Tag: Terrorist Attack

  • صومالیہ: ہوٹل پردہشتگردوں کا حملہ،2رکن پارلیمان سمیت 15افراد ہلاک

    صومالیہ: ہوٹل پردہشتگردوں کا حملہ،2رکن پارلیمان سمیت 15افراد ہلاک

    موغادیشو: صومالیہ میں ہوٹل پر دہشتگردوں کے حملے میں پندرہ افراد ہلاک ہوگئے، شدت پسند تنظیم الشباب نے ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

    غیرملکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صومالیہ کے دارلحکومت موغادیشو کے ایمبیسیڈر ہوٹل پر شدت پسندوں کے حملے میں دو رکن پارلیمان سمت پندرہ افرادہلاک ہوگئےجبکہ بیس زخمی ہوگئے۔

    soma

    دہشتگردوں نے ہوٹل کے مرکزی دروازے کو خودکش کار بم دھماکے سے اڑانے کے بعد اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، حملے کے وقت قانون ساز اسمبلی کےاراکین سمیت متعدد اعلیٰ شخصیات موجود تھیں، سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے اراکین پارلیمان سمیت دیگرافراد کو ریسکیو کرلیا ہے۔

    soma-2

    الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

  • برطانیہ:دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کاالزام ، مسلمان جوڑے کوعمر قید کی سزا

    برطانیہ:دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کاالزام ، مسلمان جوڑے کوعمر قید کی سزا

    لندن : برطانیہ میں دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کاالزام ثابت ہونے پر مسلمان جوڑے کو عمر قید کی سزا سنادی گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق مذکورہ جوڑا سات جولائی دوہزار پانچ کو ہونے والے لندن دھماکوں کے دس سال مکمل ہونے پر دہشتگرد حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہا تھا، محمد رحمان نامی ملزم سائلنٹ بامبرنامی ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے لوگوں سے حملوں سے متعلق مشورہ بھی مانگتا تھا، جس پر محمد رحمان کو مئی میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    عدالت نے مجرم محمد رحمان کو ستائیس سال اور اس کی سابقہ اہلیہ ثناء احمد خان کو پچیس سال قید کی سزا سنائی، جرم کے ارتکاب کے وقت ثناء احمد رشتہ ازدواج میں منسلک تھی تاہم اب ان میں طلاق ہوچکی ہے۔

    مجرموں کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جج نے محمد رحمان سے کہا کہ وہ شدت پسند تنظیم داعش کی جہاد کی کال پورے کرنے کے لیے پرعزم تھے۔ اس منصوبہ بندی میں شامل محمد رحمان کی اہلیہ ثنا احمد خان کا جرم یہ ہے کہ انھوں نے طاقتور بم بنانے کے لیے رقم اکٹھی کی۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اس جانب راغب ہونے کی وجہ تو معلوم نہیں ہو سکی‘ لیکن یقین ہے کہ رحمان برطانیہ میں دہشت گردی کی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

  • کوئٹہ میں دھماکہ، 11 افراد جاں بحق22 زخمی

    کوئٹہ میں دھماکہ، 11 افراد جاں بحق22 زخمی

    کوئٹہ: سریاب روڈ پردھماکے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو بچوں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز پیر سریاب روڈ کے علاقے دکانی بابا چوک پرایک بس میں دھماکہ ہوا ہے جس میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس، ایف سی اور ریسکیوٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اورمیتوں اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا جارہاہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق سول اسپتال کوئٹہ میں منتقل کئے گئے زخمیوں کی تعداد 17 ہے جبکہ جائے واقعہ کے نزدیک واقعہ تین نجی اسپتالوں میں بھی زخمیوں کو لے جایا گیا ہے۔

    دھماکے کے آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ نزدیکی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کا نشانہ بننے والی بس کراچی سے کوئٹہ آئی تھی اوراس میں چالیس سے زائد افراد سوار تھے۔

    بلوچستان کے وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ وہ اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے سبب کوئٹہ شہرمیں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اسی لئے دہشت گردوں نے پبلک بس کو اپنا نشانہ بنایا ہے۔

  • پاکستانی دفترِخارجہ کی ترکی میں فوجیوں پردہشت گرد حملے کی مذمت

    پاکستانی دفترِخارجہ کی ترکی میں فوجیوں پردہشت گرد حملے کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستانی دفترِ خارجہ نے ترکی میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں ترک فوجیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 6 ستمبر 2015 کو ترکی کے صوبہ ہقاری میں دغلیقا کے علاقے میں دہشت گردوں نے ترک مسلح افواج پر حملہ کیا جس میں متعدد فوجی جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔

    پاکستان نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف صف آرا رہنے کے عزم کاارادہ کیا ہے۔

    دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستانی حکومت اور قوم دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہے جہاں ان دنوں دہشت گردوں کی پرتشدد کاروائیوں میں کئی شہری اور فوجی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔

    بیان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ترک قوم جلد ہی اپنی ہمت اور حوصلے سے دہشت گردی کے اس عفریت پرقابو پالے گی۔

  • فیصل آباد: دہشتگردوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ، پولیس اہلکار جاں بحق، دہشتگردہلاک

    فیصل آباد: دہشتگردوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ، پولیس اہلکار جاں بحق، دہشتگردہلاک

    فیصل آباد:  ڈی گراؤنڈ میں دہشتگردوں سے مقابلے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد کے بھی ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈی گراؤنڈ میں پولیس نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں موجود دہشتگردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

    جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔

    دہشتگرد گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، جس میں سے دستی بم برآمد ہوئے ہیں، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    پولیس نے فرار دہشتگردوں کی اطلاع دینے والوں کیلئے انعام کا اعلان کیا ہے، سی پی او فیصل آباد افضال احمد کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے والے کو تین لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • القائدہ برطانیہ میں حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے، سربراہ ایم آئی 5

    القائدہ برطانیہ میں حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے، سربراہ ایم آئی 5

    لندن: برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 کے سربراہ نےانکشاف کیا ہے کہ شام میں موجود القاعدہ کے عسکریت پسند مغرب بالخصوص برطانیہ پرحملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

    فرانس میں مقامی جریدے کے دفتر پر حملے میں 12 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعدایم آئی 5 کے ہیڈ کوارٹر میں گفتگو کرتے ہوئے برطانوی خفیہ ایجنسی کے سربراہ اینڈریو پارکر نے متنبہ کیا ہے کہ برطانیہ میں دہشت گرد حملے ہوسکتے ہیں اورٹرانسپورٹ یا تاریخی مقامات کو نشانہ بنایا جاسکتاہے۔

    ایم آئی 5 کے سربراہ شاز و نادر ہی پبلک میں آتے ہیں آخری مرتبہ انہوں نے اکتوبر 2013 میں عوامی اجتماع میں تقریرکی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں مقیم القاعدہ کا ایک سرکردہ گروہ مغرب میں ایک ایسے حملے کی تیاری کررہا ہے جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں القاعدہ کے اہم رہنماء شامل ہیں اور اپنے مقاصد کے حصول کے لئے وہ ٹرانسپورٹ سسٹم یا تاریخی مقامات کو نشانہ بناسکتے ہیں جو کہ نسبتاً آسان ٹارگٹ ہیں۔

    القاعدہ اس سے قبل 9/11 نامی حملے میں تین ہزار کے لگ بھگ جانیں لے چکی ہے جبکہ ان کے طرز عمل سے متاثر چند دہشت گرد برطانیہ میں خود کش حملے کرچکے ہیں جس کے نتیجے میں 52 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

    القائدہ کےسربراہ اسامہ بن لادن کو امریکہ کی خصوصی فورسز نے 2011 میں ایک سپیشل آپریشن میں ہلاک کیا تھا جس کے بعد ایمن الظواہری نے القائدہ کی قیادت سنبھالی ہوئی ہے۔

  • خیبرایجنسی: سیکورٹی فورسز کی جھڑپ،7شدت پسند ہلاک

    خیبرایجنسی: سیکورٹی فورسز کی جھڑپ،7شدت پسند ہلاک

    خیبر ایجنسی: تحصیل وادی تیراہ میں سیکورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں سات دہشتگرد مارے گئے ہیں۔

    عسکری حکام کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر پچاس سے زائد دہشتگردوں نے حملہ کیا، فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں سات دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    خیبر ایجنسی میں پاک فوج کا خیبر ون آپریشن جاری ہے، جس میں اب تک پڑی تعداد میں دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

  • نائجیریا میں دہشت گردی،45افرادجاں بحق

    نائجیریا میں دہشت گردی،45افرادجاں بحق

    ابوجہ: نائجیریا کے شہر بورنو میں شدت پسندوں کے حملےمیں پینتالیس افراد جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیرین شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے جنگجوں نے شمال مشرقی نائیجیریا کے بورنو کے ایک نواحی گاؤں پردھاوا بول دیا مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے بیس افراد موقع پردم توڑگئے،جبکہ متعدد زخمیوں نے دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑا۔

    سیکیورٹی حکام کے مطابق مسلح افراد فوج کی وردیوں میں ملبوس تھے۔

  • ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی، شہلا رضا کی گاڑی بم سے اڑانے کی دھمکی

    ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی، شہلا رضا کی گاڑی بم سے اڑانے کی دھمکی

    کراچی: ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو دھمکی آمیز خط موصول، اسپیکر سندھ اسمبلی کو معاملے سے آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کو ایک گمنام خط کے ذریعے دھمکی موصول ہوئی ہےکہ ان کی گاڑی کو بم کے ذریعے نشانہ بنایا جائے گا۔

    اب سے کچھ عرصہ قبل بھی شہلا رضا کے ساتھ ایک اچنبھا خیز واقعہ پیش آچکا ہے کہ جب ان کے گھر کے پورچ میں ان کی گاڑٰی پرنامعلوم سمت سے گولیاں آکرلگی تھیں۔

    شہلا رضا نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو حالیہ واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سےبم پروف گاڑی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    آغا سراج درانی نے ڈپٹی اسپیکر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ برتا جائے گا اور شہلا رضا کی جانب سے طلب کی گئی بم پروف گاڑی کے مطالبے پر بھی غور کیا جائےگا۔

  • کوئٹہ:سمنگلی ائیر بیس پرحملہ ناکام ،10 دہشتگرد ہلاک

    کوئٹہ:سمنگلی ائیر بیس پرحملہ ناکام ،10 دہشتگرد ہلاک

    کوئٹہ: کوئٹہ کے سمنگلی اور خالد ایئر بیسز پر ہشتگردوں نے حملہ کیا، جوابی کارروائی میں دس دہشتگرد ہلاک جبکہ اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی ہوئے، دونوں بیسز کلیئر قرار دیدی گئی ہے،کوئٹہ ایئرپورٹ پروازوں کیلئے بند کردیا گیا۔

     پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق دہشتگرد سمنگلی ایئربیس میں داخل ہونا چاہتے تھے لیکن اس سے پہلے ہی انہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر گاڑی میں سوار دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔

    فائرنگ کے شدید تبادلے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی، اس دوران سیکیورٹی فورسز نے سمنگلی ائیر بیس کے تمام راستے بند کردئیے ، اس دوران دہشتگردوں نے سات راکٹ بھی فائر کیے جو خطا گئے، دہشتگردوں سے مقابلے میں نو سیکورٹی اہلکار زخمی ہو ئے، پولیس کی ایک گاڑی راکٹ لگنے سے تباہ ہوگئی۔

    وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ،کچھ موڑ پر ایک گاڑی سے چار راکٹ برآمد ہوئے ۔ زرائع کے مطابق حفاظتی اقدام کے طور پر کوئٹہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو تمام پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

    آئی جی بلوچستان محمدعملیش خان کے مطابق خالد ایئر بیس کے قریب تین دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سےاڑایا جبکہ دو مارے گئے، ادھر سمنگلی ایئر بیس پر حملہ کرنے والے دو دہشتگرد مارے گئے اور تین نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

    آئی جی بلوچستان عملیش خان نےکہا ہےکہ ایئر بیسز پرحملوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، سمنگلی اورخالدایئر بیسز کو مکمل طور پرکلیئر ہیں، سیکیورٹی فورسز نےسمنگلی ایئر بیس کے قریب سے راکٹ لانچر اور نو گولے، خودساختہ بم، خودکش جیکٹس اور فیول قبضے میں لے لی ہے۔