Tag: Telegram

  • ٹیلی گرام صارفین ہوشیار، پالیسی تبدیل کردی گئی

    ٹیلی گرام صارفین ہوشیار، پالیسی تبدیل کردی گئی

    دنیا بھر میں مشہور میسنجنگ ایپ ٹیلی گرام کے صارفین کیلئے بڑی خبر آگئی، ادارے نے مواد کنٹرول کرنے سے متعلق پالیسی خاموشی سے تبدیل کردی۔

    ادارے نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ کوئی بھی صارف اب اپنی نجی اور گروپ چیٹ میں غیر قانونی مواد کے بارے میں ادارے کو مطلع کرسکے گا۔ اطلاع ملنے پر ٹیلی گرام کے منتظمین مواد کی جانچ پڑتال کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی گرام کے بانی اور سربراہ پاول دروف نے ایپ کے لیے چند نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد غیرقانونی مواد، بوٹس اور دھوکے بازوں کی راہ روکنا ہے۔

    Telegram CEO

    گزشتہ روز انہوں نے ٹیلی گرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ایپ کے 99 اعشاریہ 99 فیصد صارفین کا جرائم سے کچھ لینا دینا نہیں صرف صفر اعشاریہ صفر صفر ایک صارفین غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور پلیٹ فارم کے لیے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جس سے ہمارے تقریباً ایک ارب کے قریب صارفین کے مفادات خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی نے ایک خصوصی بٹن فراہم کیا ہے، تمام چیٹ گروپس میں رپورٹ کا بٹن موجود ہے۔ کسی بھی خطرناک یا قابلِ اعتراض مواد کی موجودگی پر یہ بٹن دبا کر ادارے کے ماڈریٹرز کو آگاہ کیا جاسکتا ہے۔

    اب تک ٹیلی گرام پر تمام صارفین اپنی افرادی و اجتماعی چیٹس کو نجی رکھنے کے حقدار تھے۔ ادارے نے اپنی پالیسی یکسر تبدیل کردی ہے۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں ٹیلی گرام اتعمال کرنے والوں کی تعداد 95 کروڑ سے زائد ہے۔

  • ٹیلیگرام کے بانی پاول دورو کی گرفتاری کے بعد ایک اور اہم خبر آ گئی

    ٹیلیگرام کے بانی پاول دورو کی گرفتاری کے بعد ایک اور اہم خبر آ گئی

    پیرس: فرانسیسی حکام نے ٹیلیگرام کے بانی پاول دورو کی حراست میں توسیع کر دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پال دورو با اثر ٹیک آئکونز میں سے ایک ہیں، اس گرفتاری کو ان کے کیریئر کے ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دی گارڈین کے مطابق پوچھ گچھ کے لیے ان کی یہ حراست ابتدائی طور پر زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے تک چل سکتی ہے۔ جب نظر بندی کا یہ مرحلہ ختم ہوگا تو جج انھیں رہا کرنے یا مزید حراست میں چارج اور ریمانڈ کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

    عالمگیر شہرت یافتہ میسیجنگ ایپ ٹیلیگرام کے بانی سی ای او پاول دورو نے رواں برس امریکی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’جب بھی میں امریکا آتا ہوں تو ایف بی آئی اور دیگر امریکی سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے مرکز نگاہ ہو جاتا ہوں۔‘‘

    میزبان ٹکر کارلسن کو انٹرویو میں ٹیلی گرام چیف کا کہنا تھا ’’پچھلی بار جب میں امریکا آیا تو اپنے ساتھ اپنے ایک انجینئر کو بھی ساتھ لایا تھا، جو ٹیلی گرام کے لیے کام کر رہا تھا۔‘‘ انھوں نے کہا ’’میری اطلاعات کے مطابق میرے انجینئر سے خفیہ طور پر ان کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔‘‘

    پاوِل دورو نے انکشاف کیا تھا کہ ’’سیکیورٹی ایجینسیاں یہ جاننا چاہتی تھیں کہ کون سی اوپن سورس لائبریریز ٹیلیگرام ایپ کے ساتھ منسلک ہیں، اور انھوں نے انھیں کچھ اوپن سورس ٹولز استعمال کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کی جس سے وہ ٹیلیگرام کوڈ میں ضم ہو جائیں۔‘‘

    ادھر فرانس میں پاول دورو کی گرفتاری کے بعد ٹیلیگرام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سی ای او پاول دورو کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور وہ اکثر یورپ کا سفر کرتے رہتے ہیں، یہ دعویٰ کرنا مضحکہ خیز ہے کہ پلیٹ فارم یا اس کا مالک اس پلیٹ فارم کے غلط استعمال کا ذمہ دار ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق ٹیلیگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاول دورو کو ہفتے کی رات پیرس کے باہر ایک ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، انھیں میسجنگ ایپ سے متعلق مبینہ جرائم کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ 39 سالہ روسی نژاد ارب پتی پر الزام تھا کہ وہ مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے اپنے پلیٹ فارم کے غلط استعمال کو کم کرنے میں ناکام رہے۔ فرانس میں نابالغوں کو تشدد سے بچانے کے لیے ذمہ دار ادارے OFMIN نے پاوِل دورو کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔

    گرفتاری کی خبر آنے کے بعد فرانس میں روس کے سفارت خانے نے کہا تھا کہ اس نے فوری طور پر فرانسیسی حکام سے گرفتاری کی وضاحت طلب کی ہے اور پاول کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور قونصلر رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    واضح رہے کہ میسجنگ ایپ ٹیلیگرام کے تقریباً 800 ملین صارفین ہیں، اور یہ روس کے ساتھ ساتھ یوکرین میں بھی مقبول ہے۔ دورو دبئی میں رہائش پذیر ہیں، جہاں ٹیلیگرام کا مرکز قائم ہے، ان کے پاس فرانس اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی شہریت ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ٹیلی گرام کو اپنے مواد کو معتدل کرنے کے لیے بہت کم دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

  • ٹیلی گرام کے متعدد نئے فیچرز متعارف

    ٹیلی گرام کے متعدد نئے فیچرز متعارف

    واٹس ایپ کی مقبولیت میں کمی کے بعد اچانک مقبول ہونے والی میسجنگ ایپ میں بے شمار نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مقبول ترین میسجنگ ایپ ٹیلی گرام نے لائیو اسٹریم ویڈیو سپورٹ کو توسیع دی ہے۔

    ٹیلی گرام ایپ کا ورژن 8.0 اب آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے جس میں لائیو اسٹریمز کے ویورز کی تعداد کی حد کو ختم کردیا گیا ہے، اس سے قبل یہ تعداد ایک ہزار تک محدود تھی۔

    ویورز کی تعداد میں اضافے کا مقصد ٹیلی گرام کو فل آن موبائل لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم بنانے کا دروازہ کھولنا ہے۔

    سروس کی جانب سے کلب ہاؤس جیسے وائس چینلز سپورٹ بھی فراہم کی جارہی ہے اور یہ سب جون 2021 میں گروپ کالنگ فیچر کو متعارف ہونے کے بعد ہوا۔

    نئے ورژن میں مزید فیچرز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ ان فیچرز میں فارورڈنگ میسجز کے لیے مزید آپشنز اور چینلز کے درمیان سوئچ کرنے کا ایک شارٹ کٹ قابل ذکر ہے۔

    فارورڈ میسجز کے لیے کیپشن ریموو کرنے اور میڈیا فائلز فارورڈ کرنے کے دوران سینڈر نیم چھپانے کے آپشن کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ کسی ٹیکسٹ چینل پر اسکرولنگ کے دوران سوائپ اپ کرنے پر دوسرے ان ریڈ چینل پر جانا ممکن ہوجائے گا۔

    کمپنی کی جانب سے کمنٹ تھریڈ میں ان ریڈ میسجز کاؤنٹر کے فیچر کو بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

  • ویڈیو کالنگ میں 1 ہزار افراد کو شامل کرنے کا فیچر متعارف

    ویڈیو کالنگ میں 1 ہزار افراد کو شامل کرنے کا فیچر متعارف

    میسجنگ ایپ ٹیلی گرام نے اپنی ویڈیو کالنگ میں 1 ہزار افراد کو شامل کرنے کا فیچر متعارف کروا دیا، ویڈیو کال میں 30 افراد ہی نظر آئیں گے مگر باقی 970 صارفین کال کا حصہ بن کر ویڈیو کو دیکھ سکیں گے اور بات چیت کرسکیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق میسجنگ ایپ ٹیلی گرام نے ویڈیو کال میں شامل افراد کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے، ٹیلی گرام نے جون 2021 میں گروپ ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کروایا تھا۔

    میسجنگ ایپ کے نئے ورژن میں اب کسی گروپ ویڈیو کال میں ایک ہزار افراد کو شامل کیا جاسکے گا، ویسے ویڈیو کال میں 30 افراد ہی نظر آئیں گے مگر باقی 970 صارفین کال کا حصہ بن کر ویڈیو کو دیکھ سکیں گے اور بات چیت کرسکیں گے۔

    کمپنی کے مطابق جب اس فیچر کو متعارف کروایا گیا تھا، اسی وقت سے گروپ چیٹ میں لوگوں کی تعداد کو بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی تاکہ ویڈیو و وائس کالز کو لائیو ایونٹس کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

    ویڈیو میسجنگ فیچر میں اپ ڈیٹ کے بعد اب صارفین ہائی ریزولوشن ویڈیو کو بھی دیکھ سکیں گے جبکہ ون آن ون ویڈیو کال کے دوران اسکرین کو ساؤنڈ کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔

    اسی طرح اپنے میسجز کو ایک دن یا ہفتے کی بجائے ایک ماہ بعد تک آٹو ڈیلیٹ کرسکیں گے۔ ٹیلی گرام نے میڈیا ایڈیٹر کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے اور زومنگ کو بہتر کیا گیا ہے۔

  • ٹیلی گرام کے بے شمار نئے فیچرز

    ٹیلی گرام کے بے شمار نئے فیچرز

    حال ہی میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز توڑنے والی میسجنگ ایپ ٹیلی گرام میں بے شمار نئے فیچرز کا اضافہ کردیا گیا جو چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوسکیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق میسجنگ سافٹ ویئر ٹیلی گرام نے صارفین کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

    میسجنگ ایپ کی جانب سے ایک بلاگ میں تمام نئے فیچرز کی تفصیلات بتائی گئی ہیں، جن میں وائس چیٹ میں ویڈیو سپورٹ، پیمنٹس 2.0، شیڈولنگ وائس چیٹس، وائس چیٹس کے لیے منی پروفائلز، نیا ویب ورژن اور دیگر فیچرز شامل ہیں۔

    ان اپ ڈیٹس میں وائس چیٹ میں ویڈیو کانفرنسنگ سپورٹ قابل ذکر ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ میسجنگ ایپ مائیکرو سافٹ ٹیمز، زوم اور گوگل میٹ کو ٹکر دینے کی کوشش کررہی ہے۔ یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    اسی طرح ایک اور اپ ڈیٹ پیمنٹ 2.0 بھی اہم ہے جس کے تحت کسی بھی چیٹ میں کریڈٹ کارڈ سے ادائیگیوں کے لیے سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے 8 تھرڈ پارٹی پیمنٹ سروسز کو ٹیلی گرام میں ایڈ کیا جارہا ہے جبکہ صارفین کو ایپ میں کسی خریداری پر طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔

    اسی طرح ٹیلی گرام کی کسی بھی ایپ بشمول ڈیسک ٹاپ سے بھی ادائیگیاں کی جاسکیں گی۔

    ٹیلی گرام کی جانب سے اب گروپس اور چینلز کے ایڈمنز کو وائس چیٹس شیڈول کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ شیڈول وائس چیٹ پر رنگا رنگ کاؤنٹ ڈاؤن دکھایا جائے گا اور صارفین کے پاس آپشن ہوگا کہ واٹس چیٹ شروع ہونے پر ایک نوٹیفکیشن موصول کرسکیں گے۔

    ٹیلی گرام کی جانب سے صارفین کے لیے منی پروفائلز کے ذریعے یہ جاننا بھی آسان بنایا جارہا ہے کہ وہ کس سے وائس چیٹ کررہے ہیں۔ اس اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین پروفائل پکچرز اور بائیو کو وائس چیٹ ونڈو سے نکلے بغیر دیکھ سکیں گے۔

    ٹیلی گرام کی جانب سے 2 ویب ایپس کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے جس میں مختلف فیچرز جیسے اینی میٹڈ اسٹیکرز، ڈارک موڈ، چیٹ فولڈز اور دیگر موجود ہوں گے۔

    دیگر فیچرز میں چیٹ میں تصاویر اور ویڈیوز کو انگلیوں سے زوم کرنے کا آپشن بھی قابل ذکر ہے جبکہ آئی او ایس میں ویڈیو کو 15 منٹ فاسٹ فارورڈ اور ریوائنڈ بھی کیا جاسکے گا۔

    اینڈرائیڈ میں اسکرین کو دائیں یا بائیں سائیڈ کو دبا کر رکھ کر ایسا کیا جاسکے گا اور 10 سیکنڈ فارورڈ یا ریوائنڈ کیا جاسکے گا۔

  • اماراتی کمپنی کی ٹیلی گرام میں خطیر سرمایہ کاری

    اماراتی کمپنی کی ٹیلی گرام میں خطیر سرمایہ کاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنی نے میسجنگ سافٹ ویئر ٹیلی گرام میں خطیر سرمایہ کاری کردی، کمپنی کی جانب سے مزید سرمایہ کاری بھی کی جائے گی۔

    اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی میں قائم خود مختار سرمایہ کاری ادارے مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی نے ٹیلی گرام کے 5 سالہ پری آئی پی او قابل تبدیل بانڈز میں 75 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کردی۔

    ٹیلی گرام سیلف نیمڈ سیکیورٹی فوکسڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا آپریٹر ادارہ ہے جبکہ ابو ظہبی کیٹالسٹ پارٹنر بھی اس میں مزید 75 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، ان کمپنیوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری سے تعاون کی ایسی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے جو کہ ابو ظہبی کے ایکو سسٹم برائے تخلیق کاری اور تکنیکی کمپنیوں کو مزید جدت دیں گی۔

    سنہ 2013 میں قائم کی گئی محفوظ پیغام رسانی کی اس ٹیلی گرام ایپ کو مکمل انکرپٹڈ بنایا گیا ہے، یہ سوشل میڈیا کا ایک مکمل پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے اور اس کا عالمی ہیڈ کوارٹرز متحدہ عرب امارات میں واقع ہے۔

    یہ دنیا میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی گئی 10 بڑی ایپس میں شامل ہے جس کے ماہانہ فعال استعمال کرنے والوں کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہے۔

    مبادلہ کے روس اور سی آئی ایس سرمایہ کاری پروگرام کے سربراہ فارس سہیل فارس المزروعی کا کہنا تھا کہ کمپنی کے لیے وہ پاویل کے وژن سے بہت متاثر ہیں جس کی وجہ سے اور ٹیم کے کام سے یہ کمپنی غیر معمولی بنی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیلی گرام میں سرمایہ کاری بطور اسٹریٹجک شراکت دار کے ہے اور اس کے نتیجے میں ابو ظہبی میں ٹیکنالوجی کا ایکو سسٹم مزید مستحکم ہوگا جبکہ اعلی معیار کی مزید تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ مہارت کے نئے مقام ملیں گے۔

    ٹیلی گرام کے بانی و سی ای او پاویل دوروف کا کہنا تھا کہ مبادلہ کیٹالسٹ پارٹنرز اور مبادلہ کی جانب سے 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری قابل اعزاز ہے، ٹیلی گرام مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی خطے میں اپنی ترقی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے گامزن رہے گا۔

  • ٹیلی گرام کے نئے فیچر نے واٹس ایپ صارفین میں ہلچل مچا دی

    ٹیلی گرام کے نئے فیچر نے واٹس ایپ صارفین میں ہلچل مچا دی

    ماسکو: روس کی میسنجر ایپ ٹیلی گرام کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ایک اور فیچر کا اضافہ کردیا گیا، صارفین واٹس ایپ، لائن اور کاکا ٹاک وغیرہ سے اپنی چیٹ ہسٹری کو ٹیلی گرام میسنجر میں منتقل کرسکیں گے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی میسنجر ایپ ٹیلی گرام نے ایک آئی او ایس اپ ڈیٹ تیار کیا ہے جس سے چیٹ کی ہسٹری کو واٹس ایپ اور دیگر ایپس سے ٹیلی گرام میں منتقل کیا جاسکتا ہے۔

    روسی ایپ اسٹور پر شائع کردہ اپ ڈیٹ کی تفصیل میں آگاہ کیا گیا کہ روسی میسنجر نے اب اپنے صارفین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے مکمل چیٹ ہسٹری کو دیگر ایپس جیسے واٹس ایپ، لائن اور کاکا ٹاک سے ٹیلی گرام میسنجر میں منتقل کرنے کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔

    روسی میسنجر ٹیلی گرام کی جانب سے اس جدید سہولت کے ساتھ اب ٹیلی گرام کے صارفین دیگر ایپس پر موجود اپنے گروپس، چیٹ لسٹ سے خفیہ چیٹ کے علاوہ کال ہسٹری کو بھی ڈیلیٹ کرسکیں گے۔

    خیال رہے کہ واٹس ایپ کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات کے بعد روسی میسنجر ٹیلی گرام کے صارفین کی تعداد عروج پر پہنچ گئی، ٹیلی گرام کے بانی نے اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ہجرت قرار دیا تھا۔

    واٹس ایپ کے سیکیورٹی کے حوالے سے نئے اپ ڈیٹ کے ایک ہفتے کے اندر ٹیلی گرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کرگئی تھی۔

  • ٹیلی گرام نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے

    ٹیلی گرام نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے

    ماسکو: واٹس ایپ کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات کے بعد روسی میسنجر ٹیلی گرام کے صارفین کی تعداد عروج پر پہنچ گئی، ٹیلی گرام کے بانی نے اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ہجرت کہا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی میسنجر ٹیلی گرام نے امریکا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، روسی ٹیلی گرام کے بانی پاویل ڈوروف نے ٹیلی گرام انٹرنیٹ میسنجر میں صارفین کی اتنی تیزی سے آمد کو اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ہجرت قرار دیا ہے۔

    ٹیلی گرام کی جانب سے سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ اس عالمی رجحان کے بعد دو صدور نے اپنے ٹیلی گرام چینلز شروع کیے گئے جس میں برازیل کے صدر جیر بولسنارو اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان شامل ہیں۔

    بانی کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور یوکرین کے صدر ولادی میر زیلینسکی کے علاوہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سمیت متعدد دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی ٹیلی گرام میسنجر میں اندراج کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ متعدد عوامی تنظیمیں غلط استعمال سے نمٹنے اور اپنے معاشروں میں اہم امور کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے ٹیلی گرام پر انحصار کر رہی ہیں۔

    ٹیلی گرام کے بانی نے زور دے کر کہا کہ میسنجر مبہم الگورتھم پر عمل نہیں کرتا جس سے یہ طے ہوتا ہے کہ صارف اپنی مرضی کا مواد ہی دیکھ سکیں گے۔

    اس سے قبل ڈوروف نے اعلان کیا تھا کہ ٹیلی گرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ صرف 3 دنوں میں 25 ملین افراد ٹیلی گرام کا استعمال شروع کرچکے ہیں۔