Tag: tests positive for Covid-19

  • سابق امریکی صدر باراک اوباما کرونا وائرس کا شکار

    سابق امریکی صدر باراک اوباما کرونا وائرس کا شکار

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر باراک اوباما کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے انہیں گلےمیں تکلیف تھی، ٹیسٹ کرایا جس کا نتیجہ مثبت آیا، تاہم طبیعت بہتر ہے۔

    بارک اوباما نے بتایا کہ شکر ہے اُنہوں نے اور اہلیہ نے کرونا ویکسین کی بوسٹر شاٹس بھی لگوائی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے اہلیہ مشعال اوباما کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا۔

    سابق امریکی صدر نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ کرونا کیسز کم ہوں یا زیادہ، آپ لازمی ویکسین لگوائیں۔

    ادھر پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح کم ترین سطح پر آگئی ، ایک روز میں 400 سے زائد کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں ہیں۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 31 ہزار 201 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں مزید 462 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، اس دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 1.48 فیصد رہی۔

  • صدرمملکت عارف علوی کی اہلیہ  کورونا وائرس میں مبتلا

    صدرمملکت عارف علوی کی اہلیہ کورونا وائرس میں مبتلا

    اسلام آباد : صدرمملکت عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں ، ثمینہ علوی نے عوام سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ میراکورونا ٹیسٹ مثبت آیاہے، مجھے کچھ کمزوری ہےاس کے علاوہ ٹھیک ہوں،دعاؤں کی درخواست ہے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں صدر عارف علوی مہلک وائرس کا شکار ہوئے تھے ، ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا تھا کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اللہ تمام کورونامتاثرین پر رحم کرے۔

    صدر عارف علوی نے لکھا تھا کہ کوروناویکسین کی ایک ڈوز لے چکا ہوں اور ویکسین کی دوسری ڈوز چند ہفتوں میں لگے گی۔ انہوں نے دعا بھی لکھی کہ اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی شفا دیتا ہے۔

  • اداکارہ اشنا شاہ بھی کورونا کا شکار، ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل

    اداکارہ اشنا شاہ بھی کورونا کا شکار، ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل

    کراچی : اداکارہ اشنا شاہ کورونا ویکسین کے دونوں ڈوزز لگانے کے باوجودکورونا وائرس کا شکار ہوگئیں، اداکارہ نے سب سے ماسک پہننے ، ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ اشنا شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، اداکارہ نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر پوسٹ کے ذریعے اس حوالے سے آگاہ کیا۔

    اداکارہ اشنا شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ویکسین کے دونوں ڈوزز لگانے کے باوجود میرا کویڈ 19ٹیسٹ مثبت آیا ہے ، میں ایک صحت مند لڑکی ہوں، میرا قوت مدافعت بھی کافی بہتر ہے، لیکن پھر بھی میں وائرس سے متاثر ہوگئی ہوں اور اس کے اثرات ناخوشگوار ہیں۔

    اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے یہ سوچ کے جھٹکا لگتا ہے کہ اگر ویکسین نہیں لگواتی تو پھر کیا ہوتا، میں سب سے گزارش کرتی ہوں کہ ماسک پہنیں، ویکسین لگوائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔

    اداکارہ نے مزید کہا کورونا وائرس کوئی مذاق نہیں اور ڈیلٹا ویرئینٹ کو آسان مت لیں، اگر آپ میں سے کسی کا مجھ سے گزشتہ دنوں آمنا سامنا ہوا ہے تو آپ بھی ٹیسٹ لازمی کروائیں۔

  • دورہ انگلینڈ پر موجود بھارتی ٹیم پر کرونا کا وار ، کھلاڑی متاثر

    دورہ انگلینڈ پر موجود بھارتی ٹیم پر کرونا کا وار ، کھلاڑی متاثر

    لندن: دورہ انگلینڈ پر موجود بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں بھارتی ٹیم کے ایک کھلاڑی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دورہ انگلینڈ پر موجود بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین رشب پنتھ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں فوری طور پر آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رشب پنتھ ٹیم کے ہمراہ درہم نہیں جائیں گے، کرونا کی تشخیص ہونے والے رشب پنتھ میں وائرس کی کوئی سنگین علامت نہیں ہیں۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ پہلے ہی بھارتی کھلاڑیوں کو برطانیہ میں پھیلتے ڈیلٹا ویرینٹ سے متعلق آگاہ کرچکے تھے، جے شاہ کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو خط کے زریعے متنبہ کیا تھا کہ ڈیلٹا ویئرینٹ کے خلاف ویکیسین زیادہ کارآمد نہیں ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹرز کو یورو کپ کے فائنل اور ومبلڈن ٹورنامنٹ کے مختلف میچز میں بھی دیکھا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رشب پنتھ ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جہنوں نے چار دن قبل کرونا کی دوسری ڈوز لگوائی تھی، بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کھیلنے کے بعد تین ہفتوں کے وقفے پر ہے، بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چار اگست سے پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

  • کانگریس رہنما راہول گاندھی بھی کرونا سے متاثر

    کانگریس رہنما راہول گاندھی بھی کرونا سے متاثر

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا کی تیسری لہر کی ہولناکی جاری ہے، نئی دہلی کے وزیراعلیٰ کے بعد بھارتی رہنما بھی کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس لیڈر راہل گاندھی کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں راہول گاندھی نے لکھا کہ کچھ ہلکی علامات ظاہر ہونے کے بعد میری کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو پائی گئی ہے، انہوں نے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے۔

    راہول گاندھی نے بھارتی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کرونا کے ایس او پیز پر عمل کریں اور وبا سے محفوظ رہیں۔

    نئی دہلی کے وزیراعلیٰ قرنطینہ میں

    اس سے قبل نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس پر اروندکیجریوال نے خود کو بھی قرنطینہ کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کرونا کی تیسری لہر نے قیامت ڈھارکھی ہے، چھ روز سے مسلسل دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صحت کا نظام بری طرح فیل ہوگیا ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں کرونا وائرس کے 259170 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 1761 افراد لقمہ اجل بنے۔

    دہلی انڈیا کا سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے، کرونا وائرس کے کیسز میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے پیر کی رات سے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی  کورونا وائرس کا شکار

    وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کورونا وائرس کا شکار

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی راشد ربانی کورونا کے شکار ہوگئے ، جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو کے مطابق  وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، راشد ربانی نے وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں اور قرنطینہ میں ہیں۔

    بعد ازاں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور ان کے خاندان کے 9 افراد میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

    خیال رہے کوروناوائرس سے ملک بھر میں چوبیس گھنٹےکےدوران چالیس افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 526 تک جا پہنچی ہے جبکہ ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد22ہزار550 اور کوروناکےصحتیاب مریضوں کی تعداد 6ہزار 217ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کی تھی جبکہ صوبائی حکومتیں صوبوں میں صورت حال کے مطابق فیصلہ کریں گی۔

  • برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس کا شکار

    برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس کا شکار

    لندن : برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ویڈیو کانفرنس کےذریعے اپنی حکومتی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کوروناوائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ، بورس جانسن کا کہنا ہے کہ میں نے خود کو قرنطینہ کردیا ہے، چیف میڈیکل آفیسر کی ایڈوائس پر ٹیسٹ کروائے۔

    بورس جانسن نے کہا ہے کہ میں نے معمولی کھانسی اور بخار کی شکایت پر ٹیسٹ کرایا تھا ، ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اپنی حکومتی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔

    خیال رہے برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 11,658 ہو گئی جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 578 تک جا پہنچی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 113 ہلاکتیں ہوئیں۔

    این ایچ ایس اب تک 104,866 افراد کے ٹیسٹ کر چکا ہے ، جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2129 نئے کیسز سامنے آئے ، طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں وائرس کا پھیلاؤ بڑے پیمانے پر بڑھے گا۔

    واضح رہے نئے اور مہلک وائرس COVID 19 دنیا کے 199 ممالک تک پھیل گیا ہے، ہلاکتیں بڑھ کر 24 ہزار 89 ہوگئیں، جب کہ 5 لاکھ 32 ہزار 237 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، دوسری طرف صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 24 ہزار 331 ہو گئی ہے۔