Tag: telephone

  • اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، ترک صدر

    اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، ترک صدر

    ترک صدر طیب اردوان اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے درمان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، طیب اردوان نے ان کو فلسطین سے متعلق بیان پر مبارکباد دی۔

    اردوان اور کیئر اسٹارمر کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے موقع پر دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔

    ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں جنگ بندی اور مسئلہ کے دو ریاستی حل پر مجبور کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، اس موقع پر ترک صدر نے فلسطینی ریاست کے اعتراف کے برطانوی اعلان کو خوش آئند قرار دیا۔

    رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا قیام خطے میں امن واستحکام کے لیے ناگزیر ہے، برطانیہ نے فرانس، کینیڈا، پرتگال، مالٹا کے ساتھ فلسطین کو تسلیم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    اردوان نے مزید کہا کہ ترکی غزہ کو امداد فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے، جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور مذاکراتی عمل کی پُرزور پشت پناہی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

  • ٹرمپ اور پیوٹن ایران اسرائیل جنگ کے خاتمے پر متفق

    ٹرمپ اور پیوٹن ایران اسرائیل جنگ کے خاتمے پر متفق

    ماسکو : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں پیوٹن نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر پیوٹن نے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 50 منٹ طویل گفتگو کی، جس میں اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے اس تنازعے کے خاتمے پر زور دیا۔

    اس حوالے سے کریملن کے مشیر یوری اوشاکوف کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹرمپ سے گفتگو کے دوران ایران کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور خطے کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ اب ختم ہونی چاہیے، انہوں نے پیوٹن سے بھی کہا کہ ان کی جنگ (یوکرین میں) بھی ختم ہونی چاہیے۔

    کریملن کے مشیر اوشاکوف نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران کے جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کی بحالی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن نے اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    مشیر کے مطابق امریکہ ایرانی نمائندوں کے ساتھ مزید بات چیت کے لیے تیار ہے، جس میں عمان ثالث کا کردار ادا کرے گا، تاہم اتوار کو عمان میں ہونے والا تازہ ترین دور منسوخ کر دیا گیا ہے۔

  • پوری اسلامی دنیا ایران کی پشت پر کھڑی ہے، محمد بن سلمان

    پوری اسلامی دنیا ایران کی پشت پر کھڑی ہے، محمد بن سلمان

    تہران : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے تہران ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت ایران سے تنازع بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکا بھی اس جنگ میں شامل ہو۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایران دانش مندانہ اقدام کرے گا، سعودی عرب ایران کے بھائیوں کے ساتھ ہے، آج پوری اسلامی دنیا ایران کی پشت پر کھڑی ہے۔

    اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہا کہ صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد سے میری کوشش رہی ہے کہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو مضبوط کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت نے ہر اُس جگہ رکاوٹیں کھڑی کیں اور تخریب کاری کی جہاں سے ہم کچھ حاصل کرنا چاہتے تھے، ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران مل کر خطے کو پرامن بنائیں گے۔

    یاد رہے کہ 2023 میں برسوں کی دشمنی کے بعد سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

    مزید پڑھیں : فرانسیسی صدر کا ایران کے جوہری پروگرام پر اظہار تشویش

    اس سے قبل فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے بھی ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے ایران سے جوہری مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔ ایمانویل میکرون کا کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام باعث تشویش ہے۔

  • ترکیہ کی عوام پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے، طیب اردوان

    ترکیہ کی عوام پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے، طیب اردوان

    ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، انہوں  نے بھارتی حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کی مذمت اور پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ حملے نے جنوبی ایشیا میں امن کو شدید خطرےمیں ڈال دیا ہے،
    جس میں معصوم شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے۔

    اس موقع پر صدراردوان نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستانی عوام کے ساتھ ترکیہ کی یکجہتی کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے بھی پوری قوت سے اپنی خودمختاری ، علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کا جواب نہیں دیا، بھارت نے جارحیت،غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویے کا خطرناک راستہ اختیار کیا۔

    ترک وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے آج بات کی ہے، ترکیہ پاکستان وزرائے خارجہ نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    مزید پڑھیں : فلسطین کی آزادی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی، طیب اردوان

    ترک صدررجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ صورتحال کی کشیدگی کو کم کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ ، ترکیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، ترک قوم پاکستان کے سفارتی اقدامات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔

  • سابق گورنر سندھ عشرت العباد اور آفاق احمد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    سابق گورنر سندھ عشرت العباد اور آفاق احمد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    کراچی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سیاسی طور پر متحرک ہوگئے، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور سابق گورنر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

    کراچی کے سیاسی منظر نامے میں تیزی کے ساتھ تبدیلی آرہی ہے، آفاق احمد کے ساتھ رابطے میں برسوں پرانے سیاسی حریف عشرت العباد خان نے پرانی رنجشیں، گلے شکوے اور غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلیفونک رابطے میں ملک کی سیاسی صورتحال خصوصاً کراچی کے موجودہ حالات پر گفتگو کی گئی۔

    ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ مہاجروں کی منقسم قیادت کراچی کے لیے ایک جگہ ہوکر آواز بلند کرے، مختلف اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش ہے، زیادتیوں کے ازالے کے لیے یکجا ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔

    اس موقع پر مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمد نے کہا کہ عشرت العباد جو کوششیں کررہے ہیں اس کے لیے دعا گو ہوں، شہر کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کرتا رہوں گا۔

  • بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کو فون، اہم امور پر تبادلہ خیال

    بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کو فون، اہم امور پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کو بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ٹیلیفون کیا اور پولیو کیخلاف پاکستانی کاوشوں کو سراہا۔

    وزیراعظم میڈیا آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران پاکستان کو فنانشل فاؤنڈیشن کی سروسز کی فراہمی پر بات چیت کی۔

    دونوں شخصیات نے ملک میں پولیو کی تازہ ترین صورتحال اور پاکستان میں پولیو ویکسین کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں پولیو کی صورتحال سے آگاہ کیا اور پولیو کیسز میں تیزی سے کمی پر بھی آگاہ کیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے جس پر بل گیٹس نے کہا کہ فاؤنڈیشن پاکستان کو پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

    اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے نظام صحت پر بھی تبادلہ خیال کیا اورافغانستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے مہم دوبارہ شروع کئے جانے پر غور و خوص کیا گیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کی آدھی سے زائد آبادی غربت کی لکیر سےنیچے زندگی بسر کررہی ہے، افغان عوام کو فوری طور پر معاشی مدد کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے بل گیٹس سے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر افغان عوام کی معاشی مدد کی درخواست کی۔

    اپنی گفتگو میں بل گیٹس نے پاکستان بھر میں ویکسین پروگرام تسلسل سے جاری رکھنے پر مبارکباد پیش کی، وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان احساس پروگرام پر بھی بات چیت کی گئی، بل گیٹس نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔

  • مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور حکومتی سرپرستی میں پیپلز پارٹی کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں، سیاسی بدمعاشیہ قائد حزب اختلاف پر تشدد کے بدترین حربے آزما رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر مخالف اور تنقیدی آوازیں دبانا ان بدمعاشوں کا وتیرہ ہے، صحافی عزیز میمن جیسے کئی ان کی غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، حلیم عادل شیخ نے خونخوار چہروں سے نقاب کھینچ کر اصلیت دکھائی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عذیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ میں واضح ہے کہ یہ کیسے پولیس کو استعمال کرتے ہیں، اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے یہ ہر اٹھنے والی آواز دبانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافی عزیز میمن نے ان کے کرتوتوں سے پردہ اٹھایا تو مار دیا گیا، کل سکھر میں پولیس کو میڈیا نمائندے کے خلاف استعمال کر کے تشدد کروایا گیا، یہ سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ کو ضمنی انتخابات کے روز پولیس نے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔

    ان کے خلاف میمن گوٹھ تھانے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں کار سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • امریکی قیدیوں کی رہائی پر صدر ٹرمپ کا عمران خان سے اظہار تشکر

    امریکی قیدیوں کی رہائی پر صدر ٹرمپ کا عمران خان سے اظہار تشکر

    اسلام آباد : امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغانستان میں مغویوں کی رہائی کے سلسلے میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، یہ بات انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، بات چیت میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر سے افغانستان سے مغویوں کی رہائی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغویوں کی رہائی پرخوشی ہے، یہ مثبت پیشرفت ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے مغویوں کی رہائی میں سہولت فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان افغان عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔

    اس کے علاوہ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ سو دن سے زیادہ ہوگئے،80لاکھ کشمیری آج بھی گھروں میں محصور ہیں۔

    انہوں نے ثالثی کے لیے ٹرمپ کی جاری کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

    اس موقع پر رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق اور واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتوں اور بات چیت کے تناظر میں دو طرفہ تعلقات مستحکم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

  • پاکستانی عوام شاندار استقبال کرنے کے منتظر ہیں: وزیر اعظم کا اردوان کو ٹیلی فون

    پاکستانی عوام شاندار استقبال کرنے کے منتظر ہیں: وزیر اعظم کا اردوان کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام آپ کے دورے اور شاندار استقبال کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر کو پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر ترکی کے تحفظات کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، پاکستان نے 30 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی۔ خطے میں امن و سلامتی کے لیے ترک کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام آپ کے دورے اور شاندار استقبال کے منتظر ہیں۔

    ترک صدر 23 اکتوبر کو پاکستان کے دورے پر بھی پہنچ رہے ہیں۔ ترک صدر کا دورہ پاکستان 2 روزہ ہوگا، اس دوران وہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق رجب طیب اردوان اسٹریٹیجک مذاکرات میں شرکت کریں گے، پاک ترک اسٹریٹیجک مذاکرات 23 اور 24 اکتوبر کو ہوں گے۔ 23 اکتوبر کو مذاکرات میں وزرائے خارجہ بھی نمائندگی کریں گے۔

    ترک صدر مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، اقوام دنیا میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی پاکستان نے ترکی اور ملائیشیا کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ انگریزی چینل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی

    وزیر اعظم عمران خان کا افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اوران کی خیریت دریافت کی، وزیر اعطم کا کہنا تھا دہشت گردی کا واقعہ افغانستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں دہشت گردی کے واقعے میں30 افراد کی ہلاکت پر وزیراعظم عمران خان نے افغان صدراشرف غنی کو ٹیلیفون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔

    وزیراعظم نے گزشتہ روز افغانستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں بےگناہ شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور افغان صدر کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    عمران خان نے مزید کہا خطے کے امن کیلئے افغانستان کی حمایت جاری رہے گی۔ عمران خان نے کہا کہ دہشت گرد دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہیں بہتر روابط سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: صدر اشرف غنی کی ریلی سمیت افغانستان میں دو دھماکے، 30 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں مختلف مقامات پر ہونے والے دو دھماکوں میں30 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ پہلا دھماکہ افغانستان کے وسطی صوبے پروان میں صدر اشرف غنی کی ریلی کے قریب ہوا۔

    دھماکے کے وقت صدر اشرف غنی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جو اس ہولناک دھماکے میں محفوظ رہے، دھماکہ ریلی کی طرف جانے والے راستے میں ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک ہوا جب ایک موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    پروان کے اسپتال ڈائریکٹر کے مطابق حملے میں 24 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی ہے۔

    کچھ ہی دیر بعد دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے کے نزدیک ایک اور دھماکہ ہوا افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔