Tag: Thailand

  • جونئیراسکواش چیمپئین شپ: پاکستان فائنل میں پہنچ گیا، آج بھارت سے مقابلہ ہوگا

    جونئیراسکواش چیمپئین شپ: پاکستان فائنل میں پہنچ گیا، آج بھارت سے مقابلہ ہوگا

    پتایا : ایشین جونئیراسکواش چیمپئین شپ میں پاکستان نے فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، سیمی فائنل میں پاکستان نے ہانک کانگ کو شکست دی۔ فائنل مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں جاری انیسویں ایشین جونئیراسکواش چیمپئین شپ میں پاکستان کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان نے ہانک کانگ کو دو صفر سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

    پاکستان کے فرحان ہاشمی اور عباس زیب نے حریف کھلاڑیوں کو زیر کیا، پتایا میں جاری ایونٹ میں آج فائنل مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے فتوحات کا شاندار سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے پانچوں مقابلوں میں چین، تائپے، سری لنکا، کوریا اور بھارت کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کو بھی ہرا کر پول اے کی فہرست میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

  • سعودی عرب سے فرار لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے بنکاک پہنچ گئے

    سعودی عرب سے فرار لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے بنکاک پہنچ گئے

    بنکاک: سعودی عرب سے فرار ہو کر تھائی لینڈ آنے والی 18 سالہ لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے کے لیے بنکاک پہنچ گئے۔

    تھائی لینڈ امیگریشن چیف کے مطابق 18 سالہ راہف کے والد اور بھائی اس سے مل کر اسے گھر واپس جانے کے لیے آمادہ کرنا چاہتے ہیں تاہم اس سے قبل انہیں اقوام متحدہ کی اجازت لینی ہوگی۔

    راہف محمد القانون 6 جنوری بروز اتوار بذریعہ ہوائی جہاز ریاض سے بنکاک پہنچی تھی اور تھائی لینڈ میں سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتی تھی۔

    تھائی لینڈ کے محکمہ امیگریشن کے سربراہ سوراچاتے ہاکپارن کے مطابق راہف زبردستی شادی سے بچنے کے لیے سعودی عرب سے فرار ہو کر بنکاک آئی تھی۔

    راہف تھائی لینڈ میں سیاسی پناہ کی متلاشی تھی لیکن تھائی حکام نے پناہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے بنکاک میں موجود سعودی سفارت خانے کو واقعے کی اطلاع دے دی تھی جبکہ راہف کا آسٹریلیا کا ویزہ بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یہ واقعہ زیر بحث لائے جانے کے بعد لوگوں نے آسٹریلیا پر زور دینا شروع کیا کہ راہف کو ویزہ جاری کیا جائے۔

    گزشتہ روز آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا کہ وہ راہف کی پناہ کی درخواست پر غور کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں کام جاری ہے۔

  • ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئن شپ، تھائی گولفر نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئن شپ، تھائی گولفر نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    کراچی:پاکستان میں گیارہ سال بعد ہونے والی ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئن شپ تھائی گالفر تیراوت کاوسری بینڈت نے جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی گالف کلب میں شاندار میگا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، تھائی گالفر تیراوت کاوسری بینڈت نے عمدہ کارکردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین ٹور گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے انعامات تقسیم کیے۔

    کراچی گالف کلب میں ہونے والی سی این ایس ایشین ٹور اوپن گالف چیمپیئن کے آخری روز بھی پاکستانی اور تھائی گالفرز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا، دلچسپ مقابلے کےبعد بارہ انڈر پار اسکور کے ساتھ تھائی گالفر تیراوت نے ایشین ٹور کا ٹائٹل جیت لیا۔

    دوسری اور تیسری پوزیشن بھی تھائی گالفرز کے نام رہی، پاکستان کے محمد منیر چوتھے نمبر پر آئے، چار روزہ ایونٹ میں اٹھارہ ممالک کے گالفرز نے شرکت کی۔

    اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    بین الاقوامی گالفرز نے پاک بحریہ اور پاکستان گالف فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہا، گیارہ سال بعد پاکستان میں ایشین ٹور ایونٹ کا ہونا خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔

    کراچی گالف کلب کھیلے جانے والے ایشین ٹور اوپن گالف چیمپیئن شپ میں پاکستان سمیت اٹھارہ ممالک کے ایک سو بیس گالفرز مختلف کیٹیگری کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

    میگا ایونٹ کی انعامی رقم تین لاکھ ڈالر تھی، بھارت کے پروفیشنل گالفروجے سنگھ، ہنی بسیوا اور چراغ کمار بھی ایکشن میں دکھائی دیے۔

  • کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    آپ نے بلیوں اور خرگوشوں کے کیفے کے بارے میں تو سنا ہوگا، اب تھائی لینڈ میں کتوں کا کیفے بھی کھول دیا گیا ہے جہاں کتوں کی نرم و ملائم نسل ہسکی کو رکھا گیا ہے۔

    ہسکی کیفے میں بے شمار ہسکی کتے موجود ہیں اور کتوں کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک نہایت پر لطف مقام ہے۔

    اس کیفے میں جانے کے بعد سب سے پہلے آپ کو ایک ڈرنک اور کیک کھانے کے لیے دیا جاتا ہے۔

    اس کے بعد آپ اپنے ہاتھ دھوئیں گے اور آپ کے پاؤں میں پلاسٹک کے ہلکے جوتے پہنائے جائیں گے تاکہ آپ کے پاؤں کے جراثیم کتوں کو بیمار نہ کریں۔

    اس کے بعد آپ کو اس ایریا میں لے جایا جائے گا جہاں 23 ہسکی آپ کا انتظار کر رہے ہوں گے۔

    یہ نرم و ملائم ہسکی ہر آنے والے شخص سے دوستی رکھتے ہیں اور تصویر کھنچواتے وقت باقاعدہ پروفیشنل ازم کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔

    کتوں کی یہ قسم عموماً ٹھنڈے علاقوں میں رہتی ہے لہٰذا تھائی لینڈ کے اس کیفے میں ان کتوں کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کمرہ بنایا گیا ہے جہاں یہ کتے رہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں انہیں برف بھی کھانے کے لیے دی جاتی ہے تاکہ لوگوں کی طرف سے دی جانے والی اشیا انہیں بیمار نہ کریں۔

    کیا آپ اس دلچسپ کیفے میں وقت گزارنا چاہیں گے؟

  • دنیا کی خوبصورت ترین عبادت گاہ

    دنیا کی خوبصورت ترین عبادت گاہ

    تھائی لینڈ میں واقع بدھوں کی عبادت گاہ جسے سفید خانقاہ بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی خوبصورت ترین معبد قرار دی جاتی ہے۔

    اسے تعمیر کرتے ہوئے معماروں کے ذہن میں یہی ایک خیال تھا کہ اسے دنیا کی سب سے خوبصورت عمارت بنا دی جائے، اور واقعی یہ بدھ خانقاہ فن تعمیر کا شاہکار ہے۔

    یہاں پر جہنم اور جنت کا تمثیلاتی منظر بھی پیش کیا گیا ہے۔ جہنم کے حصے میں بے شمار ہاتھ تعمیر کیے گئے ہیں جو انسان کی مادی اشیا کے لیے ہوس اور بھوک کی عکاسی کرتے ہیں۔

    اس کے بعد ایک پل جنت کی طرف لے جاتا ہے اور یہاں سے واپس پلٹنے کا کوئی راستہ نہیں۔

    بدھ تعلیمات کے مطابق جب سچائی اور نیکی کا راستہ اختیار کرلیا جائے تو پھر انسان کا جہنم سے جنت کا سفر شروع ہوجاتا ہے اور اس خانقاہ کا یہ حصہ اسی کی روشنی میں بنایا گیا ہے۔

    خانقاہ کا اندرونی حصہ بدھ مت کی روایتی تاریخی اور جدید فن تعمیر و مصوری کا شاہکار ہے۔

    اسے تعمیر کرنے والا چالرماچی نامی آرٹسٹ مشہور تھائی مصور ہے۔ اس خانقاہ کی تعمیر میں زیادہ تر رقم اس نے اپنی جیب سے لگائی ہے۔ وہ اس خانقاہ کو اپنی محبت قرار دیتا ہے۔

  • تھائی لینڈ: مگرمچھ نے چڑیا گھر کے محافظ کا ہاتھ چبا ڈالا

    تھائی لینڈ: مگرمچھ نے چڑیا گھر کے محافظ کا ہاتھ چبا ڈالا

    بینکاک: تھائی لینڈ کے چڑیا گھر میں مگرمچھ سے یاری بھاری پڑگئی، اسٹنٹ دکھانے والے چڑیا گھر کے محافظ کا ہاتھ مگر مچھ نے چبا ڈالا۔

    وحشی جانوروں کو سدھارنے کے باوجود ان کے ساتھ کھیل تماشا بعض اوقات خطرناک ثابت ہوتا ہے اس کی ایک تازہ مثال حال ہی میں تھائی لینڈ کے چڑیا گھر میں سامنے آئی۔

    چڑیا گھر کے ایک محافظ نے اسٹنٹ دکھانے کے لیے مگرمچھ کے منہ میں ہاتھ ڈالا تو مگرمچھ نے اس کا ہاتھ چبا ڈالا، کرتب دکھانے کے شوقین سے بڑی مشکل سے مگرمچھ سے جان چھڑائی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محافظ نے مگرمچھ کے منہ میں ہاتھ ڈالا اور اس کی طرف نظر جمائے رکھی لیکن جیسے ہی اس کی نظر ہٹی تو مگرمچھ نے اس کا ہاتھ چبا ڈالا۔

    مگرمچھ کے پارک کے مالک کا کہنا ہے کہ ٹرینر کو طبی امداد دی جارہی ہے، وہ مگرمچھوں سے محبت کرتا ہے اور دو ہفتے میں صحت یاب ہوکر دوبارہ یہی موجود ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی تھائی لینڈ کے جنوبی سیاحتی جزیرہ میں قائم ایک چڑیا گھر میں محافظ نے سرکس کے کھیل کے طور پر ایک مگرمچھ کو سہلانے کی کوشش کی تو اس نے خلاف معمول محافظ کا سر اپنے جبڑوں میں لے کر چبا دیا تھا۔

    محافظ شدت تکلیف سے چیخ و پکار کرتا رہا، لگ یہی رہا تھا کہ وہ اس واقعے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا تاہم مگرمچھ نے اسے چھوڑ دیا، مگرمچھ کے جبڑوں میں دبائے جانے کے باعث اس کے سر میں شدید زخم آئے اور وہ ہوش و حواس کھوبیٹھا۔

    مزید پڑھیں: انڈونیشیا: ایک کے بدلے تین سو، مگرمچھوں پر قیامت ٹوٹ پڑی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تھائی لینڈ: غار سے تمام بچوں اور کوچ کو باحفاظت نکال لیا گیا

    تھائی لینڈ: غار سے تمام بچوں اور کوچ کو باحفاظت نکال لیا گیا

    بینکاک: تھائی لینڈ کے غار میں گزشتہ دو ہفتوں سے پھنسے تمام 12 بچوں اور ان کے کوچ کو باحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چھ بچوں کو گزشتہ روز ہی غار سے نکال لیا گیا تھا جبکہ باقی چھ بچوں اور ان کے کوچ کو نکالنے کے بعد یہ خطرناک آپریشن پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔

    تمام بچوں اور کوچ کو غار سے نکالنے کا اعلان تھائی لینڈ کی بحریہ کے کمانڈوز نے کیا جو اس آپریشن میں شروع سے ہی شریک رہے، جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ تمام بچے اور کوچ محفوظ ہیں۔

    اس سے قبل آٹھ بچوں کو اتوار اور پیر کے روز غار سے نکال لیا گیا تھا جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں، تھائی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران بچائے جانے والے بچوں کو ذہنی اور جسمانی صحت اچھی ہے۔

    حکام کے مطابق ان آٹھ بچوں کے خون کے نموں کا معائنہ کیا گیا ہے اور ان کے ایکسرے لیے گئے ہیں دو بچوں کے پھیپھڑوں کی سوزش کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

    صحت عامہ کی وزارت کے مستقل سیکریٹری جیسادا چوکے دومرونگسنگ نے میڈیا کو بتایا کہ تمام بچے اچھی صحت میں ہیں، کسی کو بخار نہیں ہے، سب اچھی ذہنی حالت میں ہیں۔

    خیال رہے کہ 12 بچوں اور ان کے فٹبال کوچ کی یہ ٹیم 23 جون کو غار میں پانی بھر جانے کے سبب پھنس گئی تھی، گزشتہ ہفتے غوطہ خوروں نے ان کا پتہ چلایا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تھائی لینڈ میں غار میں پھنسے فٹبال ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو نکال لیا گیا

    تھائی لینڈ میں غار میں پھنسے فٹبال ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو نکال لیا گیا

    بینکاک: تھائی لینڈ میں غار میں پھنسے فٹبال ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو نکال لیا گیا ہے، کھلاڑی اور کوچ 2 ہفتے سے زائد عرصے تک غار میں پھنسے ہوئے تھے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تھالینڈ میں غار میں پھنسے فٹبال ٹیم کے 6 ننھے کھلاڑیوں کو غار سے باحفاظت نکال لیا گیا ہے، مزید کھلاڑیوں کو نکالنے کے لیے ریسیکیو آپریشن جاری ہے۔

    تھائی لینڈ حکام کے مطابق 12 کھلاڑی اور کوچ 2 ہفتے سے زائد عرصے تک غار میں پھنسے رہے تھے، مزید کھلاڑیوں کو نکالنے کے لیے ریسیکیو آپریشن جاری ہے جبکہ غار سے نکالے گئے بچوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے ہوئے 12 لڑکوں کو اور کوچ کو بچانے کے لیے جانے والا تھائی لینڈ کی بحریہ کا ایک سابق غوطہ خور ہلاک ہوگیا تھا۔

    مذکوہ غوطہ خور نے کچھ عرصہ قبل تھائی لینڈ نیوی کی نوکری چھوڑ دی تھی، تاہم وہ غار میں پھنسے ہوئے 12 بچوں کے گروپ کو بچانے کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں مدد فراہم کرنے کے لیے واپس آگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: تھائی لینڈ: غار میں پھنسے ننھے فٹبالرز کو بچانے والا غوطہ خور ہلاک

    یاد رہے کہ تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے بچوں سے ان کے والدین کے رابطے کے لیے ٹیلیفون لائن بچھائی گئی تھی جو ناکام ہوگئی تھی تاہم بچوں نے والدین کو خط کے ذریعے اپنی خیریت سے آگاہ کیا تھا۔

    خیال کیا جا رہا ہے کہ مسلسل نو دنوں سے پھنسے رہنے کے باعث وہ لوگ کافی کمزور اور بیمار ہو چکے ہیں، جس سے تمام لوگوں کو نکالنے کا آپریشن کافی پیچیدہ ثابت ہو سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • تھائی لینڈ: غار میں پھنسے ننھے فٹبالرز کو بچانے والا غوطہ خور ہلاک

    تھائی لینڈ: غار میں پھنسے ننھے فٹبالرز کو بچانے والا غوطہ خور ہلاک

    بینکاک: تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے ہوئے 12 لڑکوں اور کوچ کو بچانے کے لیے جانے والا تھائی لینڈ کی بحریہ کا ایک سابق غوظہ خور ہلاک ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ 38 سالہ سمن کونان لاپتہ گروپ کو سامان فراہم کرنے کے بعد تھیم لانگ غار کمپلیکس سے باہر نکل رہے تھے کہ آکسیجن کی کمی سے بیہوش ہوگئے تھے تاہم ان کے ساتھی انہیں بچانے میں ناکام رہے۔

    سمن کونان کے بارے میں بتایہ جارہا ہے کہ وہ بہترین ایتھلیٹ اور سائیکلسٹ تھے اور وہ تھیم لانگ غار کمپلیکس میں لاپتہ ہونے والے 12 بچوں کے لیے دو ہفتے قبل شروع کیے جانے والے ریسیکیو آپریشن کا حصہ تھے۔

    مذکوہ غوطہ خور نے کچھ عرصہ قبل تھائی لینڈ نیوی کی نوکری چھوڑ دی تھی، تاہم وہ غار میں پھنسے ہوئے 12 بچوں کے گروپ کو بچانے کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں مدد فراہم کرنے کے لیے واپس آگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: تھائی لینڈ کے غاروں میں لاپتہ جونیئر فٹبال ٹیم کا 9 دن بعد معجزاتی طور پر سراغ مل گیا

    ڈپٹی گورنر پاساکور بوونیا لک چانگ رائے نے ریسیکیو سائٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سابق رضاکار جس نے ریسکیو آپریشن کے لیے مدد کی پیشکش کی تھی گزشتہ رات دو بجے کے قریب زندگی کی بازی ہار گیا۔

    تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے ہوئے بچوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن میں ایک ہزار کے قریب افراد حصہ لے رہے ہیں، اس آپریشن میں نیوی کے غوطہ خور، فوجی اہلکار اور سویلین رضاکار شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تھائی لینڈ کے غاروں میں لاپتہ جونیئر فٹبال ٹیم کا 9 دن بعد معجزاتی طور پر سراغ مل گیا

    تھائی لینڈ کے غاروں میں لاپتہ جونیئر فٹبال ٹیم کا 9 دن بعد معجزاتی طور پر سراغ مل گیا

    تھائی لینڈ : غاروں میں نو دن پہلے لاپتہ ہونے والے فٹبال کے بارہ کھلاڑیوں اورکوچ کا سراغ مل گیا، پھنسے افراد کو غار سے نکالنے کے آپریشن میں پانی اور گارے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک غار میں پھنسے فتبال ٹیم کے 12 نوجوان لڑکوں اور ان کے کوچ کو معجزاتی طور پر نو دنوں بعد زندہ تلاش کر لیا گیا ہے، امدادی ادارے انہیں غار سے نکالنے کے انتظامات میں مصروف ہیں، یہ غار سیلابی پانی سے بھر گیا تھا۔

    حکام کے مطابق تاحال تمام لوگوں کو غار سے باہر نہیں نکالا جا سکا لیکن بچوں کو بحفاظت باہر نکالنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس کام میں کئی ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔

    والدین کو بچوں کے ملنے کی اطلاع ملنے کے بعد جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور جشن کا سا سماں رہا۔

    تھائی لینڈ کے صوبے چیانگ رائے کے گورنر کا کہنا ہے کہ پیر کی شام لاپتا لڑکوں کا سراغ ملا، جو سیلابی پانی اور گارے سے بھرے ایک غار کے اندر پھنسے ہوئے ہیں، ہم ان لوگوں کا اُس وقت تک خیال رکھیں گے جب تک وہ  غار سے نکلنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ  غار کے اندر دہانے سے تمام لوگ  چار کلومیٹر ایک اونچی چٹان پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔

    ایک امدادی کارکن کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیو میں بچوں کو لال اور نیلی جرسیاں اور نیکر پہنے سیلابی پانی سے گھری ایک چٹان پر بیٹھے اور کھڑے دیکھایا گیا ہے۔

    خیال کیا جا رہا ہے کہ مسلسل  نو دنوں سے پھنسے رہنے کے باعث وہ لوگ کافی کمزور اور بیمار ہو چکے ہیں، جس سے  تمام لوگوں کو نکالنے کا آپریشن کافی پیچیدہ ثابت ہو سکتا ہے۔

    پھنسے تمام لڑکوں کی عمریں 11 سے 16 سال کے درمیان ہیں جو تمام انڈر 16 فٹ بال ٹیم کے رکن ہیں۔

    یاد رہے 23 جون کو فٹبال ٹیم کے 12 لڑکے اپنے کوچ کے ہمراہ بال میچ کی پریکٹس کے بعد تھام لوانگ نامی غاروں کے سلسلے کی سیر کو گئے تھے اور طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 30 جون کو لاپتہ ہو گئے تھے۔

    لاپتہ ہونے کے بعد تمام لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا تھا، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں شروع کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں