Tag: Thar Accident

  • ٹرک میں آگ لگ گئی، 2 افراد لوگوں کے سامنے جل کر جاں بحق

    ٹرک میں آگ لگ گئی، 2 افراد لوگوں کے سامنے جل کر جاں بحق

    تھرپارکر: سندھ کے شہر تھرپارکر میں ڈیپلو نوکوٹ روڈ پر نواحی گاؤں کے قریب ٹرک الٹنے سے آتش زدگی کے باعث 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھرپارکر میں ڈیپلو نوکوٹ روڈ پر گاؤں ہمیرابھ تل ساھڑ کے مقام پر نجی کنٹریکٹر کمپنی کا لوڈر ٹرک الٹ گیا، ٹرک الٹتے ہی آگ بھڑک اٹھی۔

    ٹرک میں آگ لگنے کے بعد اندر موجود دو افراد نے چیخنا چلانا شروع کیا تو بڑی تعداد میں علاقہ مکین پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش کرنے لگے، فائر بریگیڈ کو بھی اطلاع دی گئی تاہم وہ بروقت نہ پہنچنے کے باعث ٹرک کے اندر موجود دو افراد کو بچایا نہ جا سکا۔

    ٹرک میں سوار دونوں افراد لوگوں کے سامنے جھلس کر جاں بحق ہو گئے، مقامی افراد کے مطابق ٹرک تھر میں کام کرنے والی نجی کنٹریکٹر کمپنی کی بتائی جا رہی ہے۔

    کمپنی ذرائع کے مطابق ٹرک میں رولر لوڈ کر کے ایک سائٹ سے دوسری سائٹ لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں حادثہ پیش آیا، کمپنی عملے کے مطابق حادثے کے شکار ٹرک میں دو افراد سوار تھے، جن کی شناخت رجب اور شکيل پٹھان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق حيدرآباد سے تھا۔

    وجوٹو پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی تھی، ایس ایچ او وجوٹو کے مطابق ابتدا میں شبہ تھا کہ گاڑی میں تین افراد پھنسے ہیں، مگر کمپنی سے رابطے کے بعد پتا چلا کے دو افراد تھے، پولیس کے مطابق دونوں افراد مکمل طرح جھلس گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئٹہ سے پشاور جانے والے اسپرٹ سے بھرے ٹینکر کے الٹنے سے بھی آگ بھڑک اٹھی تھی، ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ڈرائیور موقع ہی پر جاں بحق اور ہیلپر زخمی ہو گیا تھا۔