Tag: Tehran

  • تہران میں بدترین آبی بحران، چند ہفتے اہم، ماہرین نے وجہ بتادی

    تہران میں بدترین آبی بحران، چند ہفتے اہم، ماہرین نے وجہ بتادی

    آئندہ چند ہفتوں کے دوران ایران کے دارالحکومت تہران کو شدید آبی بحران کا سامنا ہو سکتا ہے، تہران ’ڈے زیرو‘ (یعنی کہ وہ دن جب نلکوں میں پانی آنا بند ہو جائے گا) کے خطرے سے دوچار ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران اس وقت تاریخ کے بدترین آبی بحران سے دوچار ہے۔ جس میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تہران کے اہم آبی ذخائر تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، حکام کی جانب سے پانی کے کم استعمال کے لئے ہنگامی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں، جبکہ شہری بھی پانی بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ مکمل خشک سالی سے بچ سکیں۔

    رواں ہفتے کے آغاز میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیاں نے بھی اعتراف کیا کہ اگر پانی کے بحران سے متعلق فوری فیصلے نہ کیے گئے تو مستقبل میں ایک ایسا بحران پیدا ہو سکتا ہے جس کا حل نا ممکن ہوگا۔

    ماہرین کے مطابق اس بحران کے پیچھے کئی دہائیوں پر محیط ناقص آبی منصوبہ بندی، وسائل اور مانگ کے درمیان بڑھتا ہوا عدم توازن اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے عناصر موجود ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت مسلسل پانچویں سال خشک سالی کی لپیٹ میں ہے، ملک کے کئی حصوں میں شدید گرمی کی بھی لہر جاری ہے۔

    موسمیاتی تاریخ کے ماہر میکسی میلیانو ہیریرا کا کہنا ہے کہ رواں ماہ ایران کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زائد تک گیا ہے۔

    مزید دو اہم ممالک نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اشارہ دیدیا

    ماہرین کا ماننا ہے کہ مملکت نے اگر فوری طور پر ٹھوس اقدامات نہ اُٹھائے تو ناصرف تہران بلکہ دیگر بڑے شہروں میں بھی پانی کے مکمل بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

    برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

    تہران: برطانیہ نے ایرانی دارالحکومت تہران میں ایران اسرائیل جنگ کے باعث بند کیا گیا اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی دفترخارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عارضی بندش کے بعد ایرانی دارالحکومت تہران میں سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایران اسرائیل جنگ کے بعد برطانیہ نے تہران میں اپناسفارتخانہ عارضی طور پربندکرکے اپنے سفارتی عملے کو بھی واپس بلالیا تھا۔

    اس کے علاوہ کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات نے بھی ایران سے اپنے شہریوں کا انخلا مکمل کر نے کا اعلان کیا تھا۔

    ایرانی فوج ہائی الرٹ:

    ایران پر اسرائیل کی جانب سے ممکنہ دوبارہ حملے کے خدشے کے باعث ایرانی فوج کو مکمل ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے ایران نے فوجی تیاریوں کو مکمل کرلیا ہے، جبکہ ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر نے کہا ہے کہ اگر جارحیت کی گئی جوابی کارروائی پہلے سے زیادہ شدید ہوگی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ ایک بار پھر اسرائیل کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور ان کی نیتن یاہو سے حالیہ ملاقات کو ”پہلے سے طے شدہ ڈرامہ”قرار دیا جا رہا ہے۔

    ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق ملک کے خفیہ مقامات پر ہزاروں میزائل اور ڈرونز بالکل تیار ہیں، اس بار جنگ میں قدس فورس، نیوی اور آرمی کو مکمل طور پر استعمال کیا جائے گا۔

    اسرائیل حماس مذاکرات کا تیسرا دور، کوئی بڑی پیش رفت پیش رفت نہ ہوسکی

    واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے شروع کیے تھے، جن میں ایران کے اعلیٰ فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں کو شہید کیا گیا تھا، اس کے بعد ایران نے بھی اسرائیلی علاقوں پر شدید میزائل حملے کیے، جس میں اسرائیل نے 28 اسرائیلی شہریوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • ایران میں اسرائیلی حملے سے شہادتوں کی تعداد 585 تک جا پہنچی، سینکڑوں زخمی

    ایران میں اسرائیلی حملے سے شہادتوں کی تعداد 585 تک جا پہنچی، سینکڑوں زخمی

    ایران میں اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی تعداد 585 ہوگئی جبکہ سینکڑوں شہری کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں اسرائیلی جارجیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد سے متعلق رپورٹ شیئر کردی ہے۔

    ہیومن رائٹس گروپ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں ایران بھر میں کم از کم 585 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 1326 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

     ہیومن رائٹس گروپ کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں 239 عام شہری اور 126 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں جبکہ دیگر کی شناخت جاری ہے۔

    دوسری جانب ایرانی حکومت نے تاحال ان حملوں کے بعد باقاعدہ اموات کی اپ ڈیٹ جاری نہیں کی ہے، آخری بار پیر کو جاری کیے گئے ایرانی اعداد و شمار کے مطابق 224 افراد کی شہید اور 1277 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

    ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس کا کہنا ہے کہ وہ ایران میں موجود اپنے ذرائع اور مقامی رپورٹس کو باہم ملا کر تصدیق شدہ معلومات فراہم کرتے ہیں۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے 12 اور 13 جون کی درمیانی شب ایران کیخلاف جارحیت کرتے ہوئے تہران سمیت مختلف شہروں پر حملے کیے، جس میں اب تک فوجی سربراہان، ایٹمی سائنسدانوں سمیت کئی افراد شہید ہوچکے ہیں۔

    ایران نے اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس، تل ابیب، حیفہ سمیت دیگر شہروں پر بیلسٹک اور ہائپر سونک میزائلوں سے حملہ کیا، جس میں اب تک 25 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

  • امریکی صدر ٹرمپ تہران خالی کرنے کا انتباہ دے دیا

    امریکی صدر ٹرمپ تہران خالی کرنے کا انتباہ دے دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو تہران فوری طور پر خالی کرنے کا انتباہ دے دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق مسلسل پانچویں دن اسرائیل اور ایران کے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں، ایسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ تہران کو خالی کر دیں، ان کا کہنا تھا ایران نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو روکنے کے معاہدے کو مسترد کیا ہے۔

    اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ’’ایران کو اس معاہدے پر دستخط کرنا چاہیے تھے جس پر میں نے انھیں دستخط کرنے کے لیے کہا تھا۔ کتنی شرم کی بات ہے، اور انسانی زندگی کا ضیاع۔ سادہ لفظوں میں کہا گیا، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتے۔ میں نے بار بار کہا! ہر کسی کو فوری طور پر تہران کو خالی کر دینا چاہیے!‘‘


    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    یاد رہے کہ اس سے قبل ایران نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے شہریوں کو فوری انخلا کا انتباہ دیا تھا، ایران نے عبرانی زبان میں جاری بیان میں اسرائیلی عوام کو خبردار کرتے ہوئے پیغام دیا کہ تل ابیب محفوظ نہیں رہا لہٰذا فوری چھوڑ دیں۔

    دریں اثنا، کینیڈا میں جی سیون اجلاس کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی وزیر اعظم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا بائیڈن انتظامیہ کی ناکام پالیسیوں کے باعث جنگیں شروع ہوئیں، ہم ایران اور اسرائیل کشیدگی کم کرنے کے لیے ہی اکٹھے ہوئے ہیں، آپ سب جانتے ہیں اسرائیل بہت اچھا کر رہا ہے، ہم نے ایران کو 60 دن دیے تھے انھوں نے انکار کیا۔

    ٹرمپ نے کہا میراخیال ہے نیو کلیئر ڈیل پر ایران کو سائن کرنا ہوگا، ایران نیو کلیئر ڈیل پر دستخط نہیں کر رہا وہ بے وقوف ہے۔

  • تہران میں موساد کی ڈرون بنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی، 2 ایجنٹ گرفتار

    تہران میں موساد کی ڈرون بنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی، 2 ایجنٹ گرفتار

    ایرانی حکام نے ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کی ڈرون بنانے والی فیکٹری پکڑ لی ہے۔

    ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے تہران اور البرز صوبوں میں الگ الگ کارروائیوں میں دو ایجنٹوں کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

    ایران کی پولیس کمانڈ کے ترجمان سعید منتظر المہدی کے مطابق یہ گرفتاریاں تہران کے جنوب میں واقع رے کاؤنٹی کے ضلع فشفویہ میں کی گئیں۔

    ایران نے موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دے دی

    رپورٹ کے مطابق پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں موساد کے ایجنٹوں کے قبضے سے 200 کلو بارود اور 23 ڈرونز کا سامان اور دیگر آلات برآمد کرلیے ہیں۔

    تسنیم نیوز کا کہنا ہے تین منزلہ عمارت اسرائیلی ایجنٹوں کی جانب سے ڈرونز کی تیاری اور انہیں دہشتگرد کارروائیوں کیلئے استعمال کی جا رہی تھی۔

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ موساد کے کارندے ملک کے اندر تخریب کاری کی کوشش کر رہے ہیں، جس میں بارود سے لدے چھوٹے ڈرونز کو اسٹریٹیجک مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے تعینات کرنا بھی شامل ہے۔

    واضح رہے کہ یہ گرفتاریاں 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے رات بھر کے غیر معمولی حملوں کے بعد کی گئی ہیں، جس نے تہران اور دیگر شہروں کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    دوسری جانب ایران میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار شخص کو پھانسی دی گئی ہے۔ ایران کی سپریم کورٹ نے جاسوس اسماعیل فکری کو مکمل فوجداری مقدمے کے بعد آرٹیکل سکس کے تحت سزائے موت کا حکم دیا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں

  • ایران کے دارالحکومت تہران میں دفاعی سرنگ کی تعمیر شروع

    ایران کے دارالحکومت تہران میں دفاعی سرنگ کی تعمیر شروع

    ایران دارالحکومت تہران میں اسرائیل کے حالیہ حملوں کے بعد ’دفاعی سرنگ‘ کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ دفاعی سرنگ بنانے کا فیصلہ اسرائیل کی جانب سے ملک میں مختلف اہداف کو نشانہ بنانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    تہران میٹرو کے ایک اسٹیشن کو شہر کے وسط میں موجود ٹنل امام خمینی اسپتال سے ملائے گی، جس کے باعث اس اسپتال تک زیرزمین رسائی ممکن ہوجائے گی۔

    تہران سٹی کونسل کے ٹرانسپورٹ کے ہیڈ نے ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ کو بتایا کہ ’ملک کی تاریخ میں پہلی بار دفاعی تناظر سے ایک سرنگ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیل نے ایران پر پہلی مرتبہ باضابطہ تسلیم شدہ حملہ کیا تھا، اس حملے میں تہران کے قریب واقع میزائل کی فیکٹریوں اور دیگر عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملے کی دھمکی دی ہے۔

    نیتن یاہو کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے حملے کی صورت میں اسرائیل ایران کی تیل کی تنصیبات پرحملہ آور ہوسکتا ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی صدر امریکی دورے پر ہیں جہاں اُن کی امریکی صدر بائیڈن سے ملاقات متوقع ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر ایران کی جانب سے ایک اور حملہ ایرانیوں پر اربوں روپے کے ڈاکے کے مترادف ہوگا۔

    حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں 2 اسرائیلی ہلاک

    انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ اگر اسرائیل نے ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملہ کردیا تو ایران میں معاشی تباہی کی صورتحال پیدا ہوجائے گی۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کی تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    وزیر اعظم شہباز شریف کی تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    تہران: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے تعزیتی دورے پر تہران میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان، آذربائیجان، قطر اور ترکیہ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

    تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالےسے بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوو کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے باکو میں ہونے والی 29 ویں اقوام متحدہ کانفرنس کی کامیابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات اور باہمی دل چسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم کی ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور ترکیہ کے وزیر خارجہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دو طرفہ اور باہمی دل چسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔

  • پیوٹن ترک صدر کا انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے، ویڈیو وائرل

    پیوٹن ترک صدر کا انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے، ویڈیو وائرل

    تہران: ایران کے دارالحکومت میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردگان کا انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں منگل کو روسی صدر پیوٹن کو صحافیوں کے ہجوم کی وجہ سے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردگان سے ملنے کے لیے 50 سیکنڈ انتظار کرنا پڑا۔

    تہران میں دونوں رہنماؤں کی میٹنگ سے قبل کیمرے تقریباً ایک منٹ تک روسی صدر کے چہرے کے تاثرات کو ریکارڈ کرتے رہے، جو غیر متوقع انتظار کے باعث عجیب ہو گئے تھے۔

    روسی صدر کو بہت سارے کیمروں کے درمیان بالکل غیر متوقع طور پر اپنے ترک ہم منصب کا انتظار کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ سے ان کے چہرے پر عجیب تاثرات ابھرے، اور وہ بے چینی سے کھڑے کھڑے پہلو بدلتے رہے۔

    خیال رہے کہ پیوٹن اور اردگان ایران کی میزبانی میں شام کے بحران پر ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کے لیے تہران پہنچے تھے۔

    عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اردگان کو ماسکو میں 2020 کے اجلاس میں شرکت کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا تھا، پیوٹن کو یہی تاثر دینے کے لیے شاید یہ جان بوجھ کر کیا گیا۔

    منگل کو جب پیوٹن ملاقات کے کمرے میں داخل ہوئے تو انھیں شاید یہ امید تھی کہ اردگان تیزی سے آگے بڑھ کر ان سے مصافحہ کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا، اردگان پورے پچاس سیکنڈ بعد ان کی طرف بڑھے، لیکن پیوٹن پر یہ پچاس سیکنڈ بہت بھاری پڑے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ایک سیکنڈ روسی صدر کے لیے گزارنا سخت مشکل ہو گیا تھا، اور وہ اپنا وزن بار بار ایک ٹانگ سے دوسری ٹانگ پر منتقل کرتے رہے، اس دوران ان کے چہرے کا تاثر بھی عجیب ہو گیا تھا۔

    مشرق وسطیٰ کی میڈیا آرگنائزیشن نیشنل نیوز کے سینئر نمائندے جوائس کرم نے ایک ٹویٹر پوسٹ میں اردگان کے اس عمل کو ‘سویٹ پے بیک’ قرار دیا، جب پیوٹن نے ترک رہنما کو 2020 میں ماسکو میں ہونے والی میٹنگ سے قبل تقریباً 2 منٹ انتظار کرایا تھا۔

    ترک میڈیا نے اس وقت رپورٹ کیا تھا کہ اردگان اور ان کے عملے نے باہر انتظار کرنے پر مجبور ہونے کے بعد ذلت محسوس کی۔

  • مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی جھیل خشک ہونے پر ایران میں مظاہرے

    مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی جھیل خشک ہونے پر ایران میں مظاہرے

    تہران: ایران میں مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی جھیل کے خشک ہونے پر احتجاج کرنے والے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران میں موجود مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی سمجھی جانے والی جھیل کے خشک ہونے پر احتجاج کرنے والے متعدد افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ مظاہرین جھیل کے خشک ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے سیکیورٹی میں خلل ڈالنے کا سبب بن رہے تھے۔

    اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے مطابق شمال مغربی ایران کے پہاڑوں میں واقع ارمیہ جھیل طویل خشک سالی کے باعث علاقے میں کھیتی باڑی اور ڈیموں کے لیے پانی نکالنے کی وجہ سے سنہ 1995 میں سکڑنا شروع ہوگئی تھی۔

    دنیا کی یہ سب سے بڑی انتہائی نمکین پانی کی ارمیہ جھیل ایرانی علاقے ارمیہ اور تبریز شہر کے درمیان واقع ہے، اس جھیل کے ارد گرد ساحلوں پر تقریباً 60 لاکھ سے زائد افراد زراعت پر انحصار کرتے ہیں۔

    ایران کے مغربی صوبے کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان دشمن عناصر کے طور پر شر پھیلانے والے افراد ہیں جن کا مقصد عوام کی سلامتی کو درہم برہم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے صوبائی دارالحکومت میں احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے ارمیہ جھیل پیاسی ہے، جھیل سکڑ رہی ہے، جھیل مر رہی ہے اور حکام نے اسے مارنے کا حکم دیا ہے۔

    ایران میں دریاؤں کے خشک ہونے، خاص طور پر وسطی اور جنوب مغربی ایران میں ہزاروں افراد نے گزشتہ چند مہینوں میں متعدد مظاہرے کیے ہیں۔

  • وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے

    وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے

    تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے جہاں وہ اپنے ہم منصب سمیت ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے، تہران میں پاکستانی سفیر اور ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایرانی ہم منصب سمیت ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    وزیر خارجہ تہران میں منعقدہ ہمسایہ ممالک کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، شاہ محمود علاقائی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    وزیر خارجہ دورہ ایران کے دوران میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے اور ان کے سامنے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔