Tag: Technical error

  • روس میں پی آئی اے طیارے کی خرابی کے حوالے سے اہم انکشافات

    روس میں پی آئی اے طیارے کی خرابی کے حوالے سے اہم انکشافات

    پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث روس سے واپسی کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    پی آئی اے کی لاہور سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 797 کو چند روز قبل تکنیکی خرابی کے باعث واپس بلالیا گیا تھا جس کی تحقیقات میں بہت سے انکشافات ہوئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ انجینئرنگ کے مبینہ غلط فیصلے نے 300مسافروں کی زندگی کو5گھنٹے تک داؤ پر لگائے رکھا۔

    چار جولائی کو پرواز کی روسی فضائی حدود سے واپسی سے25 کروڑ سے زائد کا ایک لاکھ ٹن فیول استعمال کیا گیا۔

    اس کے علاوہ لاہور ایئرپورٹ لینڈنگ پر ممکنہ حادثے سے بچاؤ کیلئے 40 لاکھ ٹن فیول بھی گرایا گیا، پرواز کی واپسی پر متعلقہ مسافروں کو ہوٹل میں رہائش کی سہولت پربھی رقم صرف کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق پرواز کے کپتان کی جانب سے قریبی ملک میں لینڈنگ کا فیصلہ ہیڈ آفس احکامات پر منسوخ کیا گیا، ٹورنٹو کی پرواز نمبر797کے کپتان کو طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کی نشاندہی ہوئی۔

    خرابی کی نشاندہی پر کپتان نے قریب یورپی ملک میں طیارے کی لینڈنگ کا فیصلہ کیا، یورپی ممالک میں بوئنگ کمپنی سے معاہدے کے مطابق ٹیکنیکل خرابی دور کرنے کی سہولت موجود ہے۔

    شعبہ انجینئرنگ کی جانب سے کپتان کے فیصلے کے برعکس طیارےکو لاہور واپس بلالیا گیا
    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کی خرابی کے ساتھ واپسی کے ذمہ داران کے تعین کیلئے چھان بین جاری ہے۔

    یاد رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور سے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے797 کو روس کی فضائی حدود سے واپس بلالیا گیا تھا۔ بوئنگ 777 طیارہ پونے پانچ گھنٹے کا سفر طے کرکے روس کی فضائی حدود میں تھا جب تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔

    اس پرواز کی بحفاظت لینڈنگ کے حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بوئنگ 777 طیارے کے ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اسے واپس بلانا پڑا اور اسے لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرادیا گیا۔

  • پی آئی اے کی پرواز نو گھنٹے تاخیر کا شکار، میت لے جانے والے مسافر رُل گئے

    پی آئی اے کی پرواز نو گھنٹے تاخیر کا شکار، میت لے جانے والے مسافر رُل گئے

    کراچی : پی آئی اے کی ایک اور پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے میت لے جانے والے مسافر چارنو گھنٹے تک خوار ہوتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 308 میں بدترین تاخیر سامنے آئی ہے، شام چار بجے روانہ ہونے والی پرواز کے مسافر ایئر پورٹ پر رُل گئے۔

    جہاز کے ذریعے اسلام آباد میت لے جانے والے مسافر بھی دربدر ہوئے۔ اس حوالے سے پرواز کے آصف نامی مسافر نے میڈیا کو بتایا کہ ابتداء میں پرواز کی روانگی میں تاخیر موسم کی خرابی بتایا گیا۔

    بعد ازاں پرواز میں فنی خرابی کے بارے میں بتایا گیا اور اب بتایا جارہا ہے کہ جدہ سے رات 11بجے پرواز پہنچے گی، مسافرآصف کے مطابق280سے زائد مسافروں کو لاؤنج میں بے یارومدد گار چھوڑ دیا گیا۔

    ۔اس تمام تر صورتحال کے باوجود ایئر لائن انتظامیہ اب بھی معلومات پر کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے رہی۔

    دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر تیکنیکی خرابی کی وجہ سے ہورہی ہے، پرواز آج رات 12 بجے روانہ کردی جائے گی۔

  • تیکنیکی خرابی : پی آئی اے کی دو پروازیں تاخیر کا شکار، مسافر ہوٹل منتقل

    تیکنیکی خرابی : پی آئی اے کی دو پروازیں تاخیر کا شکار، مسافر ہوٹل منتقل

    کراچی :  اسلام آباد سے پیرس جانے والی اور پیرس سے براستہ بارسلونا اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی دو پروازیں سولہ گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں، مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے پیرس جانے والی پی آئی اے کی پرواز16گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی، بوئنگ777طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث پرواز کی روانگی میں تاخیر ہوئی، پی آئی اے کے بو ئنگ 777 طیارے کے انجن میں ہو نے والی خرابی دور نہ ہو سکی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث روانگی میں تاخیر ہوئی اب پرواز پی کے769کو پیر کی صبح7بجے پیرس کے لئےروانہ کیا جائے گا، تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا، ترجمان کے مطابق پرواز میں تاخیر پر پی آئی اے انتظامیہ مسافروں معذرت خواہ ہے۔

    اس کے علاوہ پیرس سے براستہ بارسلونا اسلام آباد کی پرواز پی کے770بھی 16گھنٹے تاخیر کا شکار ہے اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ نہ ہونے سے پرواز کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔

    پیرس میں بھی مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنا پڑا جس سے ادارے کو ہزاروں یورو کے اخراجات برداشت کر نا پڑے، پیرس سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کو تاخیر کی وجوہات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔