Tag: Test Cricket

  • عاقب جاوید نے ٹیسٹ کرکٹ ختم کرنے کی تجویز دے دی

    عاقب جاوید نے ٹیسٹ کرکٹ ختم کرنے کی تجویز دے دی

    لاہور: سابق فاسٹ بولر  عاقب جاوید نے ٹیسٹ کرکٹ ختم کرنے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق 1992 کی فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے عاقب جاوید نے پانچ روزہ فارمیٹ پر سوالات اٹھا دیے.

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچز بائیس کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے علاوہ کوئی نہیں دیکھتا، اس کا مستقبل مخدوش ہے.

    سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اب ٹیسٹ کرکٹ کے شائقین نہیں رہے، ایک دن آئے گا کہ ٹیسٹ کرکٹ ختم ہوجائے گی.


    مزید پڑھیں: جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین فاسٹ بولر بن گئے


    انھوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دبئی میں جاری ٹیسٹ میچ کا بھی حوالہ دیا، جہاں شائقین نہ ہونے کے برابر ہیں اور تمام انکلوژر خالی ہیں.

    انھوں‌ نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک، جس کے پاس ہوم گراؤنڈ نہیں ہے، انھیں اب ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے.

    عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ اسے آج نہیں‌ تو کل ختم ہونا ہے، کیوں کہ نہ تو اسے کوئی کھیلنا چاہتا تھا، نہ دیکھنا چاہتا ہے، نہ ہی کوئی براڈ کاسٹر اسے دکھانا چاہتا ہے.

  • دبئی ٹیسٹ‌ کا پہلا دن، پاکستان کے 279 رنز

    دبئی ٹیسٹ‌ کا پہلا دن، پاکستان کے 279 رنز

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 279 رنز بنا لیے۔

    پہلے دن کے اختتام پر اظہر علی 146 اور اسد شفیق 33 رنز پر کھیل رہے تھے، پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہر علی نے اننگز شروع کی اور ٹیم کو 215 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم 215 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی جگہ اسد شفیق بیٹنگ کے لیے آئے۔

    test-1

    ٹاس سے قبل مصباح الحق نے کہا تھا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کریں گے کیونکہ وکٹ پہلے بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور جیسے جیسے وقت گزرے گا وکٹ سلو ہوتی جائے گی اور سپنرز کو مدد دے گی۔

    test-3

    ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تینوں میچوں میں سنچریاں بنانے والے بابراعظم اور لیفٹ آرم سپنر محمد نواز اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کریں گے۔ پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی اور ٹی 20 اور ون ڈے میں وائٹ واش کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی فیورٹ سمجھی جا رہی ہے۔

    test-3

    پاکستانی ٹیم کا یہ 400 واں ٹیسٹ میچ ہے اور یہ ٹیسٹ اس لحاظ سے بھی تاریخی ہے کہ یہ پاکستان کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ ہو گا جو گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔

  • پاکستان میں ٹیسٹ میچ ہوئے سات سال سات ماہ اور سات دن گزر گئے

    پاکستان میں ٹیسٹ میچ ہوئے سات سال سات ماہ اور سات دن گزر گئے

    کراچی : پاکستان کو اپنی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلے ہوئے سات سال سات ماہ اور سات دن گزر گئے۔ ملک میں کرکٹ کھیلے بغیر پاکستان دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔ جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے دروازے بند ہوئے،وہیں پاکستان ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کا ایوارڈ ملا۔

    تفصیلات کے مطابق آج سے سات سال قبل سال دوہزار نو میں پاکستان اورسری لنکا کی ٹیمیں لاہور کے قذافی اسٹیڈٖیم میں مدمقابل تھیں، ابتدائی دو روزبیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔

    کھیل کے تیسرے روز یونس خان نے بیٹنگ کا آغاز کرنا تھا لیکن وہ کریز پرنہ آئے۔ ٹیسٹ میچ کے دوران ہی سری لنکن ٹیم دہشت گردی کا شکارہوگئی۔ جس کےبعد پاکستان اپنی سرزمین پر نہ کھیلنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

    دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعے کے بعد نہ صرف ٹیسٹ میچ وقت سے پہلے ختم ہوا بلکہ اس حملے کےاثرات آج بھی پاکستانی کرکٹ پر برقرار ہیں۔ سات سال سات ماہ اورسات دن بعد بھی انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان میں ممنوع ہے۔

    سات سال سے پاکستان ہوم سیریز ملک سے باہر کھیل رہا ہے۔ اس کے باوجود پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کی بہترین ٹیم بنا۔ دنیا کے کسی اور ملک نے اول آنے سے اتنی مشکلات کاسامنا نہیں کیا۔ آج سات سال سات ماہ اور سات دن بعد پاکستان دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔

     

  • ٹیسٹ کرکٹ میں نیا انقلاب، سفید کی بجائے گلابی گیند استعمال ہوگی

    ٹیسٹ کرکٹ میں نیا انقلاب، سفید کی بجائے گلابی گیند استعمال ہوگی

    ایلڈیلیڈ : آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلیں گی، جس میں گلابی گیند استعمال کرنے کا تجربہ کیا جائے گا۔

    ٹیسٹ کرکٹ کی ایک سو اڑتیس سالہ تاریخ میں پہلی بار سفید گیندکی جگہ گلابی گیند استعمال ہوگی، ایڈیلیڈ کے میدان میں نئی تاریخ رقم ہوگی، آسٹریلیا کے شہر ایلڈیلیڈ میں اٹھارہ سو چوراسی سے اب تک ایک سو چھیالیس ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جبکہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ پہلی مرتبہ کھیلا جائے گا۔

    ڈے نائٹ ٹیسٹ اور پنک گیند کے استعمال پر اعتراضات بھی سامنے آئے لیکن اب تجربے سے کرکٹ میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    ماہرین نے مصنوعی روشنی میں گلابی گیند کو بہتر قرار دیا ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کے ڈومیسٹک سیزن میں گلابی گیند آزمائشی طور پر استعمال کی گئی تھی۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: انگلینڈ کو پاکستان پر46 رنز کی برتری حاصل

    ابوظہبی ٹیسٹ: انگلینڈ کو پاکستان پر46 رنز کی برتری حاصل

    ابوظہبی: انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹ پر 569رنز بنا کر 46 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

    ابوظہبی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 290 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو ایلسٹر کک 168 اور جو روٹ تین رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

    دونوں کھلاڑیوں نے بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پاکستانی باؤلرز کی درگت بناتے ہوئے خوب رنز بٹورے خصوصاً جو روٹ کا انداز قدرے جارحانہ تھا۔

    دونوں کھلاڑیوں نے دن کے پلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور 110 رنز جوڑ کر مجموعے کو 400 تک پہنچا دیا۔

    انگلش کپتان اس دوران خوش قسمت بھی رہے جبکہ 173 کے انفرادی اسکور پر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد ان کا کیچ نہ تھام سکے۔

    ایلسٹر کک نے اپنی سنچری کو ڈبل سنچری میں تبدیل کیا اور روٹ کے ساتھ 141 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی برتری کو مزید کم کر دیا.

    جو روٹ 85 رنز بنانے کے بعد راحت علی کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ جونی بیئراسٹو بھی آٹھ رنز ہی بنا پائے.

    تاہم دوسرے اینڈ پر موجود کک پاکستانی باؤلرز کا مزید امتحان لینا چاہتے تھے اور انہوں نے بین اسٹوکس کے ساتھ مزید 91 رنز جوڑے.

    شعیب ملک نے پہلے 57 رنز بنانے والے اسٹوکس کی وکٹیں بکھیریں اور پھر 549 کے مجموعی اسکور پر ایلسٹر کک کی میراتھن اننگ کا بھی خاتمہ کردیا.

    ایلسٹر کک نے 18 چوکوں کی مدد سے 263 رنز کی شاندار اننگ کھیلی.

    ذوالفقار بابر نے جوز بٹلر کو آؤٹ کر کے ٹیم کو آٹھویں کامیابی دلاتے ہوئے اپنی پہلی وکٹ بنایا.

    جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے آٹھ وکٹ پر 569 رنز بنا کر پاکستان پر پہلی اننگ میں 46 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی.

    پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین اور شعیب ملک نے دو وکٹیں حاصل کیں.

    یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگ میں 523 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

  • یونس خان پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

    یونس خان پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

    ابو ظہبی : قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی یونس خان نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کامیاب ترین بلےباز کا اعزاز حاصل کرلیا۔ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 8833 رنز بنا کر جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

    Younis

    یونس خان کو پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ تیس ٹیسٹ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ منگل کے روز ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ سے قبل یونس خان کو یہ ریکارڈ توڑنے کیلئے 19 رنز درکا رتھے جو انہوں نے تیسری وکٹ پر میچ کے62 ویں اوور میں چھکا لگا کر مکمل کرلئے ہیں۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ جاوید میانداد نے یہ ریکارڈ 124 ٹیسٹ میچز میں قائم کیا تھا جبکہ یونس خان نے یہ سنگِ میل 102 میچز میں عبور کرلیا ہے۔

    یونس خان نے 1 ٹرپل سنچری،5 ڈبل سنچریوں ،30 سنچریوں اور 29 نصف سنچریوں کی مدد سے یہ ہدف عبور کیا ہے۔

    جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز کاریکارڈ 30 سال تک قائم رہا ہے۔یونس خان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا جس پر انہیں 2010 میں صدارتی پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

    یونس خان واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ہرٹیسٹ ٹیم کے خلاف سنچری اسکور کررکھی ہے۔ قومی بیٹنگ لائن کا اہم ستون قرار دیئے جانے والے کھلاڑی جسے ہُھلانا بولرز کے بس کی بات نہیں۔

    وکٹ پر جم جائیں تو کھیل کا نقشہ بدلنا ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل بن جاتا ہے۔ مردان کے پٹھان کا کہنا ہے کہ ہر دن نیا ہوتا ہے اور یہ بات انہوں نے لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد سے سیکھی ہے۔

  • پاک انگلینڈ سیریز،ٹرافی کی نقاب کشائی، اظہرعلی پہلے ٹیسٹ سے آؤٹ

    پاک انگلینڈ سیریز،ٹرافی کی نقاب کشائی، اظہرعلی پہلے ٹیسٹ سے آؤٹ

    ابو ظہبی : پاکستان اور انگلینڈکےدرمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی نقاب کشائی کردی گئی۔ اظہرعلی پاؤں میں انفیکشن سے صحتیاب نہیں ہوسکے، پہلے ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا ۔

    شاہینوں نے انگلش شیروں کا شکار کرنے کیلئے ابو ظہبی میں ڈیرے ڈال لئے۔ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم عرب کے صحراؤں کی سخت گرمی سے ہم آہنگ ہونے کی کوششوں میں مصروف رہی۔ مہمان ٹیم کو قابو کرنے کیلئے خامیاں بھی دور کی جارہی ہیں ۔

    احمد شہزاد کی خراب فارم تشویش کاباعث ہے، کولمبوٹیسٹ کے سائیڈ ہیرو شان مسعود کے ساتھ پروفیسرسے اوپنگ کرائے جانے کا امکان ہے۔ ٹیم منیجر انتخاب عالم نے اظہرعلی کے پاؤں میں انفیکشن کی تصدیق کردی۔

    ان کا کہنا ہے کہ اظہرعلی پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ نائب کپتان کی انجری سے شعیب ملک کو نئی لائف لائن دی جائے گی۔ انگلینڈ سلیکشن کمیٹی بھی اوپنگ اور وکٹ کیپنگ کے مسائل سے دوچار ہے۔

    ایلسٹرکک کے ساتھ معین علی یا ایلکس ہیلز کو میدان میں اتارا جائے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ منگل سے ابو ظہبی میں کھیلاجائے گا۔

  • مسٹر ٹُک ٹُک مصباح الحق ٹیسٹ کے بہترین کپتان قرار

    مسٹر ٹُک ٹُک مصباح الحق ٹیسٹ کے بہترین کپتان قرار

    لندن : برطانوی اخبار نے پاکستان کے مصباح الحق کو دنیا کا بہترین ٹیسٹ کپتان قرار دے دیا۔

    کرکٹ کی دنیا میں مسٹر ٹُک ٹُک کے نام سے مشہور مصباح الحق کو ایک اور اعزاز مل گیا، برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے مصباح الحق کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اور انہیں دنیا کا بہترین ٹیسٹ کپتان کا خطاب دے دیا۔

    برطانوی اخبار کے مطابق مصباح الحق نے دوہزار دس میں اس وقت قیادت سنبھالی جب پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار تھی، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے ٹیم کو توڑدیا تھا ایسے میں مصباح الحق نے بکھری ہوئی ٹیم کو سنبھالا۔

    مصباح کی قیادت میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کو زیر کیا، آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کا نمبر تیسرا ہے، بہترین کپتانوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم کا دوسرا اور سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کا تیسرا نمبر ہے۔

  • ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا اعلان

    ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا اعلان

    ایڈیلیڈ :آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا اعلان کردیا، جو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ اوول کھیلا جائے گا۔

    پہلے ون ڈے اور پھر ٹوینٹی کے بعد اب ٹیسٹ بھی ڈے اینڈ نائٹ ہوگا، جس کے لیے ستائیس نومبر کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جو تجرباتی بنیاد پر ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔

    اس ٹیسٹ میں گیند بھی گلابی رنگ کی ہوگی، یہ کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ ہوگا، جو ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے گا۔

    ٹیسٹ فارمیٹ میں ڈے اینڈ نائٹ میچ کی تجویز پاکستان کی جانب سے دی گئی تھی، جس کے لیے ابتدائی طور پر قائداعظم ٹرافی کا دوہزار دس اور گیارہ کا فائنل ڈے نائٹ کرایا گیا تھا۔

    جو تیرہ سے سترہ جنوری دو ہزار گیارہ تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا، جس کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کے سی ای او ڈیو رچرڈسن خصوصی طور پر پاکستان آئے تھے۔

  • گال : پاکستان اورسری لنکا پہلے ٹیسٹ میں آج مد مقابل ہونگے

    گال : پاکستان اورسری لنکا پہلے ٹیسٹ میں آج مد مقابل ہونگے

    گال : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے گال میں شروع ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کی دو بہترین ٹیموں کیلئے گال کا میدان سج گیا، ۔کس ٹیم کا پلڑا بھاری رہے گا۔ ٹیسٹ میں کون بازی لے جائے گا اور گال میں کون کمال دکھائے گا۔اس بات کا فیصلہ ہونے والا ہے۔

    دونوں ٹیمیں مقابلے کیلئے پوری طرح تیارہیں،آئی سی سی میں تیسری پوزیشن پاکستان کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ سیریز میں کامیابی پاکستان کو پھر سے ٹاپ تین میں پہنچادے گی۔

    سری لنکا سیریز جیتا تو وہ نیوزی لینڈ سے تیسری پوزیشن چھین لے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان دوہزار چھ کے بعد سے سری لنکا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتا۔

    سری لنکا نے ہوم گراؤنڈ پر آخری تینوں ٹیسٹ سیریز اپنے نام کیں۔ گال میں بدھ کے روز بارش کا بھی امکان ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔