Tag: throat

  • زندہ مچھلی پانی سے اچھل کر نوجوان کے حلق میں پھنس گئی

    زندہ مچھلی پانی سے اچھل کر نوجوان کے حلق میں پھنس گئی

    تھائی لینڈ میں ایک نوجوان اس وقت مشکل میں پڑ گیا جب ایک مچھلی پانی سے اچھل کر اس کے حلق میں پھنس گئی، ڈاکٹرز کو سرجری کر کے نوجوان کی جان بچانی پڑی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک مچھلی پانی سے اچھل کر ایک نوجوان کے حلق میں جا کر پھنس گئی، تاہم کامیاب سرجری کے بعد اسے نکال لیا گیا۔

    مذکورہ نوجوان دریا میں اسپیئر فشنگ میں مصروف تھا، جیسے ہی وہ سانس لینے کے لیے پانی سے باہر آیا عین اسی وقت چھوٹی مچھلی ایناباس اچھل کر اس کے منہ میں چلی گئی اور اس کے حلق میں پھنس گئی۔

    دم گھٹنے سے اس کی جان جانے کا خطرہ پیدا ہوا تو اسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں کامیاب سرجری کے بعد مچھلی کو نکال لیا گیا۔

  • دلخراش واقعہ: بیوی نے ‘بلیڈ ‘ سے شوہر کا گلہ کاٹ دیا

    دلخراش واقعہ: بیوی نے ‘بلیڈ ‘ سے شوہر کا گلہ کاٹ دیا

    بھارت جرائم وکرائم اور اِنسانیت سُوز خبروں کا مرکز بن چکا ، ایسی ہی ایک اور خبر نے دل دہلا دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع ہنکنڈہ میں اندوہناک واقعہ رونما ہوا ہے جہاں بیوی نے اپنے شوہر کا بلیڈ سے گلہ کاٹ دیا ہے۔

    مقامی پولیس کے مطابق واقعہ ہنکنڈہ ضلع کے دمیرا منڈل کے پاسراگونڈہ میں پیش آیا، راجو اور ارچنا کی شادی ایک ماہ قبل ہوئی تھی، گھر والوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ دونوں خوش وخرم زندگی گزار رہے تھے کہ اچانک اتوار کی رات ارچنا نے پاگلوں کی طرح برتاؤ کیا، صبح اس نے اپنے شوہر کا بلیڈ سے گلہ کاٹ دیا۔

    راجو کو شدید زخمی حالت میں ورنگل ایم جی ایم اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت میں سفاکیت کی انتہا ، پانچ افراد کا لزرہ خیز قتل

    ادھر پولیس نے بھی واقعے کی محرکات جاننے کے لئے اپنی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ راجو کے اہل خانہ نے ابھی تک شکایت درج نہیں کرائی، تاہم پولیس کو راجو کی طبیعت سنبھلنے کا انتظار ہے، انکوائری رپورٹ راجو کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کی جائے گی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جو واقعہ رونما ہوا، اسی طرح کا منظر اداکار اللو ارجن پین انڈیا فلم پشپا میں دکھایا گیا تھا جس میں دکشیانی اپنے شوہر کا گلا بلیڈ سے کاٹتی ہے۔

  • مریض کے حلق سے 7 انچ طویل مچھلی نکالنے کی سرجری، ویڈیو وائرل

    مریض کے حلق سے 7 انچ طویل مچھلی نکالنے کی سرجری، ویڈیو وائرل

    کولمبیا میں ایک ڈاکٹر کی سرجری کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے جس میں وہ مریض کے حلق سے ایک 7 انچ طویل مچھلی نکال رہا ہے۔

    یہ عجیب و غریب واقعہ جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں ایک شخص کے ساتھ مچھلی پکڑنے کے دوران پیش آیا، 24 سالہ شخص اپنے فارغ وقت میں مچھلی پکڑنے کے لیے آیا تھا۔

    ایک مچھلی اس کے کانٹے میں پھنسی تو اس نے اسے پانی سے نکال کر اپنے ہاتھ میں پکڑا، اتنے میں دوسری مچھلی بھی کانٹے میں پھنس گئی۔

    مذکورہ شخص دوسری مچھلی کو بھی چھوڑنا نہیں چاہتا تھا چانچہ اس نے پہلی مچھلی کو اپنے منہ میں رکھنا چاہا، لیکن اسی وقت مچھلی زور لگا کر آگے کی طرف گئی اور پھسل کر اس کے حلق میں پھنس گئی۔

    24 سال شخص قریبی اسپتال کی طرف بھاگا لیکن وہ ڈاکٹرز کو کچھ بتا نہیں پارہا تھا، جس کے بعد ڈاکٹرز نے فوری طور پر اس کا اسکین کیا اور اسکین دیکھنے کے بعد ایک مختصر سرجری کر کے اس کے حلق سے مچھلی نکا لی۔

    ڈاکٹر کی سرجری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    مذکورہ شخص کو دو دن تک اسپتال میں رکھا گیا اور جائزہ لیا گیا کہ اس کے کسی اندرونی عضو کو تو نقصان نہیں پہنچا، لیکن خؤش قسمتی سے وہ بالکل محفوظ رہا تھا جس کے بعد ڈاکٹرز نے اسے گھر جانے کی اجازت دے دی۔

  • لوڈو کا گیم ہارنے پر سیکیورٹی گارڈ نے ساتھی کا گلا کاٹ دیا

    لوڈو کا گیم ہارنے پر سیکیورٹی گارڈ نے ساتھی کا گلا کاٹ دیا

    ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں ایک سیکیورٹی گارڈ نے لوڈو کے گیم میں ہارنے کے بعد اپنے ساتھی کو قتل کر ڈالا۔

    پولیس کے مطابق 38 سالہ اوینش کمار پانڈے نے گزشتہ برس اکتوبر میں اپنے 22 سالہ ساتھی انکت سنگھ کو قتل کیا تھا، دونوں بطور سیکیورٹی گارڈ ایک کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ملزم کا یہ تیسرا قتل ہے، وہ اس سے قبل سنہ 2000 اور 2008 میں بھی دو قتل کر چکا ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے ایک طویل عرصے سے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک اشیا کا استعمال چھوڑ رکھا تھا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتول اور قاتل دونوں کی رہائش اپنے دفتر میں ہی تھی۔ قتل سے قبل دونوں ایک آن لائن لوڈو گیم کھیل رہے تھے جس میں ہارنے کے بعد پانڈے نے چھری سے اپنے ساتھی کا نرخرہ کاٹ دیا۔

    ساتھی کو قتل کرنے کے بعد پانڈے وہاں سے فرار ہو کر پونا گیا اور اس کے بعد مختلف شہروں میں چھپتا رہا۔ اس کے بعد وہ دہلی آ کر سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرنے لگا۔

    پانڈے کے مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے اتر پردیش پولیس نے اس کے بارے میں معلومات دینے پر 10 ہزار روپے کا انعام رکھا تھا۔

    پولیس کو جلد ہی اس کے بارے میں معلومات موصول ہوگئیں جس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

  • بھارتی خاتون بچی کا گلا کاٹ کر خون پی گئی

    بھارتی خاتون بچی کا گلا کاٹ کر خون پی گئی

    نئی دہلی : بھارتی پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے کہ جس نے مبینہ طور پر اپنی 6 سالہ بھتیجی کو ذبح کرکے اس کا خون پی لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست آندرا پردیش کے ایک گاؤں میں خاتون نے اپنی بھابی سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہونے والے جھگڑے کے نتیجے میں چھوٹی بہن کے سامنے چھ سالہ بچی کو ذبح کرکے اس کا خون پی لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ومٹالا راسمو نامی 30 سالہ خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جو اپنے شوہر سے زبردستی اجازت لینے کے بعد اپنے بھائی کے گھر پر رہنے آئی تھی۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ راسمو نے جھگڑے کے بعد اپنی چھ سالہ بھتیجی کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی لیکن مقتولہ کی ماں نے دھمکی کو سنجیدہ نہیں لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے مبینہ طور پر تیز دھار چاقو سے ذبح کیا، بڑی کو قتل ہوتا دیکھ کر 4 سالہ سنڈیا نے ڈور کر گاؤں کے دیگر افراد کو اطلاع دی جس کے بعد گاؤں رہائشی دیگر افراد نے ملزمہ کو پکڑ کر درخت کے ساتھ باندھ کر پولیس کو مطلع کیا۔

    پولیس نے خاتون کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ہے جبکہ بہیمانہ قتل اور مقتولہ کا خون پینے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔