Tag: tawakalna app

  • سعودی عرب : توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے ایک اور بڑی سہولت

    سعودی عرب : توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے ایک اور بڑی سہولت

    ریاض : سعودی حکومت نے تمام ملکی اور غیرملکیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے توکلنا ایپ میں مزید آپشن شامل کیے ہیں، جس کو استعمال کرنے سے عوام کو مزید سہولیات میسر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سرکاری خدمات کے حوالے سے ’ابشر‘ اور ’توکلنا‘ ایپ کا استعمال بڑھ رہا ہے، سعودی شہری اور مقیم غیرملکی سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق توکلنا ایپ میں مزید’توکلنا خدمات‘کا آپشن دیا گیا ہے، جہاں سے آپ تمام سرکاری معلومات با آسانی حاصل کرسکتے ہیں۔

    اس سے قبل توکلنا ایپ کے ذریعے مالز میں داخلے، ویکسین، عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نماز کی ادائیگی کے لیے اجازت نامے کی سہولت دی جاتی رہی ہے۔

    اب توکلنا انتظامیہ نے منفرد ڈیجیٹل اقامے( اقامہ ممیزہ) کا اجرا کیا ہے، منفرد اقامہ ہولڈرز اپنی توکلنا آئی ڈی کے ذریعے ڈیجیٹل کارڈ دیکھنے کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں اور اسے سرکاری دستاویز کے طور پر محفوظ بھی رکھ سکتے ہیں، اس کے علاوہ منفرد اقامہ ہولڈرز (اقامہ ممیزہ) اپنا ڈیجیٹل کارڈ ’توکلنا خدمات‘ پر دیکھ سکتے ہیں۔

    وہیکل رجسٹریشن کی آخری تاریخ، اقامے اور ڈرائیونگ لائسنس کی تاریخ اور تمام سرکاری کارڈز توکلنا خدماتی پر ڈیجیٹل شکل میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

    ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں ایس ایم ایس کے علاوہ توکلنا پر پیغام موصول ہوتا ہے۔توکلنا خدماتی پر اس حوالے سے تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ توکلنا ایپ سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس (سدایا) کے تعاون سے تیار کی گئی ہے جو اس وقت مملکت کی کامیاب اور بہترین ایپس میں شامل ہے۔

  • سعودی عرب : ویکسین لگوانے والے غیرملکیوں کا اندراج کیسے ہوگا؟

    سعودی عرب : ویکسین لگوانے والے غیرملکیوں کا اندراج کیسے ہوگا؟

    سعودی عرب میں مملکت سے باہر کورونا ویکسین لگوانے والوں کو توکلنا ایپ کے ذریعے ویکسین سرٹیفکیٹ کا اندراج کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق توکلنا ایپ انتظامیہ نے بیرون مملکت لگوائی گئی کورونا ویکسین کے اندراج کی شرائط جاری کی ہیں۔

    توکلنا انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ اگر ویکیسین کے اندراج کے لیے سعودی شہری کے پاس قومی شناختی کارڈ ہوِ، مقیم غیرملکی ہو تو اس کے پاس ھویہ مقیم (اقامہ) اور اگر زائر (وزیٹر) کے پاس ھویہ زائر( اندرون مملکت سے) ضروری ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ ’اندراج کی درخواست صرف ایک بار دی جاسکتی ہے۔ (دوسری درخواست پہلی درخواست نمٹانے کے بعد ہی دی جاسکتی ہے اس سے قبل نہیں)۔

    ویکسین کے اندراج کے لیے امیدوار اپنے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور ویکسین سرٹیفکیٹ اندراج کے لیے منسلک کرے۔

    کاغذات کی فائل پی ڈی ایف کی شکل میں بنائی جائے اور اس کا انتہائی حجم ایک ایم بی تک ہو، سرٹیفکیٹ کے حوالے سے تین شرائط مقرر کی گئی ہیں، اول نجی کوائف صاف انداز میں تحریر کیے جائیں،ویکسین کا نام، اس کی تاریخ اور آپریشنل نمبر درج کیا جائے۔

    سرٹیفکیٹ عربی، انگریزی یا فرانسیسی زبانوں میں سے کسی ایک میں ہو یا عربی میں رجسٹرڈ ترجمہ شدہ ہونا چاہیے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ویکسین کے اندراج کے لیے پہلی اور دوسری خوراک کے درمیان 14 روز کی مدت ہونا ضروری ہے۔

    توکلنا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویکسین رجسٹریشن کی درخواست ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ پانچ کام والے دنوں میں نمٹائی جائے گی۔

  • سعودی عرب : کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن کی سہولت

    سعودی عرب : کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن کی سہولت

    ریاض : سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پانچ سے گیارہ سال تک کے بچوں کے لیے ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مملکت کے تمام ریجنز کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن سینٹرز میں شہریوں اور غیرملکیوں کو مفت ویکسین لگائی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے عوام کی سہولت کیلئے سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مذکورہ عمر کے بچوں کے لیے ویکسین کے لیے وقت توکلنا اور صحتی ایپ کے ذریعہ لیا جاسکتا ہے۔

    وزارت صحت نے کہا ہے کہ مذکورہ عمر کے عام بچوں کے لیے اب وقت لیا جاسکتا ہے جبکہ اس سے پہلے ان بچوں کو ویکسین لگائی جارہی تھی جو وائرس کے زیادہ شکار ہوسکتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اب دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے جس میں والدین کو ہدایت کی جاتی ہے وہ اپنے بچوں کے لیے پہلی فرصت میں وقت لیں۔

    کورونا سے بچاؤ کے لیے سعودی عرب میں ویکسی نیشن کا آغاز17 دسمبر 2020 سے کیا گیا تھا جس کا دوسرا مرحلہ 18 فروری2021 کو شروع ہوا۔

    یاد رہے کہ پانچ برس اور اس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ویکسینیشن کے پہپلے مرحلے کا آغاز گزشتہ ماہ کیا گیا تھا جس میں ایسے بچوں کو اولیت دی گئی تھی جو کسی قسم کے مرض میں مبتلا ہیں۔

  • سعودی عرب : شہریوں کی بڑی مشکل کو آسان کردیا گیا

    سعودی عرب : شہریوں کی بڑی مشکل کو آسان کردیا گیا

    ریاض : سعودی عرب میں بازاروں اور سرکاری دفاتر میں داخلے کے حوالے سے شہریوں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے توکلنا ایپ نے لنک جاری کر دیا ہے۔

    سعودی عرب کے سرکاری و نجی اداروں نے توکلنا ایپ دکھائے بغیر بازاروں اور پبلک مقامات میں داخلے پر پابندی لگادی ہے جس کے باعث بہت سے لوگ توکلنا ایپ ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں اس سلسلے میں شہریوں کو توکلنا ایپ میں رجسٹریشن کرانے میں مسائل کا سامنا ہے جس کے لیے توکلنا ایپ نے لنک جاری کرکے ان کی مشکل کو آسان کردیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالے سے توکلنا ایپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں، بازاروں اور پبلک مقامات میں توکلنا ایپ کے بغیر داخلے پر پابندی لگانے کے بعد ایپ میں رجسٹریشن کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    اس وجہ سے بہت سے لوگوں کو رجسٹریشن میں دقت کا سامنا ہے بعض لوگوں کی رجسٹریشن مسترد ہو رہی  ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایسے تمام ٹیکنیکل مسائل کے حل کے لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ توکلنا ایپ کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرائیں۔

    انتظامیہ کے مطابق توکلنا ایپ کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ کھولنے کے بعد ایپ میں لاگ ان ہوا جاسکتا ہے۔ توکلنا ایپ کی ویب سائٹ میں رجسٹریشن کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

    واضح رہے کہ ریاض، تبوک، مشرقی ریجن اور دیگر متعدد ریجنوں کی گورنریٹ کے فیصلے کے مطابق شاپنگ مالز، سرکاری ادارے اور پبلک مقامات میں داخلے کے لیے توکلنا ایپ دکھانا ضروری ہے۔