Tag: tax collection

  • رواں مالی سال سندھ میں کتنا ٹیکس جمع کیا گیا؟

    رواں مالی سال سندھ میں کتنا ٹیکس جمع کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ میں رواں مالی سال کے دوران 43 ہزار 700 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے رواں مالی سال جولائی 2021 سے اکتوبر 2022 تک ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردیں۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں اکتوبر 2022 تک مجموعی طور پر 43700.813 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال میں اسی مدت میں 41919.470 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 3126.920 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ انفرا اسٹرکچر سیس کی مد میں 36601.077 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 125.726 ملین روپے اور کاٹن فیس کی مد میں 2.516 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا تھا کہ ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے، ٹیکس نادہندگان گاڑیوں سے ٹیکسز کی وصولی کے لیے روڈ چیکنگ مہم جلد شروع کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس نادہندگان کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروائیں۔

  • جولائی میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع

    جولائی میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ ماہ کے مقابلے میں جولائی 2022 میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کرلیا، ٹیکس، ہدف سے 15 ارب روپے زائد جمع ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ٹیکس وصولی میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی میں 458 ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع ہوئے۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 443 ارب روپے تھا جبکہ 15 ارب اضافی وصول ہوئے۔ جولائی میں 28 ارب روپے کے ری فنڈز بھی کیے گئے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مئی 2022 میں بھی ٹیکس وصولیوں کی تعداد ریکارڈ رہی تھی، مئی 2022 میں 490 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی گئی۔

    یہ ٹیکس وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد یا 103 ارب روپے زیادہ تھی۔

    رواں مالی سال ایف بی آر نے 11 ماہ کے دوران 5 کھرب 34 ارب 90 کروڑ روپے کے ٹیکس جمع کیے ہیں، یہ پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 28.4 فیصد زائد ہیں۔

  • ایف بی آر کو 4 ماہ میں 18 سو ارب سے زائد ٹیکس وصول

    ایف بی آر کو 4 ماہ میں 18 سو ارب سے زائد ٹیکس وصول

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 18 سو 41 ارب کے محصولات جمع کرلیے، یہ محصولات ہدف سے 233 ارب روپے زائد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 18 سو 41 ارب کے محصولات جمع کیے، رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کا ایف بی آر محصولات کا ہدف 16 سو 8 ارب روپے تھا۔

    ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے ہدف سے 233 ارب روپے زائد محصولات حاصل کیے، ایف بی آر کے محصولات میں 36.6 فیصد کی گروتھ ہوئی۔

    اعلامیے کے مطابق گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 13 سو 47 ارب کے محصولات جمع کیے گئے تھے، عبوری اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر نے اکتوبر میں 440 ارب ٹیکس حاصل کیا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ایف بی آر نے 337 ارب کا ریونیو جمع کیا تھا، ایف بی آر نے رواں مالی سال 91 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں 66 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے تھے۔

  • ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس وصول

    ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس وصول

    اسلام آباد: ڈائریکٹر ایکسائز ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ جولائی سے دسمبر 2020 تک ریکارڈ 6 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس وصول کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کا کہنا ہے کہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس کلیکشن کی گئی ہے، جولائی سے دسمبر 2020 تک ریکارڈ 6 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس وصول کیا گیا۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے دوران ریکارڈ وصولی صارفین کو جدید سہولیات کے سبب ممکن ہوئی، چیف کمشنر کے وژن کے مطابق ٹیکس وصولی کو آسان بنایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ گھر بیٹھے ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی ایکسائز ڈپارٹمنٹ کا انقلابی اقدام ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کو ایک اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ ٹیکس نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور رواں مالی سال کے 6 ماہ میں 22 سو 5 ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع ہوا۔

    وزیر اعظم نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کو سراہا تھا اور ٹیکس دہندگان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں۔

    انہوں نے ہدایت دی تھی کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی ہو۔

  • گزشتہ برس سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    گزشتہ برس سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    کراچی: گزشتہ برس 2020 کے 6 ماہ میں صوبہ سندھ میں 43945.876 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاولہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جولائی 2020 سے دسمبر 2020 تک مجموعی طور پر 43945.876 ملین روپے ٹیکس وصول کیا، گزشتہ مالی سال میں اسی مدت کے دوران 39981.528 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

    محکمے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مؤثر وہیکل ٹیکس کی مد میں 4138.992 ملین روپے اور انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 35682.748 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 321.290 ملین روپے، جائیداد ٹیکس کی مد میں 1192.959 ملین روپے، کاٹن فیس کی مد میں 68.724 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 13.252 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے، پروفیشنل اور جائیداد ٹیکس کے نادہندگان فوری طور پر اپنے ٹیکسز جمع کروائیں۔

    صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ افسران ٹیکسز کی وصولی کی رفتار تیز کریں۔

  • ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 993 ارب روپے تک پہنچ گئی

    ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 993 ارب روپے تک پہنچ گئی

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکس وصولی 993 ارب روپے تک پہنچ گئی، انکم ٹیکس سال 20-2019 کے گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 8 دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 24 ارب سے زائد ٹیکس جمع ہوا، جولائی تا ستمبر میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 993 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 969 ارب روپے تھا۔

    ایف بی آر کے مطابق ستمبر 2020 میں ایف بی آر نے 400 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، ستمبر کے مہینے میں ٹیکس وصولی ہدف سے 18 ارب روپے کم رہی۔

    خیال رہے کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس سال 20-2019 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 8 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔

    انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی تاہم ایف بی آر نے اس میں توسیع کردی ہے۔

  • سال میں ٹیکس کلیکشن 9 ارب سے 105 ارب پر لے گئے ہیں: مرتضیٰ وہاب

    سال میں ٹیکس کلیکشن 9 ارب سے 105 ارب پر لے گئے ہیں: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سنہ 2010 میں سندھ ریونیو بورڈ وجود میں آیا، سنہ 2011 میں ٹیکس 9 ارب تھا اور آج 105 ارب پر لے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 2 سال تحریک انصاف کی حکومت نے تباہی برپا کی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1 ہزار 10روپے کا ہوگیا۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کو پیکج دینے کا فروری 2019 میں کیا گیا وعدہ وفا نہیں ہوا، ان میں اخلاقی جرات نہیں ہے کہ اعتراف کریں۔ سی پیک کا وژن پیپلز پارٹی کا تھا، سی پیک کا معاہدہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس کلیکشن کم ہوا، حکومت نے ٹارگٹ سے ڈیڑھ کھرب کم ٹیکس اکٹھا کیا۔ سنہ 2018 میں ایف بی آر نے کل 3.84 کھرب روپے جمع کیے تھے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سنہ 2010 میں سندھ ریونیو بورڈ وجود میں آیا، سنہ 2011 میں ٹیکس 9 ارب تھا اور آج 105 ارب پر لے گئے ہیں، تمام مشکلات اور سازشوں کے باوجود 105 ارب پر کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پولیو کی بیماری ختم ہوچکی ہے، 1993 میں بے نظیر بھٹو کے دور میں انسداد پولیو ورکر کی اسٹرٹیجی لائی گئی، 2018 تک انسداد پولیو پر بہت کام ہوا۔

  • ٹیکس وصولی میں 106 ارب روپے کا اضافہ

    ٹیکس وصولی میں 106 ارب روپے کا اضافہ

    اسلام آباد: رواں برس ٹیکس ادائیگیوں میں 15 فیصد کا اضافہ ہوگیا، ایف بی آر گزشتہ سال کے 690 ارب روپے کے مقابلے میں 796 ارب روپے جمع کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس وصولی میں 15 فیصد اضافے کے بعد 796 ارب ٹیکس جمع کرلیا۔

    ایف بی آر نے گزشتہ سال جولائی سے اب تک 690 ارب روپے کے مقابلے میں 796 ارب روپے جمع کیے۔

    ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئر یونٹ (ایل ٹی یو) نے رواں سال صرف جنوری میں گزشتہ سال کے 92 ارب روپے کے مقابلے میں رواں برس 108 ارب روپے جمع کیے۔

    رپورٹ کے مطابق مینو فیکچرنگ سیکٹر، انکم ٹیکس اور ٹیکس کی مد میں 7 ماہ کے دوران گزشتہ برس کے 22 ارب روپے کے مقابلے میں 31 ارب روپے کے ری فنڈز ادا کیے گئے۔

    گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں سال ری فنڈ کی شرح 42 فیصد زیادہ ہے۔ رواں سال جنوری کے مہینے میں بقایا جات کی مد میں گزشتہ برس کے 2.5 ارب روپے کے مقابلے میں 2.7 ارب روپے حاصل کیے گئے۔

    ایف بی آر کو ٹیکس نادہندگان کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • ایف بی آر کو ٹیکس وصولی میں بڑی کامیابی مل گئی، کارکردگی رپورٹ جاری

    ایف بی آر کو ٹیکس وصولی میں بڑی کامیابی مل گئی، کارکردگی رپورٹ جاری

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کو گزشتہ سال کی نسبت اس سال ٹیکس کلیکشن کی مد میں بڑی حد تک کامیابی مل گئی، ٹیکس کلیکشن میں 15فیصد اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے ٹیکس پیئر یونٹ نے6ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ کے مطابق ٹیکس کلیکشن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال15فیصد اضافہ ہوا۔

    ایل ٹی یو نے جولائی سے دسمبر2019تک688ارب روپے جمع کئے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 598ارب روپے جمع ہوئے تھے۔

    جولائی سے دسمبر تک مجموعی طور پر اضافی90ارب روپے جمع کئے گئے، ایف بی آر کے مطابق صرف دسمبر میں ایل ٹی یو نے160ارب روپے اکٹھے کئے، گزشتہ سال اسی مہینے میں 144ارب روپے اکٹھے کئے تھے۔

  • رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ ٹیکس وصولی میں 15 فیصد اضافہ

    رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ ٹیکس وصولی میں 15 فیصد اضافہ

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ ٹیکس وصولی میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور ایف بی آر نے 574 ارب کی ٹیکس وصولی کی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ ٹیکس وصولی میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جولائی اگست میں ایف بی آر نے 574 ارب کی ٹیکس وصولی کی۔

    ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے انہی 2 ماہ کے مقابلے میں ٹیکس وصولی 70 ارب سے زائد رہی، اگست میں ٹیکس وصولی کا حجم 292 ارب روپے رہا۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ سال اگست میں ٹیکس وصولی کا حجم 247.4 ارب روپے تھا، رواں مالی سال 2 ماہ کی ٹیکس وصولی ہدف سے کم رہی۔ وصولی مقررہ ہدف سے 70 ارب روپے کم ہے۔

    اس سے قبل ایف بی آر کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد میں ایک سال کے دوران 69 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 لاکھ 60 ہزار فائلرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ان لینڈ ریونیو آپریشنز کے سربراہ بختیار محمد کے مطابق 21 اگست 2019 تک انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد 25 لاکھ ہوگئی، گزشتہ سال یہ تعداد 15 لاکھ تھی۔