Tag: Terrible fire

  • کورنگی کریک : گیس پائپ لائن میں خوفناک آتشزدگی

    کورنگی کریک : گیس پائپ لائن میں خوفناک آتشزدگی

    کراچی : کورنگی کریک کے قریب گیس پائپ لائن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ حکام نے آگ تیسرے درجے کی قرار دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق فائربریگیڈ حکام سوئی گیس کمپنی کے عملے سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 6 فائر ٹینڈر آگ پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں۔

    فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا، بعد ازاں سوئی سدرن کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی بورنگ کے دوران گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا جس سے آگ اچانک بھڑک اٹھی۔

    پولیس کے مطابق نجی سوسائٹی کی جانب سے پانی کیلئے بورنگ کروائی جارہی تھی، گیس پائپ لائن میں آگ آئل ریفائنری سے دور لگی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بورنگ کا کام مکمل ہوچکا تھا، تاہم جب پائپ واپس نکالا جارہا تھا کہ اچانک گیس کی لیکج شروع ہوگئی جوس دیکھتے ہی دیکھتے بڑھتی چلی گئی۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس پائپ لائن میں آتشزدگی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم آگ لگنے کے باعث اطراف کے علاقوں میں دھواں پھیل گیا، علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،۔

     

  • کلفٹن : شاپنگ سینٹر کی پہلی منزل میں خوفناک آتشزدگی

    کلفٹن : شاپنگ سینٹر کی پہلی منزل میں خوفناک آتشزدگی

    کراچی : کلفٹن تین تلوار کے قریب شاپنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، عمارت کی پہلی منزل پر کپڑے اور مختلف اشیاء کی سیکڑوں دکانیں ہیں۔

    اس حوالے سے فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ کلفٹن میں 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور میں لگی ہے، فائر بریگیڈ کی 10گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق پہلی منزل پر شاپنگ سینٹر قائم ہے، تیسرے فلور پر مختلف دفاتر بنے ہوئے ہیں، پہلے فلور پر 4سو دکانیں ہیں، جن میں کپڑا اور مختلف اقسام کی اشیا ہیں۔

    فائربریگیڈ حکام نے مزید پتایا کہ متاثرہ دکاندار اپنا مال محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں، تاہم آگ پر 70 فیصد تک قابو پالیا گیا ہے۔

    تین تلوار

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام کا مزید کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے، دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت دکانوں سے سارا سامان باہر نکال لیا۔

    آگ کے دھوئیں سے فائربریگیڈ کے اہلکار کی حالت غیر ہوگئی، فائر بریگیڈ اہلکارکو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ شاپنگ سینٹر کی پہلی منزل پر لگی، جس نے متعدد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق آگ لگنے سے کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، شاپنگ سینٹر کے اطراف موجود سلنڈرز کو باہر نکال دیا گیا ہے۔

    آگ لگتے ہی کے الیکٹرک نے موقع پر پہنچ کر بجلی منقطع کردی تھی، آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، نقصان کا مجموعی تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

    آگ پر قابو پالیا گیا

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کلفٹن تین تلوار چورنگی کے قریب شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    چیف فائرافسر ہمایوں خان نے میڈیا کو بتایا کہ آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے حصہ لیا، تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔

    مارکیٹ صدر کے مطابق آتشزدگی کے باعث 20سے25 دکانوں کو نقصان پہنچا، جن دکانوں کو نقصان ہوا وہاں، کپڑا اور فورم موجود تھا، آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔

  • گھر میں خوفناک آتشزدگی، 4 بچے جل کر مرگئے، ماں صدمے سے بے ہوش

    گھر میں خوفناک آتشزدگی، 4 بچے جل کر مرگئے، ماں صدمے سے بے ہوش

    قاہرہ : مصرکے معروف شہر الجیزہ کے ایک فلیٹ میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 4 بچے جان کی بازی ہار گئے، ہیبت ناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں رنج وغم کی لہر دوڑ گئی۔

    مرنے والے بچوں میں سب سے بڑے کی بچے کی عمر 8 برس تھی، مصری جریدے الوطن کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ہیبتناک آتشزدگی کے اسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک خرابی کی وجہ سے فلیٹ میں آگ لگی جس سے 4 بچوں کی موت واقع ہوئی- ان میں سب سے کم عمر 2 سالہ تھا۔

    مصری میڈیا نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ فلیٹ کے پڑوسی آگ کے شعلے دیکھ کر گھبرا گئے اور فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا۔

    فلیٹ میں ایک خاتون اپنے 4 بچوں کے ہمراہ سکونت پذیر تھی، فلیٹ سے دھواں نکل رہا تھا، انہوں نے دروازہ توڑ کر آگ بجھانے کی کوشش کی- اسی دوران خاتون خانہ کی چیخ و پکار پر متوجہ ہوئے جو چلا چلا کر کہہ رہی تھی کہ اس کے چاروں بچے فلیٹ میں ہیں۔

    پڑوسیوں نے انہیں تلاش کیا اور انہیں فلیٹ سے باہر نکال لائے، ہمسایوں نے دیکھا کہ سب سے چھوٹا بچہ مر چکا ہے جبکہ دیگر بچیوں کو پرائیویٹ کار سے قریب ترین اسپتال لے جایا گیا مگر وہ بھی وہاں پہنچنے تک دھوئیں سے متاثر ہوکر ہلاک ہوچکی تھیں۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زبردست دھوئیں کی وجہ سے وہ شروع میں فلیٹ میں داخل نہیں ہوسکے، پہلے انہوں نے پوری بلڈنگ کا بجلی کنکشن کاٹا اور اس کے بعد آگ بجھانے کے لیے فلیٹ میں داخل ہونے کی ہمت کی۔

    ایک پڑوسی بھی شیرخوار کی لاش کو فلیٹ سے نکالتے ہوئے جھلس گیا، ایمبولینس اور سیکیورٹی فورس کے اہلکار مدد کے لیے بعد میں پہنچے۔

    ایک عینی شاہد نے توجہ دلائی کہ آگ سے پورا فلیٹ تباہ ہوگیا، ماں اپنے شیر خوار کی نعش اور تینوں بیٹیوں کی بری حالت دیکھ کر صدمہ میں چلی گئی اور بے ہوش ہوگئی، متوفی بچوں کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ طلاق یافتہ خاتون ہے اور گزشتہ 10 ماہ سے متاثرہ فلیٹ میں رہائش پذیر تھی۔

  • راولپنڈی کے اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی

    راولپنڈی کے اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی

    راولپنڈی: راولپنڈی کے قدیم اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی کے باعث متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں واقع اردو بازار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    اردو بازار میں آگ کی اطلاع ملتے ہی دکاندار اور مقامی افراد بڑی تعداد میں وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لینا شروع کردیا،اسی اثنا میں واسا ٹیمیں بھی متاثرہ جگہ پہنچی اور آگ پر قابو کے لئے کوششوں کا آغاز کیا۔

    امدادی ٹیموں کے مطابق آگ اردو بازار کی تین منزلہ عمارت میں لگی، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق خوفناک آتشزدگی کے باعث کم وبیش بیس دکانیں جل کر خاکستر ہوچکی ہیں جبکہ متعدد دکانیں ابھی بھی آگ کی لپیٹ میں ہیں، واسا کے دس سے زائد واٹر ٹینکر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    ریسکیو ٹیموں نے آگ کی شدت کے پیش نظر متعدد دکانوں کو خالی کرالیا ہے اور لوگوں کی آمدورفت کو بھی محدود کردیا ہے، تاحال آتشزدگی کے باعث ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    واضح رہے کہ اردو بازار سے متصل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی بھی ہے، تاہم آتشزدگی کے باعث عمارت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

    دوسری جانب خوفناک آتشزدگی کے باعث پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بھی جائے حادثے پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بھی اردو بازار پہنچ گئے ہیں۔

    یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ آگ کے باعث دو عمارتیں گر گئیں ہیں جبکہ متعدد عمارتوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اردو بازار میں لگی خوفناک آتشزدگی کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں، وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ نے بڑے پیمانے پر دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔