Tag: THQ

  • اسپتال میں خواتین کی چھپ کر نازیبا ویڈیوز بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار

    اسپتال میں خواتین کی چھپ کر نازیبا ویڈیوز بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار

    راولپنڈی( 25 جولائی 2025): ٹی ایچ کیو اسپتال میں خواتین کی نازیبا ویڈیو بنانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کوٹی ایچ کیو گوجرخان اسپتال میں خواتین کی چھپ کر نازیبا ویڈیوز بنانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا، عملے نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

    گوجر خان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم عقیل عباس کے موبائل فون سے 300 سے زائد ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم ٹریننگ ونگ ہیڈ کوارٹرز لاہور میں تعینات ہے، ملزم باتھ روم جانے والی خواتین کی چھپ کر تصاویر اور ویڈیوز بناتا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے رائیونڈ میں خاتون کی نازیبا ویڈیو بنانے والے کانسٹیبل کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق کانسٹیبل ارسلان نے چند روز قبل ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 خواتین پر تشدد کرکے ایک کی برہنہ ویڈیو بنائی تھی۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ اینٹی رائٹ فورس میں تعینات کانسٹیبل ارسلان ویڈیو کیس کا مرکزی ملزم ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث 3 ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں، پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ میں ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں گینگ ریپ کی دفعات بھی شامل ہیں۔

  • مانسہرہ کی تحصیل بفہ کے اسپتال میں آپریشن سے پہلے بچے کی پیدائش

    مانسہرہ کی تحصیل بفہ کے اسپتال میں آپریشن سے پہلے بچے کی پیدائش

     مانسہرہ: تحریک انصاف کی حکومت نے الیکشن میں کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹر بفہ میں  زچگی کے آپریشن کی سہولت مہیا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے بفہ  کے تحصیل اسپتال میں انتظامات مکمل کردیے گئے ہیں اور آج اس سہولت کی دستیابی کے بعد پہلےآپریشن کے ذریعے بچے کی ولادت  عمل میں لائی گئی ہے، زچہ بچہ دونوں محفوظ اور صحت مند ہیں ۔

    آپریشن کرنے والی گائنا کالوجسٹ کا کہنا ہے کہ یہ سہولت اس علاقے میں کسی نعمت سے کم نہیں ، اس سے قبل کسی ایمرجنسی کی صورت میں زچہ کو مانسہرہ منتقل کرنا پڑتا تھا جس میں اکثر و بیشتر ماں اور بچے دونوں کی جان ضائع ہوجاتی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے اب ہم مستقبل میں  اس علاقے کی کئی ماؤں اور ان کے بچوں کی زندگیاں بچا سکیں گے۔ اسپتال میں پہلے آپریشن کی کامیابی پر علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کیا  ہے اور کہا ہے کہ یہ حکومت کا اہم قدم ہے۔

    مانسہرہ کی تحصیل بفہ کی کل آبادی تین لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور انہیں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے میں تحصیل  ہیڈ کوارٹر اسپتال مرکزی کردار ادا کرتا ہے ۔ علاقے میں کسی بھی بیماری کی صورت میں سب سے پہلے مریضوں کو یہیں لایا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی آئینِ پاکستان کے تحت دیہی اور شہری ہر باشندے کا حق ہے ، تاہم ماضی میں عوام کے اس حق کی جانب سے غفلت برتنے کا مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے۔