Tag: Test

  • ‘ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید’

    ‘ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید’

    اسلام آباد: چوبیس سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے آسٹریلوی ٹیم کے لئے وزیراعظم نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان کے کرکٹ شائقین میں ہمیشہ آسٹریلوی کرکٹ کا احترام رہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم سب ایک انتہائی کانٹے دار اور دلچسپ سیریز کےمنتظر ہیں، اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم  نے دونوں ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ادھر راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ‘بینوقادر ٹرافی’ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل جاری ہے، جہاں پاکستان نے پراعتماد آغاز کیا ہے، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنالئے ہیں۔

    امام الحق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ 92 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، اظہر علی 30 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، اوپنر بیٹر عبداللہ شفیق نے 44 رنز بنائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کو ‘ بینو قادر ٹرافی’ کا نام دیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مشترکہ طورپر متعارف کرائی گئی ٹرافی کو دونوں ملکوں کے لیجنڈ لیگ اسپنرز عبدالقادر اوررچی بینوسے منسوب کیا گیا ہے جس کا مقصد آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان کا جشن منانا ہے۔

  • ‘شکریہ آسٹریلیا آپ نے یہ مارچ ہمارے لئےخوبصورت بنایا’

    ‘شکریہ آسٹریلیا آپ نے یہ مارچ ہمارے لئےخوبصورت بنایا’

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے چوبیس سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کے نام تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ 24سال بعد پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹاکرا آج راولپنڈی میں ہونے جارہا ہے، میں بابراعظم اور ٹیم پاکستان کی کامیابی کیلئےدعاگو ہوں۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلیا کے تہنیتی پیغام دیا کہ ‘ شکریہ آسٹریلیا آپ نے یہ مارچ ہمارے لئےخوبصورت بنایا’ پاکستان آپ کیلئےچشم براہ تھا۔

    فوادچوہدری نے آسٹریلیا کےہائی کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ ایونٹ ممکن بنانےکیلئےبہت محنت کی۔

    واضح رہے کہ راولپنڈی میں تاریخی سیریز کیلئے میدان سج گیا، پاکستان نے چوبیس سال بعد دورہ کرنے والی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ٹاس کے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم سیریز کیلئےبہت پرجوش ہیں کیونکہ ہم بیسٹ الیون کے ساتھ کھیل رہےہیں، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، زیادہ رنز بنانےکی کوشش کریں گے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے ٹاس جیت لیا

    راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے ٹاس جیت لیا

    راولپنڈی: آسٹریلیا کو پاکستان کے میدانوں میں کھیلتے دیکھتے والے شائقین کرکٹ کا طویل انتظار ختم ہوا،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔

    راولپنڈی میں تاریخی ‘بینو قادر  ٹرافی ‘ کیلئے میدان سج گیا، پاکستان نے چوبیس سال بعد دورہ کرنے والی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ٹاس کے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم سیریز کیلئےبہت پرجوش ہیں کیونکہ ہم بیسٹ الیون کے ساتھ کھیل رہےہیں، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، زیادہ رنز بنانےکی کوشش کریں گے۔

    بابراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انجریز ہمارے ہاتھ میں نہیں۔

    فائنل الیون سے متعلق کپتان نے بتایا کہ کینگروز کے خلاف دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ فاسٹ بولرز ہیں۔

    قومی ٹیم کی فائنل الیون

    پاکستان ٹیم میں بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق،اظہرعلی، افتخار احمد، محمدرضوان، فوادعالم، نعمان علی، ساجدخان، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہے۔

    پاکستان کا تاریخی دورہ کرنے والی کینگروز ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کررہے ہیں،ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ،ٹریوس ہیڈ،کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک،نیتھن لائن اورہیزل ووڈ فائنل الیون میں شامل ہیں۔Image

    تاریخی ٹیسٹ دیکھنے کے لئے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد وقت سے پہلے ہی اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئی تھی، اور صبح سے لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی۔

    واضح رہے کہ این سی او سی نے پاک آسٹریلیا سیریز میں 100فیصد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

  • آسٹریلیا کو آسان نہیں لے سکتے، بابراعظم

    آسٹریلیا کو آسان نہیں لے سکتے، بابراعظم

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے، آسٹریلوی قائد کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم فیورٹ نہیں پر مضبوط ضرور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ شروع میں صرف ایک روز باقی ہے، آج دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ورچوئل پریس کانفرنس کی، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے ان کی ٹیم اچھی ہے لیکن ہم نے بھی پلاننگ کی ہے ، انہیں ٹف ٹائم دیں گے۔

    بابراعظم کا کہنا تھا کہ راول پنڈی میں بھرپور پریکٹس کی، کراچی میں کھلاڑیوں نے پریکٹس میچ بھی کھیلا تو اچھی تیاری ہے، دو کھلاڑی ان فٹ ہوئے ایک کو کورونا ہوا لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے

    یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی اسکواڈ کے اہم رکن کا کورونا مثبت آگیا

    کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ پر اعتماد ہوں بھرپور فائٹ کرکے نتائج دیں گے، شاہین آفریدی اچھا پرفارم کررہے ہیں، نسیم شاہ، اظہرعلی اور فواد عالم بھی بھرپور فارم میں ہیں۔

    ورچوئل کانفرنس میں آسٹریلوی قائد پیٹ کمنز نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے تمام ٹکٹ بک گئے جو خوشی کی بات ہے، فل ہاؤس کے سامنے کھیلنے کا مزہ آتا ہے۔

    پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ میں آسٹریلیا کو فیورٹ نہیں کہوں گا، پاکستان کے تین کھلاڑی نہیں ہے لیکن پھر بھی انہیں کمزور نہیں سمجھیں گے،انٹر نیشنل ٹیموں کے پاس پورا اسکواڈ ہوتاہے دوسرے کھلاڑی آ کر بہتر کر سکتے ہیں۔

    ورچوئل پریس کانفرنس سے میں پیٹ کمنز نے کہا کہ ابھی پلیئنگ الیون کا فیصلہ نہیں کیا ہے ،کن کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنا ہے؟ اس کا فیصلہ پچ دیکھ کر کریں گے ۔

  • کویت آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش

    کویت آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش

    کویت سٹی: کویت میں کرونا وائرس کیسز میں کمی کے بعد اس کے حوالے سے عائد پابندیوں پر نرمی پر غور کیا جارہا ہے، فی الحال پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں وزارتی کرونا ایمرجنسی کمیٹی کو ایک سفارش پیش کی گئی ہے جس میں ملک میں آنے والے تمام مسافروں کی آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کو ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سفارش میں ملک میں داخلے کے بعد ویکسین شدہ افراد پر ایک ہفتے کا ہوم قرنطینہ نافذ کرنا بھی شامل ہے، تاہم اس قرنطینہ کو پی سی آر ٹیسٹ کروا کر ختم کیا جا سکتا ہے۔

    ملک میں داخل ہونے والے غیر ویکسین شدہ افراد پر 7 سے 10 دن کا ہوم قرنطینہ نافذ کیا جائے، قرنطینہ کے آخری دن منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اس قرنطینہ کو ختم کر سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس تجویز پر وزارتی کرونا ایمرجنسی کمیٹی کی میز پر بحث کی جائے گی اور اسے جلد ہی بحث اور منظوری کے لیے وزرا کی کونسل میں پیش کیا جائے گا۔

    سفر کے دوران تیسری بوسٹر خوراک حاصل کرنے کی شرط کو منسوخ کرنے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تجویز کرونا ایمرجنسی کمیٹی کے سامنے بھی پیش کی گئی ہے تاہم ابتدائی اشارے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ فی الحال اس فیصلے کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

  • جرمنی : کورونا ویکسین کے بجائے نمکین پانی، لیکن کیوں ؟

    جرمنی : کورونا ویکسین کے بجائے نمکین پانی، لیکن کیوں ؟

    عالمی وباء کورونا وائرس کے سد باب کیلئے دنیا بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں کہیں ویکسین کی فراہمی میں مشکلات ہیں تو کہیں بے انتہا رش کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔

    اس حوالے سے شہریوں کو بہت احتیاط کی ضرورت ہے، ویکیسن لگواتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کون سی ویکسین آپ کے لیے مختص کی گئی ہے اور اس کا کیا نام ہے؟

    جرمنی میں ایک نرس نے کورونا ویکسین کے بدلے نمکین پانی کا انجکشن دے دیا جس کے بعد تقریباً 9000 افراد کو دوبارہ ویکسین کی خوراک دی گئی۔

    جرمن میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے کہا ہے کہ 5 مارچ سے 20 اپریل کے درمیان تقریباً نو ہزار افراد کو کوویڈ کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کی عمریں70سال سے زائد ہیں اور انہیں شارٹینس روفاؤسن میں اسی مقام پر ویکسین دی گئی ہے۔

    گزشتہ ماہ اپریل کے دوران ویکسینیشن سینٹر پر ایک نرس کے ہاتھوں ویکسین کی شیشی چھوٹ نیچے گرنے کی وجہ سے ٹوٹ گئی نرس نے ویکسین کی کمی کو پورا کرنے کے لئے خالی شیشی میں نمکین پانی کو انجکشن کے ذریعہ بھردیا جس کے بعد ویکسین لینے والوں کو ویکسین کے بجائے انجکشن کے ذریعہ نمکین پانی دیا گیا۔

    متعلقہ پولیس آفیسر کے مطابق متعلقہ حکام جون کے مہینے میں متعدد گواہوں کے انٹرویوز لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں نے ویکسین کے بدلے نمکین پانی دیا گیا ہوگا ان سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی خوراک کو پورا کرسکیں

  • موڈرنا کی ایک اور ویکسین پر تحقیق شروع

    موڈرنا کی ایک اور ویکسین پر تحقیق شروع

    واشنگٹن: امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا نے کرونا وائرس کے خلاف ایک اور ویکسین کی تحقیق شروع کردی، موڈرنا کی پہلی کووڈ ویکسین گزشتہ دسمبر میں امریکا میں استعمال کے لیے منظور کی گئی تھی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا نے ایک اور نئی کووڈ 19 ویکسین کی تحقیق کا آغاز کردیا ہے جس کو فریزر کے بجائے عام فریج میں محفوظ کیا جاسکے گا۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ پہلے رضا کار کو اس نئی ویکسین کی خوراک استعمال کروا کے تحقیق کا آغاز کیا گیا۔

    کمپنی کے مطابق اس نئی ویکسین کی تقسیم آسان ہوگی بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں، جہاں سپلائی چین کے مسائل سے ویکسین مہمات متاثر ہوتی ہیں۔ ابتدائی تحقیق میں اس نئی ویکسین ایم آر این اے 1283 کے محفوظ ہونے اور افادیت کا تجزیہ کیا جائے گا۔

    یہ ویکسین صحت مند بالغ افراد کے 2 گروپس کو استعمال کروائی جائے گی، جن میں سے ایک گروپ کو سنگل ڈوز اور دوسرے کو 28 دن کے وقفے میں 2 خوراکوں کا استعمال کروایا جائے گا۔

    موڈرنا نے اس نئی ویکسین کو موجودہ کووڈ ویکسین کے بوسٹر شاٹ کے طور پر بھی مستقبل قریب میں آزمانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

    خیال رہے کہ موڈرنا کی پہلی کووڈ ویکسین 1273 کو دسمبر میں امریکا میں استعمال کے لیے منظوری دی گئی تھی۔

    اس کے آخری مرحلے کے ٹرائل کے حتمی نتائج میں بتایا گیا تھا کہ یہ ویکسین کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرنے میں 94 فیصد تک مؤثر ہے اور ٹرائل میں جن افراد کو اس کا استعمال کروایا گیا، ان میں سے کوئی بھی بیماری کی سنگین شدت کا شکار نہیں ہوا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ٹیسٹ کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب: کرونا وائرس ٹیسٹ کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی وزارت صحت نے کرونا وائرس ٹیسٹ کے حوالے سے اہم وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے گئے وقت پر دو بار نہ جانے پر تیسری بار بکنگ دو ہفتے تک نہیں ملے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مسلسل 2 بار اپائنٹمنٹ کینسل کرنے پر تیسری بار 14 دن کے بعد وقت حاصل کیا جا سکے گا۔

    ایک شخص کی جانب سے وزارت صحت سے کیے جانے والے استفسار پر کہا گیا ہے کہ وزارت کی ایپ صحتی کے ذریعے کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے گئے وقت پر دو بار نہ جانے پر تیسری بار بکنگ دو ہفتے تک نہیں ملے گی۔

    وزارت صحت نے مزید کہا کہ کرونا ٹیسٹ کے لیے حاصل کی گئی بکنگ پر وقت مقررہ پر پہنچا جائے تاکہ جو وقت حاصل کیا گیا ہے اس کے مطابق ٹیسٹ کیا جا سکے۔

    وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ وزارت کے سینٹر تطمن اور تاکد کے ذریعے کیے جانے والے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ سفر کرنے کے لیے پیش نہیں کی جا سکتی۔

    مذکورہ ٹیسٹ کی رپورٹ مرض کے حوالے سے اطلاع فراہم کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے ٹیسٹ کرانے والے کے موبائل پر ارسال کی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مملکت کے تمام شہروں میں اعلیٰ معیار کے ٹیسٹ سینٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں کرونا ٹیسٹ مفت کیے جاتے ہیں۔

    ڈرائیو ان کے علاوہ سرکاری ڈسپینسریوں میں بھی اس کی سہولت موجود ہے۔ کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ 2 دن کے اندر اندر موبائل پر ارسال کردی جاتی ہے۔

    ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں دوسرے دن وزارت صحت کی مرکزی کنٹرول روم سے ٹیلی فون پر مریض کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہوتا ہے۔

  • کرونا ٹیسٹنگ کی سہولت 9 اسپتالوں میں فراہم کردی گئی

    کرونا ٹیسٹنگ کی سہولت 9 اسپتالوں میں فراہم کردی گئی

    کراچی: ملک میں کروناوائرس کے پیش نظر انتظامات تیز کردیے گئے، کروناٹیسٹنگ کی سہولت9 اسپتالوں میں فراہم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نو اسپتالوں میں کروناٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وہ اسپتال جو کروناوائرس ٹیسٹ کررہے ہیں ان میں انڈس اسپتال، ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور اوجھاکیمپس کے نام شامل ہیں۔

    جبکہ ایس آئی یوٹی، سندھ انسٹی ٹیویٹ آف یورولوجی اینڈٹرانسپلانٹیشن، سول اسپتال، ضیاالدین اسپتال، پی این ایس شفا اور چغتائی لیب کا بھی نام کرواناوائرس ٹیسٹ کرنے والے مراکز میں شامل ہے۔

    علاوہ ازیں ٹیسٹنگ کی سہولت لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز، ایل یوایم ایچ ایس حیدرآباد، گمبٹ انسٹی ٹیویٹ آف میڈیکل سائنسزخیرپور میں بھی میسر ہے۔

    ملک میں کرونا وائرس سے 21 افراد انتقال کرگئے، ڈاکٹر ظفر مرزا

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1625 ہوگئی اور وائرس سے 21 افراد انتقال کرگئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 99 کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، لوکل ٹرانسمیشن کے کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، 783 کرونا کے مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، 783 میں سے 10 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • اچھی ٹیم بنی تو ہی ٹی 20کھیلنے پاکستان جائیں گے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ

    اچھی ٹیم بنی تو ہی ٹی 20کھیلنے پاکستان جائیں گے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ

    ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ٹیم بھی پاکستان بھیجنے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ اچھی ٹیم بنی تو ہی ٹی 20 کھیلنے پاکستان جائیں گے، کھلاڑیوں سے پاکستان جانے سے متعلق بات چیت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کئی کھلاڑی اور آفیشلز دورے پر نہ جانے کا کہہ چکے ہیں۔

    صدر بی سی بی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی سسٹم پر کوئی شک وشبہ نہیں، ہماری ویمنز اور انڈر 16 ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں، البتہ کھلاڑیوں سے بات جیت جاری ہے جلد فیصلہ سنادیں گے۔

    خیال رہے کہ بنگلادیش بورڈ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر حیلے بہانے سے کام لے رہا ہے۔

    حال ہی میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجنے سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم اب تک بنگلایش یہ فیصلہ نہیں کرسکا کہ کونسے فورمٹ کی ٹیم پاکستان آئے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی بی کو خط لکھا تھا، بنگلادیش بورڈ نے تاحال پی سی بی کو خط کا جواب نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کا مکمل دورہ نہ کرنا منظورشدہ سیکیورٹی پلان کی نفی ہوگی۔

    خط کے مطابق بنگلادیش کی 2ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں تو تیسری مکمل دورہ کیوں نہیں کرسکتی؟ البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے مکمل دورہ پاکستان کے لیے پر امید ہے۔