Tag: Thailand

  • تھائی لینڈ : فوجی بحری جہاز کو خطرناک حادثہ، درجنوں لاپتہ، ویڈیو جاری

    تھائی لینڈ : فوجی بحری جہاز کو خطرناک حادثہ، درجنوں لاپتہ، ویڈیو جاری

    بنکاک : تھائی لینڈ کی نیوی کا بحری جہاز طوفان کے دوران گہرے سمندر میں ڈوب گیا، درجنوں سیلرز لاپتہ ہوگئے، امدادی کارروائیوں میں 75 افراد کو بچا لیاگیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی رائل تھائی نیوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایچ ٹی ایم ایس سخوتھائی 106 افراد کو لے کر جا رہا تھا جب یہ رات کے وقت خلیج تھائی لینڈ کے سمندر میں ڈوب گیا۔

    شدید طوفان کے دوران تھائی بحریہ کے جہاز کے ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی لاپتہ ہونے والے درجنوں ملاحوں کو بچانے کے لیے دو سی ہاک ہیلی کاپٹر، دو فریگیٹ طیارے اور ایک بحری جہاز روانہ کردیئے گئے جو لاپتہ سیلرز کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

    رائل تھائی نیوی کی جاری کردہ تصاویر کے مطابق رات کے وقت بعض سیلرز نے کشتیوں میں چھلانگ لگا کر جان بچائی۔ نیوی کا کہنا ہے کہ 75 افراد کو بچا لیا گیا ہے تاہم ابھی بھی 31 سیلرز لاپتہ ہیں۔

    تھائی بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بحریہ جہاز برقی نظام کو نقصان پہنچنے کے بعد سمندر میں ڈوبا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ’بحریہ جہاز کے آپریٹنگ نظام نے کام بند کر دیا جس کے نتیجے میں جہاز بے قابو ہو گیا۔

    نیوی کی طرف سے شیئر کی گئی ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بحری جہاز الٹا ہوا ہے جب کہ ایک ویڈیو میں امدادی کشتی جہاز کے قریب دیکھی جا سکتی ہے۔

    بحریہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی دیگر تصاویر میں بچ جانے کے بعد جہاز کا عملہ کمبل میں لپٹا دکھائی دے رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں جنوبی تھائی لینڈ کے متعدد علاقے طوفانوں کی زد میں آ چکے ہیں۔

  • فٹبال کا بخار عروج پر، ہاتھیوں کا ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ، ویڈیو وائرل

    فٹبال کا بخار عروج پر، ہاتھیوں کا ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ، ویڈیو وائرل

    ایوتھایا: قطر میں فیفا ورلڈ کپ کھیلے جانے کے دوران دنیا بھر میں فٹ بال کا بخار عروج پر ہے، تھائی لینڈ میں ہاتھیوں نے بھی اپنے ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔

    اس سلسلے میں روئٹرز نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں ہاتھیوں کو مہارت کے ساتھ نہ صرف گول کرتے ہوئے بلکہ گول کیپر کے طور پر گول بچاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر لگتا ہے کہ ہاتھی بھی فٹ بال کے سحر میں مبتلا ہیں، دنیا کے اس مقبول کھیل کا یہ سنسنی خیز مقابلہ تھائی لینڈ کے شہر ایوتھایا میں ہوا، جہاں ہاتھیوں نے اسکول کے بچوں کے ساتھ فٹ بال میچ کھیلا۔

    مختلف ممالک کے جھنڈوں سے پینٹ کیے گئے بلند قامت، بھاری بھر کم ہاتھیوں کو فٹبال کے پیچھے بھاگتے اور لاتیں مارتے دیکھا گیا، ہاتھیوں نے جس مہارت کا مظاہرہ کیا، دیکھنے والے یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    اس میچ میں 13 ہاتھیوں نے اپنی فٹ بال کی مہارت کو مقامی اسکول کے بچوں کے خلاف آزمایا، منتظمین کا کہنا تھا کہ اس میچ کا مقصد مقامی سیاحت کو فروغ دینا اور کھیلوں کے لیے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

    ایک طالب علم نے کہا کہ اس میچ نے مجھے ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے مزید پرجوش کر دیا ہے، کیوں کہ میں نے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا تھا، میں کبھی نہیں جانتا تھا کہ ہاتھی فٹ بال کھیل سکتے ہیں۔

  • تھائی لینڈ فائرنگ واقعے میں 3 سالہ بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی، کیسے؟

    تھائی لینڈ فائرنگ واقعے میں 3 سالہ بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی، کیسے؟

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک ڈے کیئر سینٹر میں فائرنگ سے 24 بچوں سمیت 37 افراد ہلاک ہو گئے تھے، تاہم اس دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک 3 سالہ بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ میں بچوں کے پری اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں معجزانہ طور پر 3 سالہ بچی محفوظ رہی، بچی فائرنگ کے وقت دیگر بچوں کے ساتھ کمبل اوڑھے سو رہی تھی۔

    شمالی تھائی لینڈ کی نرسری میں 6 اکتوبر کو فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تھا، پولیس کے مطابق حملہ آور نے ڈے کیئر سینٹر میں فائرنگ اور لوگوں پر چاقو سے حملے کے کچھ دیر بعد اپنی بیوی اور بچے کو بھی مار کر خود کشی کرلی تھی۔

    حملہ آور کو ایک سال پہلے پولیس کی نوکری سے برطرف کیا گیا تھا، اس پر نشہ کرنے کا مقدمہ چل رہا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق تین سالہ بچی پَوینَچ سیپالانگ جمعرات کو فائرنگ کے وقت ایک کمبل اوڑھے سو رہی تھی، لوگ اس بات پر سخت حیران ہوئے ہیں کہ سیپالانگ مکمل طور پر محفوظ رہی ہے، اسے ایک زخم بھی نہیں آیا۔

    حملے کے وقت وہ دیوار کی جانب سے رخ کیے سو رہی تھی، اس نے فائرنگ کی آواز بھی نہیں سنی، وہ واقعے سے مکمل طور پر بے خبر رہی۔ لڑکی کی والدہ نے بتایا کہ شاید حملہ آور کو لگا تھا کہ وہ اسے پہلے ہی مار چکا ہے جب کہ وہ سو رہی تھی۔

    تھائی لینڈ، سابق پولیس اہلکار نے 23 بچوں سمیت 34 افراد کو گولیوں سے بھون دیا

    تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن نے نانگ بوا لام فو صوبے کے ایک اسپتال میں زندہ بچ جانے والوں اور لواحقین سے ملاقات کی، بادشاہ نے کہا ’میں یہاں آپ کی مدد کے لیے آیا ہوں، جو کچھ ہوا اس کے لیے میں بہت دکھی ہوں، میں آپ کے دکھ، غم میں شریک ہوں۔‘

  • تھائی لینڈ، سابق پولیس اہلکار نے 23 بچوں سمیت 34 افراد کو گولیوں سے بھون دیا

    تھائی لینڈ، سابق پولیس اہلکار نے 23 بچوں سمیت 34 افراد کو گولیوں سے بھون دیا

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک چائلڈ کیئر سینٹر میں فائرنگ سے 23 بچوں سمیت 34 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک سابق پولیس افسر نے چائلڈ ڈے کیئر سینٹر پر دھاوا بول کر خود کو اور اپنے خاندان کو مارنے سے قبل کم از کم 34 افراد کو ہلاک کر دیا، جن میں زیادہ تر بچے تھے۔

    یہ افسوس ناک واقعہ آج جمعرات کو تھائی لینڈ کے شمالی صوبے نونگ بوا لامفو میں پیش آیا، پولیس کے مطابق حملہ آور نے بیوی اور بچے پر فائرنگ کر کے خود کو بھی گولی مار لی۔

    حملہ آور سابق پولیس اہل کار ہے، جسے منشیات استعمال کرنے پر نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو ہولناک قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور ایک شاٹ گن، پستول اور ایک چاقو سے مسلح تھا، اس نے ڈے کیئر مرکز میں بچوں اور بڑوں پر فائرنگ کی، اور پھر ایک پک اپ ٹرک میں جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ حملہ آور ایک بند کمرے میں داخل ہوا تھا جہاں اس وقت بچے سو رہے تھے۔

    صوبے کی پولیس کے مطابق حملے کے بعد حملہ آور گھر گیا اور خود کو اور اپنی بیوی اور بچے کو بھی مار ڈالا۔

    حملہ آور کا نام 34 سالہ سابق پولیس افسر پنیا خمراب بتایا گیا ہے، جسے منشیات کے استعمال کے الزام میں گزشتہ سال فورس سے برخاست کر دیا گیا تھا۔

  • اسے طیاروں کا قبرستان کہا جاتا ہے

    اسے طیاروں کا قبرستان کہا جاتا ہے

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک ایسا قبرستان بھی ہے جہاں طیاروں کو لے جا کر پھینک دیا جاتا ہے، یہ جگہ طیاروں کے قبرستان کے نام سے مشہور ہو گئی ہے۔

    انٹرنیٹ پر ایسی بہت ساری تصاویر موجود ہیں جن میں قیمتی طیاروں کے خراب ڈھانچوں کا ایک ڈھیر نظر آتا ہے، یہ تصاویر دراصل تھائی لینڈ کے ایروپلین گریویارڈ کی ہیں۔

    یہ قبرستان بینکاک کے مشرق میں واقع ایک کھلے میدان میں موجود ہے، یہاں وہ طیارے لاکر پھینکے جاتے ہیں جو کبھی فضاؤں میں اڑان بھر کر لوگوں کو ان کی منازل تک پہنچایا کرتے تھے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ قبرستان ایک سیاحتی مقام کا روپ دھار گیا ہے، کیوں لوگ شوق سے یہاں آ کر ناکارہ طیاروں کے ڈھانچے دیکھتے ہیں اور یہاں ٹینٹ لگا کر پکنک بھی مناتے ہیں۔

    یہاں اورینٹ تھائی ایئر لائنس کے دو ایسے طیارے بھی ہیں جن کی قیمت 300 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، دراصل کچھ سرمایہ کاروں نے انھیں یہاں اس لیے رکھا تھا کہ انھیں آؤٹ ڈور بار کی طرح استعمال کر کے پیسے کمائے جائیں گے لیکن یہ منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ تھائی کلچر میں ایسی جگہوں کو آسیب زدہ قرار دیا جاتا ہے بھلے ہی وہاں کسی کی موت نہ ہوئی ہو۔

    خیال رہے کہ امریکا میں طیاروں کا اس سے بھی بڑا قبرستان موجود ہے، ایریزونا کے ٹسکن میں تقریباً 4 ہزار فوجی طیارے اسکریپ یارڈ میں پڑے ہوئے ہیں۔

  • آرمی چیف کی حیثیت سے حکومت کا تختہ الٹنے والے تھائی وزیر اعظم معطل

    آرمی چیف کی حیثیت سے حکومت کا تختہ الٹنے والے تھائی وزیر اعظم معطل

    بینکاک: تھائی لینڈ کی عدالت نے وزیر اعظم پریوتھ چان اوچا کو معطل کر دیا، وہ آرمی چیف کی حیثیت سے منتخت حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سویلین وزیر اعظم بنے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے وزیر اعظم تھائی لینڈ کو معطل کر دیا، عدالتی حکمنامے کے مطابق کیس کا فیصلہ آنے تک تھائی لینڈ کے وزیرِ اعظم ذمہ داریاں سر انجام نہیں دے سکیں گے۔

    عدالت نے پریوتھ چان اوچا کو جواب جمع کرانے کے لیے 15 روز کا وقت دے دیا ہے، اپوزیشن نے وزیر اعظم کی مدت پر نظرِ ثانی کی درخواست دائر کی تھی۔

    Prayut Chan-ocha

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیرِ اعظم کا فوجی سربراہ کے طور پر حکومت میں گزارا ہوا وقت بھی 8 سالہ مدت میں شمار کیا جائے۔

    واضح رہے کہ تھائی لینڈ کے آرمی چیف پریوتھ چان اوچا نے 2014 میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد اقتدار سنبھالا تھا، 2019 میں فوج کے تیار کردہ آئین کے تحت ہونے والے انتخابات کے بعد وہ سویلین وزیر اعظم بنے۔

  • تھائی لینڈ میں گولڈن ویزا اسکیم متعارف

    تھائی لینڈ میں گولڈن ویزا اسکیم متعارف

    بینکاک: تھائی لینڈ نے دولت مند افراد کے لیے گولڈن ویزا اسکیم سہولت متعارف کروا دی، اسکیم کے تحت 10 سال کا ویزا حاصل کیا جاسکے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق تھائی لینڈ کی نئی ویزا اسکیم میں غیر ملکی پروفیشنلز کو تھائی لینڈ سے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم اس ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے کسی شخص کو بینک اکاؤنٹ میں اچھا خاصا سرمایہ دکھانے کی ضرورت ہوگی۔

    تھائی لینڈ کی اسکیم کے تحت امیر غیر ملکیوں کو 10 سال کا گولڈن ویزا جاری کیا جائے گا، ابتدائی طور پر یہ ویزا بقول تھائی گورنمنٹ ورک فرام تھائی لینڈ کے نام سے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبوں سے وابستہ افراد کو دیے جائیں گے۔

    حکومتی منصوبے کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے اگلے 10 برسوں میں مقامی اقتصادیات کو 26 ارب یورو کے برابر فائدہ پہنچے گا۔

    تھائی لینڈ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سیکریٹری جنرل ناریت تھیرڈسٹیراسکڈی کا کہنا ہے کہ ان کے اندازے کے مطابق اس ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے کم از کم 50 فیصد شہریوں کا تعلق یورپ سے ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ پہلے ہی یورپی شہریوں کی ایک پسندیدہ منزل ہے، اس مہم کے آغاز سے پہلے ہی جس انداز کی دلچسپی ہمیں یورپی افراد کی جانب سے دکھائی دے رہی ہے، وہ بتاتی ہے کہ لانچ کے بعد یہ مزید افراد کے لیے ایک معروف اسکیم بن جائے گی۔

    نئی طویل ویزا اسکیم کے تحت 4 مختلف کیٹیگریز میں غیر ملکیوں کو یکم ستمبر سے ورک ویزے دیے جا رہے ہیں۔

    اس کے لیے کسی شخص کو ایک ملین ڈالر کے اثاثے اور سالانہ تنخواہ 80 ہزار ڈالر دکھانا ہو گی۔ گو کہ مختلف گروپس میں ان ضوابط میں معمولی فرق بھی ہے تاہم تھائی حکومت ملک کے لیے ضروری شعبوں میں درکار انتہائی ہنر یافتہ پیشہ ور افراد کے لیے یہ راہ کھول رہی ہے۔

    ورک فرام تھائی لینڈ پروفیشنلز کیٹیگری میں درخواست گزار کو ٹیکنالوجی سیکٹر کی کسی ایسی کمپنی کی ملازمت دکھانا ہوگی، جس نے پچھلے 3 برسوں میں کم از کم 150 ملین ڈالر کا کاروبار کیا ہو۔

    امیر عالمی شہری کیٹیگری میں شامل افراد کو درخواست دینے کے لیے تھائی معیشت میں کم از کم 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی، جو وہ بانڈز یا جائیداد خریدنے کی صورت میں کر سکتے ہیں۔

    ہائیلی اسکلڈ پروفیشنلز کیٹیگری میں درخواست دینے والوں کے لیے 17 فیصد ٹیکس کی خصوصی شرح رکھی گئی ہے، جب اس وقت 1 لاکھ 40 ہزار ڈالر یا زائد سالانہ تنخواہ لینے والوں پر یہ ٹیکس 35 فیصد ہے۔

    یہ ویزا 10 سال کے لیے ہوگا اور اس کی تجدید بھی ممکن ہوگی، جبکہ اس کے حامل افراد کو تھائی لینڈ میں کام کی اجازت ہوگی۔

  • بنکاک جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    بنکاک جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: تھائی لینڈ جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، تھائی لینڈ کی حکومت نے ملک میں پہنچنے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد پاکستان سے بنکاک جانے والے مسافر کرونا ٹیسٹ کے بغیر سفر کر سکیں گے۔

    فیصلے کا اطلاق یکم مئی 2022 سے ہوگا، مسافر کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ کے ساتھ بنکاک کا سفر کر سکیں گے۔

    بغیر کرونا ویکسین مسافروں کے لیے بھی نئی ایڈوائزی جاری کردی گئی ہے، کرونا ویکسین نہ لگوانے والے مسافر کو 5 دن ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    ویکسین نہ لگوانے والے مسافر کو 10 ہزار امریکی ڈالر تک ہیلتھ انشورنس کروانا بھی لازمی ہوگا۔

  • ریسٹورنٹ میں خوفناک چیز دیکھ کر خاتون کی روح فنا ہو گئی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    ریسٹورنٹ میں خوفناک چیز دیکھ کر خاتون کی روح فنا ہو گئی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    بینکاک: گھر یا کسی اور جگہ چھپکلی کا نظر آنا کچھ لوگوں کے لیے خوف ناک ہو سکتا ہے، لیکن اگر چھپکلی اتنی بڑی سائز کی نکل آئے تو بلاشبہ معاملہ بھیانک ہو سکتا ہے۔

    ابھی کچھ عرصہ پہلے، ایک ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ تھائی لینڈ کی ایک سپر مارکیٹ میں ایک دیو ہیکل چھپکلی (جسے مانیٹر چھپکلی کہا جاتا ہے) شیلفوں میں تباہی مچا رہی ہے۔

    اب تھائی لینڈ میں ایک اور عوامی مقام پر ایک بڑی چھپکلی کے واقعے نے انٹرنیٹ پر لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، یہ واقعہ ایک ریسٹورنٹ کا ہے، جہاں ایک خاتون نے اچانک مانیٹر چھپکلی اپنے بہت قریب دیکھ لی، اور اس کی روح جیسے فنا ہو گئی۔

    یہ واقعہ کیمرے میں قید ہوا اور یوٹیوب چینل وائرل ہاگ پر شیئر کیا گیا، اسے اب تک 14,000 سے زیادہ لوگوں نے دیکھا ہے، 56 سیکنڈ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک عورت کرسی پر کھڑی ہے اور فرش پر رینگنے والے جانور کو دیکھ کر خوف سے چیخ رہی ہے۔

    خاتون نے جب اتنی بڑی چھپکلی کو اپنے اتنے پاس دیکھا تو دہشت کے مارے اچھل کر کرسی پر چڑھ گئیں، کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک آدمی چھپکلی کو عورت سے دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن وہ بھی اس کے قریب آنے سے ڈرتا ہے، کیوں کہ رینگنے والا جانور اسے اپنے قریب نہیں آنے دیتا۔

    مذکورہ شخص چپل نکال کر بھی چھپکلی کو باہر کا راستہ دکھانے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام ہو جاتا ہے، آخر کار وہ ایک ڈنڈا لے کر آتا ہے اور چھپکلی کے کھلے منہ میں اسے پھنسا کر زمین پر دبا دیتا ہے۔ اس دوران ویڈیو میں خاتون کو مسلسل چیختے اور روتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    مانیٹر لیزرڈ کو باہر نکالے جانے کے بعد خاتون کو پرسکون ہو کر ہنستے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جو آنکھوں سے آنسو پونچھ رہی ہے۔ یہ واقعہ تھائی لینڈ کے 8 فروری کو پیش آیا تھا۔

  • خوفناک اژدہے کی گھر میں چہل قدمی، اہلخانہ خوف سے ہکا بکا

    خوفناک اژدہے کی گھر میں چہل قدمی، اہلخانہ خوف سے ہکا بکا

    بنکاک : ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک دیو ہیکل اژدہے کی ویڈیو نے ہلچل مچا رکھی ہے، گھر میں داخل ہونے والے خوفناک اژدہے کو دیکھنے والے دم بخود رہ گئے۔

    ویڈیو کے مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اژدھا گھر میں داخل ہونے کے بعد کس انداز سے واپس گیا۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اژدھے کی یہ ویڈیو تھائی لینڈ کے کس علاقے کی ہے تاہم سانپ کے مناظر حیران کن تھے جس پر انٹرنیٹ صارفین نے خوف کا بھی اظہار کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سانپ دیوار پر رینگتا ہوا چھت پر گیا اور پھر وہاں سے اتر کر نامعلوم مقام کی جانب چل پڑا۔ اژدہا جب گھر کی چھت پر گیا تو وہاں ایک خوش نصیب بلی بھی ٹہلتی ہوئی نظر آئی جسے اگر وہ دیکھ لیتا تو شاید وہ نظر نہ آتی۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بلی کے حوالے سے بھی دلچسپ تبصرے کیے، کسی کا کہنا تھا کہ بلی پر حملہ بھی ہوسکتا تھا۔

    ایک سوشل میڈیا صارف نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جسامت رکھنے والا سانپ کیسے دیوار  پر رینگ سکتا ہے۔