Tag: Tested Positive

  • آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کورونا کی زد میں آگئے

    آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کورونا کی زد میں آگئے

    ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے قبل آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کا ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے قبل کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ جوش انگلس پروٹوکول کے مطابق میچ میں حصہ لیں گے لیکن وہ الگ ڈریسنگ روم کا استعمال کریں گے۔

    آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق جوش انگلس فیلڈ کے دوران کھلاڑیوں سے فاصلے پر رہیں گے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج میلبرن میں کھیلا جارہا ہے۔

    دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی ایک لیڈر بننے کی خواہش نہیں کی تھی۔

    حیدرآباد ٹیسٹ سے پہلے انھوں نے ایک خصوصی انٹرویو دیا تھا جس میں انگلش قائد نے باز بال، قیادت اور ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ ساتھ برینڈن میک کولم، اسٹیفن فلیمنگ اور ایم ایس دھونی کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی۔

    بالی ووڈ اسٹار سنجے دت بھی وسیم اکرم کے مداح نکلے

    بین اسٹوکس نے کہا کہ کپتانی وہ چیز ہے جس کے بارے میں میں نے کبھی کوئی خواہش نہیں کی تھی اور نہ ہی زیادہ سوچا تھا۔ چھوٹے لیول یا کسی اور سطح پر میرے پاس کبھی بھی کپتانی کا زیادہ تجربہ نہیں رہا۔

  • شام کے صدر بشار الاسد اور اہلیہ کووڈ 19 کا شکار

    شام کے صدر بشار الاسد اور اہلیہ کووڈ 19 کا شکار

    دمشق: شام کے صدر بشار الاسد اور ان کی اہلیہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، دونوں اپنے گھر میں قرنطینہ میں چلے گئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شام کے ایوان صدارت نے اعلان کیا ہے کہ صدر بشار الاسد اور ان کی اہلیہ اسما الاسد کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    ایوان صدارت سے جارہ کردہ بیان میں کہا گیا کہ شامی صدر اور ان کی اہلیہ کووڈ 19 کا شکار ہوئے ہیں تاہم دونوں کی صحت مستحکم ہے۔

    بیان کے مطابق صدر بشار الاسد اور ان کی اہلیہ اسما نے ابتدائی علامتیں محسوس کرتے ہی کرونا وائرس ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا ہے، دونوں اپنے گھر میں قرنطینہ میں ہیں اور 2 سے 3 ہفتے تک الگ تھلگ رہیں گے۔

    خیال رہے کہ شام میں اب تک کرونا وائرس کے 16 ہزار 42 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 1 ہزار 68 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، اب تک 10 ہزار 454 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • شہزادہ ولیم میں کرونا وائرس کی تشخیص شاہی خاندان نے خفیہ رکھی

    شہزادہ ولیم میں کرونا وائرس کی تشخیص شاہی خاندان نے خفیہ رکھی

    لندن: ایک برطانوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ شاہی خاندان کے رکن اور ولی عہد شہزادہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم اپریل میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم اس بات کو عوام سے خفیہ رکھا گیا۔

    برطانوی اخبار دی سن کی جانب سے شائع شدہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اپریل میں کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں تاہم یہ معاملہ خفیہ رکھا گیا تاکہ قوم میں تشویش نہ بڑھے۔

    برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ اپریل میں شاہی خاندان نے ان کا علاج خفیہ رکھا۔

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم نے 9 سے 16 اپریل کے دوران شاہی امور سے 7 دن کا وقفہ لیا تھا جس کے دوران انہوں نے کسی ویڈیو کال یا پیغام میں حصہ نہیں لیا۔

    اخبار کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ شہزادے نے ایک تقریب کے دوران اپنے کسی جاننے والے کو خود بتایا کہ کوویڈ کی تشخیص کے بعد انہوں نے اسے اس لیے چھپایا کیونکہ اس وقت اور بہت سے ضروری معاملات چل رہے تھے جن کی طرف توجہ دینا زیادہ ضروری تھا۔

    مذکورہ اخبار نے اس حوالے سے شاہی محل سے رابطہ کیا تاہم محل کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا، البتہ اب تک شاہی محل کی جانب سے اس رپورٹ کی تردید بھی نہیں کی گئی۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ولیم کے والد ولی عہد شہزادہ چارلس بھی مارچ میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، انہیں شاہی محل میں قرنطینہ کردیا گیا تھا اور اس دوران وہ آئسولیشن میں رہتے ہوئے اپنی شاہی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔

    دوسری جانب برطانیہ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے جس کے باعث ملک میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کا اطلاق جمعرات 5 نومبر سے ہوگا اور 2 دسمبر تک جاری رہے گا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے جبکہ بار اور کلبز بند رہیں گے، اس دوران بیرون ملک سفر اور سماجی میل جول پر پابندی ہوگی البتہ کام کے لیے دوسرے شہر جانے کی اجازت ہوگی۔

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے میں بھی  کورونا کی تشخیص

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے میں بھی کورونا کی تشخیص

    واشنگٹن : امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، میلانیا ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بیرن میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے میں بھی کورونا کی تشخیص ہوگئی ، ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیٹے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، خوش قسمتی سے وہ صحت مند نوجوان ہیں ، اس لیے بیرن میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ابتدا میں بیرن ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر ‘بہت شکر ادا’ کیا تاہم بعد میں ان میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی اور ایک طرح سے اچھا تھا کہ ہم تینوں کو ایک دوسرے کا خیال رکھنے اور ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔

    امریکی خاتون اول نے بتایا کہ انھیں جسم درد، کھانسی اور تھکاوٹ سمیتکورونا کی ‘تمام علامات’ برداشت کرنا پڑی تاہم میں نے کورونا سے صحت یابی کے لیے صحت مند خوراک اور مخلتف وٹامنز کا استعمال کیا۔

    یاد رہے دو ہفتے قبل خاتون اول اور صدر ڈونلڈٹرمپ میں کوروناکی تشخیص ہوئی تھی ،کوروناکی تشخیص کےبعدٹرمپ چنددن اسپتال میں بھی زیرعلاج رہے تاہم علاج مکمل ہونے سے قبل ہی وہ اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے تھے تاہم صدرٹرمپ اوراہلیہ کوروناوائرس سے صحت یاب ہوچکےہیں۔

    واضح رہے دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے باعث کورونا متاثرین اور اموات میں اضافہ جاری ہے، امریکا میں اب تک ریکارڈ 78 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دو لاکھ 16 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

  • آزاد جموں و کشمیر کے  2 وزرا کورونا وائرس کا شکار

    آزاد جموں و کشمیر کے 2 وزرا کورونا وائرس کا شکار

    مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دو وزرا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جبکہ انتظامیہ نے کورونا کے کیسز کے پیش نظر 5 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

    تفصیلار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کی نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور فاروق احمد طاہر اور وزیر تعلیم وقار احمد نور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

    مقامی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پانچ مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آفیسرکالونی نڑول، دومیل تعمیرنواسکول والی گلی ، آفیسرکالونی جلال آباد،رضوان اسکول والی گلی گوجرہ اور سیف پلازہ کےعقب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کی وجہ سے مزید 14 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اس دوران مزید 615 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 601 اور کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 463 ہو گئی ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تاہم اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • سعودی عرب: ایک اور خاندان کے 21 افراد کرونا وائرس کا شکار

    سعودی عرب: ایک اور خاندان کے 21 افراد کرونا وائرس کا شکار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک اور خاندان کے 21 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، خاندان کی ایک خاتون کی بے احتیاطی کی وجہ سے یہ صورتحال پیش آئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کی نادانی اور سماجی فاصلے پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے خاندان کے 21 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں جو مریض آئے ان میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 21 افراد شامل تھے جو محض معمولی غلطی کی وجہ سے اس وبائی مرض کا شکار ہوئے۔

    خاندان میں معمر افراد بھی شامل تھے جو کرونا کا شکار ہوئے، ایک خاتون کی جانب سے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی وجہ سے خاندان کے دیگر افراد تک یہ وائرس فوری طور پرمنتقل ہو گیا۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ایک سے دوسرے انسان میں فوری طور پر منتقل ہوتا ہے اس لیے عالمی سطح پر سماجی فاصلے کا اصول ادارہ امور صحت کی جانب سے نافذ کیا گیا ہے تاکہ وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔

    اس سے قبل بھی دوسرے شہر سے آنے والے ایک شخص نے خاندان کے 16 افراد کو کرونا وائرس میں مبتلا کردیا تھا جبکہ اس کے بزرگ والد چل بسے تھے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سماجی دوری کے اصول پرعمل نہ کرنے سے انسان نہ صرف خود بلکہ اپنے عزیزوں کو بھی اس بیماری میں مبتلا کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔

  • رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار

    رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار

    کراچی: سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں، کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی، ایم پی اے اور پیپلز پارٹی کی رکن شہلا رضا کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا، سندھ اسمبلی کے 25 ارکان پہلے ہی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے کرونا وائرس ٹیسٹ کا رزلٹ شیئر کیا، ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    شہلا رضا نے لکھا کہ گھر کے دیگر افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، انہوں نے اپنے اور اپنے اہلخانہ کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔

    رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے گزشتہ روز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کے مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

    خیال رہے کہ سندھ اسمبلی کے مزید 25 اراکین بھی کرونا وائرس کا شکار ہیں، صرف سندھ میں کرونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

    مجموعی طور پر ملک بھر میں اس مہلک وبا سے متاثر مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، گزشتہ ایک روز کے دوران 5 ہزار 248 نئے کیسز سامنے آئے۔

    صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 97 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی ہے۔

    پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں 15 واں ملک بن چکا ہے۔ ملک میں 10 لاکھ کی آبادی میں اموات کی شرح 10 سے بڑھ کر 12 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ 10 لاکھ کی آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 655 ہوگئی۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 88 ہزار 28 ہے، جبکہ اب تک 53 ہزار 721 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • سندھ میں 23 اراکین اسمبلی کرونا وائرس کا شکار

    سندھ میں 23 اراکین اسمبلی کرونا وائرس کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے 23 اراکین اسمبلی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، صرف سندھ میں کرونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں کرونا وائرس سے متاثر اراکین اسمبلی کی تعداد 23 ہوگئی، آج جی ڈی اے کی رکن اسمبلی نسیم راجپر کا کرونا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

    مجموعی طور پر سندھ میں کرونا وائرس متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، کرونا وائرس سے سندھ کے 29 اضلاع متاثر ہیں۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں اس مہلک وبا سے متاثر مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں 15 واں ملک بن چکا ہے۔

    صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 88 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی۔

    ایک روز کے دوران 6 ہزار 472 نئے کیسز سامنے آئے۔ 10 لاکھ کی آبادی میں اموات کی شرح 10 سے بڑھ کر 12 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ 10 لاکھ کی آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 600 ہو گئی۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 79 ہزار 798 ہے، جبکہ اب تک 50 ہزار 56 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • لاہور میں تعینات 6 ایس ایچ اوز میں کرونا وائرس کی تصدیق

    لاہور میں تعینات 6 ایس ایچ اوز میں کرونا وائرس کی تصدیق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 6 ایس ایچ اوز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، کرونا وائرس سے اب تک لاہور پولیس کے 137 اہلکار و افسران متاثر جبکہ 6 اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تعینات 6 ایس ایچ اوز کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ایس ایچ او لاری اڈہ، ایس ایچ او غازی آباد، ایس ایچ او باغبان پورہ، ایس ایچ او ڈیفنس، ایس ایچ او مناواں اور ایس ایچ او سرور روڈ میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    کرونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد تمام ایس ایچ اوز اپنے گھروں میں قرنطینہ ہوگئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز پہلے ہی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ ایس پی سیکیورٹی بلال ظفر اور ڈی ایس پی میاں قدیر بھی کرونا وائرس کی زد میں ہیں۔

    اس سے قبل لاہور پولیس کے 6 اہلکار کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں، کرونا وائرس سے متاثر پولیس اہلکاروں و افسران کی تعداد 137 ہے۔ کرونا وائرس سے متاثرہ 91 اہلکار اور افسران صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے اور 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 67 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 67 ہزار 249 ہے، جبکہ 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔