Tag: thrown

  • بھارت میں کرونا سے متاثرہ لاش ندی میں پھینکنے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں کرونا سے متاثرہ لاش ندی میں پھینکنے کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : بھارتی پولیس نے ریاست اتر پردیش میں کرونا مریض کی لاش دریائے راپتی میں پھینکنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔

    بھارت میں کرونا وائرس اور بلیک فنگس سے مرنے والے افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا ہوجاتا جارہا ہے جس کے باعث شمشمان گھاٹ اور قبرستانوں میں جگہ ختم ہوچکی ہے، شہریوں نے کرونا متاثرہ افراد کی لاشوں کو دریاؤں اور ندیوں میں بہانا شروع کردیا ہے۔

    اب تک سیکڑوں لاشیں بھارت کے مختلف شہروں میں بہنے والی ندیوں و دریاؤں میں دیکھی گئی ہیں،  جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

    پولیس نے ریاست اترپردیش میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے جن کی ویڈیو کرونا وائرس سے مرنے والے شخص کی لاش کو ندی پھینکتے ہوئے وائرل ہوئی تھی۔

    ویڈیو 29 مئی کو کار سوار نے بنائی تھی جو انٹرنیٹ پر شیئر ہوتے ہی وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دو افراد کو کرونا وائرس کی مہلک وبا سے ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو راپتی دریا میں پھینکتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    لاش کی آخری رسومات ادا کرنے کےلیے بجائے اسے دریا میں بہانے کا المناک واقعہ کوتوالی نگر کے علاقے میں پیش آیا۔

    پولیس نے ویڈیو وائرل ہونے پر تحقیق کی تو پتہ چلا کہ مرنے والا سدھارتھ نگر کا رہائشی پریم ناتھ مشرا تھا، جو اپنے والدین اور اہلیہ کی موت کے بعد سے بھتیجے کے گھر زندگی گزار رہے تھے۔

    مذکورہ شخص کچھ روز قبل ہی کرونا وائرس کا شکار ہوا جس کے بعد تین دن اسپتال میں زیر علاج رہا اور 28 مئی کو ہلاک ہوگیا۔

    چچا کی ہلاکت کے بعد بھتیجے سنجے شکلا نے یا تو کرونا کے ڈر سے یا پیسے بچانے کی غرض سے اپنے چچا کی آخری رسومات ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور لاش کو ندی میں پھینک دیا۔

    سنجے شکلا نے نجی صفائی والے کو 1500 روپے اور شمشان گھاٹ پر کام کرے والے چندر پرکاش نامی شخص کو 1000 روپے میں اپنے چچا کی لاش ندی میں پھینکنے پر راضی کیا، جنہوں نے 29 مئی کو لاش کو بھاری پتھر سے باندھ کر ندی میں پھینک دیا۔

  • مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    ریاض : مکہ مکرمہ میں واقع کلاک ٹاور میوزیم عوام کے لیے کھول دیا گیا جس میں اذان کے وقت ایل ای ڈیز جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ میں حرم کے سامنے قائم کلاک ٹاور جہاں سال بھر زائرین کا تانتا بندھا رہتا ہے، اب اپنے چار منزلہ عجائب گھر کے ساتھ سیاحتی مقام کے طور پر بھی لوگوں کا استقبال کرے گا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کلاک ٹاور میں بنایا گیا یہ میوزیم اس سال رمضان میں زائرین کے لیے کھولا گیا ہے، جو پورا مہینہ مسلسل کھلا رہے گا۔

    سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کی پہلی منزل پر نظام شمسی کی مجسم عکاسی کی گئی ہے جس کے بعد وقت کے تعین ،کائنات، کہکشاں کے علاوہ نظام شمسی کی گردش کو بیان کرنے کیلئے بہترین اور جدید ترین طریقوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ زائرین کو دنیا کی سب سے بڑی گھڑی جوکہ مکہ ٹاور پرنصب کی گئی ہے، اس کے مختلف مراحل اور تنصیب کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیاجاتا ہے، گھڑی کی تیاری میں دنیا کہ بڑی کمپنیوں کی مشترکہ کاوش ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کلاک ٹاور میوزیم کی دوسری منزل وقت کے بارے میں ہے یہاں مختلف ادوار میں گھڑیوں کی ایجاد کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے۔

    کلاک ٹاور کی تیسری منزل پر کائنات کے رازوں کے بارے میں مجسم عکاسی کرتے ہوئے مختلف مناظر کو پیش کیا گیا ہے علاوہ ازیں چاند اور سورج گرہن سے متعلق مختلف ادوار کو بھی دکھایا گیا ہے، چوتھی منزل پر زائرین کو خلا اور سیاروں کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹاورکے سب سے بلند مقام کو شرفہ کہتے ہیں یہاں پہنچ کر زائرین مکہ کا مشاہدہ کرسکتے ہیں، یہاں سے پورا شہر دیکھا جاسکتا ہے جبکہ زائرین حرم کاانتہائی خوبصورت منظر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی اونچائی کی وجہ سے کلاک ٹاور مکہ سے 25کلومیٹر دور سے بھی دکھائی دیتا ہے۔ عمارت کا نام اس پر نصب دنیا کی سب سے بڑی گھڑی پر رکھا گیا ہے، جو چاروں سمتوں سے دکھائی دیتی ہے۔

    کلاک ٹاور میں یہ خصوصیت رکھی گئی ہے کہ اذان کے وقت ایل ای ڈیز کی جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

  • میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ نامعلوم شخص نے بی جے پی رہنما پر جوتا دے مارا

    میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ نامعلوم شخص نے بی جے پی رہنما پر جوتا دے مارا

    نئی دہلی : بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما نرسہما راؤ پر دوران پریس کانفرنس نامعلوم شخص نے جوتا دے مارا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ان دنوں لوک سبھا کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران ہندوستان کی شدت پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے الیکشن میں کارکنان و عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایک مہم ’میرا بوتھ، سب سے مضبوط‘ شروع کررکھی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے رہنماؤں کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس مہم پر عوام شدید و عجیب احتجاج کریں گے، آج صبح ایک نامعلوم شخص نے یہ کہتے ہوئے ’میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ بھارتی رکن پارلیمنٹ و رہنما بھارتیہ جنتا پارٹی نرسہما راؤ کو جوتا دے مارا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نرسمہا راؤ کو جوتا اس وقت پڑا جب وہ مالےگاؤں دھماکے کے ملزم سدھوی پراگیا کی بی جے پی میں شمولیت پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ جاری

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوسرے مرحلے میں (آج) ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ملک کی 13 ریاستوں کی 97 نشستوں پر عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔ انتخابات میں 90 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، یہ تعداد امریکا اور یورپی یونین کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اب تک ایک مرحلہ ہوا جس میں دورانِ ووٹنگ پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔