Tag: threat alert

  • محرم الحرام کے دوران ممکنہ دہشت گردی کا خطرہ، تھریٹ الرٹ جاری

    محرم الحرام کے دوران ممکنہ دہشت گردی کا خطرہ، تھریٹ الرٹ جاری

    کراچی: محرم الحرام کے دوران اینٹی انکروچمنٹ پولیس کیلئے بھی تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا، اہلکاروں کو خاص ہدایات جاری کردی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی ایس پی طارق اسلام نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انچارج سمیت کوئی اہلکار اکیلا کسی سرکاری ڈیوٹی پر نہ جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے، کراچی میں سرکاری آفیشلز کو نشانہ بنانے کا امکان ہے۔

    تمام سرکاری کارروائیاں پولیس موبائل میں کی جائیں، جبکہ ڈیوٹی کے دوران یونیفارم کا استعمال کیا جائے، کوئی اہلکار گھر سے دفتر آتے یا واپس جاتے ہوئے یونیفارم یا جوتے نہ پہنے۔

    تھریٹ الرٹ اینٹی انکروچمنٹ ایس ایچ اوز کو جاری کیا گیا ہے، ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    دوسری جانب محرم الحرام میں سیکیورٹی کے پیش نظر رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے سلسلے میں سندھ سمیت کراچی میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا، ترجمان نے بتایا کہ فلیگ مارچ کراچی سپر ہائی وے، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن میں کیا گیا۔

    اورنگی ٹاؤن، شاہ لطیف ٹاؤن، شاہراہ فیصل، کورنگی، بلدیہ ٹاؤن، صدر ٹاؤن اور جمشید ٹاؤن ودیگر علاقوں میں بھی فلیگ مارچ کیا۔

    حیدر آباد، جامشورو، دادو، میر پور خاص، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، سنجرو، کنڈیارو، بدین، ٹھٹھہ اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی فلیگ مارچ کیا گیا۔

    کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، محرم کے جلوس پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا دہشت گرد گرفتار

    فلیگ مارچ کے دوران اہم امام بارگاہوں اور جلوس کی گزر گاہوں کا معائنہ بھی کیا گیا تاہم شہر کے داخلی اور خارجی راستوں میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

  • میرے نام کا تھریٹ الرٹ کیسے جاری ہوا؟ متاثرہ شخص کی دہائی

    میرے نام کا تھریٹ الرٹ کیسے جاری ہوا؟ متاثرہ شخص کی دہائی

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیلئے جاری کیے جانے والے تھریٹ میں جس شخص کی نشاندہی کی گئی تھی اس شخص نے میڈیا پر آکر بیان دے دیا۔

    اسلام آباد میں نور رحمان کوچی نامی شخص نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے الزامات کے حوالے سے خصوصی پریس کانفرنس کی۔

    نور رحمان کوچی نے بتایا کہ 18جون2022کو عمران خان کیلئے ایک تھریٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں ایک کوچی نام کے بندے کا ذکر کیا گیا، میں وہی کوچی ہوں جس کے نام کا تھریٹ جاری کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلے مجھے اٹھایا گیا اور پھر معافی مانگ کر رہا کردیا گیا، مجھ سے تفتیش کی گئی، میرے فون کا فرانزک ہوا، اگر میرے خلاف ثبوت تھے تو مجھےکلیئر کیوں کیا گیا،

    نوررحمان کوچی نے بتایا کہ مراد سعید نے بھی کہا تھا کہ کوچی ایک گروہ کا سرغنہ ہے، میں وہی کوچی ہوں جس کا نام مراد سعید نے لیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی مراد سعید کو سامنے سے دیکھا بھی نہیں، میراپاکستان اور افغانستان میں کاروبار ہے۔ 29تاریخ کو عمرے سے واپس آیا ہوں۔

    مزید پڑھیں : عمران خان پر حملےکا خطرہ، تھریٹ الرٹ جاری

    نوررحمان کوچی کا کہنا تھا کہ میں چیئرمین عمران خان، مراد سعید اور موجودہ حکومت سے پوچھتاہوں کہ کس نے تھریٹ جاری کیا، سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ اس معاملے پر آزادانہ کمیشن تشکیل دیا جائے۔

  • کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کا خطرہ ، تھریٹ  الرٹ جاری

    کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کا خطرہ ، تھریٹ الرٹ جاری

    اسلام آباد : نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کردیا اور کہا ٹی ٹی پی کوئٹہ اور پشاور میں سیاسی اور مذہبی قائدین پر حملہ کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کردیا، الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گرد حملوں کی تیاری کررہی ہے ، کوئٹہ اور پشاور میں سیاسی اور مذہبی قائدین پر حملہ کیاجاسکتا ہے، دہشت گرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہیں۔

    نیکٹا کا کہنا ہے کہ اہم سیاسی شخصیت کو خودکش دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جاسکتا ہے، قمردین کاریز سے برآمد مواد کوئٹہ اور کے پی میں دہشت گردی میں استعمال ہونا تھا۔

    الرٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے، چاروں صوبوں،گلگت بلتستان آزادکشمیرکےچیف سیکریٹریزکواقدامات سےآگاہ کردیاگیا جبکہ دشمن ملک کا میڈیا کھلم کھلااپنے پروپیگنڈے میں ایسے ہی واقعہ کا بار بار ذکر کررہا ہے۔

    گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا پلان بے نقاب کردیا گیا تھا، بھارتی میڈیا نے پی ڈی ایم کے پچیس اکتوبر کے جلسے کے حوالے سے پہلے سے ہی پروپیگنڈا شروع کردیا ہے کہ جلسے میں کسی بڑے رہنما کو ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔

    مشیر داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی دینا وفاق کا کام ہے وفاق الرٹ بھی جاری کرتی ہے، تھریٹ لیول کےبیس پرایڈوائزری جاری کی جاتی ہے، اگر دھمکی کا لیول اتنا ہو کہ پولیس کے علاوہ فورسز کی ضرورت ہوتو وفاق آگے آتا ہے،بلوچستان حکومت سیکیورٹی کی ڈیمانڈکریگی جس پروفاق جواب دے گا۔

    خیال رہے پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ ( پی ڈی ایم ) گوجرانولہ اور کراچی میں جلسہ کر چکی ہے جبکہ پی ڈی ایم کا تیسرا جلسہ کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو ہو گا۔

  • لاہور میں اسپتالوں اور اسکولوں‌ پر حملے کا خدشہ

    لاہور میں اسپتالوں اور اسکولوں‌ پر حملے کا خدشہ

    لاہور: سیکیورٹی اداروں نے اسپتالوں اور اسکولوں پر حملے کا خدشہ ظاہر کردیا اور سیکیورٹی سخت کرنے کی سفارش کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ لاہور حسن حفیظ نے بتایا کہ نیکٹا(نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی) نے چیف سیکریٹری پنجاب کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کو بڑے پیمانے پر نشانہ بناسکتے ہیں۔


    لیٹر میں لکھا گیا ہے کہ اسکولوں کو معمول کی جو سیکیورٹی دی گئی تھی اس میں اضافہ کردیا جائے، جو اسپتالوں کے داخلے راستے ہیں وہاں بھی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔

    یہ پڑھیں: لاہور پر حملے کا خدشہ: افغانستان سے دو خودکش بمبار پہنچ گئے

    واضح رہے کہ جنوری میں بھی سیکیورٹی اداروں نے لاہور پر حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان سے دو کم سن خود کش بمبار لاہور پہنچ گئے ہیں اور ان کی جانب سے سرکاری عمارتوں اور اسکولوں کو نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: لاہورسے خود کش بمبارساتھی سمیت گرفتار، جیکٹ برآمد

    بعدازاں چند دن بعد سیکیورٹی اداروں نے دونوں خود کش بمباروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جو کہ افغانستان سے لاہور کارروائی کرنے پہینچے تھے، اور اب نیکٹا نے مزید سیکیورٹی الرٹ جاری کیے ہیں۔