واشنگٹن : امریکی جریدے واشئنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے باوجود پاکستانی معیشت ترقی کر رہی ہے۔
امریکی جریدے میں شائع کئے گئے آرٹیکل کے مطابق پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی ایک اونچی اڑتی ہوئی پتنگ جیسی ہے، انٹرنشنل مانیڑی فنڈ مسلسل پاکستانی معشیت کو سراہ رہا ہے جبکہ ورلڈ بینک نے پاکستان کی معاشی شرح نمو پانچ اعشاریہ دو فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
امریکی جریدے کے مطابق فوج اور حکومت کے اقدامات سے امن و امان کی صور حال میں بہتری آئی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق پاکستان کی آدھی آبادی متوسط طبقے میں شامل ہو گئی ہے، پاکستان کی مڈل کلاس کنسیومر مارکیٹ کا حجم 2030 تک دس کھرب ڈالر ہوجائے گا۔
امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ بریکس کے بعد اب وریپ نامی معاشی گروپ سامنے آیا ہے، جس میں پاکستان شامل ہیں، پاکستان میں توانائی کے مسائل ہیں جو کہ پاک چین اقتصادی راہدای سے حل ہوجا ئیں گے اور سی پیک منصوبوں کے تحت دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائیگی۔
لاہور: ڈیفنس کے علاقے میں ریستوران میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ‘ جبکہ 21 زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب گلبرگ دھماکے کی اطلاعات کو رسیکیو 1122 نے افواہ قراردے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعرات لاہور کےعلاقے ڈیفنس زیڈ بلاک میں واقع ریستوران میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ ریستوران کے ملازمین ہیں جبکہ بیشتر کی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور میتیوں اور زخمیوں کو قریب ہی واقع نیشنل اسپتال اور جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم نوازشریف نے لاہور دھماکےمیں جانی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں۔
وزیراعظم نے لاہور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکےایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی‘ اورسوگوارخاندانوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے صبرجمیل طلب کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی مذمت
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
گلبرگ میں دھماکہ افواہ ہے‘ ریسکیو انچارج
لاہورکے علاقے گلبرگ میں دھماکے کی اطلاعات افواہ نکلیں ‘ ریسکیوانچارج پنجاب نے تصدیق کردی ہے‘ دوسری جانب وزیرِ قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تفتیش کی جائے گی کہ پولیس کے ذریعے میڈیا تک غلط اطلاع کیسے پہنچی۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ غیر ملکی ریستوران کے پاس ہوا ہے اسی علاقے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی کی رہائش گاہ کے نزدیک دھماکہ ہوا ہے۔
ریسکیواورقانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوچکے ہیں۔ شہر بھر میں سیکیورٹی کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے جبکہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیق کے مطابق دھماکہ بم کا تھا‘ ڈی آئی جی آپریشن
ڈی آئی جی آپریشن حید اشرف نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہ ہے کہ ابتدائی تحقیق سے لگتا ہے کہ بم نصب کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر جاری ہے ‘ 11 دنوں میں یہ دوسرا دھماکہ ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو کیفر َ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
شاید کسی تعمیراتی میٹریل سے دھماکہ ہوا‘ صوبائی وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ
صوبائی وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریستوران میں تعمیراتی کام جاری تھا۔ شاید کوئی ایسا میٹریل وہاں موجود تھا جس سے دھماکہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے موجود ہیں اور اپنا کام کررہے ہیں۔ انوسٹی گیشن جاری ہے ‘ فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی۔
رانا ثںا اللہ نے تصدیق کی کہ دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
زخمیوں کی جان بچانا پہلی ترجیح ہے‘ صوبائی وزیرِصحت
پنجاب کے صوبائی وزیرصحت سلمان رفیق نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکہ جنریٹر کے پھٹنے سے ہوا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ زیادہ تر زخمیوں کو لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پہلی ترجیح زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے ان کی جان بچانا ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں نہ صرف ریستوران بلکہ پوری عمارت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ارد گرد موجود عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت واضح نہیں کی گئی ہے۔
صوبائی وزیرصحت سلمان رفیق نے جائے وقوعہ اور جنرل اسپتال کا دورہ بھی کیا ہے۔
پاک فوج پہنچ گئی
پاک فوج کے جوان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اورعلاقے کو کنٹرول میں لے لیا ہے۔ فوج کے جوانوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔
دھماکہ ڈیفنس کے زیڈ بلاک میں ہوا ہے اور فوج کے جوانوں نے دور دورتک علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
آپریشن ردُالفَساد
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں پاک فوج نے آپریشن ’ردُالفساد‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اوراس کے نتیجے میں ملک بھر سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔
دہشت گردی کی تازہ لہر
پاکستان ایک با رپھر دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا کررہا ہے جس کے نتیجے میں ایک مہینے میں دوسری بار لاہور کو نشانہ بنایا گیا ہے اس سے قبل 13 فروری کولاہور کے علاقے مال روڈ پر ہونے والے ایک احتجاج کے دوران ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
انہی دنوں میں ملک کے دیگر صوبوں میں دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا اور کوئٹہ‘ پشاور چارسدہ سمیت کئی شہروں میں دھماکے ہوئے جن میں متعدد افراد شہید ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ ان دنوں دبئی میں جاری ہے جس کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں ہونا ہے‘ دو دن قبل پی سی بی نے ٹیم مالکان کے ساتھ مل کر حتمی فیصلہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا۔
وارسا: کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے دہشتگردی اور اسلام کی برابری سے انکار کردیا، انکا کہنا ہے کہ اسلام کو دہشتگردی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔
پولینڈ کےدارلحکومت وارسا میں صحافیوں سے گفتگو میں پوپ فرانسس نےکہاکہ اسلام کا شدت پسندی سے موازنہ درست نہیں، شدت پسندوں کا ایک چھوٹا گروہ ہر مذہب میں ہوتا ہے، ایسا گروو عیسائی مذہب میں بھی ہے، کوئی مذہب انسانوں کے قتل کا درس نہیں دیتا۔
انہوں نے کہ اگر میں اسلامی تشدد کی بات کرونگا تو اسکے ساتھ میں عیسائی مذہبی تشدد کی بات بھی کرونگا، مذہب کسی بے گناہ کو قتل کرنے کا دس نہیں دیتا، یورپ کو اپنے گھر کو غور سے دیکھنا چاہیے، یورپ میں بے روزگاری نوجوانوں کو نشہ، شراب اور شدت پسندی کی طرف دھکیل رہی ہے۔
پوپ فرانسس نے کہاکہ دہشت گردی تب جنم لیتی ہےجب نوجوانوں کے پاس کوئی دوسراراستہ نہ ہو۔
اس سے قبل کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے یورپی ملک پولینڈ میں ’ورلڈ یوتھ ڈے‘ کے اختتام پر دنیا بھر سے آئے ہوئے دس لاکھ سے زائد زائرین سے خطاب میں کہا ہے کہ اُس انسانیت پر یقین رکھا جائے جو بدی سے زیادہ طاقت ور ہے اور سرحدوں کو رکاوٹیں تسلیم نہیں کرتی۔
پولینڈ کے دورے میں تمام میڈیا کی نظریں پوپ فرانسس پر ہی مرکوز تھیں جبکہ وہ نازی دور کے سابق اذیتی کیمپ آؤشوٹس بھی گئے تھے۔
دمشق: شام کےصدربشارالاسد کہتے ہیں کہ روس کی مددسےدہشت گردوں کو نیست ونابودکرنےمیں کامیاب ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق شام کےدارالحکومت دمشق میں روس کےپارلیمانی وفد سے گفتگو میں شام کےصدر بشارالاسد کاکہناتھاکہ دہشت گردوں کےخلاف کامیابی روس کی مدد کی مرہون منت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے متاثرہ شام سےاتنی بڑی تعداد میں دہشت گردوں کاصفایا شامی عوام اورفوج کی ہمت اور عزم کانتیجہ ہے۔
اس موقع پرروس کےپارلیمانی وفد کاکہناتھاکہ شام پرغیرمنصفانہ جنگ مسلط کی گئی۔
روسی وفد میں ارکان پارلیمان سمیت مذہبی،معاشرتی اورصحافتی اداروں کےنمائندگان شامل ہیں۔
ریاض: دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لئے پاکستان سمیت چونتیس اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد تشکیل دے دیا گیا، فوجی اتحاد کا ہیڈکوارٹرسعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوگا.
سعودی عرب کی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق فوجی اتحاد کا مقصد اسلامی ممالک کو مختلف دہشتگرد گروپوں سے نجات دلانا اور دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ممالک کودہشتگردی کا سامنا ہے جس کوجڑ سے اکھاڑنے کے لئے مل کرکوششیں کرنا ہوں گی۔
سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے فوجی اتحاد کے رکن ملکوں میں پاکستان،مصر، یو اے ای، قطر، ترکی ،ملائیشیا، خلیجی اور افریقی ممالک شامل ہیں، اسلامی ملکوں کے فوجی اتحاد کا ہیڈکوارٹر ریاض میں ہوگا۔
اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی میں مدارس سمیت ملک بھرکے تعلیمی نصاب میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بروز پیر وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور مختلف مکاتبِ فکرکے علما کرام شریک تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدارس سمیت ملک بھر کے تعلیمی نصاب میں اصلاحات کی جائیں گی۔
اس موقع پرجنرل راحیل شریف نے اجلاس کے شرکاء سے مخاطب ہوکرکہا کہ دہشت گردی اورکرپشن کے خلاف جنگ جاری رہے گی جبکہ مدارس کے خلاف بلا جوازکاروائی نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئےتمام وسائل بروئےکارلائےگی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ نثار علی خان کو ملک بھر کے مدارس کا نگران مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریاست فرقہ واریت کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور دوسرے مسالک کے افراد کو کافر اور واجب القتل کہنے والوں کے خلاف دہشت گردی کےمقدمات قائم کئے جائیں گے۔
اجلاس کے بعد چوہدری نثار نے میڈیا کو اجلاس سے متعلق بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے۔
میڈیا بریفنگ میں چوہدری نثارنےبتایاکہ 10 ستمبر کو تمام وزراء اعلیٰ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اجلاس میں ملکی نوعیت کے تمام معاملات کا احاطہ کیا جائے گا اور اہم معاملات پر وزیراعظم فیصلوں کی منظوری دیں گے۔
مدارس کے حوالےسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب کے علماء کرام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے اور مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنانے کے لئے آسان اور جامع فارم تشکیل دیا جائے گا۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مدارس کی بیرونی فنڈنگ کا طریقہ کار حکومت وضع کرے گی اور مدارس فنڈنگ کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کا آئندہ لین دین صرف بنکوں کے ذریعے ہی کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اوراگرکوئی مدرسہ غلط کام کررہا ہوگا تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اس کے لئے تین ماہ کے اندر مدارس کے کوائف اکھٹے کئے جائیں گے۔
ان کا کہناتھا کہ سانحہ صفورا کے ملزمان مدرسے کے نہیں بلکہ یونیورسٹی کے طالب علم تھے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ مدد علماء سے ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن ہم نے شروع کیا دوسال کی ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے، کچھ لوگوں نےآنکھ کان بندکئےہوئےہیں لیکن اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
لاہور: پنجاب اسمبلی سمیت اہم مقامات پردہشتگردی خطرات کے پیش نظروزارتِ داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لاہور میں چوکنا رہنے کی ہدایت کردی۔
حساس ادارے نے پنجاب حکومت کو لاہورمیں دہشتگردی کے خطرے سے آگاہ کردیا، حساس ادارے کے مطابق پانچ دہشت گرد پنجاب اسمبلی سمیت اہم سرکاری عمارتوں کونشانہ بناسکتے ہیں۔
لاہورپولیس نے سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے لاہور کے داخلی راستوں پر بھی اضافی نفری تعینات کرکے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی اس ممکنہ کاروائی کی منصوبہ بندی جنوبی وزیرستان میں کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کا مراسلہ جاری ہونے کے بعد پولیس نے بادامی باغ، غالب مارکیٹ، چوہنگ، کینٹ، اقبال ٹاون، ریس کورس سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 70 مشتبہ افراد گرفتارکرلئے۔
دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی منسوخ کردی گئی ہے تاہم پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سیکرٹریٹ میں کارکنان سے خطاب کریں گے۔
اسلام آباد: پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے افغان انٹیلیجنس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد سے دو افغان ایجنٹس گرفتار کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ساتھ افغان خفیہ اداروں کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سیکیورٹی اداروں نے وفاقی دارالحکومت سے افغان انٹیلی جنس کے دو ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔
پولیس رینجرز اور حساس اداروں نے سیکٹر جی نائن میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، کارروائی میں افغان انٹیلی جنس کے دو اہلکاروں سمیت چالیس افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا، خفیہ اداروں نے مزید تفتیش کے لیے دونوں گرفتار اہلکاروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔
سرچ آپریشن میں گرفتار دیگر افغان شہریوں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب جیکب آباد پولیس نے پشاور سی کراچی آنے والے کالعدم تنظیم کے دو اہم کمانڈروں کو گرفتار کرکے بھارتی تعداد میں اسلحہ بر آمد کرلیا ہے۔
اسلام آباد: دفترخارجہ نے افغان صدرکی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کےلیےپرعزم ہیں، افغانستان میں دھماکوں اورحملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
افغان صدراشرف غنی نے افغانستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان میں سیکورٹی انتظامات کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پرڈالتے ہوئے پاکستان کو دہشت گردوں کی تربیت کا مرکز قراردیا تھا۔
افغان صدر اشرف غنی کے بیان پردفترِخارجہ حرکت میں آیا اور ان کے بیان کا فوری جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ’’پاکستان افغان نمائندوں پر مشتمل مفاہمتی عمل کیلئے پرعزم ہے‘‘۔
پاکستان کیلئے ڈاکٹر اشرف غنی کے جملوں سے بھارتی حکومت کے اثرو رسوغ کا اظہار ہوا۔ افغان صدر نے الزام عائد کیا کہ ’’پاکستان میں خودکش بمبارتیار کرنے والے کیمپ کام کررہے ہیں اور بم بنانے کی فیکٹریاں بھی متحرک ہیں‘‘۔
دفترخارجہ کا کہنا ہے ’’افغان صدرکی پریس کانفرنس کاجائزہ لےرہےہیں، پاکستان افغانستان میں دھماکوں اورحملوں کی مذمت کرتاہے‘‘۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ’’دہشت گردی کاسب سےبڑاشکارہونےکی وجہ سےافغان حکومت اورعوام کادکھ سمجھتےہیں‘‘۔
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دہشت گردی کےحوالےسےمرتب کردہ رپورٹ میں دہشت گردوں کےخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کااعتراف کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی سال 2014 میں دہشت گردی کےحوالے سے رپورٹ میں آپریشن ضربِ عضب کی کامیابیوں کابھی اعتراف کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی شرح میں نمایاں کمی والےممالک میں سرفہرست ہے، پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیازکارروائی کررہی ہے۔
رپورٹ میں کالعدم تنظیموں کے خلاف پاکستان کےاقدامات کی تعریف کی گئی ہے، رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والے حملوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور افواجِ پاکستان نے گزشتہ سال جون کے وسط میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب کا آغاز کیا تھا جس میں فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے کئی علاقے واگزار کرالئے ہیں۔