Tag: teaching

  • اب گوگل آپ کو انگلش سکھائے گا ؟ اور وہ بھی بہت آسانی سے

    اب گوگل آپ کو انگلش سکھائے گا ؟ اور وہ بھی بہت آسانی سے

    اگر آپ کو دنیا کی کوئی بھی زبان  سیکھنے میں کوئی دشواری  پیش آتی ہے  یا  اگر آپ کو انگلش یا کوئی بھی زبان بولنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے، تو اب گوگل آپ کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے، ۔

    گوگل کی جانب سے حالیہ برسوں میں ایسی متعدد سروسز جیسے گوگل اسسٹنٹ اور ٹرانسلیٹ پر کام کی گی ہے جو مختلف زبانوں کے ترجمے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

    مگر اب گوگل کی جانب سے ایک ایسی سروس کو متعارف کرنے پر غور کیا جارہا ہے جو آرٹی فیشل (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے گوگل سرچ کی مدد سے صارفین کو مختلف زبانیں بولنے یا سیکھنے میں مدد فراہم کرے گی۔

    دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کو ٹیوولی کا نام دیا گیا ہے اور رواں سال کسی وقت سے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

    اس سروس کو تشکیل دینے کا کا آغاز 2 سال قبل ہوا تھاا اور اس کے لیے مینا نیورل کنورزیشن ماڈل کو استعمال کیا گیا جس کو بتدریج ایل اے ایم ڈی ے (لینگوئج مڈل فر ڈائیلاگ اپلیکشنز) کی شکل دی گئی۔

    گوگل کی جانب سے ایل اے ایم ڈی ے کا مظاہرہ مئی 2021 میں سالانہ آئی او کانفرنس کے دوران بھی کیا گیا تھا۔

    ایسا مانا جارہا ہے کہ ابتدا میں ٹیوولی صرف تحریر پر کام کرنے والی سروس ہوگی جس کو گوگل سرچ کا حصہ بنایا جائے گا، مگر گوگل کی جانب سے ایسے ذرائع کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے جس سے اسے گوگل اسسٹنٹ اور یوٹیوب پر لایا جاسکے۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ٹیوولی میں ایک اے آئی پاور سروس صارف کو نئی زبان سیکھانے میں مدد فراہم کرتی ہے اور بہت معمولی غلطیاں اب تک سامنے آئی ہیں۔

    اس سے قبل گوگل نے بھارت میں بولو نامی ایک ایپ متعارف کرائی تھی جس کا مقصد بچوں کو مختلف زبانیں سیکھنے میں مدد فراہم کرنا تھا، بعد ازاں اس ایپ کو ریڈ آلانگ کے نام سے 180 سے زیادہ ممالک میں گزشتہ سال پیش کیا گیا۔

    ٹیوولی اس سے بھی ایک قدم آگے جائے گی اور اس میں زیادہ غیرملکی زبانوں کو سیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس کی مدد سے گوگل ڈولینگو اور ایسی دیگر ایپس کو ٹکر دے سکے گی جو لوگوں کو مختلف زبانیں بولنے یا لکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

    گوگل کو دیگر ایپس پر گوگل سرچ کی بدولت بھی سبقت حاصل ہوگی جس کا استعمال اربوں افراد کرتے ہیں۔

  • میڈیا کے طلباء کو اداکاری کی اچھی تربیت دے سکتی ہوں، فلم اکیڈمی بناؤں گی، ادا کارہ میرا

    میڈیا کے طلباء کو اداکاری کی اچھی تربیت دے سکتی ہوں، فلم اکیڈمی بناؤں گی، ادا کارہ میرا

    کراچی : اسکینڈل کوئن اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ میڈیا اسٹڈیز کے اسٹوڈنٹس کو اداکاری کی اچھی تربیت دے سکتی ہوں، موقع ملا تو فلم اکیڈمی بناؤں گی، سیاست میں آئی تو پی ٹی آئی جوائن کروں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک پرائیویٹ اسکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اداکارہ میرا نے کہا کہ یہ میرا کسی بھی تعلیمی ادارے کا پہلا دورہ ہے، میڈیا اسٹڈیز کے اسٹوڈنٹس کو اداکاری کی اچھی تربیت دے سکتی ہوں۔

    میری خواہش ہے کہ طلبہ کو فلم اینڈ ایکٹنگ کا سبجیکٹ پڑھاؤں، گلابی انگلش کے حوالے سے مشہور اداکارہ میرا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انگلش میرا بے حد فیورٹ مضمون ہے اگر میں تعلیمی شعبے میں ہوتی تو بچوں کو انگلش پڑھاتی کیونکہ تعلیم کے بغیر زندگی ادھوری ہے، میری والدہ بھی ایک اسکول ٹیچر تھیں۔

    اداکارہ میر اکا مزید کہنا تھا کہ آج کل فلم’’باجی‘‘کی شوٹنگ میں مصروف ہوں، موقع ملا تو فلم اکیڈمی بناؤں گی، حکومت کی سپورٹ سے زوال کا شکار پاکستانی فلم انڈسٹری کا مستقبل روشن ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلم انڈسٹری میں کام کرنے والوں اور ان کے اہل خانہ کو فری میڈیکل ملنا چاہیے اور ان کے دیگر مسائل بھی حل کیے جائیں۔

    سیاست سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی خدمت کرنے کے لئے سیاست اچھا شعبہ ہے لہٰذا سیاست میں آنے کا سوچا جاسکتا ہے، میں اگر سیاست میں آئی تو تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کروں گی، انسان میں اگر لوگوں کی خدمت کا جذبہ ہو تو وہ ملک کی خدمت کرسکتا ہے۔

  • سعودی عرب میں کمسن بچی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے پر والد گرفتار

    سعودی عرب میں کمسن بچی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے پر والد گرفتار

    ریاض : سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں نے کمسن بیٹی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سعودی والد کو حراست میں لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر چھوٹی بچی کو سیگریٹ نوشی سکھانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سیکیورٹی اداروں نے سیگریٹ نوشی سکھانے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی شہری کی جانب سے اپنی کمسن بیٹی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر  عوام کی جانب سے بھی بچی کو سیگریٹ نوشی کروانے والے سعودی والد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    سعودی عرب کے اٹارنی جنرل شیخ سعود بن عبداللہ الموجیب نے سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بچی کے والد کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے تھے۔

    شیخ سعود بن عبداللہ الموجیب کا کہنا تھا کہ والد کی جانب سے اپنی کمسن بیٹی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینا،  بچی کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

    سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پبلک پراسٹیکیوٹر کا کہنا تھا کہ معاشرے، سماج، اور عوام کی حفاظت کرنا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوشن نے حال ہی میں بدسلوکی اور قانون کی خلاف ورزی کے مقدمات کے تمام معاملات کی نگرانی شروع کی ہے تاکہ عوام کی سلامتی اور حفاظت کو برقرار رکھا جائے۔