Tag: tayyip erdogan

  • اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، ترک صدر

    اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، ترک صدر

    ترک صدر طیب اردوان اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے درمان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، طیب اردوان نے ان کو فلسطین سے متعلق بیان پر مبارکباد دی۔

    اردوان اور کیئر اسٹارمر کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے موقع پر دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔

    ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں جنگ بندی اور مسئلہ کے دو ریاستی حل پر مجبور کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، اس موقع پر ترک صدر نے فلسطینی ریاست کے اعتراف کے برطانوی اعلان کو خوش آئند قرار دیا۔

    رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا قیام خطے میں امن واستحکام کے لیے ناگزیر ہے، برطانیہ نے فرانس، کینیڈا، پرتگال، مالٹا کے ساتھ فلسطین کو تسلیم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    اردوان نے مزید کہا کہ ترکی غزہ کو امداد فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے، جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور مذاکراتی عمل کی پُرزور پشت پناہی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

  • ’شام کو تقسیم ہونے دیا نہ ہونے دیں گے‘ ترک صدر کی اسرائیلی حملوں کی مذمت

    ’شام کو تقسیم ہونے دیا نہ ہونے دیں گے‘ ترک صدر کی اسرائیلی حملوں کی مذمت

    انقرہ(18 جولائی 2025): ترک صدر رجب طیب اردوآن نے اسرائیل کی جانب سے شام پر کیے جانے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شامی صدر احمد الشرع سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ترک صدر نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور شام کے شہر سویدا میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوآن کا کہنا ہے شام کو تقسیم ہونے دیا نہ ہونے دیں گے، اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے، اسرائیل نے شام میں جارحیت کو وسعت دینے کیلئے دروز قبائل کی مدد کا بہانہ بنایا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-for-syrian-sovereignty-and-respect-for-international-law/

    ترک صدر رجب طیب اردوآن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت پورے خطے کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے، اسرائیل پر بھروسہ کرنے والے بالآخر سمجھ جائیں گے وہ غلطی پر ہیں۔

    واضح رہے کہ شام کی صورتحال پر اقوام متحدہ قومی کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو رہا ہے، سویدا میں کئی روز کی قبائلی جھڑپوں میں 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  • فلسطین کی آزادی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی، طیب اردوان

    فلسطین کی آزادی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی، طیب اردوان

    انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان  نے کہا ہے کہ غزہ میں ہونے والی بربریت کی پاکستان نے بھرپور مذمت کی، فلسطین کی آزادی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

    انقرہ میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی رابطے مضبوط دوستی کی علامت ہیں۔

    رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کےخاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان دفاعی شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں، عالمی امور پر دونوں ملکوں کے خیالات میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

    مزید پڑھیں : پاک ترکیہ تجارتی حجم 5 بلین ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، شہباز شریف

    ترک صدر طیب اردوان نے کہا کہ غزہ میں ہونے والی بربریت کی پاکستان نے بھرپور مذمت کی، فلسطین کی آزادی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی، ترکیہ اور پاکستان دو طرفہ تعلقات کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

  • اردوان مسلمانوں کیلئے طاقت کا ستون ہیں، وزیر اعظم کی مبارکباد

    اردوان مسلمانوں کیلئے طاقت کا ستون ہیں، وزیر اعظم کی مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اردوان مظلوم مسلمانوں کے لیے طاقت کا ستون ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے صدر اردوان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ پیارے بھائی رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر جمہوریہ ترکیہ کے صدر کا تاریخی انتخاب جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اردوان ترکیہ کے دوبارہ صدر منتخب ہوئے ہیں جو ایک بڑی تاریخی کامیابی ہے، صدر اردوان کی سیاست عوامی خدمت میں جڑی رہی ہے، وہ مظلوم مسلمانوں کے لیے طاقت کا ستون ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدراردوان مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے پرجوش آواز رہے ہیں، اردوان کی جیت ترک عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات بلندی کی جانب گامزن رہیں گے، صدر اردوان کے ساتھ کام کرنے کا شدت سے منتظر ہوں۔

  • رجب طیب اردوان کی تاریخی کامیابی، پھر صدر منتخب

    رجب طیب اردوان کی تاریخی کامیابی، پھر صدر منتخب

    انقرہ : ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے دوسرے اور آخری مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے فتح حاصل کرلی، کمال قلیچ دار دوسرے نمبر پر رہے۔

    تفصیلات کے مطابق رجب طیب اردوان ترکیہ کے صدارتی الیکشن جیتنے کے بعد اگلے 5 سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔

    ترک سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان نے 52.24فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل کمال قلیچدار47.79فیصد ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

    فتح کا اعلان سنتے ہی رجب طیب اردوان کے حامی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ، اس کے علاوہ ہنگری، قطر اور لیبیا کی حکومتوں کی جانب رجب طیب اردوان کو مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

    ترکیہ کے صدر

    ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہا۔

    رجب طیب اردوان کے اقتدار کی پہلی دہائی مضبوط اقتصادی ترقی اور مغربی طاقتوں کے ساتھ گرم جوش تعلقات کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتی ہے جس نے ان کی عالمی حیثیت اور ملک کے اندر حمایت میں اضافہ کیا۔

  • ترکیہ میں زلزلے: رجب طیب اردوان کا ویڈیو پیغام جاری

    ترکیہ میں زلزلے: رجب طیب اردوان کا ویڈیو پیغام جاری

    استنبول : ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم انسانی تاریخ میں ہونے والی بڑی آفات میں سے ایک کا سامنا کر رہے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہی، جی ایکس ٹاک سربراہی اجلاس کے لئے بھیجے گئے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد اب تک ملبے سے زندہ نکالے گئے افراد کی تعداد 8 ہزار سے زیادہ ہے۔

    واضح رہے کہ غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات41ہزار232ہوگئیں جبکہ صرف ترکیہ میں زلزلے سے اموات35ہزارسے تجاوز کرچکی ہیں۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ سائنس دانوں کے مطابق ان زلزلوں کے نتیجے میں خارج ہونے والی انرجی کی طاقت 500 ایٹم بموں کے برابر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صدی کی بڑی آفت قرار دئیے گئے اس زلزلے کے بعد جیسے جیسے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، حکومت کے متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ سِول سوسائٹیاں اور رضاکار زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے انتھک کوششیں کررہے ہیں۔

    ترک صدر نے مزید کہا کہ زلزلے کے بعد ریسکیو آپریشن میں مدد کرنے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وہ لوگ جو زلزلہ متاثرین کیلئے امداد جمع کررہے ہیں ان کا بھی مشکور ہوں۔

  • امدادی ٹیمیں جلد ترکی پہنچیں گی: شہباز شریف کا طیب اردگان کو ٹیلی فون

    امدادی ٹیمیں جلد ترکی پہنچیں گی: شہباز شریف کا طیب اردگان کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے جلد امدادی ٹیمیں ترکی پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو ٹیلی فون کیا، شہباز شریف نے ترک صدر سے زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سے جلد امدادی ٹیمیں ترکی پہنچیں گی۔

    خیال رہے کہ آج صبح 4 بجے ترکیہ کے جنوبی حصوں میں ہولناک ترین زلزلے نے قیامت ڈھا دی جس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ شام میں بھی آیا جبکہ یونان، مصر، قبرص، اردن، لبنان، عراق، جارجیا اور آرمینیا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ترکیہ میں زلزلے سے سینکڑوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور اب تک 900 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

    شام میں بھی زلزلے سے اب تک 400 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترک صدر طیب اردوان نے تاریخ کی سب سے بڑی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اقوام عالم سے مدد کی اپیل کی ہے۔

  • اردوان نے دنیا کو گندم اور تیل کے بعد ایک اور بحران سے خبردار کر دیا

    اردوان نے دنیا کو گندم اور تیل کے بعد ایک اور بحران سے خبردار کر دیا

    بالی: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے دنیا کو گندم، سورج مکھی کے تیل اور مکئی کے بحران کے بعد ایک اور بحران کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے، انھوں نے کہا دنیا کو چاول کے بحران کا بھی خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر اردوان انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں اپوروا کیمپنسکی میں منعقدہ جی 20 سربراہی اجلاس کے فوڈ اینڈ انرجی سیکیورٹی سیشن میں بات کر رہے تھے۔

    انھوں نے اناج کے بحران کی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو گندم، سورج مکھی کے تیل اور مکئی کی طرح چاول کے بھی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی طلب، رسد میں رکاوٹ، اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور خام مال کی قلت کی وجہ سے دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے۔ اپنی تقریر میں اردوان نے کہا کہ ان تمام چیلنجز کے باوجود گزشتہ سال عالمی معیشت کی شرح نمو 6 فی صد تک رہی۔

    اردوان نے کہا اس وقت دنیا کو چاول میں بحران کے امکان کا سامنا ہے، جیسا کہ گندم، سورج مکھی کے تیل اور مکئی میں سامنا رہا، اسی طرح عالمی کھاد کی منڈی کو تیزی سے مستحکم کیا جانا چاہیے، بصورت دیگر ہمیں اگلے سال ایک بڑے غذائی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    انھوں نے کہا ترکی کی طرف سے بحیرہ اسود میں اقوام متحدہ کے ساتھ قائم کردہ راہداری کے ذریعے 10 ملین ٹن سے زیادہ اناج بھیج دیا گیا ہے، ہمیں برآمد شدہ اناج کو فوری ضرورت کے تحت پس ماندہ علاقوں، خاص طور پر افریقہ تک پہنچانے کے لیے بھی کوششیں صرف کرنی چاہیئں۔

  • دھماکے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، طیب اردوان

    دھماکے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، طیب اردوان

    استنبول : ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

    اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، حکومت ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

    صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ ہے، ترکیہ کو دہشت گردی سے نا ماضی میں کنٹرول کیا جا سکا ہے نہ ہی آئندہ ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ پر دہشت گردی کی کوشش ماضی کی طرح آئندہ بھی ناکام ہوگی، دھماکے میں6افراد جاں بحق اور 53زخمی ہوئے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، استنبول میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کے علاوہ انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے عہدیداران نے ترکیہ کے شہر استنبول میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بے گناہ جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : ترکیہ کے شہر استنبول میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ترک میڈیا کے مطابق دھماکا استنبول کے تقسیم اسکوائر کی استقلال اسٹریٹ میں ہوا، دھماکا مبینہ طورپر خود کش تھا۔

    دھماکے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، دھماکے میں 6 افراد کے ہلاک ہونے اور 53 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

  • کورونا متاثرین کی امداد : رجب طیب اردگان نے7ماہ کی تنخواہ عطیہ کردی

    کورونا متاثرین کی امداد : رجب طیب اردگان نے7ماہ کی تنخواہ عطیہ کردی

    انقرہ : کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور متاثرہ مریضوں کی امداد کے لیے ترک صدر رجب طیب اردوان نے قومی فنڈ میں اپنی7ماہ کی تنخواہ جمع کرادی۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ترک صدر کی جانب سے قومی فنڈ میں اپنی تنخواہ جمع کرائے جانے کے بعد ترک کابینہ کے اراکین نے بھی قومی فنڈ میں رقم جمع کرا دی ہے۔

    مجموعی طور پر کابینہ ارکان نے 50 لاکھ ترک لیرا سے زائد رقم جمع کرائی جو کہ تقریبا 8 لاکھ امریکی ڈالر بنتے ہیں۔ صدر نے قومی فنڈ اور قومی یکجہتی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ترکی میں دیگر ممالک کے مقابلے کورونا وائرس سے نمٹنے کے اچھے انتظامات ہیں اور حکومت نے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے عارضی اسپتال بھی بنائے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردگان نےترکی میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے معاشی نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے ساڑھے 15ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے شہریوں سے ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھنے اور گھروں پر رہنے کی اپیل بھی کی۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکی کے ماہرین کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین بنانے پر بھی تیزی سے کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ماہرین کو اس میں کامیابی ملے گی۔

    کورونا وائرس کے پیش نظر ملک کے 41 گاؤں اور شہروں کے نواحی قصبوں کو مکمل طور پر قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے جب کہ ملک میں یومیہ 10 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔