Tag: technology

  • واٹس ایپ کا گروپ ویڈیو کالنگ فیچر متعارف

    واٹس ایپ کا گروپ ویڈیو کالنگ فیچر متعارف

    کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیےگروپ کی صورت میں ویڈیو چیٹ کرنے کا فیچر آزمائشی طور پر متعارف کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق موبائل فون کی معروف مسیجنگ ایپلیکشن واٹس ایپ کے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین موجود ہیں جن کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنے کے لیے کمپنی مختلف اوقات میں نت نئے فیچرز متعارف کرواتی ہے۔

    ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن،  آئی او ایس اور ونڈو فون رکھنے والے صارفین کے لیے گروپ ویڈیو کالنگ کا آزمائشی فیچر متعارف کرایا جس کے تحت اب کم سے کم دو اور زیادہ سے زیادہ4 صارفین بیک وقت ویڈیو یا آڈیو کال پر آسانی کے ساتھ بات کرسکیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے واٹس ایپ کے دو آزمائشی فیچر متعارف کرائے جن سے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین فی الحال استفادہ  کرسکیں گے۔

    طریقہ کار 

    واٹس ایپ صارف اپنے کسی بھی دوست کو کال ملائے گا جس کے بعد اُسے اوپر دائیں طرف مزید لوگوں کو شامل کرنے کا آپشن دکھائے دے گا، اس پر کلک کر کے وہ اپنی مرضی کے شخص کو ویڈیو یا آڈیو کالنگ میں مدعو کرسکتا ہے۔ کال ملنے کے بعد صارف کے موبائل پر علیحدہ علیحدہ نمبرز نظر آئیں گے۔

    کمپنی کی جانب سے یہ فیچر آزمائشی طور پر متعارف کرواگیا جو فی الوقت اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ونڈو بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ہے، سروس کی کامیابی کے بعد اسے جلد عام صارفین کے لیے بھی پیش کردیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ: فارورڈ میسج کی نشاندہی کرنے والا فیچر متعارف

    واضح رہے کہ  واٹس ایپ انتظامیہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مختلف اوقات میں جدید فیچرز متعارف کرواتی ہے تاکہ سماجی رابطے کی دنیا میں اس کا شمار صف اول میں ہی ہو۔ قبل ازیں واٹس ایپ نے رواں ماہ فروری میں گروپ آڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا جسے صارفین نے بے حد پسند کیا تھا۔

    فیس بک کے بانی اور واٹس ایپ کے مالک مارک زکر برگ نے گزشتہ دنوں سال 2017 کی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق دنیا بھر میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے لوگوں کی تعداد ڈیڑھ ارب سے تجاوز کرگئی اور صارفین یومیہ 60 ارب سے زائد ایک دوسرے کو میسجز کرتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: فیس بک اور واٹس ایپ کے استعمال پر ٹیکس عائد

    یاد رہے کہ واٹس ایپ نے دو سال قبل اسکائپ کی طرز پر آڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کروایا تھا جس میں ایک سال کے اندر اتنی جدت آئی کہ گزشتہ برس واٹس ایپ کا ایک دوست کے ساتھ ویڈیو کالنگ کا فیچر بھی سامنے آگیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نوجوانوں کے نزدیک فیس بک قابل بھروسہ نہیں رہا، رپورٹ

    نوجوانوں کے نزدیک فیس بک قابل بھروسہ نہیں رہا، رپورٹ

    سانسس فرانسسکو: امریکی تحقیقاتی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک سے اکتا گئی  جس کی وجہ سے وہ اب دیگر سوشل سائٹس استعمال کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کی گئی حالیہ تحقیق میں حیران کُن انکشاف اُس وقت سامنے آیا کہ جب سوشل میڈیا استعمال کرنے کے حوالے سے اعداد و شمار کی رپورٹ مرتب کی گئی۔

    تحقیق میں انکشاف ہوا کہ سن 2015 کے مقابلے میں نوجوان فیس بک استعمال کرنے میں عدم دلچپسی ظاہر کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب اُن کی تعداد میں 20 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی۔

    نجی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ سروے رپورٹ کے مطابق تین سال کے تقابلی جائزے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فیس بک پر نوجوان صارفین کی تعداد 71 فیصد سے کم ہوکر 51 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ سوشل میڈیا کی دیگر ایپس انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کی مقبولیت میں بالترتیب 72 اور 69 فیصد اضافہ ہوا۔

    مزید پڑھیں: فیس بک اور واٹس ایپ کے استعمال پر ٹیکس عائد

    رپورٹ کے مطابق 12 سال سے 17 برس کی عمر کے صارفین جن میں لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں انہوں نے فیس بک کا استعمال ڈیٹا لیک ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر چھوڑا جبکہ یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے میں اُن کی دلچسپی خاصی حد تک بڑھ گئی۔

    تحقیقاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر نوجوانوں کی بڑی تعداد اتنی ہی تیزی کے ساتھ فیس بک کو خیرباد کہتی رہی تو ایک برس بعد سوشل میڈیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ کے 20 لاکھ سے زائد صارفین کم ہونے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ تحقیقاتی رپورٹ صرف امریکا کے نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے، ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے بعد فیس بک کو جن الزامات کا سامنا کرنا پڑا اور اُس کے بانی نے خود بھی صارفین کے ڈیٹا کے استعمال کا انکشاف کی اُس کے بعد لوگوں نے اس فارم پر اعتبار کرنا چھوڑ دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: فیس بک نے ٹرینڈنگ فیچر ختم کرنے کا اعلان کردیا

    دوسری جانب حیران کُن طور پر ان دو سالوں کے درمیان یوٹیوب، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور ٹویٹر کے صارفین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی بنیاد پر ماہرین کہتے ہیں کہ اب صارف فیس بک کے علاوہ دوسرے پلیٹ فارم کے استعمال کو فوقیت دیتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کون مرد کون عورت: ایک ایسی ایپ جو آپ کی صنف ہی بدل دے

    کون مرد کون عورت: ایک ایسی ایپ جو آپ کی صنف ہی بدل دے

    ماسکو: اگر یہ کہا جائے کہ ہم موبائل ایپلی کیشنز کی دنیا میں جی رہے ہیں تو مبالغہ نہیں ہوگا، اب اپنی صنف بدلنے کے لیے بھی ماہرین نے ایپ بنادی ہے۔

    ایک صنف سے دوسری صنف میں تبدیلی کے طبی عمل میں بلاشبہ خاصا وقت لگ جاتا ہے اور یہ ایک پے چیدہ عمل ہے، تاہم تصویر میں صنف کی تبدیلی اب محض ایک اشارے کی بات ہوگئی ہے۔

    فیس ایپ نامی اس ایپ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ صنفی تبدیلی غالباً اس کی دل چسپ ترین خصوصیت ہے، اور اکثر اس کے نتائج انتہائی حیران کن ہوتے ہیں۔

    یہ فلٹرز سے بالکل مختلف انداز میں کام کرتا ہے جسے ہم اسنیپ چیٹ کے ذریعے جانتے ہیں، فیس ایپ اس کی بجائے چہروں کو ’فیشل فیچرز‘ میں ملاکر تبدیل کرتا ہے، لہٰذا یہ ایک بند منھ کو ایک کھلے منھ کی مسکان میں کام یابی سے تبدیل کرسکتا ہے۔

    یہ ایپ مصنوعی ذہانت سے کام لیتے ہوئے چہرے کو فیشل فیچرز میں اس طرح ضم کرتا ہے کہ ایک بالکل نئی صورت سامنے آجاتی ہے۔ اس کے لیے یہ نیورل نیٹ ورکس کو استعمال کرتا ہے۔

    واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کی بڑی پریشانی ختم کردی

    اب کچھ مشکل نہیں اگر آپ اپنے چہرے کے خال و خد سے بے زار آئے ہوئے ہیں تو ایک ہی اشارے میں ہنستا مسکراتا منھ بنادیں۔

    واضح رہے کہ فیس ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے لیے تیار کیا گیا موبائل ایپلی کیشن ہے، جسے روسی کمپنی وائرلیس لیب نے بنایا ہے۔ اس میں نیورل نیٹ ورک ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے تصاویر میں چہروں کی نہایت حقیقی تبدیلی خود بہ خود واقع ہوتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سپریم کورٹ کے فیصلے سے 16 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: احسن اقبال

    سپریم کورٹ کے فیصلے سے 16 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: احسن اقبال

    اسلام آباد:  وزیر  داخلہ احسن  اقبال  نے  کہا  ہے  کہ  سپریم کورٹ کے  فیصلے سے  16  ارب  ڈالر  کا نقصان ہوا اور سرمایہ کاری رک گئی، 2017 کے اوائل  میں حکومتی  رفتار  برقرار رہتی تو اہداف پورے کر لیتے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی تقریروں میں  سب  پر کیچڑ اچھال کر  چلے  جاتے ہیں، چین اور کوریا میں کوئی  عمران  خان  ہوتا  تو  یہ ممالک بھی ترقی  نہ کرپاتے، انہیں صرف تنقید کرنا آتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو آئندہ سات سال میں دنیا کی 25 ویں معیشت میں شامل کرنا ہے، خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیا، امن کی جانب تیزی سے ترقی کررہے ہیں، ہماری حکومت نے 2013 میں جذبہ تعمیر سے حکومت کا اغاز کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے کھیل کے میدان اجڑ گئے تھے آج رونقیں دوبارہ آباد ہو رہی ہیں، ہر شہری پاکستان کو ٹاپ 20 ممالک میں لانے کی کوشش کرے، سی پیک جیسا بڑا اور اہم منصوبہ دونوں ممالک کی مشترکہ کاوش ہے، منصوبہ پاک چائنہ دوستی کو ہمالیہ سے بلند ستاروں تک لےگیا ہے۔

    سی پیک سے متعلق بھارت سازشیں کررہا ہے‘ احسن اقبال

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، حکومت نے تعلیم، ٹیکنالوجی کے بجٹ میں قابل قدر اضافہ کیا، اسپیس ٹیکنا لوجی میں تعلیم وتحقیق کو منشور میں بھی شامل کیا، الیکشن میں کامیاب ہوئے تو اسپیس ٹیکنا لوجی میں خاطرخواہ کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خلائی پروگرام چین کی مدد سے ترقی یافتہ پروگرامز میں شامل ہوچکا ہے، سیٹلائٹ 2018 کے وسط میں خلا میں بھیجا جائے گا، مواصلاتی سیٹلائٹ سے آئی ٹی، زراعت، صنعتی شعبوں میں فوائد کا حصول ہوگا، ہمارا مشن پاکستان کو ٹیکنالوجی اور جدت سے لیس کرنا ہے۔

    دہشت گردی اور ماحولیاتی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے: احسن اقبال

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی ترقی میں خلائی ترقی کا بہت اہم کردار ہے، مواصلاتی سیٹلائٹ کی ترقی کا سہرا بھی موجودہ حکومت کے سر جاتا ہے، امید ہے پاکستان 2020 میں  اپنے خلاباز بھیجنے کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • موبائل فون کی چارجنگ کے لیے سولر کوٹ تیار

    موبائل فون کی چارجنگ کے لیے سولر کوٹ تیار

    ٹوکیو: جاپان کے سائنس دان نے ایسا کوٹ تیار کیا ہے جو شمسی توانائی سے بجلی بنا کر اسمارٹ فون، ٹیبلٹ سمیت دیگر آلات کو  بیٹری ختم ہونے کے باوجود کبھی بند نہیں ہونے دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سائنسی دنیا میں نت نئی تخلیق کا سلسلہ جاری ہے، جس تیزی کے ساتھ دنیا کی آبادی میں اضافہ ہورہا ہے اُسی تیزی کے ساتھ ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی نئی نئی ایجادات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    انسانی زندگی کو آسان کرنے اور ہروقت رابطہ رکھنے کے لیے پہلے پہل موبائل فون ایجاد کیا گیا تاہم ٹیکنالوجی کی دنیا نے ترقی کرتے ہوئے اسے جدید سے جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا یہی وجہ ہے کہ اب اسمارٹ فون صارف صرف ایک کلک پر دنیا بھر میں رہنے والے کسی بھی شخص سے انٹرنیٹ کے ذریعے باآسانی رابطہ کرسکتا ہے۔

    charging-1

    اسمارٹ فونز کی ایجادات کے ساتھ ہی صارفین کو اس کی چارجنگ جلد ہونے کی شکایات کا سامنا ہے، اس ضمن میں دنیا بھر کے سائنس دان مسئلے کا حل نکالنے کے لیے کوشاں ہیں جس کے لیے وہ نت نئے تجربات بھی کرتے رہتے ہیں۔

    charging-2

    جاپان کے ایک سائنس دان نے ایسا کوٹ ایجاد کیا ہے جو سورج کی روشنی کو جذب کر کے  موبائل فون و دیگر برقی آلات چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کوٹ میں 2 عدد سیل لگائے گئے ہیں جو سولر سسٹم کا کام سرانجام دیتے ہیں۔

    charging-3

    شمسی توانائی سے برقی آلات کو چارج کرنے والے اس کوٹ کو جونیا وٹنا نے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا ہے جو اچھوتے اور غیر معمولی لباس تیار کرنے کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں، اس کوٹ کو ایف ڈبلیو 16 کا نام دیا گیا ہے۔

    کوٹ میں خصوصی طور پر ایک مائیکرو یو ایس بی پورٹ نصب کی گئی ہے جو موبائل فون کی چارجنگ کے لیے کارآمد ہے جب کے اس کی قیمت پاکستانی روپے کے حساب سے 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

  • سیکیورٹی خدشات، وفاقی حکومت نے پوکیومون گیم پر پابندی لگا دی

    سیکیورٹی خدشات، وفاقی حکومت نے پوکیومون گیم پر پابندی لگا دی

    اسلام آباد: سیکیورٹی خدشات کی وجوہات پر وفاقی ادارہ برائے نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ملک بھر میں سرکاری ملازمین کے ’پوکے مون گو ‘ گیم کھیلنے پر پابندی لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ نے ملک بھر کے  سرکاری ملازمین کو پوکے مون گو گیم نہ کھیلنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتباہ جاری کردیا ہے۔

    پڑھیں:  پوکے مون گو ذاتی معلومات افشا کرسکتا ہے

     ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’پوکے مون گیم کھیلنے کے دوران موبائل کا جی پی ایس اور کیمرا خود بہ خود آن ہوجاتے ہیں جس سے حساس مقامات کی تصاویر اور لوکیشن لیک ہونے کا خطرہ ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں: مقبول ترین موبائل ویڈیو گیم ’پوکی مون گو‘ کھیلنا حرام قرار

    انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’گیم کھیلنے سے صارف کے جی میل اکاؤنٹ تک رسائی ممکن ہوجاتی ہے جس سے لوکیشن اور صارف کے رابطہ نمبرز لیک ہوسکتے ہیں‘‘۔ادارے کی جانب سے تمام ملازمین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے یا رشتہ داروں کے کمپیوٹر ، اسمارٹ فونز میں یہ گیم انسٹال نہ کریں۔

    یہ بھی پڑھیں: ایران نے پوکے مون گو گیم کھیلنے پر پابندی لگادی

    یاد رہے امریکا اور اسرائیل سمیت کئی ممالک کے حساس اداروں کی جانب سے حساس و دفاعی تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لیے پہلے ہی گیم پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

  • ٹیکنالوجی میں جرائم پیشہ افراد پولیس سے آگے ہیں، آئی جی سندھ

    ٹیکنالوجی میں جرائم پیشہ افراد پولیس سے آگے ہیں، آئی جی سندھ

    کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں جرائم پیشہ افراد پولیس سے زیادہ تربیت یافتہ ہیں اورموجود ٹیکنالوجی سے مجرموں کو پکڑنا آسان کام نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی چیمبرآف کامرس میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے میدان میں آنے پر پولیس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ہائی پروفائل قتل سے پولیس کا اعتماد بھی متاثر ہوتا ہے، کوئی دہشت گرد ویزا لے کر نہیں آتا،دہشت گرد اپنی سوچ کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

    اے ڈی خواجہ نے کہا کہ دہشت گردوں سے کسی صورت نہیں ڈریں گے، سسٹم کمزور ہے، ٹیکنالوجی میں کرمنلز پولیس سے آگے ہیں، موجود ٹیکنالوجی سے مجرم کو پکڑنا آسان کام نہیں۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سی پی ایل سی کے اعداد وشمار کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں پچھلے آٹھ ماہ میں چوبیس فیصد کمی ہوئی ہے، دوہزار تیرہ سے اب تک اسی ہزار ملزمان پکڑے ہیں۔

    اے ڈی خواجہ نے شکوہ کیا کہ ننانوے فیصد شہری اسٹریٹ کرائم کی ایف آئی آر درج نہیں کرواتے،جس کے باعث مجرم چند ماہ میں واپس سڑکوں پر جرائم کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

  • تھری ڈی فلموں کے ناظرین کے لئے  خصوصی ہیلمٹ تیار

    تھری ڈی فلموں کے ناظرین کے لئے خصوصی ہیلمٹ تیار

    ٹوکیو : جاپان نے تھری ڈی فلموں کے دیکھنے کے لئے دوربین کی شکل کا نیا ہیلمٹ متعارف کرادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  سونی کمپنی نے ایچ ایم زیڈ ٹی ون نامی ہیلمٹ متعارف کروادیا ہے۔ یہ تھری ڈی فلموں کو صرف ایک شخص کی آنکھوں تک محدود رکھنے کے کام آئے گا۔ ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کے استعمال سے تیار ہونے والے اس الیکٹرونک آلے میں ساؤنڈ سسٹم بھی موجود ہے۔

    تھرڈی دیکھنے کے شوقین افراد کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے جاپان کےانجینئرزسر توڑ کوششوں کے بعد بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اب ناظرین گھر بیٹھے سینما کا لطف اٹھاتے ہوئے من پسند فلمیں باآسانی دیکھ سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ ڈیوائس پلے اسٹیشن اوراس طرح کی دیگر ڈیوائسسز  کے ساتھ بھی منسلک کی جاسکتی ہے۔ اس ہیلمٹ کی قیمت  763 ڈالر مقرر کی گئی ہے اورمارکیٹ میں فروخت کے لئے پیش کیا جاچکا ہے۔

  • ویڈیو کالنگ اپلیکشن اسکائپ میں نئی اپ ڈیٹ متعارف

    ویڈیو کالنگ اپلیکشن اسکائپ میں نئی اپ ڈیٹ متعارف

    کراچی: ویڈیو کالنگ اپلیکشن اسکائپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے نئی اپ ڈیٹ متعارف کرا دی۔

    اینڈرائیڈ اورآئی اوایس ڈیوائسز کےلیے اسکائپ کونئےری ڈیزائن کےساتھ پیش کیا گیا ہے،اس سے قبل مائیکروسافٹ نےسکائپ کے موبائل انٹرفیس میں تبدیلی کرتے ہوئےونڈوز فون کے عنصر کو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ موبائلز میں لانے کی کوشش کی تھی، مگر نئے ڈیزائن میں اسے ختم کردیا گیا۔

    آئی او ایس ورژن اوراینڈرائیڈکے صارفین اب زیادہ تیزی سے کالز یا بات چیت کو ڈیلیٹ کرسکیں گےتاہم ونڈوزفون کے صارفین کے لیے سکائپ کی پرانی شکل کو برقرار رکھا گیا ہے۔

  • فائیو جی سے ڈیٹا کی تیزترین ترسیل ممکن

    فائیو جی سے ڈیٹا کی تیزترین ترسیل ممکن

    لندن: سائنس دانوں نے فائیوجی ٹیکنالوجی کی مدد سے کم سے کم وقت میں ڈیٹا کوایک موبائل سے دوسرے موبائل میں منتقل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی سرے یونیورسٹی کے فائیو جی انوویشن سینٹر میں ایک ٹیرابائٹ یعنی ایک کھرب ہندسوں کو ایک سیکنڈ میں منتقل کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رفتار ڈیٹا ترسیل کرنے کی موجودہ رفتارسے کئی ہزار گنا زیادہ ہے۔

    اس ٹیکنالوجی کی تیاری کے لیے فائیو جی آئی سی کے سربراہ پرامید ہیں کہ دوہزاراٹھارہ تک اسے عوام کے سامنے پیش کرنے کے قابل بنالیا جائے گا۔

    محتاط اندازے کے مطابق یہ ٹیکنالوجی دوہزار بیس تک برطانیہ میں دستیاب ہوگی۔