Tag: terrorists

  • مردان سے 2 دہشت گرد گرفتار

    مردان سے 2 دہشت گرد گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان میں 2 نہایت اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے ڈھیروں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے مردان میں کارروائی کرتے ہوئے 2 اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد نہاد علی 14 اور فرہاد علی 4 مقدمات میں مطلوب ہے، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    ملزمان سے ڈھائی کلو بارودی مواد، پرائما کارڈ، سیفٹی فیوز، ڈیٹو نیٹر، 2 دستی بم، پستول اور 6 موبائل فونز برآمد ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق صوبائی حکومت نے نہاد علی کے سر کی قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی جبکہ فرہاد کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

  • سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، افغانستان سے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو آگ لگائی جبکہ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ گرفتار ملزمان میں سیف اللہ عرف محسن عرف صدام اور حضرت بلال عرف بلال شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے سنہ 2013 میں ٹی ٹی پی سجناں گروپ میں شمولیت اختیار کی، دونوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں، ملزمان سے شارٹ مشین گن، دستی بم، ایمونیشن اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے منگھو پیر سے بھتہ لے کر کمانڈر فخرالدین عرف ملنگ کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار دہشت گرد سیف اللہ نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو بھی آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے، واردات کے بعد سیف اللہ شوال کے علاقے میں چلا گیا تھا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے، گرفتارملزمان بھتہ خوری سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

  • کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بروقت کارروائی کی جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے اغبرگ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید نفری طلب کی تھی۔ بھرپور فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دہشت گردوں کے زیر استعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، چاروں دہشت گرد فورسز پر حملوں میں ملوث تھے اور مزید تخریب کار کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

  • سی ٹی ڈی نے 4 سال بعد  دہشت گردوں کی تفصیلات پر مبنی ریڈ بک تیار کرلی

    سی ٹی ڈی نے 4 سال بعد دہشت گردوں کی تفصیلات پر مبنی ریڈ بک تیار کرلی

    کراچی : کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے 4 سال بعد دہشت گردوں سے متعلق معلومات پر مبنی ریڈ بک تیار کرلی ، ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اور ہیڈ منی والے دہشت گردوں کے نام شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں کے معاملے پر کاونٹرٹیرارزم ڈپارٹمنٹ نے 4 سال بعد ریڈ بک تیار کرلی، ریڈ بک کا نواں ایڈیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

    حکام نے کہا ہے کہ کتاب میں دہشت گردوں سے متعلق معلومات کویکجا کیا گیا ہے، سی ٹی ڈی حکام نےاس بارریڈبک میں مزید اضافہ کیا ہے، قوم پرست جماعت کےدہشت گردوں ، بی ایل اے، بے آر اے، ایس آر اے سمیت دیگر تنظیموں کے نام بھی ریڈ بک میں شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اور ہیڈ منی والے دہشت گردوں کے نام شامل ہیں ، ریڈ بک تمام متعلقہ اداروں سے شیئر کی جائے گی، اس سے قبل 2017 میں ریڈ بک جاری کی گئی تھی۔

    سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی تفصیلات پر مبنی ریڈ بک کا آٹھواں ایڈیشن جاری کیا تھا ، ریڈ بک کا آٹھواں ایڈیشن دو حصوں پر مشتمل تھا ، جس کے پہلےحصے میں داعش سے وابستہ دہشت گردوں کی تفصیلات مو جود تھیں جب کہ القاعدہ کے 9، کالعدم تحریک طالبان کے 16، کالعدم جند اللہ کے 8 کالعدم لشکر جھنگوی کے 11 جب کہ ددیگرکالعدم تنظیموں کے 16 دہشت گردوں کے کوائف موجود تھے۔

  • دہشت گرد رابطوں کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں، نیکٹا

    دہشت گرد رابطوں کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں، نیکٹا

    اسلام آباد : نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد رابطوں کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں اور رابطوں کےلئے اب بھی افغانستان کی سمیں استعمال ہورہی ہے۔

    نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد رابطوں کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔نیکٹا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ دہشت گرد رابطوں کےلئے اب بھی افغانستان کی سمیں استعمال کررہے ہیں۔

    انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نے قرار دیا کہ 9 کروڑ سموں کی بندش، ایک ہزار ویب سائٹس اور 3 ہزار سے زائد سوشل میڈیا پیجز کی بندش ناکافی ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں نیکٹا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ رابطے کو چیک کرنا بہت مشکل ، قانون میں بھی سقم موجود ہیں۔

    نیکٹا رپورٹ میں کہا گیا کہ الیکٹرانک کرائمز ایکٹ، قومی سلامتی کے انفرااسٹرکچر پر سائبر حملے رکوانے میں ناکام رہا ہے اور ساتھ ہی سفارش کی کہ ایکٹ میں سائبر حملوں کے دفاع کی شقیں شامل کی جانی چاہئیں۔

    نیکٹا کے مطابق ہر انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں سائبر سرویلنس یونٹ بنایا جانا چاہیے۔

    یاد رہے 8 اپریل 2019 کو نیکٹا کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی اطلاع پر ملک بھر میں کارروائی کرتے ہوئے مزید ایک سو 78 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کردئیے گئے۔

    اس سے قبل 4 مارچ 2019 کو وفاقی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پابندی کے شکار افراد اور تنظیموں کو کنٹرول میں لے کر ان کے اکاﺅنٹ منجمد کرنے کےلئے سلامتی کونسل آرڈر 2019 جاری کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : دہشت گردوں کی مالی معاونت :ملک بھر میں 4863 افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے

    28 مارچ 2019 کو ایف اے ٹی ایف کی ذیلی تنظیم ایشیا پیسفک گروپ (اے پی جی) نے پاکستان کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    25 فروری کو وفاقی حکومت نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے ان افراد پر پاسپورٹ آفس کے دروازے بند اور ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے تھے۔

    فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر مزید پابندیاں وزارت داخلہ کے احکامات اور نیکٹا کی نشاندہی کے بعد عائد کی گئی تھیں

  • ترکی میں پیاز کا بحران، پیاز دہشت گرد تنظیم قرار

    ترکی میں پیاز کا بحران، پیاز دہشت گرد تنظیم قرار

    انقرہ : ترکی میں پیاز کا بحران شدت اختیار کرگیا جس کے باعث ترک صدر اردوان نے پیاز کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں کچھ ماہ قبل ایک تنازعے پر امریکی پابندیوں کے باعث ترک کرنسی کی قدر میں کمی سمیت کئی بحرانوں نے سر اٹھایا تھا لیکن حالیہ دنوں ترکی میں پیاز کے بحران عوام سمیت سیاست دانوں کے لیے مشکل کا باعث بنا ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی میں پیاز میں بحران کیا پیدا ہوا سیاست دان پریشان ہوگئے، یہاں تک کہ پیاز کے بحران کی صدائیں ایوان صدر سے بھی بلند ہونے لگیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے پیاز کے بحران کی وجہ ذخیرہ اندوزی کو قرار دیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گوداموں پر چھاپے مارنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ذخیرہ اندوزوں نے اتنی پیاز ذخیرہ کرلی ہے کہ پیاز کے قیمتوں کو پر لگ گئے اب ترک پولیس صدارتی احکامات پر پیاز کی تلاش میں جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پیاز کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر طنز کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    ترکی کی گڈ پارٹی مرال آکسنر صدر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہاردوان نے پیاز کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے جس کے باعث ترک عوام تعجب کا شکار ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک صارف نے طنزیہ ٹویٹ کیا کہ ’میرے گھر میں تو پیاز کی ایک پوری بوری موجود ہے ایسا نہ ہو مجھے بھی گرفتار کرکے لیں جائیں۔

    ایک اور صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طنز کیا کہ خلائی گاڑی ان سائیٹ مریخ پر لینڈ کررہی تھی اور یہاں پیاز کو دہشت گرد قرار دے کر گوداموں پر چھاپے مارے جارہے تھے۔

  • آرمی چیف نے13 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

    آرمی چیف نے13 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے13 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں‌ کی سزائے موت میں توثیق کر دی، سپہ سالار نے سات دہشت گردوں کی قیدکی سزاکی بھی توثیق کی۔

    یہ دہشت گرد 202افراد کے قتل عام میں ملوث تھے، دہشت گردوں نے51 سیکیورٹی اہلکار،151عام شہریوں کو نشانہ بنایا تھا.

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردحملوں میں 249 افراد زخمی  ہوئے تھے، ان دہشت گردوں میں منیر رحمان، محمدبشیر، حافظ عبداللہ، بخت اللہ شامل ہیں.

    ساتھ ہی شاہ خان، سہیل خان، داؤدشاہ، محمد منیر کی سزائے موت کی توثیق کی گئی. علی شیر،حبیب اللہ ، محمدآصف ،گل شاہ ،جلال حسین دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں.

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام دہشت گردمسلح افواج، سیکیورٹی ایجنسیز، تعلیمی اداروں،قومی جرگے پرحملوں میں ملوث تھے۔

    دہشت گردرکن قومی اسمبلی رشید اکبرنیوانی کےگھرپرحملےمیں بھی ملوث تھے، جس میں 21 افرادشہید 59زخمی ہوئے تھے۔


    دفاع پاکستان کے لیے ہم سب یک جان ہیں، آرمی چیف

    آئی ایس پی آر  کے دہشت گرد محمد بشیرسینیٹر عطا الرحمان کے گھر پر حملے، دہشت گرد عبداللہ سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل انورعباس سمیت 3جوان شہید،15زخمی ہوئے تھے۔

    دہشت گرد بخت اللہ نے 14سپاہیوں کو شہیداور 39کوزخمی کیاتھا، دہشت گردشاہ خان بھی فورسز پر حملے میں ملوث تھا، دہشت گردسہیل کوہاٹ ٹنل پرحملےمیں، دہشت گردداؤدشاہ شہریوں، فورسزپرحملوں میں، دہشت گرد محمد منیر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر، دہشت گردحبیب اللہ سوات میں پرائمری اسکول اور فورسزپرحملے میں ملوث تھا۔

    دہشت گردمحمد آصف دو معصوم شہریوں کےقتل، فورسزپرحملے میں ملوث تھا، دہشت گردگل شاہ کے فورسزپرحملے میں پانچ سپاہی زخمی ہوئے تھے، دہشت گردجلال حسین کے فورسزپرحملے میں دو سپاہی شہید ہوئے تھے، دہشت گردعلی شیرسوات میں پرائمری اسکول،فورسزپرحملے میں ملوث تھا۔

    یاد رہے کہ یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پچھلی دو دہائیوں میں دنیا بھر میں دہشت گردی کی  جو لہر اُٹھی، پاکستان بھی اس کا نشانہ بنا، ہم پر دہشت اور خوف مسلط کرنے کی کوشش کی گئی، مگر سلام ہے پاکستانی قوم اور محافظوں کو جو اس مشکل وقت میں ڈٹے رہے۔

  • وینزویلا کے صدر پر قاتلانہ حملے میں ملوث 6 افراد گرفتار

    وینزویلا کے صدر پر قاتلانہ حملے میں ملوث 6 افراد گرفتار

    کراکس: جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر قاتلانہ حملے میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل نکولس مادورو پر ڈرون طیاروں کے ذریعے قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ بال بال بچے تھے، حکام کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کی سازش کرنے والے 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا حکام کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ چند گھنٹوں کے اندر مذکورہ حملے میں ملوث دیگر افراد کی بھی گرفتاریاں عمل میں آئیں گی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل دارالحکومت کراکس میں صدر نکولس مادورو نیشنل گارڈز کی تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ اسی دوران ڈرون طیاروں کے ذریعے حملہ ہوا تھا جس کے باعث سات سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔


    وینزویلا کے صدر پر قاتلانہ حملہ، 7 سیکیورٹی اہلکار زخمی


    مذکورہ ڈرون حملے سے ہونے والے دھماکے کے بعد پریڈ گراؤنڈ میں موجود فوجیوں میں بھی خوف پھیل گیا اور وہ بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔

    اس تقریب میں وینزویلا کی اعلیٰ قیادت سمیت ملک کے سترہ ہزار فوجی بھی شریک تھے، اس واقعے میں سات فوجی زخمی ہوئے۔

    واضح رہے کہ وینزویلا حکام کی جانب سے اس مبینہ حملے کا الزام انتہائی دائیں بازو کے گروہوں اور کولمبیا کے صدر خوان مانوئل سانتوس پر عائد کیا گیا ہے، تاہم ردعمل کے طور پر کولمبیا کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

  • کوئٹہ میں ایف سی سینٹر پر حملہ،  جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ میں ایف سی سینٹر پر حملہ، جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئلہ پھاٹک کے قریب پانچ خود کش حملہ آوروں نے ایف سی سینٹر پر حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، فورسز کی جوابی فائرنگ سے پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 4 جوان مقابلے میں زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں واقع چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب ایف سی کے مددگار سینٹر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے بعد تین دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

    سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیا اور جوابی فائرنگ میں 2 حملہ آوروں کو مار گرایا، پاک فوج کے دستے بھی صورتحال کو قابو کرنے کے لیے ایف سی کے مدد گار سینٹر پہنچے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ چمن ہاؤسنگ سوسائٹی کے ساتھ واقع عسکری پمپ پر دھماکوں کی اطلاع موصول ہوئی، لگتاہےکل کےآپریشن سےفراردہشتگروں نے آج حملہ کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ دھماکوں کی نوعیت، نقصان سےمتعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری اور ریسکیو عملے کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔

    آئی ایس پی آر اعلامیہ

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کاررائی ناکام بنا دی، دہشت گردوں نے ایف سی سینٹر پر حملے کی کوشش کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش حملہ آور دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی میں بیٹھ کر ایف سی سینٹر میں داخل ہونا چاہتے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی اور پانچوں دہشت گردوں کو مار گرایا، مارے گئے خود کش حملہ آور بظاہر افغان شہری معلوم ہوتے ہیں۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے چار جوان زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی صورتحال کو کنٹرول کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مصر: دہشت گردی کے الزامات، اخوان کے 35 ارکان کو عمر قید کی سزائیں

    مصر: دہشت گردی کے الزامات، اخوان کے 35 ارکان کو عمر قید کی سزائیں

    قاہرہ: مصر میں فوجداری عدالت نے کالعدم مذہبی و سیاسی جماعت الاخوان المسلمون کے 35 مبینہ ارکان کو سیکیورٹی فورسز اور ریاستی اداروں پر حملے کے الزامات میں عمر قید کی سزائیں سنادیں۔

    سہاج کی فوجداری عدالت نے اسی طرح کے مختلف الزامات میں ماخوذ 155 مدعاعلیہان کو قصور وار قرار دے کر تین سے 15 سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

    ان افراد پر سرکاری شخصیات اور سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل کی سازشوں میں ملوث ہونے اور ایک کالعدم گروپ (الاخوان المسلمون) میں شمولیت کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔

    تمام ملزمان کو فوجداری عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے، ان کے علاوہ 124 مشتبہ مفرور ملزمان کے خلاف ان کی گرفتاری کے بعد ہی مقدمہ چلایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ مصر کی عدالتوں نے جولائی 2013ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے الاخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع سمیت سیکڑوں رہنماؤں کو قید و پھانسی کی سزا سنائی گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ عالمی سطح پر فوجداری عدالتوں کے ان فیصلوں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے اور بعض مبصرین نے ان سزاؤں کو انصاف کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔

    امریکا سمیت مختلف ممالک اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں الاخوان کے کارکنان کو مختلف الزامات میں قائم مقدمات میں سنائی گئی پھانسی کی سزاؤں پر کڑی تنقید کرچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں