Tag: Tehran

  • ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، دوافراد ہلاک

    ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، دوافراد ہلاک

    تہران : ایران کے دارالحکومت تہران کے نزدیک دماوند شہر میں گزشتہ رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ کے باعث دو افراد جاں بحق جبکہ 23زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر دماوند میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی، زلزلے میں دوافراد جاں بحق ہوگئے۔

    ایرانی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 48 منٹ پر تہران سے 69 کلومیٹر دور دماوند علاقے میں آیا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلے کے جھٹکے البرز، قم، قزوین اور مازندران صوبے میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے باعث لوگ خوف زدہ ہوکر گھروں سے نکل کر کھلے میدانوں، پارکوں اور بڑی شاہراہوں کی جانب چلے گئے تھے۔

    ایران کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشن کے ترجمان کے مطابق زلزلے سے ایک 60 سالہ شخص اپنی جان بچانے کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے اور ایک 21 سالہ خاتون حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئیں۔

    مختلف مقامات پر زلزلے کی وجہ سے کم از کم 23 افراد بھی زخمی ہو گئے، اطلاعات کے مطابق تہران کے مغربی علاقے سے پانچ اور گیلاوند شہر سے چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران کسی محفوظ مقام پر جانے کے دوران یہ افراد زخمی ہو گئے۔ سینٹر نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز 35.777 ڈگری شمالی عرض بلد اور 52.045 ڈگری مشرقی طول بلد میں زمین کی سطح سے سات کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ ایران میں کل رات آنے والے زلزلے کے بعد اسپتالوں، امدادی ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

  • تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    بیجنگ / تہران: ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران میں جامعات اور سینما بند کردیے گئے، شہر کے ضلعی میئر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ چین میں جان لیوا وائرس سے مزید 96 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے ایران میں 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات اور سینما ایک ہفتے کے لیے بند کردیے گئے۔

    ایران میں اب تک 18 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں تہران کے 13 ضلعوں کے میئر مجتبیٰ رحمٰن زادہ بھی شامل ہیں۔

    دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے مزید 96 افراد موت کے گھاٹ اتر گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2 ہزار 458 ہوگئیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز کرونا وائرس کے مزید 648 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار ہوگئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ 10 ہزار 968 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    چین کے بعد جنوبی کوریا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 556 سے تجاوز کر گئی جبکہ 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اٹلی میں جان لیوا وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہوگئی۔ وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خدشے کے تحت اٹلی کے شمالی علاقوں میں اسکول بند کردیے گئے ہیں۔

  • طیارے کی تباہی کا اعتراف، ایران میں بڑے پیمانے پر احتجاج ، ذمہ داروں کی برطرفی کا مطالبہ

    طیارے کی تباہی کا اعتراف، ایران میں بڑے پیمانے پر احتجاج ، ذمہ داروں کی برطرفی کا مطالبہ

    تہران : تہران سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد کا احتجاج جاری ہے اور مظاہرین نے طیارہ حادثے کے ذمےداروں کی برطرفی کا مطالبہ کردیا ہے، ٹرمپ نے ایرانی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کے طیارے کی ایرانی میزائل سے تباہی کے بعد ایران میں مظاہرے جاری ہے ، تہران سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے اورطیارہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

    تہران میں یوکرین طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا، شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں موجود برطانوی سفیر کو مختصر وقت کے لئے حراست میں لے کر رہا کردیا گیا۔

    برطانیہ نے سفیر کو حراست میں لئے جانے پر شدید احتجاج اور مذمت کی ، برطانوی وزیرخارجہ ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ ایران نے سفیر کو حراست میں لے کرعالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، سفیراحتجاج میں شریک نہیں تھے ، شمعیں روشن کرکے چلے گئے تھے۔

    دوسری جانب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی مظاہرین سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے فارسی میں بھی ٹوئٹ کیا، صدرٹرمپ کا کہنا تھا ایران کی صورتحال پرگہری نظرہے۔

    یاد رہے یوکرین کا مسافرطیارہ تہران ائیرپورٹ سے پروازکے کچھ دیربعدایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں 176 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    بعد ازاں ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے کہا تھا واقعہ پرقوم سے معافی مانگتے ہیں ، یوکرین طیارے کو غلطی سے کروز میزائل سمجھا گیا۔

  • وزیر خارجہ کی جواد ظریف سے ملاقات، پُرامن حل کیلیے مذاکرات کا راستہ اپنانے پر زور

    وزیر خارجہ کی جواد ظریف سے ملاقات، پُرامن حل کیلیے مذاکرات کا راستہ اپنانے پر زور

    تہران : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات میں کہا کہ خطے کو کشیدگی سے بچانے اور امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کرناہوں گی،پر امن حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ایران امریکا کشیدگی،خطے میں دیرپا امن اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی۔

    وزیرخارجہ نے کہا کشیدگی پر قابو کے لیے تحمل ،برداشت،دانشمندی کامظاہرہ کرناہوگا، معاملات کے پر امن حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے، خطے کو کشیدگی سے بچانے اور امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کرناہوں گی۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے خطےمیں امن کےلیےعمران خان کےعزم کوسراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی امن کوششوں کی تائیداورخیرمقدم کرتےہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مشہد پہنچے تھے ، جہاں ڈپٹی گورنر جنرل خراسان نے ان کا استقبال کیا ، وزیر خارجہ نے مشہد میں امام رضاعلیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضری دی ، حاضری کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی وفد کے ہمراہ تہران روانہ ہوئے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں ‌بنے گا‘: شاہ محمود قریشی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات

    بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا،

    شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ایرانی صدر کو پاکستانی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی طرف سے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

    وزیر خارجہ کا خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، خطے میں امن کے لیے پاکستان مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں، ایران کے بعد اب وہ سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

  • عراق میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے پس پردہ اسرائیل ہے، ایران کا الزام

    عراق میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے پس پردہ اسرائیل ہے، ایران کا الزام

    تہران : ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ عراق میں جاری پر تشدد مظاہروں میں پس پردہ اسرائیل ملوث ہے کیونکہ اسرائیل کا مقصد مذہبی اجتماعات کو متاثر کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے سینیئر مذہبی رہنما آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے کہا ہے کہ عراقی دارالحکومت میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے پس پشت اسرائیلی ہاتھ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل رواں مہینے کے دوران  منعقدہ مذہبی اجتماعات کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔ ایرانی رہنما آیت اللہ محمد امامی کاشانی کے مطابق کربلا میں منعقد ہونے والی عربئین کی مذہبی رسومات کو امریکا اور صیہونی ریاست نشانہ بنا کر وہاں جمع ہونے والے لاکھوں زائرین کے اجتماع میں گڑبڑ پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ عراق میں رواں ہفتے کے دوران ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 46تک پہنچ گئی ہیں۔

    علاوہ ازیں عراق کے مذہبی رہنما آیت اللہ سیستانی نے بھی سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین پر پُرتشدد کارروائیوں سے دور رہنے پر زور دیا ہے۔

    عراق میں حکومت مخالف مظاہروں پر آیت اللہ سیستانی کا کہنا ہے کہ حکومت مظاہرین کے مطالبے پر توجہ دے، اس سے قبل کہ دیرہوجائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوامی خدمات میں بہتری لائے، روزگار کے مواقع پیدا کرے، کرپشن سے نمٹے اور مجرموں کو سزادے۔

    مزید پڑھیں : عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

    اب تک کی تازہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چار روز سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں درجنوں افرآد ہلاک جبکہ سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ان زخمیوں میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ عراق میں مظاہروں کے بعد مختلف شہروں میں فوج بھی تعینات ہے جبکہ ناصریہ شہر کو فوج کے حوالے کیا گیا ہے۔

  • بیوی کو قتل کرنے والے تہران کے سابق میئر کی رہائی

    بیوی کو قتل کرنے والے تہران کے سابق میئر کی رہائی

    تہران : ایرانی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ مقتولہ کے اہل خانہ نے قاتل کو معاف کر دیا،رہائی عدالتی فیصلے پر ضمانت کے عوض عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں حکام نے تہران کے سابق میئر محمد علی نجفی کو رہا کر دیا ہے۔ نجفی کو اپنی دوسری بیوی کو قتل کرنے پر موت کی سزا سنائی گئی تھی تاہم مقتولہ کے اہل خانہ نے قاتل کو معاف کر دیا،سابق میئر کی رہائی عدالتی فیصلے پر ضمانت کے عوض عمل میں آئی۔

    نجفی کے وکیل حمید رضا گودارزئی نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ ان کے 67 سالہ مؤکل کو تقریبا 2.4 لاکھ ڈالر کی ضمانت کے عوض رہا کیا گیا ہے،نجفی کو بغیر لائسنس کا اسلحہ رکھنے پر دو سال قید کی سزا بھی سنائی گئی،اس کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔

    محمد علی نجفی نے رواں سال 28 مئی کو تہران میں گھر کے اندر اپنی دوسری بیوی مِترا اوستاد (35 سالہ) کو سینے میں گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا،واقعے کے چند گھنٹوں بعد نجفی نے خود کو پولیس کے حوالے کر کے اعترافِ جرم کر لیا۔

    البتہ اس موقع پر پولیس افسران اور اہل کاروں اور میڈیا کی جانب سے نجفی کے لیے دکھائی جانے والی گرم جوشی نے اس حوالے سے تنازع کھڑا کر دیا کہ سرکاری ذمے داران اور عام شہریوں کے ساتھ حکام کے برتاؤکا دہرا معیار ہے۔

    ایرانی قانون کے مطابق اگر کوئی شخص قتل کا ارتکاب کرتا ہے تو مقتول کے اہل خانہ کو قصاص طلب کرنے یا مالی دیت کے عوض معاف کر دینے کا حق حاصل ہوتا ہے۔

    دو ہفتے قبل مقتولہ مترا کے بھائی مسعود اوستاد نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ اعلان کیا تھا کہ ہم نے نجفی صاحب کو دیت کے مطالبے کے بغیر معاف کر دیا ہے۔اس طرح نجفی پھانسی کے پھندے کے علاوہ مقتولہ کے اہل خانہ کو دیت کی ادائیگی پر مجبور ہونے سے بھی بچ گیا۔

  • جوہری معاہدے کی پاسداری کیلئے فرانسیسی مندوب کی ایرانی حکام سے ملاقات

    جوہری معاہدے کی پاسداری کیلئے فرانسیسی مندوب کی ایرانی حکام سے ملاقات

    پیرس : فرانس کی جانب سے ایک مندوب تہران روانہ کیا گیا ہے جس کا کام ایرانی حکومت کو جوہری معاہدے کی پاس داری پر راضی کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر امانویل ماکروں ایران اور امریکا کے درمیان تنازعے کے حل کے لیے یورپ کے قائدانہ کردار کے خواہاں ہیں، فرانس کی جانب سے ایک مندوب تہران روانہ کیا گیا، جس کا مقصد ایرانی حکومت کو جوہری معاہدے کی پاس داری پر راضی کرنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس ڈیل کے تحت ایران کی جوہری سرگرمیوں کو محدود بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مئی 2018 میں امریکا کی جانب سے اس معاہدے سے نکل جانے اور ایران کے خلاف ایک مرتبہ پھر سخت ترین پابندیوں کے نفاذ کے بعد ایران نے اپنے ہاں یورینیم کی افزودگی میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

    یورپ کی کوشش ہے کہ ایران کو جوہری معاہدے پر عمل درآمد پر راضی کرے جب کہ امریکا پر دباؤ ڈالے کے وہ ایران کے خلاف پابندیوں کو کچھ نرمی کرے۔

  • خطے کے مسائل گفتگو سے حل کرنے اور جنگ سے گریز کی ضرورت ہے، امیر قطر

    خطے کے مسائل گفتگو سے حل کرنے اور جنگ سے گریز کی ضرورت ہے، امیر قطر

    تہران : ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ قطر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیج عُمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے اور امریکا کی طرف سے اس کے دستاویزی ثبوت فراہم کیے جانے کے بعد ایک طرف تہران کے تخریبی کردار کی شدید مذمت جاری ہے اور دوسری طرف قطر نے تہران کے ساتھ تعاون کو مزید وسیع کرنے پر زور دیا ہے۔

    عرب ٹی وی کا کہنا تھا کہ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبہ میں ایشیائی تعاون تنظیم ’سیکا‘ کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

    قطری امیر نے ایرانی صدر کو یقین دلایا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

    ایرانی ایوان صدر کی ویب سائیٹ پر جاری ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ صدر حسن روحانی اور امیر قطر کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کے ساتھ اہم امور پر مشاورت بھی کی گئی۔ دونوں رہنماﺅں نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ وہ تمام پڑوسی ملکوں بالخصوص قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ قطر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

    ایرانی صدر نے قطر کے ساتھ تعلقات کو برادرانہ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے مفادات مشترک ہیں اور دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے وسائل موجود ہیں۔ ہمیں ان وسائل اور طاقت کو دونوں قوموں کے مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

    اس موقع پر امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے خطے کے تمام مسائل کوبات چیت کے ذریعے حل کرنے اور جنگ سے حتی الامکان گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ دوحہ تہران کےساتھ ہر سطح پر تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

  • ایران نے یورنیم افزودگی دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا

    ایران نے یورنیم افزودگی دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا

    تہران : جوہری معاہدے سے امریکی دستبرداری کے 1 سال بعد ایران 2015 میں طے ہونے والے معاہدے کی اہم شرائط سے نکل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی انقلاب اسلامی کے رونما ہونے کے بعد سے جاری ہے لیکن سنہ 2015 میں دیگر عالمی طاقتوں سمیت امریکا  اور ایران کے درمیان جوہری معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد ایران پر عائد پابندیوں کمی کی گئی تھی۔

    ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ’ہم یورنیم کو فروخت کرنے کے بجائے اپنے ملک میں استعمال کرسکتے ہیں‘، حسن روحانی نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران آئندہ 60 روز میں یورنیم افزودگی کا عمل دوبارہ شروع کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے جوہری معاہدے کا مقصد ایران کے ایٹمی عزائم کو کم کرنا اور ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کرنا تھا لیکن امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث واشنگٹن معاہدے سے دستبردار ہوگیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے دوبارہ عائد کی گئی پابندیوں سے ایرانی معیشت کو جدید جھٹکا لگا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب یورنیم افزودگی کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے اچانک دورہ عراق اور امریکی بحری بیٹری کی خلیج فارس تعیناتی کے بعد کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ نے جوہری معاہدے سے امریکی دستبرداری کے بعد کہا تھا کہ امریکا ایران کو کسی صورت بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔

    مائیک پومپیو نے کانگریس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کو خبر دار کیا کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقدار بڑھائے جا رہا ہے۔ا

  • سعودیہ نے ہم پر ٹِڈیاں چھوڑ دیں‘ایرانی عہدیدار کا الزام

    سعودیہ نے ہم پر ٹِڈیاں چھوڑ دیں‘ایرانی عہدیدار کا الزام

    تہران : ایران کے بعض ساحلی اضلاع میں حالیہ عرصے کے دوران سمندری ٹڈیوں نے حملہ کردیا جس کا الزام ایرانی عہدیدار نے سعودی عرب پر عائد کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے ایک سینیر عہدیدار نے الزام عاید کیا ہے کہ سعودی عرب نے ایران پر ٹڈیاں چھوڑی ہیں جنہوں نے خلیج عرب کے ساحل سے متصل علاقوں میں فصلیں تباہ کردیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایران کے انسداد آفات و تحفظِ نباتات کے ڈائریکٹر جنرل سعید معین نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سعودی مملکت شرارتی طریقوں پر عمل پیرا ہے اور اس نے ٹڈیوں کا رخ ایران کی طرف موڑ دیا تاکہ ایرانی فصلوں کوتباہ کیا جاسکے۔

    اایرانی عہدیدار کے اس عجیب بیان پر سوشل میڈیا پر اس کا خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے،زرعی امور کے ماہر فرھاد طالشی نے سعید معین کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لندن سے شائع ہونے والے ایک اخبار نے لکھا ہے کہ ٹڈیوں کا حملہ ایک عام آفت ہے جس کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ صحرائی ٹڈیاں رطوبت والے علاقوں سے اٹھتی ہیں، یہ زیادہ تر بحیرہ روم کے اطراف کے ممالک، مصر اور سوڈان کے صحرائی علاقوں سے نکلتی ہیں۔ ان کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

    خیال رہے کہ حالیہ عرصے کے دوران ایران کے 6 ساحلی اضلاع پر بحری ٹڈیوں نے یلغار کردی، یہ یلغار ایک ایسے وقت میں کی گئی جب دوسری جانب ایران میں بارشوں کے باعث سیلاب نے ایرانی معیشت کو تقریبا ایک ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔