Tag: Tawakkalna App

  • سعودی اسمارٹ فون ایپ توکلنا کے لیے بہترین خدمات کا ایوارڈ

    سعودی اسمارٹ فون ایپ توکلنا کے لیے بہترین خدمات کا ایوارڈ

    ریاض: سعودی عرب میں صحت سے متعلق خدمات فراہم کرنے والی اسمارٹ فون ایپ توکلنا کو بہترین سروسز ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی عرب کی توکلنا ایپ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ 2022 جاری کیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ نے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی منفرد طریقہ کار کے زمرے میں آنے والی توکلنا ایپ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ 2022 کا اعلان خصوصی آن لائن تقریب میں کیا۔

    سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے کہا کہ توکلنا ایپ کے نام اقوام متحدہ کا اعزاز ہمارے یہاں ٹیکنالوجی سیکٹر کی منفرد کارکردگی کا عالمی اعتراف ہے، اس اعزاز کا سہرا ہماری قیادت کے سر جاتا ہے۔

    الغامدی نے مزید کہا کہ سدایا نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعدد کارنامے انجام دیے، یہ سب کچھ وطن عزیزکے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی اعلیٰ استعداد، حب الوطنی اور اپنے پیشے سے لگاؤ کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے توجہ دلائی کہ اقوام متحدہ کی جانب سے توکلنا ایپ کے لیے اعزاز سعودی عرب کے قائدانہ کردار کا اعتراف ہے، ہمارا ملک آئندہ بھی بین الاقوامی مسابقت کی شاہراہ پر گامزن رہے گا۔

    الغامدی کا مزید کہنا تھا کہ توکلنا ایپ کا تجربہ کرونا وبا کے دوران کیا گیا، ہر مرحلے پر ہمارے نوجوانوں نے پیشہ ورانہ لیاقت سے کام لیتے ہوئے ایپ کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کی کوشش کی۔

  • سعودی حکومت نے توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کردیں

    سعودی حکومت نے توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کردیں

    ریاض : سعودی حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو خصوصی درجہ دے دیا، اس سلسلے میں توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ دس اکتوبر2021 سے صرف وہی لوگ "محصن” (وائرس سے محفوظ) مانے جائیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔

    توکلنا اور دیگر ایپس میں "محصن” صرف ایسے افراد کے لیے تحریر ہوگا جو دونوں خوراکیں حاصل کرچکے ہوں گے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر العبدالعالی نے بتایا کہ دس اکتوبر سے صحت حالت کا ریکارڈ اپ ڈیٹ ہوگا۔ توکلنا میں محصن کا لفظ صرف ان لوگوں کے لیے استعمال ہوگا جو فائزر، ایسٹرزینکا یا موڈرنا ویکسینوں کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے، دوسری خوراک کی تاریخ ہی سے متعلقہ شخص کو "محصن” مانا جائے گا۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک لینے والے کو بھی محصن مانا جائے گا۔ جانسن ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے14 روز بعد توکلنا ایپ میں ریکارڈ پر آئے گی۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دو خوراکیں لینے والے کو بھی توکلنا ایپ میں ’محصن‘ ظاہر کیا جائے گا۔

    فی الوقت عالمی ادارہ صحت سینو فارم اور سینووک کی منظوری دیے ہوئے ہے۔ اس کی شرط یہ ہوگی کہ دونوں ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کے بعد مملکت میں منظور کردہ ویکسینوں فائزر، ایسٹرازینکا یا موڈرنا میں سے کسی ایک کا بوسٹر بھی لگواچکا ہو۔

    وزارت کے مطابق اس کا اعتبار مملکت منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک سے بوسٹر لگوانے کی تاریخ سے شروع ہوگا۔

  • سعودی عرب: توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم ہدایت

    سعودی عرب: توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم ہدایت

    ریاض: سعودی عرب میں توکلنا ایپ استعمال کرنے والے افراد کے لیے اہم ہدایت جاری کردی گئی، توکلنا ایپ اپنے صارفین کو کرونا وائرس کے حوالے سے متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق توکلنا ایپ نے اپنے صارفین کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ نجی معلومات کو راز میں رکھنے کا خیال رکھیں اور کسی کو نجی معلومات میں شریک نہ کریں۔

    توکلنا ایپ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات نجی پیغامات کے ذریعے توکلنا کے سرکاری اکاؤنٹس پر ہی ارسال کریں تاکہ ان معلومات سے کوئی دوسرا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

    یاد رہے کہ توکلنا ایپ اپنے صارفین کو متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے جن میں ویکسین لگوانا، کرونا ٹیسٹ کے لیے بکنگ کروانا اور مختلف ایجنسیوں کا ڈیٹا فراہم کرنا شامل ہے۔

  • سعودی عرب :  فضائی مسافروں کی سہولت کیلئے اہم ہدایت

    سعودی عرب : فضائی مسافروں کی سہولت کیلئے اہم ہدایت

    ریاض : سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کیلئے فضائی مسافروں کی سہولت کیلئے توکلنا ایپ سے متعلق اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوابازی نے فضائی مسافروں کے لیے بورڈنگ کارڈ کے اجراء کو توکلنا ایپ کی رپورٹ سے مشروط کیا ہے۔

    محکمہ شہری ہوابازی نے ایئرلائنز، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروازوں اور ان کے مسافروں سے متعلق تمام کوائف جلد از جلد لنک کرلیں تاکہ توکلنا ایپ میں مسافروں کی پوزیشن ریکارڈ کی جائے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے یہ ہدایت اس تناظر میں دی ہے کہ سرکاری اور نجی ادارے اب کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی سے کورونا وائرس کے حوالے سے دستاویزی ثبوت طلب کرنے کے بجائے توکلنا ایپ پر انحصار کررہے ہیں۔ سفر کرنے والوں کے حوالے سے بھی توکلنا ایپ کا ریکارڈ بھی معتبر ہوگا۔

    محکمہ شہری ہوابازی نے مملکت میں آپریٹ کرنے والی ایئر لائنز کو ہدایت کی بورڈنگ پاس صرف ان مسافروں کو جاری کیے جائیں جن کی صحت حالت توکلنا ایپ میں محصن (کورونا وائرس سے محفوظ) یا یہ امیدوار کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوا تحریر ہوگا۔ یہ ریکارڈ 22 اپریل 2021 سے لیا جائے گا۔

    محکمہ شہری ہوابازی نے ایک ہدایت یہ بھی دی ہے کہ سسٹم میں اس طریقہ کار کا اضافہ کیا جائے کہ اگر کوئی مسافر کورونا وائرس سے محفوظ نہ ہو یا وہ کورونا وائرس کا شکار ہو تو ایسی صورت میں اسے ایس ایم ایس کے ذریعے ریزرویشن کی منسوخی سے مطلع کردیا جائے۔

    اپنے بیان میں محکمہ شہری ہوابازی کا مزید کہنا ہے کہ اگر کورونا کی وجہ سے کسی کا ریزرویشن منسوخ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اس کے حقوق محفوظ ہوں کسی طرح کی حق تلفی نہ کی جائے۔

  • سعودی عرب : ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اب اور بھی آسان

    سعودی عرب : ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اب اور بھی آسان

    ریاض : سعودی محکمہ ٹریفک نے مملکت میں مقیم تمام افراد کیلئے ای ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اور بھی آسان کردیا ہے، موبائل ایپ پر ای ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک نے ابشر افراد اور توکلنا ایپ پر ای ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا ہے۔

    اس حوالے سے متعلقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک کے ترجمان نے بتایا کہ ای ڈرائیونگ لائنسس کا ڈیجیٹل کا ایڈیشن سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( سدایا) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے ترجمان نے بتایا کہ ڈیجیٹل ایڈیشن اسمارٹ موبائل میں محفوظ کیا جا سکے گا اور انٹرنیٹ کے بغیر موبائل پر دیکھا اور دکھایا جاسکے گا۔ یہ کیو آر کوڈ پر مبنی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی محکمہ پاسپورٹ نے "ابشر افراد” ایپ پر "ڈیجیٹل ھویہ مقیم” جاری کیا تھا۔

  • رمضان میں عمرہ اجازت نامے کیسے جاری ہوں گے؟ سعودی حکومت کی وضاحت

    رمضان میں عمرہ اجازت نامے کیسے جاری ہوں گے؟ سعودی حکومت کی وضاحت

    ریاض : سعودی حکومت نے وضاحت کی ہے کہ ماہ رمضان میں عمرہ اور نماز کے اجازت نامے "توکلنا” ایپ کے ذریعے ویکسین ہولڈرز کو دیئے جائیں گے۔

    کورونا کی دونوں ویکسینز یا پہلی ویکسین پر 14 دن گزارنے والوں یا وائرس سے شفا پانے والوں کو جاری ہوں گے۔ یہ پروگرام یکم رمضان منگل 13 اپریل سے شروع ہوگا، اس کیلئے کورونا ایس او پیز کی پابندی لازمی ہوگی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید کہا کہ عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز کے اجازت نامے صرف اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے حاصل کیے جائیں۔

    اس کے علاوہ کسی اور ذریعے سے حاصل کردہ اجازت نامے غیر معتبر اورغیر موثر ہوں گے، فرضی پلیٹ فارموں اور جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہا جائے۔ حرم مکی جانے سے قبل عمرہ یا نماز کے اجازت نامے کی تاریخ اور وقت ضرور چیک کرلیں۔

    انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید کہا کہ مسجد الحرام میں داخل ہوتے وقت متعلقہ اہلکاروں کو توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ یا نماز کا اجازت نامہ دکھانا ضروری ہے۔

    دوسری جانب مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کی تعداد میں بڑی گنجائش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ روزانہ پچاس ہزار افراد عمرہ اور ایک لاکھ افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

    ذرائع کے مطابق انتظامیہ کے عہدیدار نے بتایا ہے کہ اعلیٰ قیادت نے مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز کے لیے توسیع کا فیصلہ زائرین کی صحت و سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے والے اقدامات کے ساتھ کیا ہے۔

  • سعودی عرب : توکلنا ایپ صارفین کیلئے نئی ہدایت جاری

    سعودی عرب : توکلنا ایپ صارفین کیلئے نئی ہدایت جاری

    ریاض : سعودی حکام نے توکلنا ایپ کی رجسٹریشن میں کوائف کے اندراج سے متعلق شہریوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بغیر رجسٹریشن کا حصول مشکل ہوگا۔

    سعودی حکام نے صارفین کی سہولت کے لیے توکلنا ایپ میں رجسٹریشن کے لیے کوائف اندراج کرنے کا طریقہ بھی بتادیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہریوں کی صحت سے متعلق بتانے والی توکلنا ایپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ توکلنا ایپ میں رجسٹریشن کے لیے کوائف کا اندراج ہونا بہت ضروری ہے۔

    ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ توکلنا رجسٹریشن کے لیے اقامہ یا شناختی کارڈ نمبر اور پاس ورڈ ضروری ہے اور پاس ورڈ الگ استعمال کیا جانا چاہیے، کسی دوسری ایپلی کیشن کا پاس ورڈ توکلنا میں استعمال نہ کیا جائے۔

    توکلنا میں رجسٹریشن کے لیے ابشر اکاؤنٹ ضروری ہے، جس کے پاس ابشر اکاؤنٹ نہیں ہے وہ کسی ایسے شخص کی مدد لے جس کے پاس ابشر اکاؤنٹ ہو۔

    ایپ انتظامیہ کے مطابق کوائف میں تاریخ پیدائش، گھر کا پتہ، ابشر میں رجسٹرڈ موبائل نمبر، زیر کفالت افراد کا تعین، ملازمین کا تعین اور سوال کا درست جواب ضروری ہے۔

    اس کے علاوہ توکلنا ایپ میں گھر کے تمام افراد رجسٹریشن کرسکتے ہیں خواہ وہ سربراہ خاندان ہو یا زیر کفالت۔ 15سال سے کم افراد بھی توکلنا میں رجسٹریشن کرسکتے ہیں اور جن لوگوں کے پاس شہری دستاویزات نہیں ہیں وہ خاندان کے رجسٹری پر توکلنا میں اپنا اندراج کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی شہروں میں کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنے موبائل فونز پرتوکلنا ایپ انسٹال کریں جس کے ذریعے صارف کی صحت کے بارے میں اہم معلومات اپ لوڈ کی جاتی ہیں تاکہ اس سے یہ معلوم ہو سکے کہ اکاؤنٹ ہولڈر کرونا وائرس میں مبتلا تو نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ حالیہ دنوں سعودی عرب کے سرکاری و نجی اداروں نے توکلنا ایپ دکھائے بغیر بازاروں اور پبلک مقامات میں داخلے پر بھی پابندی لگادی ہے جس کے باعث بہت سے لوگ توکلنا ایپ ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے متعلق ایپ تکنیکی مسائل کا شکار

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے متعلق ایپ تکنیکی مسائل کا شکار

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متعلق موبائل فون ایپلی کیشن توکلنا تکنیکی مسائل کے باعث ڈاؤن ہوگئی جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں توکلنا موبائل فون ایپلی کیشن تک رسائی حاصل کرنے کے لئے صارفین کی بڑی تعداد کوششیں کر رہی ہے، رجسٹریشن کے لیے رش کے باعث صارفین کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    سعودی عرب میں محکمہ صحت نے گزشتہ برس کرونا وائرس سے متعلق معلومات اور مدد کے لیے توکلنا ایپ کا آغاز کیا تھا، اب توکلنا ایپلی کیشن میں کرونا ویکسی نیشن سے متعلق معلومات شامل کر کے اسے اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

    اس میں کسی فرد کی صحت کے متعلق معلومات درج کی جا سکتی ہیں، مثلاً اسے ویکسین لگائی گئی ہے یا یہ شخص کرونا وائرس میں مبتلا ہوا یا نہیں۔

    اب یہ ایپ کرونا پاسپورٹ کے طور پر بھی کام کر رہی ہے، عوام کو اس ایپلی کیشن میں رجسٹریشن کروانے کے لیے کہا گیا ہے کیونکہ عوامی مقامات جیسے مالز، دکانوں اور ریستورانوں میں داخلے کی اجازت کے لیے ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔

    اس ایپلی کیشن کو صارفین کی بڑی تعداد نے موبائل فون پر ڈاؤن لوڈ کیا جس کے باعث تکنیکی مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔

    بعض لوگ اپنے گھرسے ہی سسٹم میں اپنی رجسٹریشن کروا سکتے تھے لیکن ایک بار جب کسی نے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پروفائل کھولنے کی کوشش کی تو پروگرام ہوم پیج پر واپس آگیا اور وہ مطلوبہ معلومات حاصل کرنے سے قاصر رہے۔

    نتیجتاً بہت سے لوگ مختلف مالز اور روزمرہ استعمال کی اشیا خریدنے کے لیے مختلف اسٹورز کے داخلی دروازوں کے باہر کھڑے رہے اور وہ موبائل کے ذریعے اس ایپ کو ڈاون لوڈ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

    ایک سابق سعودی سفارتکار کا کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ رات ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی لابی میں کاروباری میٹنگ کی تھی، مجھے قریباً ایک گھنٹہ باہر انتظار کرنا پڑا کیونکہ میں اس دروازے پر سیکیورٹی گارڈ کو دکھانے کے لیے ایپ نہیں کھول سکا تھا۔

    توکلنا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے استعمال کے لیے ٹریفک میں زبردست اضافے کی وجہ سے سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی چنانچہ صارفین کو پیغام ارسال کیا گیا کہ ایپ سروس پر زیادہ بوجھ کے باعث برائے مہربانی چند منٹ میں دوبارہ کوشش کریں۔

    توکلنا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایپلی کیشن کو اس وقت عارضی تکنیکی مسئلے کا سامنا ہے جس کی وجہ سے خدمات میں خلل واقع ہوا ہے، تکنیکی ٹیم اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہے۔