Tag: throwing garbage

  • کراچی میں کھلی جگہوں اور نالوں میں کچرا پھینکنے پر 2 ماہ کی پابندی لگ گئی

    کراچی میں کھلی جگہوں اور نالوں میں کچرا پھینکنے پر 2 ماہ کی پابندی لگ گئی

    کراچی: شہر قائد میں کھلی جگہوں اور نالوں میں کچرا پھینکنے پر 2 ماہ کی پابندی لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے کھلی جگہوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے، نالوں میں ملبہ اور فضلہ ڈالنے پر 2 ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے، پابندی کا اطلاق گزشتہ روز سے 14 جولائی تک ہوگا۔

    متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو سیکشن 188 کے تحت کچرا ڈالنے والوں کے خلاف شکایت درج کرنے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کا اختیار بھی دے دیا گیا۔

    سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کی جانب سے کراچی ڈویژن کے مختلف مقامات کھلے ہولز، نالوں میں کچرا، ملبہ اور فضلہ پھیکنے کی شکایات دی گئی تھی، جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی بڑھنے اور نالے بند ہونے کے خطرات بڑھ گئے تھے۔

    سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے شکایت کے بعد کمشنر کراچی نے نوٹس لیتے ہوئے پابندی عائد کی ہے، پابندی کے نوٹیفکیشن کی کاپی پرنسپل سیکریٹری، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ، رینجر، پولیس، میونسپل کمشنر کے ایم سی، واٹر کارپوریشن، چیف سیکریٹری اور تمام اضلاع کے ڈی سیز کو بھی ارسال کی گئی ہے۔

  • کچرا پھینکنے پر شہری کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار نے خود کو گولی کیوں ماری؟

    کچرا پھینکنے پر شہری کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار نے خود کو گولی کیوں ماری؟

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لائنز ایریا میں کچرا پھینکنے پر شہری کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں عمران نامی پولیس اہل کار نے کچرا پھینکنے کے تنازع پر اپنے پڑوسی کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلکار نے شہری کو قتل کرنے کے بعد خود کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا، ملزم اہل کار نے اپنے ہی پیروں پر گولی ماری اور مخالفین پر الزام لگایا۔

    کراچی میں کچرا پھینکنے پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے شہری جاں بحق

    بریگیڈ پولیس نے شہری کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو اسپتال سے گرفتار کیا۔