Tag: Test

  • پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    برسبین: ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑگیا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹاپ آرڈر بلےباز دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوگئے، آسٹریلیا نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، پاکستانی بلے بازوں کی وکٹیں ریت کی دیوار ثابت ہوئیں۔

    آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 5رنز سے ہرا دیا، آسٹریلیا نے ایک اننگز میں580رنز بنائے، پاکستان 2 اننگز میں نہ بنا سکا، پہلی اننگز میں پاکستانی کھلاڑی 240 جبکہ دوسری اننگز میں 335رنز پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 104 اور محمد رضوان 95رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے 4 اور مچل اسٹارک نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، آسٹریلیا کے 340 رنز کے جواب میں دوسری اننگز میں پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، شان مسعود 42 اور افتخار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس سے قبل کپتان اظہرعلی 5، حارث سہیل 8 اور اسد شفیق کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے تھے۔

    بابراعظم نے شاندار اور ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری جڑی لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری برسبین ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنائے تھے، قومی ٹیم کا برسبین میں جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا، دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے تھے۔

    برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کو شروع سے ہی سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلوی بلے بازوں نے پہلی اننگز میں 580 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، میزبان بلے باز پاکستانی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے، وارنر اور لبوشین نے سنچریاں اسکور کیں، جب کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا سکی تھی۔

  • پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    برسبین: ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر مایوس کن بیٹنگ کا آغاز کیا، اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا۔

    پاکستان نے کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 49رنز بنائے، کپتان اظہرعلی 28 اور شان مسعود 21رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 75رنز پر گری، شان مسعود 27رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار ہوئے، شان مسعود کے جانے کی دیر تھی کہ اظہرعلی بھی آسٹریلوی بولر کا نشانہ بن گئے، آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی دوسری وکٹ 75 رنز پر گری، اظہر علی39رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

    حارث سہیل کو 1 رن پر مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا، پاکستان کی چوتھی وکٹ 78رنز پر گری، بابراعظم بھی 1 رن بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ آسٹریلیو بولر نے افتخار احمد کو 7 رنز پر آؤٹ کیا، پاکستان نے پہلے روز چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 125رنز بنائے،  محمد رضوان اور اسدشفیق نے وقفے کے بعد دوبارہ کھیل کا آغاز کیا لیکن ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں ناکام رہے۔

    اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا، حارث سہیل مسلسل ناکام رہے، اسد شفیق اور یاسر شاہ نے 84 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی عزت بچائی، اسد شفیق نے سب سے زیادہ چھہتر رنز بنائے، مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے 3، 3 اور جوش ہیزل ووڈ نے 2 وکٹیں لی، آسٹریلوی ٹیم کل اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرے گی۔

    اظہر علی کی قیادت میں شان مسعود، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسرشاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور نسیم عباس قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ 16سال کے نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

    رکی پونٹنگ نے بابراعظم کو بڑا خطرہ قرار دے دیا

    ٹیسٹ کیپ ملنے پر سولہ سال کے نسیم شاہ کی آنکھیں بھر آئیں، نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے پہلےکم عمر ترین کھلاڑی بن گئے، ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہرعلی کاکہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے، محمد عباس کو نہ کھلانا مشکل فیصلہ ہے، نسیم شاہ کو والدہ کی وفات کے بعد سب نے دلاسہ دیا، ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے نسیم شاہ جذباتی ہوگئے تھے۔

    آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے 25 نومبر تک کھیلا جائے گا، شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں ہورہا ہے، جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

  • قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر ڈین جونز کا سوالیہ نشان

    قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر ڈین جونز کا سوالیہ نشان

    سڈنی: سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈین جونز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی تیاریوں پر کئی سوالات اٹھا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈین جونز نے اپنے کالم میں لکھا کہ گرین کیپس نے جنوری کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، کیا ایک 3 اور ایک 2 روزہ پریکٹس میچ کھیلنا مشکل سیریز کی تیاریوں کے لیے کافی ہوگا؟

    انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹرز کو مقامی ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے کم از کم طویل فارمیٹ کے 3 میچز درکار ہوتے ہیں، پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں پریکٹس کی کمی محسوس ہوگی۔

    آسٹریلوی کرکٹر کا اپنے کالم میں کہنا تھا کہ گرین کیپس نے رواں سال جنوری کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا جس کے باعث انہیں میدان میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، برسبین اور ایڈیلیڈ کی پچز پر باؤنس پرتھ سے بہت مختلف ہوگا، پاکستان کے ناتجربہ کار پیسرز کو کنڈیشنز سے ہم آہنگی میں پریشانی ہوگی۔

    ڈین جونز کا مزید کہنا تھا کہ ایشین کرکٹرز کو مقامی ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

    پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، پاکستان سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے کپتان ٹم پین، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، کیمرون بینکروفٹ، جوبرنز، پیٹ کمنز اور جوش ہیذل ووڈ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور میتھیو ویڈ بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

  • پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    پرتھ: آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، دونوں ٹیمیں پریکٹس میچ کے بعد اب ٹیسٹ سیریز میں ٹکرائیں گی، آسٹریلوی اسکواڈ کی کپتانی ٹِم پین کریں گے۔

    پاکستان سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے کپتان ٹم پین، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، کیمرون بینکروفٹ، جوبرنز، پیٹ کمنز اور جوش ہیذل ووڈ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور میتھیو ویڈ بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

    پاکستان اور آسٹریلیا اے کا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

    پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان پرتھ میں کھیلا جانے والا تین روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہوا، 459 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا اے کی ٹیم نے آخری روز 2 وکٹوں پر 91 رنز بنائے تھے۔

    میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا، بابر اعظم اور اسد شفیق نے سنچریاں اسکور کیں، عمران خان سینئر نے پہلی اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

  • ٹیسٹ اسکواڈ کے 10کھلاڑی آسٹریلیا روانگی کیلئے ایئرپورٹ روانہ

    ٹیسٹ اسکواڈ کے 10کھلاڑی آسٹریلیا روانگی کیلئے ایئرپورٹ روانہ

    لاہور: ٹیسٹ اسکواڈ کے 10 کھلاڑی آسٹریلیا روانگی کے لیے ایئرپورٹ روانہ ہوگئے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کا 10 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ دورہ آسٹریلیا کے لیے ایئرپورٹ روانہ ہوگیا، پہلا ٹیسٹ 21 نومبر کو برسبین میں شروع ہوگا۔

    ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 2 وارم اپ میچز کھیلے گی۔ کھلاڑیوں میں اظہر علی، عابدعلی ،اسد شفیق، عمران خان جونیئر، کاشف بھٹی ،محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

    جبکہ شان مسعود اور یاسر شاہ بھی دورہ آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوچکا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں اپنی نمبر ون رینکنگ بچانے کے لیے کم از کم ایک میچ جیتنا ضروری ہوگا۔

    آسٹریلیا میں پاکستان کو پہلی پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہے، نمبر ون پوزیشن بچانے کے لیے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز کے ایک میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

    ٹی 20 میں پاکستان کو نمبر ون پوزیشن بچانے کے لیے کتنے میچ جیتنے ہوں گے؟

    آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا تو ٹی 20 میں دو سال قائم حکمرانی ختم ہوجائے گی، انگلینڈ نے بھی ٹی ٹوینٹی میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پر نظریں جمائے ہوئی ہیں۔

  • قومی کرکٹرز کے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں آغاز

    قومی کرکٹرز کے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں آغاز

    لاہور: قومی کرکٹرز کے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں آغاز ہوگیا۔ سابق کپتان مصباح الحق پہلی بار کیمپ کمانڈنٹ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ کا آغاز ہوچکا ہے، سابق کپتان مصباح الحق نے فٹنس ٹیسٹ سے پہلے کھلاڑیوں کو لیکچر بھی دیا جس میں فٹنس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

    21 میں 18 کھلاڑیوں کے پہلے مرحلے میں فٹنس ٹیسٹ ہوں گے۔ جن میں سرفراز احمد، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، اسد شفیق، حارث سہیل، شان مسعود، محمد رضوان، عثمان شنواری، فخرزمان، امام الحق، وہاب ریاض، عابدعلی، راحت علی، افتخار احمد، ظفر گوہر، بلال آصف اور میر حمزہ شامل ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    شاداب خان 22 اگست کو رپورٹ کریں گے، اظہر علی 24 جب کہ حسن علی 26 اگست کو لاہور پہنچیں گے۔ فٹنس ٹیسٹ کے بعد کنڈیشنگ کیمپ 22اگست سے رکھا گیا ہے جس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیوں کو دور کرنے پر بھی توجہ دی جائےگی۔

    7 ستمبر تک جاری رہنے والے اس پری سیزن کیمپ کا مقصد بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے، فٹنس ٹیسٹ دو گروپس میں لیے جارہے ہیں۔

  • شمالی کوریا کا ’ٹیکٹیکل گائیڈڈ میزائل‘ کا کامیاب تجربہ

    شمالی کوریا کا ’ٹیکٹیکل گائیڈڈ میزائل‘ کا کامیاب تجربہ

    پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد دوبارہ تابکاری مواد کو بم کے ایندھن میں استعمال کرنا شروع کردیا، شمالی کوریا نے ایک اور میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ ان کی زیرنگرانی ایک نئی قسم کے ’ٹیکٹیکل گائیڈڈ میزائل‘ کا تجربہ کیا گیا ہے جسے شمالی کوریا کی جنگی طاقت میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کی جمعرات کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ میزائل غیر معمولی انداز سے پرواز کرتے ہوئے طاقتور ’وار ہیڈ‘ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایجنسی نے اس ہتھیار کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں، تاہم یہ بتایا ہے کہ کم جونگ ان نے اس ہتھیار کو’ پیپلز آرمی کی جنگی طاقت میں اضافے میں اہم پیشرفت قرار دیا ہے‘۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شمالی کورین رہنما نے اس ہتھیار کو فائر کرنے کے مختلف طریقوں اور اہداف کو نشانہ بنانے کی خودنگرانی کی ہے۔

    شمالی کوریا کی جانب سے نئے میزائل تجربے کا اعلان امریکی نگراں ادارے سینٹر فار سٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا کی ایٹمی تنصیبات میں سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    امریکی نگراں ادارے کے مطابق شائد شمالی کوریا رواں سال فروری میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد دوبارہ تابکاری مواد کو بم کے ایندھن میں استعمال کر رہا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان امریکہ میں ہونے والی دوسری ملاقات پیانگ یانگ کے جوہری اور میزائل پروگرام کے معاملے پر کسی معاہدے کے بغیر اچانک ختم ہو گئی تھی۔

    اس ملاقات کے بعد شمالی کوریا نے کہا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ اپنی سفارتکاری کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا رویہ مناسب کرے تو ملاقات کے لیے تیار ہوں، کم جونگ اُن

    کم جونگ ان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اگر واشنگٹن مناسب رویہ اپنائے تو وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔

    سینٹر فار دا نیشنل انٹرسٹ کے تجزیہ کار ہیری کازیانس کا کہنا ہے کہ کم جونگ ان ٹرمپ انتظامیہ کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کی فوجی صلاحیت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ان کی حکومت حالیہ مذاکرات میں واشنگٹن کے غیر لچکدار رویے سے مایوس ہوتی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس نومبر میں کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ کم جونگ ان نے ٹرمپ کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے بعد نئے اور انتہائی جدید نوعیت کے ہتھیار وںکے تجربے کی نگرانی کی تھی۔

    یہ شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام پرامریکہ کے ساتھ مذاکرات شروع ہونے کے بعد ہتھیاروں کے تجربے کی پہلی سرکاری رپورٹ تھی۔

  • سابق وزیراعظم نواز شریف کا آج پھر طبی معائنہ ہوگا

    سابق وزیراعظم نواز شریف کا آج پھر طبی معائنہ ہوگا

    لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کا شریف میڈیکل سٹی میں آج پھر طبی معائنہ ہوگا، انجائنا کے درد اور گردے میں خرابی پر ڈاکٹرز نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمانت پر رہا نوازشریف کا شریف میڈیکل کمپلیکس سٹی میں طبی معائنہ آج پھر ہوگا، ڈاکٹروں نے آرام کی ہدایت کی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف جاتی امرا سے شریف میڈیکل سٹی اسپتال پہنچیں گے، اس موقع پر شریف میڈیکل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    شریف میڈیکل سٹی اسپتال میں گذشتہ روز نواز شریف کے گرودوں اور دل کے مختلف ٹیسٹ گیے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں ڈاکٹروں سے ملاقات کی جبکہ ڈاکٹروں نے نوازشریف سے ان کی صحت سے متعلق سوالات کیے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے نوازشریف کو 6 ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پرضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم وہ ان کے بیرون ملک سفر کرنے پرپابندی ہے۔

    نوازشریف کا شریف میڈیکل سٹی اسپتال میں طبی معائنہ

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سات سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے، انہیں 24 دسمبر 2018 کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا تھا۔

  • روس کا جدید نیوکلیئر میزائل کا کامیاب تجربہ، پیوٹن نے نئے سال کا تحفہ قرار دے دیا

    روس کا جدید نیوکلیئر میزائل کا کامیاب تجربہ، پیوٹن نے نئے سال کا تحفہ قرار دے دیا

    ماسکو: روس نے اپنے دفاعی نظام کے لیے جدید نیوکلیئر میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، صدر ولادی میرپیوٹن نے اس میزائل کو نئے سال کا تحفہ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے اس جدید نیو کلیئر میزائل کو قوم کے لیے سال نو کا تحفہ قرار دیتا ہوئے اسے 2019 میں دفاعی نظام میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر کا کہنا ہے کہ ’ایوانگارڈ ہائی پرسونک‘ نامی میزائل جدید اور اپنی نوعیت کا منفرد میزائل ہے جو 2019 میں روسی دفاعی نظام میں شامل ہوجائے گا۔

    ولادی میرپیوٹن کا کہنا تھا کہ روس وہ واحد ملک ہے جو اپنے خطے کی سیکیوٹی بہتر اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نئے طرز کے جدید ہتھیار رکھتا ہے۔

    روس کا آواز کی رفتار سے تیز میزائل کا کامیاب تجربہ

    حکام کے مطابق 15000 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل کا تجربہ ’تمبوسکائی‘ نامی روسی ایئربیس پر کیا گیا، اس موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن، وزیر دفاع سرگئی سوئیگو سمیت دیگر اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی روس نے ایک نیا میزائل تجربہ کیا تھا، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کنزال میزائل کے حوالے سے پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے کہ ’روس عنقریب نئے میزال کا تجربہ کرے گا جسے کسی بھی ملک کا ریڈار سسٹم ٹریک نہیں کرسکتا‘۔

    بعد ازاں امریکی حکام نے روس کی جانب سے بنائے گئے آواز کی رفتار سے تیز کنزال میزائل کے تجربے پر کہا تھا کہ’ روس نے نیا میزائل بنا کر ہتھیاروں کے معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے‘۔

  • برطانیہ: بیرونی سیارے سے آنے کے دعوے دار پراسرار شخص نے کھلبلی مچا دی

    برطانیہ: بیرونی سیارے سے آنے کے دعوے دار پراسرار شخص نے کھلبلی مچا دی

    لندن : برطانیہ میں ایک شخص نے بیرونی سیارے سے آنے کا دعویٰ کردیا ہے، ایپکس ٹی وی نامی ویب سایٹ نے مذکورہ شخص کا جھوٹ پکڑنے والے آلات سے ٹیسٹ کیا، جس میں وہ حیران کن طور پر پاس کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطاانیہ میں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سن 6491 سے سفر کرکے ماضی میں آیا ہے، تاکہ 21 ویں صدیں کے حالات جان سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جیمز اولیور نامی شخص دعوے دار ہے کہ وہ دنیا سے ماضی میں ایک مشن پر آیا تھا لیکن اب وہ 2018 میں پھنس گیا ہے، کیوں کہ اس کی ٹائم مشین ٹوٹ گئی ہے۔

    برطانیہ کی پیرانارمل یوٹیوب نامی ویب سایٹ ایپکس ٹی وی نے مستقبل سے آنے والے اس شخص کا جھوٹ پکڑنے والے آلے کی مدد سے امتحان لیا گیا، جس میں وہ پاس ہوگیا۔

    جیمز اولیور کا ٹیسٹ لینے والے برطانوی شہری کا کہنا تھا کہ ممکن ہے وہ ’بیک ٹو دی فیوچر فلم‘ کی کوئی کہانی بنارہا ہو، لیکن جو شواہد ملے ہیں اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جیمز سچ بول رہا ہے۔

    ایپکس ٹی وی پر انٹرویو لینے والے شخص کا کہنا تھا کہ ’جیمز کبھی برمنگھم کی بولی بولتا تھا تو کبھی امریکن اور آسٹریلین زبان میں بات کرتا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جیمز کے حوالے سے بہت شک و شبہات ہیں کہ وہ زمین پر رہتا ہے یا کسی اور سیارے سے آیا ہے جیسا کہ اس نے خود کہا کہ ’میرا سیارہ زمین کے برعکس سورج سے بہت دور ہے، اس لیے ہمارا سال بھی بہت لمبا ہوتا ہے‘۔

    جیمز اولیور کا کہنا تھا کہ ’پرانی تہذیبوں کے برعکس ہمارے پاس ایسے آلات موجود ہیں، جو سال کا حساب لگا سکتے ہیں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بیرون دنیا سے آنے والے شخص کی ہر بات کو جھوٹ پکڑنے والی مشین نے سچ بتایا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔