Tag: THUGS OF HINDOSTAN

  • سپراسٹار عامر خان نے مداحوں سے معافی مانگ لی

    سپراسٹار عامر خان نے مداحوں سے معافی مانگ لی

    ممبئی: سپراسٹار عامر خان نے فلم کی ناکامی کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے مداحوں سے معافی مانگ لی.

    تفصیلات کے مطابق اپنی میگا بجٹ فلم ٹھگز آف ہندوستان کے فلاپ ہونے کے بعد 53 سالہ اداکار نے فلم بینوں سے معذرت کی ہے.

    ممبئی میں‌ ہونے والی ایک تقریب میں عامر خان نے کہا کہ ہم نے فلم بہت محنت سے بنائی، ہم نے اسے خاصا وقت دیا اور بہت سے ناظرین نے اسے پسند بھی کیا.

    انھوں نے کہا کہ میں فلم پسند کرنے والوں‌ کا ممنون ہوں، مگر یہ افراد بہت کم ہیں، اکثریت کو فلم پسند نہیں آئی.

    عامر خان نے کہا کہ وہ فلم کی ناکامی کی مکمل ذمے داری قبول کرتے ہیں اور خود کو قصور وار ٹھہراتے ہیں.

    مزید پڑھیں: کیا “ٹھگز آف ہندوستان” کی ناکامی نے عامر خان کا کیریر ختم کر دیا؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں‌ بتا سکتے کہ کہاں‌ غلطی ہوئی، فلم اولاد کی طرح ہوتی ہے، انھیں بہت دکھ ہے ٹھگز آف ہندوستان ناکام ہوئی۔

    یاد رہے کہ دیوالی کے تہوار پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم ٹھگز آف ہندوستان کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا.

    بالی وڈ کی اس مہنگی ترین فلم میں عامر خان، امیتابھ بچن اور کترینا کیف جلوہ گر ہوئے تھے، مگر وہ ناظرین کو متاثر کنے میں‌ناکام رہے.

  • کیا "ٹھگز آف ہندوستان” کی ناکامی نے عامر خان کا کیریر ختم کر دیا؟

    کیا "ٹھگز آف ہندوستان” کی ناکامی نے عامر خان کا کیریر ختم کر دیا؟

    ممبئی: دیوالی پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم "ٹھگز آف ہندوستان” کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد عامر خان کے کیریر پر سوالیہ نشان لگ گیا.

    تفصیلات کے مطابق عامر خان، امیتابھ بچن، کترینا کیف اور فاطمہ ثنا شیخ جیسی بڑی اسٹار کاسٹ پر مشتمل ٹھگز آف ہندوستان بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم تھی، جس کی تکمیل میں دو سال کا عرصہ لگا تھا.

    ناقدین اور شائقین کو فلم سے کئی امیدیں وابستہ تھیں، البتہ فلم باکس آفس پر منہ کے بل گر گئی اور پہلے دن ریکارڈ 52 کروڑ‌کرنے کے باوجود بری طرح فلاپ ثابت ہوئی.

    تجزیہ کاروں‌ کے مطابق یہ نہ صرف سال 2018، بلکہ بالی وڈ میں گذشتہ پانچ برس کی بدترین ناکامی تصور کی جارہی ہے.


    مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی ہیروئن نے “ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن قرار دے دیا


    فلم کی ریلیز کے بعد یہ سوال کھڑا ہوگیا کہ کیا عامر خان کا کیریر ختم ہوگیا ہے؟

    عامر نے فی الحال کسی نئی فلم کا اعلان نہیں کیا  اور اب ان کی توجہ اپنے ٹی وی شو  پر مرکوز ہے، جس کی وجہ سے اگلے ڈیڑھ سال میں ان کی کسی فلم کی ریلیز متوقع نہیں.

    یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ عامر خان نے ’’مہابھارت‘‘ پر مبنی میگا بجٹ ویب سیریز کی تیاری کا حتمی فیصلہ کر لیا، جس کی تکمیل میں‌ تین سے چار سال لگ سکتے ہیں ۔

    اگر ایسا ہوا، تو "مسٹر پرفیکشنسٹ” اگلے پانچ برس تک بڑے پردے پر دکھائی نہیں‌ دیں گے، جس کے بعد ان کا کم بیک مزید مشکل ہوجائے گا.

  • شاہ رخ خان کی ہیروئن نے "ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن قرار دے دیا

    شاہ رخ خان کی ہیروئن نے "ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن قرار دے دیا

    ممبئی: کنگ خان کی ہیروئن نے عامر خان کی فلم "ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن اور وقت کا ضیاع قرار دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق 1994 میں‌ریلیز ہونے والی کنگ خان کی فلم ’’کبھی ہاں، کبھی ناں‘‘ کی اداکارہ سچترا کرشنا مورتی کی جانب سے فلم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے.

    دیوالی کے تہوار پر ریلیز ہونے والی عامرخان، امیتابھ بچن اور کترینا کیف کی میگا بجٹ فلم "ٹھگز آف ہندوستان” پہلے دن تو ریکارڈ بزنس (52 کروڑ) کرنے میں‌ کامیاب رہی، البتہ ناقدین اور شائقین کی جانب سے فلم کو مکمل طور پر رد کر دیا گیا.

    انٹرنیٹ پر منفی تبصروں اور تنقیدی تجزیوں کا طوفان آگیا اور ٹھگز آف ہندوستان سے متعلق طرح طرح‌ کے لطیفے گڑے جانے لگے.


    مزید پڑھیں: ٹھگز آف ہندوستان چھا گئی، پہلے ہی روز کمائی کا نیا ریکارڈ


    البتہ عام شائقین کے برعکس سچترا کرشنا مورتی کے ٹویٹ نے کھلبلی مچادی، اداکارہ نے ایک خالی سنیما کی تصویر شیئر کی، جہاں‌ ٹھگز آف ہندوستان چل رہی ہے.

    سچترا نے لکھا: ’’مجھے ڈر لگ رہا ہے، کبھی پہلے اکیلے کوئی فلم نہیں دیکھی.‘‘

    اس کے بعد بھی سچترا نے اپنے مختلف ٹویٹس میں کاٹ دار تبصرے کیے اور فلم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    آخری ٹویٹ میں‌ انھوں نے لکھا کہ انھیں قطعی امید نہیں کہ تھی کہ عامر خان اتنا ناقص اسکرپٹ منتخب کریں گے، انھوں نے مایوس کیا.

  • ٹھگز آف ہندوستان چھا گئی، پہلے ہی روز کمائی کا نیا ریکارڈ

    ٹھگز آف ہندوستان چھا گئی، پہلے ہی روز کمائی کا نیا ریکارڈ

    ممبئی: بالی ووڈ کی نئی آنے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ نے پہلے ہی روز میں کمائی کا نیا ریکارڈ بناتے ہوئے ایک دن میں باکس آفس پر 52 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق 8 نومبر کو بالی ووڈ کی سب سے بڑی قرار دی جانے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ ملک بھر میں ریلیز کی گئی۔

    مسٹر پرفیکٹ اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن مداحوں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے یہی وجہ ہے کہ فلم نے پہلے ہی روز باکس آفس پر 52 کروڑ 25 لاکھ کا کاروبار کیا اور نیا ریکارڈ اپنے نام کیا، بالی ووڈ کی تاریخ میں اب تک کسی فلم نے پہلے روز اتنا بزنس نہیں کیا۔

    مزید پڑھیں: ٹھگز آف ہندوستان کی شوٹنگ دھماکے کے ساتھ اختتام پذیر

    معروف فلم تجزیہ نگار ترن آدرش نے اعداد و شمار کے حوالے سے ٹویٹ کیا جس میں بتایا گیا کہ دیولی کی چھٹی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے نام رہی کیونکہ فلم نے باکس آفس پر نیا ریکارڈ بنایا۔

    آدرش کے مطابق فلم نے پہلے روز 50 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ تامل اور تیگلو زبان میں ریلیز کی جانے والی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ نے پہلے ہی روز ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا ریکارڈ بزنس کیا۔

    عامر خان نے تاریخی ریکارڈ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ’میں فلم بینوں کا بہت زیادہ مشکور اور احسان مند ہوں کہ انہی کی وجہ سے یہ سب ممکن ہوا‘۔

    یہ بھی دیکھیں: کترینہ کی مدد کر کے امیتابھ اور عامر خان نے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    واضح رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم میں ہدایت کاری کے امور وجے کرشنا نے انجام دیے جبکہ عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ شیخ سمیت دیگر اداکار وں نے مرکزی کردار ادا کیا۔

  • ٹھگز آف ہندوستان کی شوٹنگ دھماکے کے ساتھ اختتام پذیر

    ٹھگز آف ہندوستان کی شوٹنگ دھماکے کے ساتھ اختتام پذیر

    ممبئی: شمالی افریقہ کے شہر مالٹا میں ہونے والی بالی ووڈ کی نئی فلم  ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ دھماکے کے ساتھ ختم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یش راج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی بالی ووڈ کی سب سے مہنگی ترین فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ کا آخری حصہ بھی مکمل کرلیا گیا۔

    شوٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے دو بحری جہازوں کو اختتام پر دھماکا خیز مواد سے اڑایا گیا جس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، ہدایت کار کے مطابق جہاز کی تباہی اسکرپٹ کا حصہ تھی۔

    یش راج فلمز کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ہدایت کار وی جے کرشنا آچاریا کا کہنا تھا کہ ہم نے فلم میں مختلف ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا تاکہ شائقین کو نئی چیز دکھائی جاسکے۔

    مزید پڑھیں: کترینہ کی مدد کر کے امیتابھ اور عامر خان نے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ سے فلم کی کاسٹ سمندر میں موجود جہاز پر تھی، ہم نے رات دن گزارے اس لیے جہاز کی تباہی کے وقت سب ہی جذباتی ہوگئے تھے۔

    ویڈیو کو ون ٹیک شوٹ میں یعنی ایک بار میں ہی ریکارڈ کیا گیا اور اسے ’جہاز کی تباہی‘ کا ٹائٹل دیا گیا۔

    اس حوالے سے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے دھماکے کے بعد خاموشی سے بڑی خبر ملے گی،  جہازوں کو اس طرح تباہ کرنا مجھے اور دیگر اداکاروں کو اچھا نہیں لگا مگر جو کچھ اسکرپٹ میں درج ہو اُس کو پورا کر کے ہی فلم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ٹھگ آف ہندوستان کا موشن پوسٹر ریلیز کردیا گیا

    واضح رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم کی ہدایت کار وجے کرشنا ہے جبکہ اس میں بالی ووڈ کے بڑے نام عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ شیخ سمیت دیگر اداکار مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، ٹھگز آف ہندوستان 8 نومبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

  • مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ٹھگ آف ہندوستان کا موشن پوسٹر ریلیز کردیا گیا

    مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ٹھگ آف ہندوستان کا موشن پوسٹر ریلیز کردیا گیا

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ٹھگ آف ہندوستان کا موشن پوسٹر ریلیز کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مسٹر پرفییکشنسٹ عامر خان کی فلم ٹھگ آف ہندوستان کا موشن پوسٹر سامنے آگیا ہے، فلم کی ہدایت کاری وجے کرشنا اچاریا نے انجام دی ہے جبکہ اسے یش راج کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے۔

    فلم کو میڈوس ٹیلر کے 1839 کے ناول سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے، فلم میں عامر خان ایک بے اصول اور بے ایمان شخص کا کردار نبھا رہے ہیں، جو دولت اور کامیابی کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے، یہ ایک ایسا کردار ہے جو عامر خان پہلی مرتبہ نبھا رہے ہیں۔

    عامر خان کا اپنا بیان میں کہنا تھا کہ اس فلم میں کوئی پیغام یا سبق نہیں ہے، یہ ایک بھرپور کمرشل فلم ہے جس کا مقصد عوام کو عمدہ تفریح فراہم کرنا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ناظرین اپنے اہل خانہ کے ساتھ آئیں اور فلم کو انجوائے کریں۔

    میگا بجٹ فلم میں امیتابھ بچن بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ بھی انوکھے انداز میں جلوہ گر ہوں گے، دیگر اداکاروں میں کترینا کیف، فاطمہ ثنا شیخ، رونیت رائے، ششانک اروڑا شامل ہیں۔

    ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش نے ٹویٹر پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ فلم ریلیز کے چار دنوں میں اچھا بزنس کرے گی جبکہ باہو بلی نے فلم کی ریلیز کے پہلے ہی روز 41 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

    وجے کرشنا اچاریا کی ہدایت کاری میں عامر خان اور کترینا کیف دوسری بار کام کررہے ہیں اس سے قبل دھوم تھری میں دونوں اداکاروں نے کرشنا اچاریا کے ساتھ کام کیا تھا۔

    یاد رہے کہ عامر خان کی فلم دنگل بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے جبکہ ٹھگ آف ہندوستان 8 نومبر کو بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔

  • عامر خان "ٹھگز آف ہندوستان” میں‌ ایک بے ایمان شخص کا کردار نبھائیں‌ گے

    عامر خان "ٹھگز آف ہندوستان” میں‌ ایک بے ایمان شخص کا کردار نبھائیں‌ گے

    بالی وڈ:باکس آفس کے بے تاج بادشاہ عامر خان طویل انتظار کے بعد اپنے مداحوں کو پھر چونکانے آرہے ہیں، اپنی نئی فلم میں وہ ایسا کردار نبھائیں گے، جو ناظرین کو حیران کر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ’’پی کے‘‘ اور ’’دنگل‘‘ جیسی آل ٹائم بلاک بسٹر فلمیں دینے والے مسٹر پرفیکٹ دیوالی پر ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ میں انوکھے روپ میں دکھائی دیں گے، جس کے حوالے سے وہ خاصے پرتجسس ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق عامر خان فلم میں ایک بے اصول، بے ایمان شخص کا کردار نبھا رہے ہیں، جو دولت اور کامیابی کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ یہ ایک ایسا کردار ہے، جو مسٹر پرفیکٹ نے پہلے کبھی نہیں نبھایا۔

    یاد رہے کہ اس میگا بجٹ فلم میں بگ بی امیتابھ بچپن بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ بھی انوکھے انداز میں جلوہ گر ہوں گے، فلمی مداح ان دو عظیم اداکاروں کو ایک ساتھ ایک فریم میں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں، فلم کا شدت سے انتظار ہورہا ہے۔

    عامر خان نے اپنے حالیہ بیان میں یہ بھی کہا کہ اس فلم میں کوئی پیغام یا سبق نہیں، یہ ایک بھرپور کمرشل فلم ہے، جس کا مقصد عوام کو عمدہ تفریح فراہم کرنا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ناظرین اپنی فیملی کے ساتھ آئیں اور یہ فلم دیکھیں۔

    توقع کی جارہی ہے کہ فلم ایکشن اور مار دھاڑ سے بھرپور ہوگی، فلمی پنڈتوں کے مطابق مسٹر پرفیکٹ کی یہ فلم ان کی سابق فلموں کو چیلنج کر سکتی ہے، یاد رہے کہ عامر خان کی دنگل بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے۔

    فلم کے ہدایت کار وجے اچاریہ ہیں، جو ماضی میں ’’دھوم تھری‘‘ جیسی سپرہٹ فلم بنا چکے ہیں، فلم میں قطرینا کیف اور دنگل گرل فاطمہ ثنا شیخ بھی جلوہ گر ہوں گی۔


    ٹھگ آف ہندوستان: عامر خان کی پہلی جھلک، تصاویر وائرل