Tag: Target Killing

  • ویڈیو: کار ڈرائیورنگ سیکھنے کے لیے اسٹیئرنگ سنبھالنے والی خاتون کو موٹر سائیکل سوار نے گولی مار دی

    ویڈیو: کار ڈرائیورنگ سیکھنے کے لیے اسٹیئرنگ سنبھالنے والی خاتون کو موٹر سائیکل سوار نے گولی مار دی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں دو روز قبل بر لبِ سڑک خاتون کے قتل کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال، بلاک 6 میں 26 مئی کو آسیہ نامی خاتون کو اس وقت گولی کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اسٹئیرنگ کے سامنے بیٹھ کر گاڑی چلانا سیکھ رہی تھی، جب کہ اس کا بھائی بھی ساتھ ہی موجود تھا۔

    پولیس کے تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہو سکتا ہے، مقتولہ آسیہ اپنے بھائی عبداللہ بیگ سے کار چلانا سیکھ رہی تھی، اس دوران ایک موٹر سائیکل سوار قریب آیا، پستول نکال کر فائر کیا اور فرار ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق مقتولہ آسیہ کے کار چلانے سے چند منٹ پہلے ہی اس کا بھائی کار چلا رہا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

    دوسری طرف گلشن اقبال پولیس نے قتل کا مقدمہ خاتون کے بھائی عبداللہ بیگ کی مدعیت میں دفعہ 302 کے تحت درج کر لیا ہے، سافٹ ویئر انجینئر عبداللہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’’اتوار کی شب میں فیملی کے ہمراہ نانی کے گھر گیا تھا، راستے میں بہن کی خواہش پر اسے گاڑی چلانے دی۔‘‘

    بھائی نے بتایا کہ گھر جانے کے لیے روانہ ہونے کے بعد راستے میں ایک موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کر دی، جس سے ہمشیرہ جاں بحق ہو گئیں۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنے مسلح شخص نے موٹر سائیکل پر چلتے چلتے ایک فائر کیا اور سیدھا نکلتا چلا گیا، جس سے ایسا لگتا ہے کہ قاتل کوئی شارپ شوٹر تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اس سے قبل رواں برس ٹارگٹ کلنگ کی 18 وارداتیں ہو چکی ہیں، سی ٹی ڈی نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں 2 دہشت گرد گرفتار کیے تھے، جنھوں نے ڈکیتی کے انداز میں ٹارگٹ کلنگز کا اعتراف کیا تھا، آسیہ کا قتل ٹارگٹ کلنگ کی 19 ویں واردات ہے۔

  • کراچی، سہراب گوٹھ میں مدرسے کے باہر مفتی قیصر کی ٹارگٹ کلنگ

    کراچی، سہراب گوٹھ میں مدرسے کے باہر مفتی قیصر کی ٹارگٹ کلنگ

    کراچی: شہر قائد میں علما کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ نہ رک سکا، سہراب گوٹھ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے جامعہ ابوبکر صدیق کے نائب پیش امام مولانا قیصر فاروق کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور عالم دین دہشت گردی کا نشانہ بن گئے، سہراب گوٹھ کے قریب مولانا قیصر فاروق کو نامعلوم مسلح ملزمان نے نشانہ بنایا، پولیس کے مطابق جامعہ گلشن عمر کے سامنے یہ واقعہ پیش آیا۔

    فائرنگ کے واقعے میں جامعہ امام محمد کا 12 سالا طالب علم عمر فاروق زخمی ہوا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، پولیس کے مطابق مقتول مولانا قیصر فاروق اپنے رشتے کے سلسلے میں کراچی سے ڈیرہ غازی خان جا رہے تھے، ان کی جیب سے ڈیرہ غازی خان جانے کے لیے خریدا گیا ٹکٹ بھی ملا ہے۔

    ساتھی علما کے مطابق مولانا قیصر 2016 میں جامعہ دارالعلوم کراچی سے فارغ التحصیل ہوئے تھے، انھوں نے درس نظامی اور تخصص بھی جامعہ دارالعلوم کراچی سے کیا تھا، جب کہ مقتول جامعہ ابوبکر صدیق پورٹ قاسم میں بطور نائب پیش امام خدمات انجام دے رہے تھے۔

    واقعہ کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہو سکا ہے، پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحققات کی جا رہی ہے، پولیس نے تفتیش میں مدد کے لیے سی ٹی ڈی سے رابطہ کر لیا ہے، جب کہ قتل کا مقدمہ مقتول مفتی قیصر فاروق کے اہل خانہ کی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اور سی ٹی ڈی مشترکہ طور پر اس کیس کی تفتیش کریں گی، اب تک دستیاب معلومات کے مطابق 2 موٹر سائیکل سواروں نے 8 گولیاں چلائیں، 9 ایم ایم پستول کے خول فرانزک کے لیے بھیجے گئے ہیں، ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ کا استعمال کیا، سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس مختلف زاویو ں پر تفتیش کر رہی ہے۔

  • مسجد کے باہر ٹارگٹ کلنگ، سعودیہ سے لوٹنے والے شیر خان کے قتل کا مقدمہ درج

    مسجد کے باہر ٹارگٹ کلنگ، سعودیہ سے لوٹنے والے شیر خان کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مبینہ ٹاؤن میں اسکاؤٹ کالونی میں مسجد کے باہر ٹارگٹ کلنگ کا شکار بننے والے شہری شیر خان سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ ایک ماہ قبل ہی سعودیہ سے لوٹے تھے، شیر خان کے قتل کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے مبینہ ٹاؤن اسکاؤٹ کالونی میں جامعہ مسجد و مدرسے کے باہر فائرنگ سے شہری شیر خان کے جاں بحق ہونے اور چوکیدار کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ مقتول شہری شیر خان ایک بیٹے کا باپ تھا اور ایک ماہ قبل ہی سعودیہ سے وطن واپس آیا تھا، اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے شیر خان جاں بحق اور مسجد کا چوکیدار زخمی ہو گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کو جسم کے مختلف حصوں پر 4 سے 5 گولیاں لگیں، پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 8 خول قبضے میں لیے ہیں۔

  • اکرم ابڑو قتل کے ہائی پروفائل کیس کی تفتیش کے لیے ہائی پروفائل تفتیشی ٹیم تیار

    اکرم ابڑو قتل کے ہائی پروفائل کیس کی تفتیش کے لیے ہائی پروفائل تفتیشی ٹیم تیار

    کراچی: اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو قتل کے ہائی پروفائل کیس کی تفتیش کے لیے دو اضلاع اور سی ٹی ڈی کے افسران پر مشتمل ہائی پروفائل تفتیشی ٹیم تیار کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، ڈیفنس تھانے کی حدود میں اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے میں آئی جی سندھ نے تفتیش کے لیے ہائی پروفائل ٹیم تیار کر لی ہے، جس میں صوبے کے دو اضلاع سے اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ سے افسران کو شامل کیا گیا ہے۔

    یہ تفتیشی ٹیم ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا، ایس ایس پی جیکب آباد سمیل نور، انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب، ایس پی انویسٹی گیشن ابریز عباسی، ڈی ایس پی آغا اصغر پٹھان سمیت ایس ایچ او اور ایس آئی او ڈیفنس، اور انچارج آئی ٹی سیکشن جیکب آباد شفاعت اعوان شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فائرنگ سے محمد اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو جاں بحق ہوئے تھے، جب کہ گولیاں لگنے سے دو افراد ارشاد علی اور محمد عبداللہ زخمی ہو گئے تھے۔

    یہ ٹیم حملے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام کوششیں کرے گی، اور آئی جی سندھ کوکیس کی پیش رفت رپورٹ بھی پیش کرے گی۔

    ایم پی اے اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی اور ان کا بیٹا…

    دریں اثنا، جیکب آباد میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اور بھتیجے شہریار ابڑو کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میونسپل کمیٹی کے صحن میں ادا کی گئی، جس میں ایم پی اے ممتاز جکھرانی، ایس ایس پی، ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، مقتولین کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

  • ماہ فروری میں اسٹریٹ کرائم کی ہزاروں واردتیں، ہوشربا رپورٹ جاری

    ماہ فروری میں اسٹریٹ کرائم کی ہزاروں واردتیں، ہوشربا رپورٹ جاری

    کراچی : رواں سال کے دوسرے مہینے فروری میں اسٹریٹ کرائم کی تقریباً 7ہزار واردتیں رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ ٹارگٹ کلنگ کے تین واقعات پیش آئے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ فروری میں موبائل فون چھینے کی دو ہزار 255واردتیں جبکہ موٹرسائیکل چوری ہونے کی چار ہزار 54 واردتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

    کراچی : اسلحہ کے زور پر 326موٹرسائیکلیں چھینی گئیں، ماہ فروری میں کار چوری کی 163 وارداتیں شہریوں نے رپورٹ کیں، اسلحہ کے زور پر 15شہریوں کو کاروں سے محرم کردیا گیا۔

    اس کے علاوہ رواں سال اب تک میں ڈاکوؤں نے 24 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، گزشتہ ماہ ٹارگٹ کلنگ کے تین واقعات ہوئے، ڈکیتی کے دوران25سے زائد شہریوں کو زخمی کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : رینجرز اور پولیس کے مقابلے میں ڈاکو مارا گیا

    واضح رہے کہ اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ نشان حیدر چوک کے قریب ملزمان نے واردات کی اور کوکنگ آئل ایجنسی کے مالک سے17 لاکھ 95 ہزار روپے چھین لیے، بعد ازاں رینجرز اور پولیس سےمقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

  • کراچی :سولجر بازار میں سابق پولیس اہلکار جاوید بلوچ  کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج

    کراچی :سولجر بازار میں سابق پولیس اہلکار جاوید بلوچ کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج

    کراچی : پولیس نے سولجر بازار میں سابق پولیس اہلکار جاوید بلوچ سمیت دو شہریوں کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ مقتول جاوید بلوچ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجربازارمیں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں قتل ہونے والے جاوید بلوچ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ قتل کی دفعہ302 کے تحت درج کیا گیا۔

    مدعی خالد حسین کا کہنا ہے کہ میں سرکاری ملازمت کرتاہوں، بھائی آج ارشد پپو کیس کی شہادت کیلئے سینٹرل جیل گیا تھا، انسداد دہشت گردی عدالت سے واپسی پر نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ دوست نےفون پرجاویدبھائی کوگولی لگنےکی اطلاع دی بتایاگیاکزن مصدق کو بھی گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیاہے، سول اسپتال پہنچ کر میں نے لاشوں کوشناخت کیا۔

    دوسری جانب سولجربازارمیں سابق پولیس افسرسمیت 2 افراد کے قتل کی تفتیش جاری ہے ، پولیس نےمقتولین کےتعاقب کی تفصیلات بھی حاصل کرلیں۔

    پولیس نے بتایا کہ جاویدبلوچ کا تعاقب ملزمان نےسینٹرل جیل سےشروع کیا، عدالتی پیشی کےبعدجاوید بلوچ اپنےدوست کےہمراہ 10بجکر8منٹ پر نکلاتھا۔

    پولیس کے مطابق فوٹیجز میں ملزمان کو گرومندر کے قریب تعاقب کرتےدیکھا جاسکتا ہے اور فائرنگ کے بعد ملزمان تھانے والی گلی سے دھوبی گھاٹ کیجانب فرارہوئے۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ : فائرنگ سے کار سوار جاں بحق، ایک زخمی

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ : فائرنگ سے کار سوار جاں بحق، ایک زخمی

    کراچی : شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، قائدآباد میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ایک شخص کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا۔

    پولیس کے مطابق کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد مرغی خانے کے قریب گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت خدا دوست کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک شخص کی لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے پولیس کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والا شخص میرے پارٹی ورکر کا چھوٹا بھائی تھا جس کا قائدآباد تھانے کی حدود میں قبرستان کی زمین پرتنازع چل رہا تھا۔

    ایم این اے آغا رفیع اللہ نے بتایا کہ ہمیں دھمکیاں مل رہی تھی، زخمی ہونے والا دوسرا شخص قبرستان کا چوکیدار ہے جس کو طبی امداد کیلئے اسپتال بھیجا گیا ہے۔

    قائدآباد فائرنگ واقعے کے عینی شاہد زخمی عمر زادہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم عدالت سے گھر واپس جارہے تھے، قائدآباد پل پر چڑھے تو ایک گاڑی نے بریک لگا کر سائیڈ دبائی۔

    عمر زادہ نے مزید بتایا کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی، ملزمان فائرنگ کے بعد قائد آباد کی طرف فرار ہوگئے۔

  • کورنگی میں دو افراد کا قتل نیا رخ اختیار کرگیا، پولیس پریشان

    کورنگی میں دو افراد کا قتل نیا رخ اختیار کرگیا، پولیس پریشان

    کراچی : کورنگی میں گزشتہ دنوں ہونے والے دو افراد کے قتل کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا، مقتولین ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے۔

    تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں دو افراد کے قتل کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، قتل کا معاملہ مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کا نکلا۔

    واردات کے بعد ایس ایس پی کورنگی شاہ جہان خان بھی موقع پر پہنچ گئے، ان کا کہنا ہے کہ دو افراد کا قتل بظاہر دشمنی کا شاخسانہ لگ رہا ہے، جاں بحق ہونے والاایک مکینک دوسرا نامعلوم شخص ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق قتل ہونے والا شہری مکینک کے پاس کسی کام سے آیا تھا، اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار4 ملزمان مکینک کی دکان پر پہنچے۔

    شاہ جہان خان کے مطابق ملزمان نے شہری کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کی زد میں مکینک بھی آگیا، شبہ ہے ملزمان شہری کو ہی ٹارگٹ کرنے آئے تھے، مزید تفصیلات تفتیش کے بعد سامنے آسکیں گی۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی تازہ لہر، نئے گروہ ملوث نکلے

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی تازہ لہر، نئے گروہ ملوث نکلے

    کراچی: شہرقائد میں ٹارگٹ کلنگ کی تازہ لہر میں نئے گروہ کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، یوسف پلازہ اور یوپی موڑ پر جائے وقوعہ سے ملنے والے خول میچ کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ یوسف پلازہ پر گزشتہ روز پھل فروش شہزاد قریشی کو جس ہھتیار سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، اسی ہتھیار سے بائیس فروری کو یوپی موڑ پر ہائی روف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ واقعے کے نتیجے میں نصیب اللہ اور نورعلی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا تھا، دونوں واقعات میں ملنے والے خول میچ کرگئے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ دنوں کراچی کے علاقے نرسری میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، واقعے میں مولانا مفتی تقی عثمانی کی 2 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ میں ایک گاڑی میں موجود سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا، جبکہ مولانا تقی عثمانی دوسری گاڑی میں ہونے کے باعث محفوظ رہے تھے۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا کے خیریت سے ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس جوان نے اپنی جان پر کھیل کر مولانا صاحب کی جان بچائی۔

    کراچی: مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام سےواقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث کرداروں کو جلد ازجلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی ساتھ انہوں نے مساجد اور علمائے کرام کی سیکیورٹی بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

  • کراچی : ایک اور سرکاری افسر قتل : ٹارگٹ کلر کے ڈی اے ملآزم کو گولیاں مار کر فرار

    کراچی : ایک اور سرکاری افسر قتل : ٹارگٹ کلر کے ڈی اے ملآزم کو گولیاں مار کر فرار

    کراچی : شہر قائد میں ایک اور سرکاری افسر دن دہاڑے قتل ہوگیا، پی ای سی ایچ سوسائٹی میں مسلح ملزمان نے چلتی ہوئی کار پر گولیاں برسادیں، کے ڈی اے کا ملازم موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری ایک بار پھر ٹارگٹ کلرز کے نشانے پر آگئے، ناملوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک اور سرکاری افسر کو دن دہاڑے قتل کردیا۔

    کراچی کے پوش علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو میں مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر گولیاں برسادیں، گاڑی میں موجود کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے) کا گریڈ پندرہ کا افسر محمد علی شاہ موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    پولیس کو جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کا ایک خول ملا ہے جبکہ مزید شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں، ابتدائی تفتیش میں پولیس نے واقعہ کو ذاتی دشمنی قرار دیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کا ٹارگٹ کلر نعیم باجوڑی گرفتار

    ملزمان کے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی موٹر سائیکل پر سوار ٹارگٹ کلرز کی شناخت ممکن نہ ہوسکی۔