Tag: Thailand

  • ٹرین اور ٹرک میں ہولناک تصادم، ویڈیو وائرل

    ٹرین اور ٹرک میں ہولناک تصادم، ویڈیو وائرل

    بنکاک: تھائی لینڈ میں گنے سے بھڑا ٹرک ٹرین کی زد میں آگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں 35 سالہ کسان پتاک تبسوک ٹرک میں گنے لاد کر ریلوے پھاٹک کراس کررہا تھا کہ ٹرک اچانک خراب ہوگیا اور تیز رفتار ٹرین نے ٹرک کو کچل کر رکھ دیا۔

    حادثہ تھائی لینڈ کے ضلع نخون پاتھوم میں پیش آیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کسان ٹرک خراب ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مدد کے لیے پکار رہا ہے لیکن کوئی اس کی مدد کو نہیں آیا۔

    ٹرین کی زد میں آنے والا ٹرک

    کچھ دیر کے بعد سائیکل سوار گزرے جنہوں نے ٹرک کو ریلوے ٹریک سے ہٹانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے اور اتنے میں ٹرین کے آنے کا وقت ہوا اور لوگ دور بھاگ گئے اور ٹرک تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگیا۔

    پتاک تبسوک کا کہنا ہے کہ میرا ٹرک تباہ ہوگیا لیکن میں اس پر بھی شکر ادا کرتا ہوں کہ میری زندگی بچ گئی اور کسی دوسرے شخص کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے انسانی جانوں کو کسی قسم کے جانی نقصان نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن کہا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں گے کہ کیا ٹرک پر زیادہ سامان لاد دیا گیا تھا جس کی وجہ سے ریل کی پٹریوں کے بیچ پھنس گیا۔

  • تھائی لینڈ میں ہاتھی گاڑی پر چڑھ دوڑا، ویڈیو وائرل

    تھائی لینڈ میں ہاتھی گاڑی پر چڑھ دوڑا، ویڈیو وائرل

    بنکاک: تھائی لینڈ میں ہاتھی گاڑی پر چڑھ دوڑا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ میں مسافر کو اس وقت اپنے سفر کو روکنا پڑ گیا جب ایک ہاتھی اس کی گاڑی پر چڑھ دوڑا، مسافر بمشکل اپنی جان بچا کر بھاگنے میں کامیاب ہوا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 35 سالہ ہاتھی گاڑی پر چڑھا ہوا ہے جبکہ وہاں سے گزرنے والے دوسرے مسافر نے واقعے کی ویڈیو بناکر اپنے کیمرے میں محفوظ کرلی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ہاتھی نے اس دوران گاڑی کے شیشے بھی توڑ دئیے اور اس کی چھت کو بھی نقصان پہنچایا۔

    نیشنل پارک انتظامیہ نے ازراہ مذاق کہا کہ گیلے اور سرد موسم میں سیاحوں کی آمد کے دوران ہاتھی کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر نیشنل پارک کا کہنا تھا کہ درمیانی عمر کے ہاتھی کسی گاڑی یا شخص کو نقصان نہیں پہنچاتے ہیں۔

    انہوں نے ڈرائیورز کو مشورہ دیا کہ وہ ہاتھی کو سڑک پر آتا دیکھ کر گاڑی کو روک لیں اور جب ہاتھی قریب ہو تو گاڑی کو پیچھے کی جانب لے جائیں۔

    ڈائریکٹر نیشنل پارک کا کہنا تھا کہ سیاح اس دوران ہاتھی کی تصویر لینے سے گریز کریں بصورت دیگر ہاتھی مذکورہ شخص اور گاڑی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

  • گٹرلائن سے دنیا کا تیسرا بڑا کوبرا سانپ برآمد

    گٹرلائن سے دنیا کا تیسرا بڑا کوبرا سانپ برآمد

    بنکاک: جنوبی تھائی لینڈ کے رہائشی علاقے کی گٹر لائن سے 13 فٹ لمبا زہریلا کوبرا سانپ برآمد ہوا، ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد سانپ کو پکڑا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی تھائی لینڈ کے رہائشی عمارت میں اس وقت خوف وہراس پھیل گیا جب لوگوں نے گٹرلائن میں 13 فٹ لمبا کوبرا سانپ دیکھا۔

    عمارت میں رہنے والے لوگوں نے فوراََ ریسکیو ادارے کو فون کرکے مطلع کیا۔ سات ریسکیو اہلکار جب موقع پر پہنچے تو وہ بھی دیکھ کر حیران ہوگئے کہ رہائشی علاقے میں اتنا بڑا سانپ کیسے آگیا تاہم انہوں نے ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد سانپ کو پکڑلیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق پکڑے جانے والے کوبرا سانپ کی لمبائی 13 فٹ جبکہ وزن 15 کلو ہے۔ یہ اب تک پکڑے جانے والے طویل ترین کوبرا سانپوں میں تیسرے نمبر پر ہے جسے طبی امداد کے بعد جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔ اب تک کا سب سے لمبا ترین کوبرا سانپ 19.2 فٹ کا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ہیرنے میں ایک ہفتے تک خوف میں مبتلا رکھنے والے زہریلے کوبرا سانپ کو پکڑ لیا تھا۔ جرمنی میں پائے جانے والے سانپوں کی اقسام میں سے صرف دو زہریلی اقسام ہیں۔ کوبرا سانپ جرمنی میں نہیں پایا جاتا۔

  • تھائی لینڈ  نے 17 پاکستانی قیدیوں کو  رہا کردیا

    تھائی لینڈ نے 17 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا

    اسلام آباد : تھائی لینڈ نے کلونگ پرین جیل سے 17 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا اور پاکستانی سفاتخانے کے حوالے کردیا،قیدیوں کو آج رات اسلام آباد ایئرپورٹ لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے تھائی لینڈ کے ساتھ بائے لیٹرل ٹیریٹی ایگریمنٹ بحال کردیا، بائے لیٹرل ٹیریٹی ایگریمنٹ کی بحالی کے بعد تھائی لینڈ کی کلونگ پرین جیل میں قید 17 قیدی پاکستان کے حوالے کردیئے۔

    قیدی تھائی لینڈ میں پاکستانی سفاتخانے کے حوالے کردیئے گئے، قیدی حوالے کرنے کی تقریب میں پاکستانی سفارتخانہ کے حکام ،تھائی لینڈ کے محکمہ ایمیگریشن کے افسران شریک تھے۔

    ایف آئی اے کا 3رکنی عملہ قیدیوں کو پاکستان لانے کیلئے بینکاک ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے ، قیدیوں کو آج رات نجی ایئرلائن سے پاکستانی وقت کے مطابق 10بجے اسلام آباد ایئرپورٹ لایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ تھائی لینڈ سے بائے لیٹرل ٹیریٹی ایگریمنٹ 2015سے معطل تھا۔

    یاد رہے رواں سال جون میں وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی پر وزارت خارجہ کو ٹاسک سونپتے ہوئے دنیا بھر میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات طلب کیں تھیں۔

  • بینکاک دھماکوں سے لرز اٹھا، چار افراد زخمی

    بینکاک دھماکوں سے لرز اٹھا، چار افراد زخمی

    بینکاک :تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں تین مختلف مقامات پر متعددگھریلو ساختہ بموں کے پھٹنے سے 4افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی پولیس کا کہنا تھا کہ وہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہےہیں،ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی آواز سرکاری دفتر اور وسطی بینکاک کے دیگر 2 مقامات پر سنی گئی۔

    واضح رہے کہ بینکاک خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر ایوسی ایشن آف جنوب مغرب ممالک (آسیان) اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جہاں آسیان کے وزرائے خارجہ اور عالمی قوتیں بشمول امریکا، چین اور روس کے ہم منصب شرکت کر رہے ہیں۔

    سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ بظاہر گھریلو ساختہ بم سوان لوانگ ضلع میں پھٹا جس کے نتیجے میں 2 خاکروب زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تھائی پولیس کا کہنا تھا کہ اجلاس کے مقام کے قریب انہیں 2 جعلی بم ملے تھے۔

    دھماکوں سے اجلاس کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات پر سوال اٹھنے لگے تاہم فی الوقت یہ بات واضح نہیں کہ ان دھماکوں کا ہدف اجلاس تھا یا نہیں۔

    خیال رہے کہ چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی اور امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو بھی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

  • ڈراﺅنی فلم نے ایک شخص کی جان لے لی

    ڈراﺅنی فلم نے ایک شخص کی جان لے لی

    بنکاک: تھائی لینڈ میں افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا کہ جب ایک برطانوی شہری ڈراؤنی فلم دیکھتے ہوئے چل بسا۔

    تفصیلات کے مطابق بنکاک میں ڈراﺅنی فلم ایک شخص کی جان لے گئی، تھائی لینڈ میں چھٹیاں گزارنے والا برطانوی شخص سینما میں ڈراؤنی فلم دیکھتے ہوئے چل بسا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 77 سالہ ریٹائرڈ برطانوی شخص برنارڈ چیننگ سینما میں نئی ریلیز مشہور ہارر فلم ’اینا بیل کمز ہوم‘ دیکھ رہے تھے کہ بیٹھے بیٹھے جان کی بازی ہار گئے، تاہم لوگوں کو فلم ختم ہونے کے بعد ہی اس کا پتا چلا۔

    فلم ختم ہونے کے بعد خاتون نے برنارڈ کو اپنی سیٹ پر دیکھا جو انتقال کر چکا تھا جس کے بعد اس نے انتظامیہ کو آگاہ کیا، خاتون اس وقت خوف سے کانپ رہی تھی اور ایمبولینس طلب کی گئی۔

    ایمبولینس کے عملے نے مردہ قرار دیتے ہوئے انکی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال پہنچا دیا۔ اس سے قبل سینما کے عملے نے لوگوں کو برنارڈ کی تصاویر اور ویڈیو بنانے سے منع کردیا جبکہ کئی لوگ آس پاس بیٹھے فلم دیکھ رہے تھے اور انہیں احساس ہی نہیں ہوا کہ پاس بیٹھا شخص اب اس دنیا میں نہیں رہا۔

    ڈراؤنی فلمیں دیکھنے کے حیران کن طبی فوائد

    پولیس نے کہا کہ موت کی وجہ جاننے کے لیے برنارڈ کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا اور اس کے بعد اس کی لاش برطانیہ بھجوانے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ دوسری جانب برطانیہ کا سفارتی عملہ مسلسل اس معاملے پر تھائی لینڈ سے رابطے میں ہے۔

  • میرا انعام کیوں نہیں نکلا؟ جنونی خاتون کا حملہ

    میرا انعام کیوں نہیں نکلا؟ جنونی خاتون کا حملہ

    بینکاک: تھائی لینڈ میں انعام نہ نکلنے پر جنونی خاتون نے لائیو کوریج کے دوران رپورٹر پر حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حیرت انگیز واقعہ تھائی لینڈ کے شہر ’ہال‘ میں پیش آیا جہاں ایک عورت محض انعام نہ نکلنے پر آگ بگولہ ہوگئی اور خاتون رپورٹر پر حملہ کردیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہفتہ وار انعامی لاٹری نکلتی ہے جس میں اگر کسی خوش نصیب شخص کا نام آجائے تو اسے قیمتی انعامات اور بھاری رقم سے نوازا جاتا ہے۔

    لائیوکوریج کے دوران جب خاتون رپورٹر نے لاٹری جیتنے والے شخص کا نام پکارا لیکن جنونی خاتون نے اپنا نام نہ سن کر لائیوکوریج کے وقت ہی رپورٹر پر پیچ کس سے حملہ کردیا۔

    مشتعل خاتون اچانک کیمرے کے سامنے آئی اور اینکر کے گلے پر اسکریوڈرائیور رکھ دیا، حالات کی سنگینی دیکھ کر عملے نے حملہ آورکو دبوچ لیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 23سالہ خاتون دماغی مریضہ ہیں، حملے کے بعد مختصر وقت کے لیے لائیوکوریج معطل رہی بعد ازاں ٹرانس میشن کا دوبارہ آغاز کردیا گیا۔

    خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا، اینکر کے گلے میں ہلکی سے خراش آئی۔ حملہ آور خاتون کو جب دبوچا گیا اس دوران وہ کافی مشتعل تھیں اور اپنا انعام نہ نکنے پر چلا رہی تھیں تاہم پولیس نے مداخلت کرکے معاملہ حل کرایا۔

  • تھائی لینڈ آسمان پر قوس و قزح کے رنگ بکھر گئے

    تھائی لینڈ آسمان پر قوس و قزح کے رنگ بکھر گئے

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ہاٹ ائیربیلون فیسٹیول نے آسمان پر قوس و قزح کے رنگ بکھیر دئیے، دلکش ڈیزائن کے رنگین غباروں نے فضا کو دلکش بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں ہاٹ ائیربیلون فیسٹیول نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا، ہر طرف دیدہ زیب رنگ کے غباروں نے سماں باندھ دیا۔

    ایڈونچر کے شوقین افراد نے اپنے ہاتھوں سے غبارے سجا کر آسمان کی بلندی پر سفر کرکے نہ صرف سرسبز علاقے کی سیر کرتے رہے، بلکہ اس خوبصورت منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر کے خوب محظوظ ہوئے۔

    فیسٹیول میں جہاں درجنوں خوبصورت اور دلکش ڈیزائن کے غباروں نے آسمان کو سجایا وہیں دوسری جانب ہزاروں سیاحوں کی آمد نے بھی رونقیں بڑھا دیں۔

    بڑے تو بڑے بچے بھی اس فیسٹیول میں خوب محظوظ ہوئے، سیفلی کے شوقین افراد نے خوب سیلفیاں بنائیں اور یادگار لمحوں کو کیمرے کی آنکھ سے قید کیا۔

    رنگ برنگے دیوہیکل غباروں سے آسمان کو سجانے کے لیے یہ فیسٹیول ہر سال تھائی لینڈ میں منعقد کیا جاتا ہے جہاں دنیا بھر سے آئے افراد خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    علاوہ ازیں اٹلی میں بھی سالانہ ہاٹ ائیر بیلون فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے، تین روز پر مشتمل اس بیلون فیسٹیول میں دنیا بھر سے کئی ماہر کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔

  • ملکی تاریخ میں‌پہلی بار تھائی لینڈ کی شہزادی نے شاہی روایات توڑ دیں

    ملکی تاریخ میں‌پہلی بار تھائی لینڈ کی شہزادی نے شاہی روایات توڑ دیں

    بینکاک: تھائی لینڈ کی شہزادی یبول ریتنا نے شاہی روایات توڑتے ہوئے وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاست سے دور رہنے والے تھائی لینڈ کے شاہی خاندان کی شہزادی نے وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر کے شاہی روایات کو توڑ دیا۔

    تھائی لینڈ کی تاریخ میں اب تک شاہی خاندان سیاست سے دور ہی رہا ہے تاہم شہزادی نے انتخابی دنگل میں حصہ لینے کا غیر معمولی اعلان کر کے سب کو حیران کردیا۔

    تھائی لینڈ میں رواں برس چوبیس مارچ کو انتخابات ہوں گے، تھائی لینڈ کے موجودہ بادشاہ کی سب سے بڑی بہن سرسٹھ سالہ شہزادی اتحادی جماعت تھائی رسکا چارٹ کی مشترکہ امیدوار ہوں گی۔

    دوسری جانب تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرل ونگ کورن نے اس اقدام پر شہزادی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میری بڑی ہمشیرہ وزیراعظم کے لیے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جو نامناسب اور شاہی خاندانی روایات کے خلاف ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یبول ریتنا کے لیے یہ مختصر سا سیاسی سفر ہوگا، شاہی خاندان کے رسم ورواج کو توڑنا انتہائی نامناسب ہے۔

    دوسری جانب شہزادی نے سوشل میڈٰیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹی رکسا چارٹ کی جانب سے وزیراعظم کے لیے امیدوار منتخب کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ کی شہزادی یبول ریتنا نے شاہی خاندان کی روایت توڑ کر 1972 میں امریکی شہری سے شادی کی تھی تاہم ازدواجی زندگی کامیاب نہ ہوسکی اور 1990 میں طلاق کے بعد وہ دوبارہ وطن لوٹیں اس دوران شاہی خاندان نے ان سے شاہی منصب بھی چھین لیا تھا۔

  • تھائی لینڈ میں غیر معیاری موبائل چارجر نے ایک شخص کی جان لےلی

    تھائی لینڈ میں غیر معیاری موبائل چارجر نے ایک شخص کی جان لےلی

    بنکاک : تھائی لینڈ میں چارجنگ کے دوران موبائل پر موسیقی سے لطف اندوز ہونے والا 24 سالہ جوان کرنٹ لگنے کے باعث ہلاک ہوگیا، پولیس نے غیر معیاری چارجر کرنٹ لگنے کا سبب بتایا ہے، جس سے جوان کی موت ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کے صوبے پھان تھونگ کے ایک شہر میں گھر سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کے کانوں میں ہیڈ فون لگے ہوئے تھے اور موبائل فون چارج ہورہا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص کے گانے سننے کے ساتھ ساتھ کسی سے فون پر باتیں بھی کررہا تھا، کیوں کہ ہیڈفون کا مائیک سوپول کے منہ تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مکان مالک اتوار کی صبح عمارت میں داخل ہوا تو 24 سالہ جوان کو مردہ حالت میں پایا جس کے کان بری طرح جھلسے ہوئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مکان مالک کی فون کال پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر متاثرہ شخص کی لاش اسپتال منقتل کی تاکہ لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جاسکے۔

     

    پولیس ترجمان جیلوک پولتھونگ کا کہنا ہے کہ 24 سالہ جوان کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی کیوں کہ اس نے کانوں میں ہیڈفون لگائے ہوئے اور اس دواران موبائل فون چارجنگ پر تھا۔

    پولیس کا خیال ہے کہ متاثرہ شخص جس وقت موبائل فون چارجنگ پر لگاکر گانے سن رہا تھا اس دوران شارٹ سرکٹ کے باعث اسے کرنٹ لگا۔

    تھائی پولیس نے غیر معیاری چارجر کو موت کی وجہ قرار دیا ہے، پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ان تمام لوگوں کی جان خطرے میں ہیں جو غیر رجسٹرڈ کمپنی کے غیر معیاری چارجر استعمال کرتے ہیں۔