Tag: Textile products

  • کیلے کے تنے روزگار کا نیا ذریعہ بن گئے، خصوصی رپورٹ

    کیلے کے تنے روزگار کا نیا ذریعہ بن گئے، خصوصی رپورٹ

    سندھ کے شہر مٹیاری میں پہلی مرتبہ ایک مقامی زمیندار نے اپنی زمین پر ایک فیکٹری قائم کرکے وہاں کیلے کے تنے سے فائبر بنانے کے لیے مشینیں نصب کی ہیں۔

    مٹیاری کے نواحی گاؤں محمد بخش بروہی کے رہائشی علی بخش بروہی کا یہ کامیاب تجربہ نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی کا بھی باعث ہے۔

    پہلے کیلے کے تنوں کو جلا دیا جاتا تھا جو ماحول کے لیے بہت ہی نقصان دہ تھا لیکن اب اسے کام میں لایا جارہا ہے، مقامی کاشتکار نے کیلے کے تنے کو جلانے کی بجائے اس سے فائبر بنانے کے لیے ایک فیکٹری قائم کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے علی بخش بروہی نے بتایا کہ میرے پاس جو پلانٹ ہے اس میں دو مشینیں لگائی ہیں، اور دس مزدور کام کررہے ہیں۔

    پہلے مرحلے میں کیلے کی فصل کٹنے کے بعد باغات سے تنوں کو کاٹ کر فیکٹری لایا جاتا ہے، جہاں انہیں ٹکڑوں میں کاٹنے کے بعد مختلف مراحل سے گزار کر فائبر تیار کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم یہ فائبر تیار کرکے ٹیکسٹائل مل والوں کو فراہم کرتے ہیں جس کا ہمیں اچھا معاوضہ ملتا ہے۔

    کیلے کے تنوں سے ریشہ نکال کر فائبر کا مخصوص مٹیریل تیار کیا جاتا ہے جس سے ٹیکسٹائل کی قیمتی مصنوعات، پیڈز، ٹشو پیپر، پلاسٹک کے گلاسز اور دیگر اشیاء تیار کی جاتی ہیں۔

  • ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے متعلق اہم خبر

    ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے متعلق اہم خبر

    اسلام آباد : پاکستان میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 5 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔

    ادارہ بیورو شماریات پاکستان کے مطابق رواں مالی سال دسمبر میں ٹیکسٹائل برآمدات تقریباً ایک ارب چالیس کروڑ رہیں، جو نومبر سے 6 فیصد اور دسمبر 2022 کے مقابلے 3 اعشاریہ 3 فیصد زائد رہیں۔

    دسمبر اعداد شامل کرنے کے بعد مالی سال کے ابتدائی 6 مہینوں میں ٹیکسٹائل برآمدات 5 فیصد کم ہوکر 8 ارب 28 کروڑ ڈالر رہیں۔ مالی سال 2023 کی پہلی ششماہی میں ٹیکسٹائل برآمدات 8 ارب 71 کروڑ ڈالر تھیں۔

    رواں سال 6 مہینوں میں ٹیکسٹائل نٹ ویئر کی برآمدات 11 فیصد کم ہوکر 2 ارب 20 کروڑ ڈالر رہیں۔

    پہلی ششماہی میں تیار ملبوسات کی برآمدات 9 فیصد کم ہوکر ایک ارب 66 کروڑ اور بیڈ ویئر ایکسپورٹس 4 فیصد کم ہوکر ایک ارب 37 کروڑ ڈالر رہیں۔ 6گذشتہ ماہ میں کاٹن یارن کی برآمدات 54فیصد بڑھ کر 59 کروڑ ڈالر رہیں۔