Tag: Terrible accident

  • مصر : خوفناک حادثے نے لوگوں کے دل دہلا دیئے

    مصر : خوفناک حادثے نے لوگوں کے دل دہلا دیئے

    اسکندریہ : مصر کے ایک تفریحی پارک میں خوفناک حادثہ پیش آیا جسے دیکھ وہاں موجود لوگ شدید خوفزدہ ہوگئے، حادثے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی مصر کے شہر اسکندریہ میں ایک تفریحی پارک میں ایک 12 سالہ بچی کھیل کے دوران دس میٹر کی بلندی سے گر کر دم توڑ گئی۔

    اسکندریہ کے پراسیکیوٹر نے تفریحی پارک کے مالک کو بغیر لائسنس کے پارک چلانے اور بچی کے قتل کا الزام لگاتے ہوئے گرفتارکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسکندریہ سیکیورٹی ڈائریکٹر کو ایک رپورٹ ملی تھی کہ ایک لڑکی تفریحی پارک میں کھیلتے ہوئے گر کر جاں بحق ہوگئی ہے۔

    ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ لڑکی اپنے خاندان کے ساتھ پکنک منا رہی تھی اور اس نے "الاعصار” گیم میں حصہ لینے کی اجازت مانگی۔ گیم میں شرکت کے چند منٹ بعد ہرطرف افراتفری پھیل گئی اور لوگوں نے بچی کے گرنے پر شور مچانا شروع کر دیا۔ بچی 10 میٹر کی بلندی سے گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہوچکی تھی۔

    استغاثہ نے تفریحی پارک کے مالک کو گرفتار کرنے اور اسے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ حادثے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے۔

  • روس کا بحری جہاز ترکی میں خوفناک حادثے کا شکار

    روس کا بحری جہاز ترکی میں خوفناک حادثے کا شکار

    ماسکو : روس کا تجارتی بحری جہاز ترکی کے کھلے سمندر میں ڈوب گیا، حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، مذکورہ جہاز میں عملے کے 13اہلکار موجود تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے بارٹن صوبہ کے گورنر سنن گنر نے کہا ہے کہ بحیرہ اسود میں ترکی کے ساحل پر روسی کارگو بحری جہاز ڈوب گیا جس کے نتیجے میں اس جہاز کے عملے کے کم از کم دو ارکان ہلاک ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق صوبائی گورنر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اس کارگو جہاز میں15 افراد سوار تھے جو کہ تمام روسی شہری تھے۔ تاہم ابتدائی طور پر ریسکیو اہلکاروں نے پانچ افراد کو بچالیا ہے اور سمندر سے ہلاک ہونے والے دو افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ گورنر کے مطابق مزید 6 افراد کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب انقرہ میں روس کے سفارت خانے نے بتایا ہے کہ روسی سفارتکار اس کارگو جہاز کے عملے کی تلاش کے لئے مزید کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    روسی سفارت خانے کے مطابق یہ بحری جہاز صوبہ بارٹن میں انکمو کے قریب ڈوب گیا تھا اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ موسم کی صورتحال بھی خراب ہے اور مزید امدادی ٹیمیں بھی وہاں جانے کی جدوجہد کر رہی ہیں۔

  • سعودی عرب : ڈرائیور خوفناک حادثے میں کیسے محفوظ رہا؟

    سعودی عرب : ڈرائیور خوفناک حادثے میں کیسے محفوظ رہا؟

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں ایک ٹریفک کے خوفناک حادثے میں ڈرائیور معجزاتی طور پر محفوظ رہا جبکہ گاڑی دو ٹکڑے ہوگئے، پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں خطرناک ٹریفک حادثے میں سعودی شہری معجزاتی طور موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچ گیا۔

    حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے سبب گاڑی بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی، حادثی اس قدر ہولناک تھا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے کیونکہ گاڑی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی تھی۔

    سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق یہ واقعہ مکہ مکرمہ کے محلے النکاسہ میں گزشتہ روز پیش آیا تھا۔ اس حوالے سے مکہ مکرمہ ہلال احمر کے ترجمان عبد العزیز بادومان نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں ہفتہ کے دن دوپہر تین بج کر35 منٹ پر حادثے کی اطلاع ملی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو معلوم ہوا کہ انتہائی تیزرفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر بجلی کے کھمبے سے جاٹکرائی اور ٹوٹ کر دو ٹکڑے ہوگئی۔

    تاہم حادثے کے بعد ڈرائیور صحیح سلامت ہے اسے درمیانے درجے کی چوٹیں آئی تھیں جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے النور جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثے کے اسباب اور دیگر تفصیلات کے لیے محکمہ ٹریفک نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

  • سعودی عرب میں اچانک زمین دھنسنے سے خوفناک حادثہ، ویڈیو وائرل

    سعودی عرب میں اچانک زمین دھنسنے سے خوفناک حادثہ، ویڈیو وائرل

    الخبر : سعودی عرب میں ایک عمارت کی کار پارکنگ اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں تباہ ہوگئیں، حادثے میں ایک شخص معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مشرقی ریجن کے شہر الخبر کے مشہور عمارت کی کار پارکنگ اچانک منہدم ہوگئی تاہم ایک شخص کو مرنے سے بچا لیا گیا۔

    شہری دفاع کے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زمین دھنسنے سے کار پارکنگ منہدم ہوگئی تھی، پارکنگ کے انہدام کے مناظر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئے تھے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائرل وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد گاڑیاں پارکنگ میں کھڑی نظر آرہی ہیں جبکہ ایک شخص پارکنگ کے زینے سے سیڑھیاں اتر رہا ہے۔

    پارکنگ کے اچانک منہدم ہو جانے سے ایک حصہ گرگیا جبکہ ایک شخص جو پارکنگ کے زینے پر موجود تھا محفوظ رہا اور وہیں کھڑا رہا۔

    سعودی عرب کے ایک نجی چینل نے پارکنگ کے ملبے میں پھنسے شخص کو نکالے جانے کا منظر نشر کیا ہے جس میں امدادی کارکنان اور سکیورٹی اہلکار متاثرہ شخص کو اسٹریچر پر ڈال کر اسپتال لے جاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔