Tag: Thief

  • چور کی انوکھے انداز میں پوسٹ آفس سے رقم چرانے کی کوشش، ویڈیو وائرل

    چور کی انوکھے انداز میں پوسٹ آفس سے رقم چرانے کی کوشش، ویڈیو وائرل

    ناٹنگھم: معذور چور نے لمبے دھاتی چمچے کے ذریعے پوسٹ آفس سے نقد رقم چرانے کی کوشش کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نشے کا عادی چور دوران واردات اپنا ڈیبٹ کارڈ جائے وقوعہ پر بھول کر فرار ہوجاتا ہے، جسے بعد میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    اطلاعات کے مطابق ایک نشے کے عادی چور نے ڈاک خانے کی سیکیورٹی اسکرین کے نیچے سے بڑی نقد رقم چرانے کی کوشش کی تھی، اس مقصد کے لئے اس نے لمبے چمچے کا سہارا لیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Nottinghamshire Police (@nottspolice)

    سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 36 سالہ شخص نے ایک بڑے دھاتی چمچ کو شیشے کے نیچے سے اندر ڈالا اور رقم نکالنے کی کوشش کرنے لگا۔

    دوسری کھڑکی پر موجود ایک الرٹ کاؤنٹر اسسٹنٹ نے اس معاملے کو دیکھا تو الارم بجا دیا جس نے سیکورٹی کے دھوئیں کے نظام کو متحرک کردیا۔

    جیسے ہی پوسٹ آفس میں دھواں بھرنے لگا چور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، مذکورہ معاملہ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی حیران رہ گئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے نقدی چوری کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کرلیا ہے اور افسران کو بتایا ہے کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہے۔

    اس نے یہ بھی کہا کہ اس نے پوسٹ آفس میں داخل ہونے سے کچھ دیر پہلے کوکین اور ہیروئن لے لی تھی۔پولیس کی جانب سے مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • وائرل ویڈیو: چور اسمارٹ فون لے کر بھاگا، دروازہ بند تھا، پھر کیا ہوا؟

    وائرل ویڈیو: چور اسمارٹ فون لے کر بھاگا، دروازہ بند تھا، پھر کیا ہوا؟

    ویسٹ یارکشائر: بعض اوقات چور بھی ایسی مشکل میں پھنس جاتے ہیں، جس کے بارے میں انھوں نے سوچا بھی نہیں ہوتا، ایسا ہی ایک چور کے ساتھ ہوا جو موبائل شاپ سے موبائل چرا کر بھاگ جانا چاہ رہا تھا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک چور کو نہایت پریشان کن صورت حال میں گرفتار دیکھا گیا، چور نے دکان دار سے دیکھنے کے بہانے اسمارٹ فون لیا اور اگلے لمحے دروازے کی طرف بھاگ اٹھا، لیکن دروازہ اسے بند ملا۔

    یہ واقعہ برطانیہ کی ایک میٹروپولیٹن کاؤنٹی ویسٹ یارکشائر کے ٹاؤن ڈیوزبری میں ایک موبائل مارکیٹ کی دکان میں پیش آیا، چور نے منیجر سے دیکھنے کے بہانے ایک مہنگا فون لیا، اور اسے لے کر بھاگ اٹھا، لیکن دروازہ بند تھا۔

    چور اگلے لمحے پلٹا اور مجبوراً شرمندہ ہوتے ہوئے موبائل خاموشی سے منیجر کے حوالے کر دیا۔

    چور نے خود کو ہوشیار سمجھا تھا لیکن بری طرح مار کھا گیا، اس نے جو فون لے کر بھاگنے کی کوشش کی تھی اس کی مالیت 1,600 پاؤنڈ بتائی جاتی ہے۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی میں فوٹیج میں قید ہو گیا اور ویڈیو کی فوٹیج وائرل ہو رہی ہے۔

    یہ واقعہ 4 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب پیش آیا، فرار ہوتے وقت چور بہت پھرتیلا تھا لیکن واپسی پر بھیگی بلی بن گیا، اسے دکان دار سے التجا کرنی پڑی کہ گلاس ڈور کا لاک کھول دے اور اسے جانے دیا جائے۔

    اسٹور منیجر کی شناخت افضل آدم کے نام سے ہوئی ہے، برطانوی چینل میٹرو نیوز کے مطابق افضل نے کہا کہ انھوں نے 2020 میں 250 پاؤنڈ میں دروازے کو لاک کرنے کا سسٹم لگایا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ ماسک اور اونی کنٹوپ پہنے چوروں کو پہچاننا مشکل ہوتا ہے، اس لیے لاک لگانے سے وہ اچھی طرح گرفت میں آ جاتے ہیں، اور اس واقعے سے تو لاک سسٹم نے اپنی قیمت ادا کر دی ہے۔

  • ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ٹرک ڈرائیور نے گندم کے تھیلے چرانے پر چور کو انسانیت سوز سزا دیتے ہوئے اسے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست پنجاب میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں نے گندم سے بھرے ٹرک کا پیچھا شروع کردیا، ایک نوجوان نے ٹرک سے 2 تھیلے نکال لیے۔

    لیکن جلد ہی ڈرائیور نے انہیں پکڑ لیا جس پر بائیک چلانے والا نوجوان تو فرار ہوگیا، دوسرا نوجوان ڈرائیور کے ہتھے چڑھ گیا۔

    ڈرائیور اور اس کے معاون نے چور کو رسیوں کی مدد سے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا، ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور کا معاون کہہ رہا ہے کہ وہ اسے اس طرح باندھ کر پولیس کے پاس لے کر جارہے ہیں۔

    پولیس کے پاس پہنچنے پر چور، ڈرائیور اور اس کے معاون تینوں کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ چور کو بونٹ سے باندھنا انسانیت سوز حرکت ہے اور اس پر دونوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • کیا آپ اس مشروم فارم میں موجود چور پکڑ سکتے ہیں؟

    کیا آپ اس مشروم فارم میں موجود چور پکڑ سکتے ہیں؟

    تصاویر میں چھپی اشیا ڈھونڈنا، جو بہت مہارت سے چھپائی جاتی ہیں، دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

    یہ ایک طرف تو تصویر بنانے والے کی مہارت کی عکاس ہوتی ہیں، تو دوسری طرف دیکھنے والے کی حاضر دماغی اور مشاہدے کی عادت کا بھی علم دیتی ہیں۔

    آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویر پیش کی جارہی ہے جس میں چھپی ہوئی ایک اور تصویر ڈھونڈنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

    یہ تصویر ایک مشروم (کھمبی) فارم کی ہے جہاں بے شمار مشرومز موجود ہیں۔

    لیکن ان مشرومز کے درمیان ایک چور بھی موجود ہے، آپ کو اس چور کی شناخت نہیں بتائی جارہی، لیکن اگر آپ ایک سے دو بار تصویر کو بغور دیکھیں گے، تو آپ خود ہی اسے پکڑ لیں گے۔

    کیا آپ نے چور ڈھونڈ نکالا؟

    وہ چور ایک چوہا ہے جو پورے فارم میں گھوم کر مشرومز کتر کر کھا رہا ہے، آپ نے کتنی دیر میں اسے ڈھونڈا؟

  • سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    بہاولپور: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں نصب کیے گئے اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اسٹک اور گیند چرانے والا ملزم 48 گھنٹے کے اندر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان کہروڑ پکا کا رہائشی ہے، اس وقت بہاولپور میں رہتا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر معلومات لے کر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کیا اور اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کی۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سمیع اللہ خان پاکستان کے ہیرو ہیں، سرکاری املاک اور یادگاروں کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

    یاد رہے کہ اولمپیئن سمیع اللہ خان کا مجسمہ چند روز قبل ہی ان کے آبائی شہر کے ایک چوک پر نصب کیا گیا تھا جس کے کچھ دن بعد مجسمے کی ہاکی اسٹک اور گیند چوری ہوگئی تھی۔

    مقامی انتظامیہ نے مجسمے کے ساتھ دوسری ہاکی اسٹک اور گیند نصب کردی تھی تاہم ملزم کی تلاش بھی جاری تھی۔

  • اسکوٹی لے کر بھاگنے والا چور ڈرامائی انداز میں گرفتار، ویڈیو وائرل

    اسکوٹی لے کر بھاگنے والا چور ڈرامائی انداز میں گرفتار، ویڈیو وائرل

    انگلینڈ میں ایک مشتبہ چور اس وقت پکڑا گیا جب فرار ہوتے وقت اس کا پاؤں ایک گھر کے جنگلے میں پھنس گیا۔

    انگلینڈ کے علاقے سنفن میں پیش آنے والے اس مضحکہ خیز واقعے کی ویڈیو ایک پولیس افسر نے بنائی جو غیر محسوس انداز میں چوروں کا پیچھا کر رہا تھا۔

    چوروں نے ایک اسکوٹی چرائی تھی اور وہ اس پر فرار ہورہے تھے۔ پولیس افسر نے اس طرح سے ان کے سامنے اپنی گاڑی روکی کہ جنگلے اور گاڑی کے درمیان بہت معمولی سی جگہ بچی۔

    تیزی سے نکلتی اسکوٹی جنگلے سے ٹکرائی اور ایک چور کا پاؤں اس میں پھنس گیا، وہ اسکوٹی سے نیچے گرا تو دوسرا چور تیزی سے اسکوٹی بھگا لے گیا تاہم بعد میں اسے بھی پکڑ لیا گیا۔

    چور کچھ منٹ تک اپنا پاؤں جنگلے سے چھڑانے کی کوشش کرتا رہا، اسی دوران ایک اور پولیس افسر نے قریب آ کر چور کو ہتھکڑی لگادی۔

    پولیس نے اپنے فیس بک صفحے پر لکھا، شکریہ سر، یہ بتانے کے لیے کہ آپ کا پاؤں پھنس گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ دونوں چور اسکوٹی کو پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے فٹ پاتھ پر سے لے کر جا رہے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ جنگلے سے ٹکرائے۔ دونوں چوروں کو گرفتار کر کے حوالات میں منتقل کردیا گیا۔

  • گیس چوری میں ملوث بڑی مچھلیوں کے نام خفیہ نہ رکھے جائیں: میاں زاہد حسین

    گیس چوری میں ملوث بڑی مچھلیوں کے نام خفیہ نہ رکھے جائیں: میاں زاہد حسین

    اسلام آباد: بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ گیس چوری میں ملوث بڑی مچھلیوں کے نام خفیہ نہ رکھے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق بزنس کمیونٹی سے بات چیت کرتے ہوئے میاں زاہد حسین نے وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر ملک بھر میں گیس چوروں کے خلاف شروع ہونے والے آپریشن کو خوش آئند مگر نا مکمل قرار دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آپریشن سے چوروں کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے جبکہ گیس کمپنیوں کے نقصانات کم ہو رہے ہیں تاہم جب تک خیبر پختونخواہ کے ضلع کرک میں نتیجہ خیز آپریشن نہیں کیا جاتا اور گیس کمپنیوں میں موجود کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کاروائی نہیں کی جاتی صورت حال بہتر نہیں ہو سکتی۔

    میاں زاہد حسین نے بتایا کہ سوئی ناردن اور سوئی سدرن کے مطابق سالانہ 45 ارب کی گیس چوری، لیک اور ضائع ہو رہی ہے، ان کمپنیوں کے نقصانات مسلسل بڑھ رہے ہیں، جس کا خمیازہ ایماندار صارفین کو بھگتنا پڑتا ہے۔

    دریں اثنا انہوں نے مطالبہ کیا کہ کروڑوں کی گیس چوری کرنے والی بڑی مچھلیوں کے نام خفیہ رکھنے کی پالیسی کرپشن میں اضافہ کا سبب ہے، جسے ختم کیا جائے۔

  • سپریم کورٹ نے ’مرغی چور‘ کی ضمانت مسترد کردی

    سپریم کورٹ نے ’مرغی چور‘ کی ضمانت مسترد کردی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں چوری کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کردی، ملزم پہلے بھی سزا یافتہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم زاہد کی درخواست ضمانت کی سماعت کی، ملزم کو اخباروں نے ’مرغی چور‘ قرار دیا تھا۔

    سماعت کےدوران ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ ملزم 4مقدمات میں سزایافتہ ہے، اس کی تحویل سےڈسپنسر،ایل سی ڈی،کمپیوٹر،لیپ ٹاپ،جیولری اور دیگر کئی اشیا برآمدہوئی ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ ملزم کے پاس سے نقب زنی کےآلات بھی برآمدہوئے ہیں۔

    مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ملزم کے وکیل سے استفار کیا کہ آپ کا موکل کیا کرتا ہے تو وکیل نے کہا کہ مزدور پیشہ ہے۔

    وکیل کے جواب پر عدالت نے سوال کیا کہ پو پولیس کوآپ کےموکل سے ایسی کیانفرت تھی جو اسے بلا سبب نامزد کردیا گیا،کیاپولیس نے یہ سب چیزیں بازارسے خریدکربرآمدکرائیں۔ اس دوران تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم کےگھرسےچوری کےمال کاآدھاٹرک برآمدکیاگیا۔

    پولیس کے موقف پر عدالت نے کہا کہ اخبارمیں خبرتوصرف مرغی چوری کی لگوائی گئی تھی اور ملزم کےگھرسےتوچوری کےمال کاآدھاٹرک برآمدہوا ہے۔ جسٹس قاضی فائز نے یہ بھی کہا کہ اخبارمیں ایسی چیزیں دیکھ کر لوگ چونک جاتےہیں،جب کیس سامنےآتاہےتوحقیقت کاپتہ چلتاہے۔

    دو رکنی بنچ نے ملزم کے وکیل کی جانب سے دائر کردہ ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئےٹرائل کورٹ کومعاملےکا3ماہ میں فیصلہ کرنےکاحکم صادر کردیا۔

  • فیصل آباد : آئسکریم لوٹنے والا ملزم پولیس نے گرفتارکرلیا

    فیصل آباد : آئسکریم لوٹنے والا ملزم پولیس نے گرفتارکرلیا

    فیصل آباد : چوری کی آئسکریم کھائی تھی اب حوالات کی ہوا بھی کھاؤ، فیصل آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فریج توڑ کر آئسکریم لوٹنے والے ڈاکو ذیشان رفیق کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز فائر کرکے دکان کا فریج توڑ کر آئس کریم لوٹنے والے ڈاکو ذیشان رفیق کو سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کے ذریعے حراست میں لے لیا۔

    جوپولیس بڑے بڑے ڈاکو نہیں پکڑ پاتی اس نے چوبیس گھنٹوں کے اندر آئسکریم چور کو لاک اپ میں بند کردیا، ملزم ذیشان رفیق چادر اوڑھ کر ستیانہ روڈ کی ایک دکان میں گھسا۔

    گزشتہ روز اے آر وائی کو موصول ہونے والی چوری کی ویڈیو

    پستول کے بٹ مار مار کر فریج کا شیشہ توڑنے کی کوشش کی، جب بس نہ چلا تو گولی چلادی، ملزم نے فریج سے دو آئسکریم کے پیکٹ نکالے اور چل دیا۔


    مزید پڑھیں: فیصل آباد، ڈاکو فریج توڑ کرآئسکریم کے دو پیک لے اڑا


    بعد ازاں اے آر وائی نیوز نے اس کی کارستانی نشر کردی، فیصل آباد پولیس نے بھی ایکشن دکھایا اور سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کو دھرلیا۔

    فیصل آباد کا آئسکریم چور تصویروں کا بھی شوقین نکلا، ذیشان رفیق کی بندوق کے ساتھ کئی تصویریں موجود ہیں، ملزم گرفتاری کے بعد ایس ایچ او کے ساتھ بھی پوز دے کر کھڑا ہوگیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔