Tag: temporarily suspends

  • قطر نے 14 ملکوں کے مسافروں پر بڑی پابندی لگادی

    قطر نے 14 ملکوں کے مسافروں پر بڑی پابندی لگادی

    دوحہ : قطر نے کروناوائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر چودہ ملکوں کے مسافروں کے داخلے پر عارضی طورپرپابندی عائد کردی، جس میں پاکستان بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قطر نے 14 ممالک کے مسافروں کے لیے عارضی طور پر داخلہ معطل کردیا، قطری حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کروناوائرس کےپھیلاؤکو محدود کرنےکی کوشش ہے۔

    قطر نے جن ملکوں پر پابندی لگائی ہے، ان میں پاکستان،بنگلہ دیش،چین،مصر،بھارت، ایران،عراق،لبنان، نیپال، فلپائن،جنوبی کوریا،سری لنکا،شام اورتھائی لینڈ شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : قطر میں کروناوائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، حکومت کی تصدیق

    یاد رہے فروری کے آخر میں قطر میں جان لیوا کروناوائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، قطری محکمہ صحت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 36 سالہ شہری میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی جو حال ہی میں خصوصی پرواز کے ذریعے ایران سے قطر پہنچا ہے۔

    محکمہ صحت نے بتایا کہ کروناوائرس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اندازہ تھا کہ یہ وائرس قطر تک بھی پہنچ سکتا ہے، تاہم دیگر پروازوں سے قطر پہچنے والے شہریوں کا خصوصی معائنہ کیا جارہا ہے۔

    قطری صحت کے محکمے نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے شہریوں سے کہا تھا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت کروناوائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، جن میں باقاعدگی سے ہاتھ دھونا اور غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلنا بھی شامل ہیں۔

  • مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخلہ ، سعودی عرب کا ایک اور بڑا اعلان

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخلہ ، سعودی عرب کا ایک اور بڑا اعلان

    ریاض : کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے سیاحتی ویزوں پر سات خلیجی ممالک کے باشندوں کی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخلے پر پابندی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ، وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سات خلیجی ممالک کے باشندوں کی مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ایران ، چین، اٹلی، کوریا، جاپان، سنگاپور اور قازقستان شامل ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ  سعودی عرب میں موجود ایسے خلیجی شہری جو 14 دن کے طبی جانچ کے عمل سے گذر چکے ہوں اوروہ کرونا وائرس سے محفوظ ہو، انہیں مکہ اور مدینہ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

    سیاحتی ویزوں کے حوالے سے وزارت سیاحت کا کہنا تھا کہ کہ جن سات ممالک پر عارضی پابندی لگائی گئی ہے ان کےعلاوہ دیگر ممالک سے سیاحتی ویزوں کا اجرا حسب معمول جاری ہے تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر سیاح کو مکہ اور مدینہ میں جانے کی اجازت نہیں۔

    مزید پڑھیں : سعودی محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹ نے شہریوں کو خبردار کردیا

    وزارت سیاحت نے کہا اس پابندی کا مقصد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت ہے، تاکہ لوگوں کو نئے کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔

    گذشتہ روز سعودی محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹ نے مقامی اور غیرملکیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ کسی بھی حالت میں ان ممالک کا سفرنہ کریں جہاں کرونا کا مرض وبائی صورت اختیار کر چکا ہے۔

    اس اقدام کا مقصد مملکت میں کروناوائرس پر قابو پانا ہے۔ جبکہ ملک میں شہریوں کو حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کے وبائی مرض میں شہری مبتلا نہ ہوں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد روکنے اور سیاحتی ویزوں پر پابندی لگا دی تھی۔