Tag: Tax returns

  • طاقت ور ملک کے صدر کو بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑ گیا

    طاقت ور ملک کے صدر کو بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑ گیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ میرے ٹیکس گوشوارے ظاہر ہونے سے روکے جائیں ، اٹارنی نے امریکی صدر سے 2011 سے اب تک کے ٹیکس گوشوارے طلب کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکس گوشوارے سرکاری وکیل کونہ دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائرکردی، صدرٹرمپ کے وکیل کا کہنا ہے کہ فیڈرل اپیل کورٹ نےایک اکاؤنٹنگ فرم کوٹیکس ریکارڈ مہیا کرنے کی اجازت دے کرسنگین قانونی غلطی کی ہے، صدرٹرمپ کومدت صدارت کے دوران کرمنل پروسیڈنگز اورتحقیقات سے استثنیٰ حاصل ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق صدرٹرمپ نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے گزشتہ آٹھ سال کے ٹیکس گوشوارے مین ہیٹن کے سرکاری وکلاء کو دینے سے روکا جائے۔

    یاد رہے گزشتہ ہفتے مین ہیٹن کی عدالت نے صدرٹرمپ کیخلاف فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری وکلاء کو گرینڈ جیوری تحقیقات کے سلسلے میں صدر کے مالی ریکارڈ کی ضرورت پڑسکتی ہے جبکہ صدرٹرمپ اپنے مالی معاملات خفیہ رکھنے کے لئے ہر سطح پر کوشش کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر ٹرمپ کو عہدے سے برخاست کیا جائے یا نہیں؟ تحقیقاتی کارروائی کا آغاز

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اٹارنی نے2011 ءسے اب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کے ٹیکس گوشوارے طلب کیے ہیں، معاملہ قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ ہونے میں ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات سے متعلق کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی سے اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آیا امریکا کے 45 ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے عہدے سے برخواست کیا جائے یا نہیں۔

    اس حوالے سے وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکریٹری اسٹیفنی گریشم کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ یہ جعلی سماعت ناصرف بورنگ ہے، بلکہ یہ ٹیکس دینے والوں کے وقت اور ٹیکس کا ضیاع بھی ہے۔

  • ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا ریکارڈ بن گیا، فضل الرحمان اپنی سیاست آئینی حدود میں کریں، فواد چودھری

    ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا ریکارڈ بن گیا، فضل الرحمان اپنی سیاست آئینی حدود میں کریں، فواد چودھری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کو بڑی کامیابی ملی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا ریکارڈ بن گیا، انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اپنی سیاست آئین کی حدود میں رہ کر کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ٹیکس ریٹرن کے معاملے پر بہت بڑی کامیابی ملی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا ریکارڈ بن گیا، فواد چوہدری نے کہا کہ اب تک 21لاکھ شہریوں نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے۔

    ایف بی آر کی تاریخ میں اتنے بڑے ٹیکس ریٹرن فائل نہیں ہوئے، ٹیکس ریٹرن والوں کی تعداد40لاکھ تک لے جانا سال2019کاہدف ہے۔

    علاوہ ازیں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ان کو کرارا جواب دیا ہے، فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا صاحب آپ کی زبان، کلام اور اقدام کسی سیاسی جماعت کے نہیں، آپ کے اقدامات دہشت گردوں والے ہیں۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ان کو مشورہ دیا کہ آپ سیاست آئین کی حدود میں رہ کر کریں، بانی ایم کیو ایم بننے کی کوشش نہ کریں ورنہ لیبیا جانا پڑسکتا ہے اور لیبیا کےایسے حالات نہیں کہ آپ وہاں پاکستان جیسی آرام دہ زندگی گزار سکیں۔

    واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ٹوئٹڑ پیغام میں کہا تھا کہ آج کا ملین مارچ آخری ہے اب ہمارا اگلا پڑاؤ اسلام آباد میں ہوگا، اگست کے مہینہ میں جعلی حکومت مستعفی ہو جائے وگرنہ اکتوبر میں انشاءاللہ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور اس حکومت کا خاتمہ کردیں گے۔

  • بڑے گھر اور گاڑی رکھنے والے لازمی ٹیکس ریٹرن فائل کریں: شبر زیدی

    بڑے گھر اور گاڑی رکھنے والے لازمی ٹیکس ریٹرن فائل کریں: شبر زیدی

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ 500 گز سے زائد کے گھر یا 1 ہزار سی سی سے زیادہ کی گاڑی رکھنے والے افراد لازماً ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس کے قانون کے تحت وہ تمام افراد جو 500 گز سے زیادہ کا گھر یا 1 ہزار سی سی سے زیادہ کی گاڑی رکھتے ہیں وہ لازماً ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

    شبر زیدی نے ایک بار پھر ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 2 اگست 2019 تک کی توسیع کا فائدہ اٹھانے کی تاکید کی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حوالہ ہنڈی نے نقصان پہنچایا ہے، افغان ٹرانزٹ پر مناسب چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے سے نقصان ہوا، بجٹ میں ٹیکس کا پورا نظام بدل رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ معیشت کو دستاویزی بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہر کوئی شناختی کارڈ کو این ٹی این قرار دینے کے حق میں ہے، شناختی کارڈ کی چھوٹی سی شرط عائد کی پورا پاکستان مخالف ہوگیا۔

    چیئرمین ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کچھ بڑی کمپنیاں ہر سال 25 فیصد منافع کماتی ہیں، پاکستان میں صنعتوں کو ختم کرکے تجارت کو فروغ دیا گیا، المیہ ہے کہ اصل آمدنی پر ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے

    ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے ٹرمپ سے ٹیکس گوشواروں کا حساب مانگ لیا، امریکی صدر کے پُتلوں پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے مختلف شہروں میں صدرڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ میکسیکو میں مظاہرین نے ایسٹر پر صدر ٹرمپ کا پتلا جلایا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ ٹیکس گوشوارے ظاہر کرو۔

    یہ مطالبہ کرتے ہزاروں مظاہرین امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف سڑکوں پرآگئے۔ دوسری جانب واشنگٹن میں بھی امریکی صدرکے خلاف احتجاج کیا گیا، احتجاج کے دوران مزاحیہ طور پر ٹرمپ سے مشابہ کامیڈین نے ٹرمپ کے ہی اندازمیں ان کی پالییسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    دوسری جانب کیلی فورنیا میں ٹرمپ کے حامی اورمخالفین آمنے سامنے آگئے ان کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ دونوں گروپوں نے کھل کرایک دوسرے پرمکے برسائے اورہاتھا پائی کی۔ اس موقع پر پولیس نے انیس مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خلا میں احتجاج

    اس کے علاوہ میکسیکو میں بھی ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ایسٹر کی تقریب میں ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے اوران کا پتلا نذر آتش کیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل تاریخ میں پہلی بار ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف امریکہ سمیت دیگر ممالک میں علاوہ خلاء میں بھی مظاہرہ کیا گیا، آٹونومس اسپیس ایجنسی نیٹ ورک (اسان) نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خلا میں ایک تختی بھیجی تھی۔