Tag: Temporarily

  • سعودیہ میں قید انسانی حقوق کی علمبردار تین خواتین عارضی طور پر رہا

    سعودیہ میں قید انسانی حقوق کی علمبردار تین خواتین عارضی طور پر رہا

    ریاض : سعودی حکام نے انسانی حقوق کی علمبردار اور حقوق نسواں کیلئے جدوجہد کرنے والی تین خواتین رضاکاروں کو عارضی طور پر رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے انسانی حقوق کی علمبردار متعدد خواتین رضاکاروں کو ایک برس قبل سعودی حکومت کے خلاف اور خواتین کی آزادی کےلیے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا تھا جن میں سے تین رضاکار خواتین کو عدالت نے عارضی طور پر رہا کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے اتوار تک مزید خواتین کی رہائی متوقع ہے، جنہیں غیر ملکیوں سے رابطوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    برطانیہ کی غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل اور برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی سعودی تنظیم اے ایل کیو ایس ٹی کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والی خواتین میں ایمان الفجان، عزیزہ یوسف اور رقیہ المحارب شامل ہیں۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ترجمان لین مالوف نے خواتین رضاکاروں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ رہائی مستقل ہونی چاہیے کیونکہ ان خواتین کو حقوق نسواں کے لیے آواز اٹھانے کے جرم میں قید کیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ خواتین صرف پُر طریقوں سے حقوق نسواں کےلیے جدوجہد کررہی تھیں جس کی پاداش میں انہیں اپنے عزیزوں سے دور کرکے ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ترجمان نے سعودی حکام سے مطالبہ کیا کہ رہائی پانے والی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والی دیگر خواتین پر عائد الزامات ختم کرکے انہیں بھی غیر مشروط رہائی دے۔

    خیال رہے کہ انسانی حقوق اور حقوق نسواں کےلیے کوششیں کرنے والی گیارہ خواتین کو گزشتہ برس جون میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : سعودیہ میں‌ قید خواتین رضاکار ایک مرتبہ پھر عدالت میں پیش

    یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل برطانیہ کی انسانی حقوق کی غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب سے متعلق اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے صوبے جدہ کی دھابن جیل میں قید انسانی حقوق کی عملبردار خواتین کو دوران تفتیش جنسی زیادتی، تشدد اور دیگر ہولناک زیادتیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودیہ میں قید خواتین رضاکاروں کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    ایمنسٹی انٹرنینشل نے اپنی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گرفتار خواتین رضاکاروں کو دوران تفتیش بجلی کے جھٹکے لگائے گئے اور اس قدر کوڑے مارے گئے ہیں کہ متاثرہ خواتین کھڑی ہونے کے بھی قابل نہیں رہیں۔

    جاری رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ تفتیش کاروں نے کم از کم 10 خواتین کو ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تفتیش کاروں نے جبراً ایک دوسرے کو بوسہ دینے پر مجبور کیا گیا۔

  • بھارتی شر انگیزی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک کے لیے بند

    بھارتی شر انگیزی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک کے لیے بند

    اسلام آباد: موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان ایئر اسپیس کل رات 12 بجے تک کے لیے بند کردی گئی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کا باقاعدہ ناٹم جاری کردیا۔ تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنوں کو ناٹم کے ذریعے آگاہ کردیا گیا ہے۔

    لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنوں نے مسافروں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک بند رہیں گی۔

    دوسری جانب پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751 اور اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پی کے 701 روکی ہوئی ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہور سے دلی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 270 بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔

    فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔