Tag: thresamay

  • برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا عمران خان کو فون، مکمل تعاون کی یقین دہانی

    برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا عمران خان کو فون، مکمل تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد : برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے، تھریسامے نے عمران خان کو نئی حکومت سے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے ٹیلی فون کیا ہے، تھریسامے نے وزیراعظم منتخب ہونے پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری لانے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھول کر پاکستان کی نئی حکومت کی مکمل معاونت کریں گے۔

    تھریسامے کی جانب سے نیک تمناؤں کے اظہار پر وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ ترقی پذیرممالک کیلئے ایک سنگین مسئلہ ہے، انسداد منی لانڈرنگ کیلئے برطانیہ کے ساتھ اشتراک کے خواہاں ہیں۔

    برطانوی وزیر اعظم نے نومنتخب وزیر اعظم کےخیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے انسداد منی لانڈرنگ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کرمشترکہ اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا۔

  • برطانوی وزیر اعظم نے اپنے بلیک بیری سے جان چھڑالی

    برطانوی وزیر اعظم نے اپنے بلیک بیری سے جان چھڑالی

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اپنے پرانے فون بلیک بیری سے جان چھڑالی، اب تھریسامے آئی فون استعمال کررہی ہیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم تھریسامے ان دس سربراہان کے گروپ کی آخری رکن تھیں جو ابھی تک بلیک بیری کا استعمال کررہے تھے۔

    بلیک بیری بنانے والی کینیڈا کی کمپنی نے فروخت میں شدید مندی کے سبب 2016 میں بلیک بیری کی تیاری روک دی تھی اور اس نام سے موبائل تیار کرنے کے لیے دیگر کمپنیوں کو لائسنس دے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی سابق صدر بارک اوباما نے 2013 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر آئی فون کے استعمال کی اجازت نہیں ہے تاہم وہ اپنے لیے ذاتی بلیک بیری برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

    جنوری 2017 میں موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قومی سلامتی کی ایجنسی کی ہدایت پر اپنے ذاتی موبائل فون سے دستبردار ہونے پر مجبور ہوگئے جو اینڈرائیڈ سسٹم کا حامل تھا۔

    جرمن چانسلر انجیلا مرکل ان دنوں نوکیا کا فون استعمال کرتی ہیں جس کا ماڈل نوکیا 6260 ہے، روسی صدر ولادی میر پیوٹن ان دنوں آئی فون 4 استعمال کرتے ہیں، فرانس کے صدر نے اپنے ذاتی استعمال کے لیے آئی فون فائیو کا انتخاب کیا ہے۔

    نارتھ کوریا کے سربراہ کم جانگ ان 2013 سے تائیوان کی کمپنی ایچ ٹی سی کا موبائل فون استعمال کررہے ہیں، اٹلی کے وزیر اعظم میتھیو رینزی کے زیر استعمال ان دنوں آئی فون ہے۔

    پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کے زیر استعمال ایپل کمپنی کا آئی فون اور سام سانگ کا اسمارٹ فون ہے جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی بلیک بیری فون استعمال کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی اٹارنی اور ایف بی آئی نے یہ انکشاف کیا تھا کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے فینٹم سکیور نامی ادارہ معروف کمپنی بلیک بیری کے موبائل فون ڈیوائس میں تبدیلی کرکے عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے فروخت کررہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔