Tag: thora sa haq

  • ’تمہیں کوئی اب بے عزت نہیں کرے گا‘

    ’تمہیں کوئی اب بے عزت نہیں کرے گا‘

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل تھوڑا ساحق عائزہ خان کی جاندار اداکاری کی بدولت مداحوں کی پسندیدگی کا سبب بنا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل پر عائزہ خان کے ڈراموں کی مقبولیت کا سلسلہ جاری ہے، ’میرے پاس تم ہو‘ کے بعد عائزہ کا ایک اور ڈرامہ ’تھوڑا سا حق‘ مداحوں کو بھا گیا ہے، ڈرامے کی نئی قسط کل شب 8 بجے نشر کی جائے گی۔

    ڈرامے میں عائزہ خان کے ساتھ عمران عباس ان کی اہلیہ کا کردار ادا کررہے ہیں، ڈرامے میں اب تک یہ دکھایا گیا ہے کہ عمران عباس کے گھر والوں کی جانب سے عائزہ کو جھوٹا طلاق نامہ بھجوایا جاتا ہے اور وہ اس پر دستخط کردیتی ہیں اور گھر چھوڑ کر چلی جاتی ہیں۔

    عائزہ خان اپنی بہن کے گھر سکونت اختیار کرتی ہیں جہاں بہن کے شوہر کو عائزہ ایک آنکھ نہیں بھاتی اور وہ مختلف طریقے سے عائزہ پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے میں مصروف ہے۔

    ایسے میں عائزہ کی نوکری ایک اسکول میں لگ جاتی ہے اور ان کی تنخواہ بھی معقول ہوتی ہے جب بہنوئی کو یہ پتا چلتا ہے تو وہ اس کی تنخواہ ہڑپنے کا بھی منتظر بیٹھا ہے۔

    یہ پڑھیں: ’ہفتے کو نفرت اور بدھ کو محبت کرنے کا شکریہ‘

    ادھر عمران عباس یہ ثابت کردیتے ہیں کہ ان کے جعلی دستخط کے ذریعے عائزہ کی طلاق کرائی گئی ہے جس پر عائزہ مان تو لیتی ہیں لیکن پھر بھی ان کے ساتھ جانے سے انکار کردیتی ہیں۔

    کل کی قسط میں عمران عباس نے عائزہ کے لیے ایک نیا گھر لیا ہے، عمران عباس کا کہنا ہے کہ اس گھر میں صرف تم اور میں ہوں گے اور کوئی تمہیں بے عزت نہیں کرے گا۔

  • ’ہفتے کو نفرت اور بدھ کو محبت کرنے کا شکریہ‘

    ’ہفتے کو نفرت اور بدھ کو محبت کرنے کا شکریہ‘

    کراچی: معروف پاکستان اداکارہ عائزہ خان نے کہا کہ مجھے مداحوں کی جانب سے ہفتے کے دن نفرت اور بدھ کو محبت ملتی ہے جس پر میں ان کی شکر گزار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے کہا ہے کہ ڈرامے میں دو مختلف کردار ادا کرنا آسان نہیں لیکن مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو مجھےدونوں کرداروں میں پسند کرتے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عائزہ لکھا ہے کہ ’بدھ کو ’تھوڑا سا حق‘ کو پسند کرنے اور ہفتے کےروز ’میرے پاس تم ہو‘ میں نفرت کرنے پر مداحوں کی شکر گزار ہوں۔

    ٹویٹر پر ایک ویڈیو میں عائزہ خان نے کہا کہ ’ماں ایک رحمت ہوتی ہے جو بچے کو صحیح اور غلط کا فرق بتاتی ہے، اس کی جڑیں مضبوط بناتی ہے میں نے آج حورین کو سکھایا کہ سب لوگوں کی عزت کرنی چاہئے اور ہمدردی سے پیش آنا چاہئے۔‘

    واضح رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر عائزہ خان اور ہمایوں سعید کا ڈرامے میرے پاس تم ہو مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے جبکہ چند ہفتے قبل شروع ہونے والا ڈرامہ تھوڑا سا حق بھی مداحوں کے دلوں میں گھر کرگیا ہے۔

    ڈرامہ سیریل تھوڑا سا حق میں عائزہ خان کے ہمراہ ہیرو کا کردار معروف اداکار عمران عباس ادا کررہے ہیں۔

    خیال رہے کہ میرے پاس تم ہو ڈرامے میں عائزہ خان پر مداحوں نے تنقید کی تھی کہ ایک عورت شوہر کو چھوڑ کر جاسکتی ہے لیکن وہ اپنے بچے (رومی) کو کیسے چھوڑ سکتی ہے۔

    عائزہ خان نے مداحوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ صرف ایک کردار جسے کرنے کا مقصد یہ تھا کہ مداحوں میں شعور بیدار ہو اور لڑکیاں اس طرح کی حرکتیں کرکے اپنا گھر خراب نہ کریں۔