو بات کی تو اُس وقت سیٹ پر مجھ سمیت 200 لوگ موجود تھے اور ایسے میں کوئی ہراساں کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا‘۔